لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے خلاف فائنل میچ میں خوشدل شاہ کے آؤٹ ہوکر واپس پویلین جانے پر شائقین کی جانب سے پرچی پرچی کے نعرے لگانے کے بعد قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی بھی افسردہ اور ناراض دکھائی دیئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے حسن علی نے لکھا کہ ہم پاکستان کے لیے کھیلتے ہیں، ہم اپنے مداحوں کے لیے کھیلتے ہیں، کچھ خبطی لوگوں کے گروپ کی جانب سے قومی کھلاڑیوں کے لیے اپنائے گئےرویے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
فاسٹ باؤلر نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ آخر میں یہ نہ بھولیں کہ ہم ایک ہی ملک سے ہیں، ہمیں مجموعی طور پر سپورٹ اور کھلاڑیوں سمیت ٹیم کو بیک کرنے کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں بیٹر امام الحق کھلاڑیوں کی حمایت میں سامنے آئے اور ٹوئٹ کے ساتھ سٹیڈیم کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شائقین کرکٹ سے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کی درخواست کی۔
اوپنر نے ٹوئٹ پر واقعے کی ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے کہا کہ میری کرکٹ فینز سے درخواست ہے کہ وہ کھلاڑیوں پر آوازیں نہ کسیں، آوازیں کسنے سے کھلاڑیوں کی صحت پر برے طریقے سے اثر پڑتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹی 20 سیریز میں 4،3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔