لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے لاہور کےلیے ماسٹر پلان 2050 کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا جس میں ماسٹر پلان 2050 کی منظوری کے موقع پر مستقبل میں ایگری کلچر لینڈ محفوظ بنانے کی پالیسی پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں اربن، رورل بیلنس کےلیے پائیدار اقدامات کی پالیسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا کہ لاہور میں گرین لینڈ ایریا کا تناسب 7 سے 20 فیصد تک بڑھایاجائے گا۔ لاہور کے ماسٹر پلان میں ڈویژن، ڈسٹرکٹ اور ٹاؤن لیول تک کی پلاننگ کی منظوری دی گئی، پلان میں آبادی کے تناسب کے مطابق ٹرانسپورٹ، کمرشل اور انڈسٹریل ایریا کی پلاننگ کی جائے گی۔ ماسٹر پلان 2050 میں ٹورازم، ماحولیات اور اربن سہولیات کے فروغ کی بھی منظوری دی گئی،پلان میں روڈ اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پراجیکٹس کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔