اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی تاریخی بابری مسجد کی شہادت کی 30ویں برسی پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے بابری مسجد کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آج تاریخی بابری مسجد کی شہادت کی 30 ویں برسی ہے۔
ان کا کہناتھاکہ بھارت میں ہندوانتہاپسندوں نے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پرعرصہ حیات تنگ کررکھاہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کو بھارت میں بڑھتی مذہبی منافرت کا نوٹس لینا چاہیے۔
1528 میں مغل دور حکومت میں بھارت کے موجودہ شہر ایودھیا میں بابری مسجد تعمیر کی گئی جس کے حوالے سے ہندو دعویٰ کرتے ہیں کہ اس مقام پر رام کا جنم ہوا تھا اور یہاں مسجد سے قبل مندر تھا۔
برصغیر کی تقسیم تک معاملہ یوں ہی رہا اس دوران بابری مسجد کے مسئلے پر ہندو مسلم تنازعات ہوتے رہے اور تاج برطانیہ نے مسئلے کے حل کیلئے مسجد کے اندرونی حصے کو مسلمانوں اور بیرونی حصے کو ہندوؤں کے حوالے کرتے ہوئے معاملے کو دبا دیا۔
1992 میں ہندو انتہا پسند پورے بھارت سے ایودھیا میں جمع ہوئے اور ہزاروں سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں 6 دسمبر کو سولہویں صدی کی یادگار بابری مسجد کو شہید کر دیا۔