لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم اسمبلیاں تحلیل کر رہے ہیں اور یہ جوتے چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کو مذاق بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمیں پرابلم نہیں ہم تو کل اعتماد کا ووٹ لے لیں گے، پنجاب حکومت کو چاہیے آصف زرداری کے صوبے میں داخلے پر پابندی عائد کرے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا ہے کہ سپیکرنے رولنگ دی ہے اگر پسند نہیں توعدالت چیلنج کر دیں، گورنر نے کہا 24 گھنٹے کے اندر اعتماد کا ووٹ لیں، سپیکر نے گورنر کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا، لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق گورنر کم از کم 10 دن کا وقت دے گا۔
فواد چودھری نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے 10 اراکین نے چودھری پرویز الہیٰ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، کل ہم نے اپنی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا ہے، ان کی قراردادوں کی کوئی حیثیت نہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہماری خواتین ممبران کوپیسوں کی آفر کرنا تشویشناک ہے، خواتین اراکین اسمبلی کو 5، 5 کروڑ کی آفر کی گئی، سندھ کی عوام کو کہنا ہے یہ آپ لوگوں کا پیسہ ہے جو ہارس ٹریڈنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
فواد چودھری نے بتایا کہ ہمارے اراکین کو غیر حاضر ہونے کا بھی کہا جا رہا ہے، امید کرتے ہیں اعلیٰ سطح پر نوٹس لیا جائے گا، عدم اعتماد ناکام ہو گی، اس کے فوری بعد پنجاب اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی، جیسے پنجاب اسمبلی ویسے ہی خیبرپختونخوا اسمبلی کو تحلیل کر دیا جائے گا۔





































