اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ توشہ خانہ کے تحائف اور ان کے خریداروں کا تمام ریکارڈ پبلک کیا جائے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ توشہ خانہ ہو یا قومی خزانہ لوٹنے والوں کا بے لاگ احتساب ہونا چاہیے، قوم جاننا چاہتی ہے کہ کس نے کس قیمت پر کیا چیز خریدی؟
سراج الحق نے کہا: ’پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ایک دوسرے کو چور چور کہنے پر لگے ہوئے ہیں۔ حکمرانوں نے احتساب کے اداروں کو ختم کر دیا۔ انہیں احتساب کے لفظ سے نفرت ہے۔ 49 کروڑ تک کرپشن کرنے والے کو نیب نہیں پکڑ سکتا۔ حکمران بے نقاب ہو چکے ہیں۔ ملک میں تمام مسائل نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ہیں۔‘
سیلاب متاثرین سے متعلق سراج الحق نے کہا کہ حکمران مفادات کی لڑائی میں مصروف اور سیلاب متاثرین کی کسی کو کوئی خبر نہیں، حکمران عالی شان بنگلوں میں اور سیلاب متاثرین بھوکے مر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے آئی امداد ائیرپورٹس پر پڑی خراب ہو رہی ہیں، ڈھائی ماہ گزر گئے مگر حکومت نے متاثرین کی بحالی کے لیے کوئی پلان نہیں دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بڑے اعلان اور دعوے کیے پر عملی کام نظر نہیں آیا، حکمرانوں نے سیلاب متاثرین کی مدد کا پیسہ اپنے پاس رکھ لیا۔