کراچی: (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کا نیا ایڈمنسٹریٹر سیاسی نہیں بلکہ سندھ گورنمنٹ کا افسر ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی ایڈمنسٹریٹر نہیں لگانا تھا اسلیے اچھا افسر تعینات کیا، ایم کیو ایم نے سابق ممبر اسمبلی عبدالوسیم کا نام دیا تھا، جس پر ہم نے ڈاکٹر سیف الرحمان کو ایڈمنسٹریٹر کا عہدہ دینے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کے پی حکومت کے ترجمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی ہر شعبے میں کارکردگی خیبرپختونخوا حکومت سے بہتر ہے، سندھ پولیس کے 2384 جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، 2014 میں کراچی کرائم انڈیکشن میں چھٹے نمبر پر تھا، سندھ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے یہ 128 ویں نمبر پر پہنچا۔
دوسری جانب سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اضلاع میں ڈی ایم سی ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کے حوالے سے معاہدہ نہیں پڑھا، ٹیکس بڑھانے کا معاملہ عدالت پر ڈال دیا جاتا ہے، عدالتیں اس طرح مداخلت کریں گی تو کوئی بھی میئر کام نہیں کرسکے گا، ایڈمنسٹریٹر کی پوسٹ پر بیوروکریٹ آگئے اب وہ کام کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹھیکداروں کا سو فیصد احتساب ہونا چاہیے۔