بلاول کی وزیراعظم سے ملاقات، حالیہ دورہ امریکا سے آگاہ کیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں وزیرتجارت نوید قمر اور وزیرمملکت حنا ربانی کھر بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں اگلے ماہ جنیوا میں ہونے والی ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور وزیراعظم کو کانفرنس کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وزیرخارجہ نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ امریکا سے بھی آگاہ کیا۔

دوسری اننگز ڈکلیئر کرکے نیوزی لینڈ کو جیت کا موقع دیا: بابر اعظم

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ کرکٹ میں چانس لیا جاتا ہے، اسی لیے دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے نیوزی لینڈ کو موقع دیا۔
پہلے ٹیسٹ کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے اچھی کرکٹ کھیلی، نتیجہ دینا ہمارے ہاتھ میں نہیں، محنت اور کوشش ہی کرسکتے ہیں، کرکٹ میں چانس لیا جاتا ہے، اسی لیے دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے نیوزی لینڈ کو موقع دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت قومی کرکٹ اور سلیکشن کمیٹی کی صورتحال ہے اس کو ہم باہر نہیں لانا چاہتے، ہم نہیں چاہتے کہ اسے سب کے سامنے بیان کیا جائے، ہماری توجہ ٹیم سے باہر نہیں ٹیم کے اندر ہے۔
قومی کپتان نے کہا کہ ہماری بیٹنگ لائن مضبوط ہو رہی ہے، چار سال کے بعد سرفراز احمد کا واپس آنا شاندار ہے، ایسے حالات میں کھلاڑی کے لیے لیے بہت مشکلات ہوتی ہیں اور وہ دباؤ کا شکار ہوتا ہے اور اُس کے لیے کم بیک کرنا آسان نہیں ہوتا ۔
بابر اعظم نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے کہ منصوبہ بندی پر عمل کیا جائے، میر حمزہ اور وسیم جونیئر نے بھی شاندار بولنگ کی، وکٹ کی تیاری میں کپتان اور کوچ اپنی رائےدیتے ہیں اور اس پر عمل بھی کیا جاتا ہے، رواں سال اچھا گزرا اور ہم نے بہتر نتائج دینے کی کوشش کی۔

عدالتوں کا وقت ختم، اگر ابھی کھلیں تو عجیب بات ہو گی، فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ عدالتوں کا وقت ختم ہو گیا، اگر ابھی عدالتیں کھلیں تو عجیب بات ہو گی۔
رانا ثنا اللہ کے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے بارے میں بیان پر رد عمل دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ رانا ثنا اللہ جہاں بھی الیکشن کراتے ہیں بری طرح ہارتے ہیں، اگر وہ الیکشن کے لیےسکیورٹی نہیں دے سکتے تو استعفیٰ دے دیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن (ن) لیگ کے ماتحت ادارے کی طرح کام کر رہا ہے، کل الیکشن نہیں کراتے تو عدالتی فیصلے کی توہین ہو گی،
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ اب اپنےفیصلے کا بھرم رکھے، الیکشن رانا ثنا اللہ نے نہیں کرانے جنہوں نے کرانے ہیں وہ فیصلہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ رانا ثنا جہاں بھی الیکشن کراتے ہیں شکل دکھانےکےقابل نہیں رہتے۔

اسلام آباد میں سال نو پر ڈبل سواری پر پابندی عائدکردی گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائدکردی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنراسلام آباد عرفان نواز میمن نے دفعہ 144 نافذ کردی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈبل سواری کی خلاف ورزی پردفعہ144کےتحت کارروائی ہوگی، پابندی کا اطلاق 31دسمبر شام 6بجے سے یکم جنوری تک رہےگا۔

عدالتی حکم سر آنکھوں پر لیکن بلدیاتی الیکشن کیلئے 4 سے 5 ماہ درکار ہیں، رانا ثنا

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عدالت کا حکم سر آنکھوں پر لیکن قابل عمل نہیں ہے، اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے 4 سے 5 ماہ لگیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پہلے ہی تھریٹ الرٹ ہیں، کچھ دنوں پہلے آئی ٹین سیکٹر میں حملہ بھی ہو چکا ہے، ایک ہزار پولنگ سٹیشنز کے فوری انتظامات ممکن نہیں۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ عام انتخابات کے لیے 8 سے 10 ماہ چاہئیں، عام انتخابات اکتوبرمیں ہوں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمشنر کو مستعفی ہونا چاہیے، مسرت چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان وزیراعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے بدلیاتی انتخابات سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمشنر مستعفی ہو جانا چاہیے۔
اپنے ایک بیان میں اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عدالتی فیصلے نے الیکشن کمیشن کے پی ڈی ایم کے آلہ کار ہونے پر مہر ثبت کر دی ہے، گیارہویں دفعہ الیکشن کمیشن کے انتخابات سے بھاگنے یا پی ٹی آئی کیخلاف دیے گئے فیصلے کو عدالت نے مسترد کیا۔
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ اگر چیف الیکشن کمشنر میں ذرا شرم ہے تو اسے مستعفی ہو جانا چاہیے، پی ڈی ایم والوں کو خواب میں بھی انتخابات سے ڈر لگتا ہے، ہار کے خوف سے امپورٹڈ حکومت نے آئینی نظام کو نظر انداز کر کے خودساختہ نظام بنا لیا ہے۔

ن لیگ کے رہنما سردار ممتاز خان پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے

ٹیکسلا: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے ٹیکسلا سے ن لیگ کی بڑی وکٹ گرا دی، ڈویژنل نائب صدر ن لیگ سردار ممتاز خان نے ن لیگ کو خیر باد کہہ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی۔
مسلم لیگ ن کے سابق ٹکٹ ہولڈر سردار ممتاز خان نے اپنے گھر میں منعقدہ ایک تقریب میں باقاعدہ طور پر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا، رہنما پی ٹی آئی غلام سرور بھی تقریب میں شریک تھے۔
اس موقع پر رہنما تحریک انصاف غلام سرور نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی سیاست پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے نہیں ہے، پی ٹی آئی کی سیاست کا محور پاکستان کی سالمیت اور بقا ہے، پی ٹی آئی خوشحال اور مضبوط پاکستان چاہتی ہے، عمران خان کی سیاست پاکستان اور آنے والی نسلوں کی بہتری کے لئے ہے، پاکستانی کی بقا پاکستان کی سلامتی کی ضامن پی ٹی آئی اور عمران خان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باقی تمام پارٹیاں صوبائی یا ریجنل جماعتیں بن چکی ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی اپنی پالیسیوں کی وجہ سے سے اندرون سندھ کی جماعت بن چکی ہے، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو پاکستان کے ہر صوبے میں موجود ہے، ملک کے تمام موجودہ حالات کے ذمہ دار ملک میں 35 سال حکومت کرنے والے ہیں۔
یاد رہے کہ ٹیکسلا میں 2018ء کے جنرل الیکشن میں سردار ممتاز خان نے ن لیگ کے ٹکٹ پر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے چودھری نثار اور پی ٹی آئی کے امیدوار غلام سرور خان سے این اے 63 میں مقابلہ کیا تھا، سردار ممتاز خان کی تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد پی ٹی آئی کا ٹیکسلا میں ووٹ بنک مضبوط ہو گیا ہے۔

حکومت کی 3 بڑے ہوائی اڈے آؤٹ سورس کرنے کی منصوبہ بندی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے ملک کے تین بڑے ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کرنے کی منصوبہ بندی کر لی۔
وزیراعظم کے زیر صدارت ہوا بازی اور پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کے امور پر اجلاس ہوا، اجلاس میں پاکستانی ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ حکومت نے ابتدائی طور پر ملک کے 3 بڑے ہوائی اڈوں کو آوٹ سورس کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے جناح انٹرنیشنل کراچی، اسلام آباد انٹرنیشنل اور علامہ اقبال انٹرنیشنل لاہور کی آؤٹ سورسنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کر دی، تینوں ائیرپورٹس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت آؤٹ سورس کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے ائیر پورٹس کی آؤٹ سورسنگ پر خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی، کمیٹی کی صدارت وزیراعظم خود کرینگے، کمیٹی میں وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی سیکرٹری ہوا بازی ڈویژن و منصوبہ بندی شامل ہیں۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پی آئی اے کی فلیٹ میں چار اے- 320 جہاز شامل کیے گئے ہیں، پی آئی اے اس وقت ہفتہ وار 330 فلائٹس آپریٹ کر رہی ہے، یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی طرف سے لگائی گئی پابندی ختم کروانے کے لئے کوشش کی جا رہی ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کو مزید بتایا گیا کہ پی آئی اے کی فلیٹ میں وائڈ باڈی ایئر کرافٹس شامل کئے جا رہے ہیں، پی آئی اے کی برانڈ امیج کی بہتری کے لئے بھی پلان تیار ہے، کراچی اور لاہور کے ائیر پورٹس کے لاؤنجز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز نے سال 2022 کے دوران 172 بلین روپے کا ریونیو حاصل کیا، یہ پی آئی اے کی تاریخ کا اب تک کا سب سے زیادہ ریونیو ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ائیرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس تمام عمل میں شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے۔

اسلام آباد بلدیاتی انتخابات 31 دسمبر کو کرانے کے عدالتی فیصلے پر عمران خان کا ردعمل

لاہور: (ویب ڈیسک) اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 31 دسمبر کو کرانے کے عدالتی فیصلے پر چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے عدالتی حکم پر اسلام آباد کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ملک کی بدقسمتی ہے کہ ملک پر مسلط کرپٹ ٹولے کے ساتھ الیکشن کمیشن بھی ملا ہوا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہمیشہ ان چوروں کی حمایت کر کے جمہوریت کیخلاف فیصلے کرتا ہے، معزز عدالتیں ہمیشہ الیکشن کمیشن کے غیرقانونی فیصلوں کو مسترد کردیتی ہیں، اسلام آباد کے عوام کل بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کریں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کل (31 دسمبر) کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

ملک میں ایل پی جی سستی کردی گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مائع پیٹرولیم گیس ( ایل پی جی) کا گھریلو سلنڈر 136روپے86 پیسے سستا کر دیا گیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری سے ہوگا۔
اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جنوری سے ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2411 روپے 29 پیسے ہوگی۔