برطانیہ : (ویب ڈیسک) آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات کے دوران شہزادہ ولیم کی بیٹی شہزادی شارلٹ رو پڑیں۔
پرنس آف ویلز ولیم کی بیٹی شہزادی شارلٹ اپنی پردادی کی آخری رسومات اور تدفین کےدوران اشکبار ہو گئیں۔ ان کے روتے ہوئی کی تصویر انٹرنیشنل میڈیا کی زینت بنی تو سوشل میڈیا صارفین کی بھی خاص توجہ کا مرکز بن گئی۔
کالے لباس میں ملبوس ننھی شہزادی آنکھوں پر ہاتھ رکھ کر پھوٹ پھوٹ کر رو پڑِیں جس پر ان کی والدہ شہزادی کیٹ مڈلٹن انہیں تسلی دیتی ہوئی نظر آئیں۔
شہزادی شارلٹ نے اپنی پردادی ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات کے لیے اپنا پہلا خصوصی اہمیت کا بروچ بھی پہنا۔ شہزادی نے اپنے کوٹ پر ہیروں سے جڑا ہوا گھوڑے کے جوتے کی شکل کا بروچ لگایا ہوا تھا۔
شہزادی شارلٹ نے یہ بروچ پردادی کی گھوڑوں سے خصوصی محبت کے احترام میں لگایا اورانہیں منفرد انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔یہ بروچ ننھی شہزادی کو آنجہانی ملکہ الزبتھ نے خود تحفے میں دیا تھا۔
آخری رسومات میں شریک شہزادہ ولیم کے بیٹے شہزادہ جارج بھی افسردہ دکھائی دیے۔
واضح رہے کہ برطانیہ پر سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم 96 برس کی عمر میں 8 ستمبر کو بیلمورل میں وفات پا گئی تھیں۔ انہیں گزشتہ روز ونڈزر کیسل میں سپرد خاک کیا گیا ہے۔