لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے باکسر عامر خان نے ملاقات کی، اس موقع پر سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الہٰی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران پنجاب میں باکسنگ ایرینا اور جم بنانے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ عامر خان پاکستان کا فخر ہیں، دنیا میں ملک کا نام روشن کررہے ہیں، سپورٹس میں صرف کرکٹ ہی نہیں ہر کھیل پر توجہ دینا ضروری ہے، پنجاب میں باکسنگ کے فروغ کیلئے تمام ترممکنہ سہولتیں فراہم کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2 ارب روپے کے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ سے کھلاڑیوں کوسکالر شپ دیں گے، باکسنگ کی ٹریننگ کیلئے انٹرنیشنل کوچ مدعوکئے جائیں گے، ہونہار کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کریں گے، دور دراز علاقوں میں ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کی ٹریننگ، کوچنگ اور معاونت کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سیکرٹری سپورٹس کو باکسنگ رنگ کے قیام کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی۔
ملاقات میں باکسر عامر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں خاص طور پر باکسنگ میں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کی دلچسپی قابل تحسین ہے، پنجاب میں باکسنگ کا شاندار ٹیلنٹ موجود ہے، اشفاق فاروق، صوبائی مشیر عامر سعید راں، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سیکرٹری سپورٹس، ڈی جی سپورٹس اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔