کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے مزید 30 لاکھ ڈالرز امداد کا اعلان کر دیا۔
آسٹریلین وزیر برائے بین الاقوامی ترقی پیٹ کونرے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیلاب سے پاکستان کا ایک تہائی حصہ متاثر ہو رہا ہے اور سیلاب سے مزید زندگیاں، خوراک اور فصلیں متاثر ہونے کے خدشات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلین حکومت کو پاکستان کے سیلاب سے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی ہے اور آسٹریلوی امداد عالمی خوراک پروگرام کے تحت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 20 لاکھ ڈالرز کی امداد کا اعلان کیا گیا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد پر آسٹریلیا کی حکومت اور عوام سے تشکر کا اظہار کیا تھا۔
آسٹریلیا کے محکمہ خارجہ وتجارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ آسٹریلیا نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب پر ہنگامی انسانی مدد کے تحت مالی معاونت کا اعلان کیا اور آسٹریلیا کی جانب سے امداد ورلڈ فوڈ پروگرام کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔