ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کا کہنا ہےکہ اس کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کا استعمال ہنگامی حالات میں ہی ممکن ہے۔
یوکرین میں روس کی جانب سے ممکنہ جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے حوالے سے مغربی میڈیا میں ہونے والی قیاس آرائیوں پر ترجمان روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ روس اپنے جوہری ہتھیاروں کو صرف ہنگامی حالات میں ہی استعمال کرے گا، روس نیٹو اور امریکا سے براہ راست تصادم میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔
ترجمان روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ جوہری ہتھیاروں کا استعمال صرف اور صرف ردعمل کے طور پر کیا جائےگا۔
خیال رہے کہ اس سے ایک روز قبل روسی وزیر دفاع نے بھی کہا تھا کہ یوکرین میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی کوئی ضرورت نہیں، یوکرین میں ممکنہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی قیاس آرائیاں بھی جھوٹ پر مبنی ہیں۔
روسی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ فوجی نقطہ نظر سے بھی یوکرین میں مطلوبہ اہداف حاصل کرنےکے لیے جوہری ہتھیار استعمال کرنےکی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا میں روس کی جانب سے یوکرین پراسپیشل ملٹری آپریشن کے ذریعے جوہری ہتھیاروں یا کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تیاری کے حوالے سے چلنے والی خبریں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں، یہ روس پر معلوماتی حملہ ہے۔