اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے ملک میں چینی کارکنوں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کے لیے اپنے بھرپور عزم کا اعادہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز پر گزشتہ سال دہشت گردانہ حملے کے فیصلے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ہم نے متعلقہ عدالت کے سنائے گئے فیصلے اور مقامی پولیس کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کو نوٹ کیا ہے۔
ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اگرچہ مخصوص سوالات متعلقہ حکام کو بھیجے جاسکتے ہیں لیکن اس معاملے میں فعال تفتیش، استغاثہ اور فیصلے نے ایک بار پھر انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر متاثرین کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چینی کارکنوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک چین سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو دشمن قوتیں کبھی کمزور نہیں کر سکتی ہیں۔