لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاہد آفریدی کی جانب سے دیے گئے بیان پر ان کا نام لیے بغیر وضاحت کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کے میڈیکل اور ری ہیب کے تمام انتظامات کرتا ہے۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی انجری سے نجات کیلئے اپنے خرچے پر انگلینڈ گیا ہے، شاہین اپنے پیسوں پر انگلینڈ میں رکا ہوا ہے، ڈاکٹر سے رابطہ بھی میں نے یہاں سے کروا کردیا، اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کچھ نہیں کر رہا۔
خیال رہےکہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے میں زخم کے باعث سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے تھے، جس کے بعد وہ ایشیا کپ میں بھی شرکت نہیں کرسکے اور اب شاہین انگلینڈ کے خلاف سیریز کا بھی حصہ نہیں ہوں گے البتہ انہیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
اس سے قبل وہ ایشیا کپ سے پہلے قومی اسکواڈ کے ساتھ دبئی میں ہی موجود تھے، اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا تھا کہ دبئی میں جدید سہولیات کی وجہ سے شاہین آفریدی کو اسکواڈ کے ساتھ رکھا جا رہا ہے، شاہین آفریدی کو جس انجری کا سامنا ہے اس کے لیے دبئی میں موجود سہولیات سے استفادہ کیا جائےگا۔
بعد ازاں 29 اگست کو پی سی بی نے کہا تھا کہ شاہین آفریدی آج لندن کے لیے روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ انجری سے بحالی مکمل کریں گے۔