واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین کے لیے تقریباً 3 بلین ڈالر کی نئی فوجی امداد کا اعلان کر دیا۔
صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ اس امداد کا مقصد یوکرین کو روس کے حملے کے خلاف دفاع میں مدد کرنا ہے جو طویل مدت کے لیے ہے اور یہ جنگ ساتویں مہینے میں داخل ہو رہی ہے۔
یوکرین کے سوویت یونین سے یومِ آزادی پر جوبائیڈن نے کہا کہ 2.98 بلین ڈالر کا پیکج کیف کو فضائی دفاعی نظام، توپ خانے کے نظام اور جنگی سازوسامان، بغیر پائلٹ کے فضائی نظام کے انسداد اور ریڈارز کے حصول میں مدد فراہم کرنا ہے۔
روسی افواج کے ملک پر مکمل فوجی حملے کے آغاز کے بعد سے یوکرین کے لیے یہ واحد سب سے بڑا امریکی امدادی پیکج ہے۔
بائیڈن نے بیان میں کہا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ یومِ آزادی یوکرین کے بہت سے لوگوں کے لیے تلخ ہے کیونکہ ہزاروں افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں، لاکھوں لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہو چکے ہیں اور بہت سے دوسرے روسی مظالم اور حملوں کا شکار ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لیکن چھ ماہ کے مسلسل حملوں نے یوکرین کے لوگوں اور ملک کو مضبوط کر دیا ہے ۔