دبئی: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے آخری میچ میں بھارت نے افغانستان کو 101 رنز سے شکست دے دی، افغان ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنا سکی۔
بھارتی فاسٹ بولر بھونیشور کمار نے 4 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں، بھارتی بولر کی جانب سے یہ ٹی ٹوئنٹی میں سب سے بہترین بولنگ ہے۔ ارشدیپ سنگھ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بھارت کے تجربہ کار کھلاڑی ویرات کوہلی نے تین سال بعد سنچری بناتے ہوئے 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یہ انکی ٹی ٹوئنٹی میں پہلی سنچری ہے۔ ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی میں چھکوں کی سنچری بھی مکمل کی۔
کپتان کے ایل راہول 62 رنز اور سوریا کمار 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما آج میچ نہیں کھیل رہے جبکہ انکی جگہ کے ایل راہول کو ٹیم کی قیادت دی گئی ہے۔ افغانستان نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
گزشتہ روز، پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا تھا جبکہ قومی ٹیم کی فتح سے بھارت بھی ایشیا کپ سے باہر ہوگیا تھا۔ دونوں ٹیمیں ایونٹ کا آخری میچ کھیل رہی ہیں۔
