واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکا کے مشہور گولڈن گیٹ برج سے بھارتی نژاد امریکی نوجوان نے چھلانگ لگا کر خود کشی کرلی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سان فرانسسکو میں بھارتی نژاد 16 سالہ امریکی نوجوان نے گولڈن گیٹ برج سے چھلانگ لگا کر خود کشی کرلی ہے جس کی تصدیق مقام حکام کی جانب سے بھی کی گئی۔
لڑکے کے والدین اور کوسٹل گارڈز کے اہلکاروں نے واقعہ کے بارے بتایا کہ 16 سالہ لڑکے نے منگل کی شام کو برج سے چھلانگ لگائی جس کے نتیجے میں اس کی موت ہوگئی جبکہ پل سے لڑکے کا موبائل اور سائیکل برآمد کر لیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق لڑکا بارہویں جماعت کا طالبعلم تھا، واقعے کے بعد دو گھنٹوں تک کوسٹل گارڈز نے لڑکے کو تلاش کرنے کی کوشش کی جو کہ ناکام رہی۔
کمیونٹی لیڈر اجے جین بھٹوریا نے بتایا کہ یہ گولڈن گیٹ برج پر پیش آنے والا چوتھا واقعہ ہے جس میں کسی بھارتی نژاد نے پل سے کود کر خودکشی کی ہے۔
