پی ٹی آئی نے بلدیاتی الیکشن کل کرانے کے عدالتی فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کل کرانے کے عدالتی فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کو کل (31 دسمبر) کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔
وفاق میں اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کل کرانے کے عدالتی فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت اورالیکشن کمیشن نے ملی بھگت سے انتخابات سے فرار کا منصوبہ بنایاتھا جو ناکامی سے دو چار ہوا ہے۔

وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا جام پور کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے جام پور کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کر دیا، داجل اور محمد پور کو ضلع جام پور کی تحصیلوں کا درجہ دیا جائے گا۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عوام کے دیرینہ مطالبے پر جام پور کو ضلع بنانے کا فیصلہ کیا، جام پور کو پنجاب کا بہترین ضلع بناؤں گا، یہ میرا عزم ہے، ضلع بننے سے جام پور کے علاقوں میں ترقی ہو گی اور عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نیا ضلع بننے سے جام پورمیں ملازمتوں کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے، جام پور، محمد پور اور داجل میں سروس ڈلیوری کا عمل بہتر ہو گا، جام پور میں یونیورسٹی بنانا بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، یونیورسٹی بننے سے طلبہ خاص طور پر طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے، انہوں نے کہا کہ جام پور میرے لئے گجرات کی طرح ہے، دل و جان سے اس کی ترقی چاہتا ہوں۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر راجہ بشارت، رکن قومی اسمبلی سردار نصر اللہ خان دریشک، صوبائی وزیر سردار محسن خان لغاری، ایم پی اے فاروق امان اللہ دریشک، سردار اویس دریشک، چودھری ظہیر الدین، سابق رکن اسمبلی مینا لغاری، دلدار چیمہ اور علی بہادر دریشک نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) اسد اللہ خان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، قائم مقام سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نوید شیرازی، ڈی سی راجن پور اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے، کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سردار نصر اللہ خان دریشک نے کہا کہ جام پور کو ضلع کا درجہ دینے کے اعلان پر وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے شکر گزار ہیں، صوبائی وزیر سردار محسن خان لغاری نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی نے جام پور کے عوام کا دیرینہ مسئلہ حل کر دیا ہے، جام پور کے عوام وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے اس فیصلے کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

بیلجیئم میں تراشیدہ بال اب ماحول دوست اشیا بنانے میں استعمال ہورہے ہیں

برسلز: (ویب ڈیسک) بیلجیئم کی ایک ماحول دوست تنظیم تراشیدہ بالوں کو جمع کرکے ان سے ماحول دوست اشیا تیار کررہی ہے بصورتِ دیگر وہ کوڑے کرکٹ کا ڈھیرکا حصہ بن رہے تھے۔
ان بالوں کو دھوکر ان کے گچھے ایک خاص مشین سے گزارے جاتے ہیں اور انہیں دباؤ سے سخت بناکر انہیں گھروں کے باہر جوتے صاف کرنے والی چٹائی (میٹ) کی چوکور شکل دی جاتی ہے۔ اس کے ٹکڑے تیل، ہائیڈروکاربن اور دیگرچکنائیوں کو جذب کرنے کی غیرمعمولی صلاحیت رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں انہیں حیاتیاتی طور پر ختم (بایوڈگریڈیبل) بیگ بنانے میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ماحولیاتی تنظیم کے شریک بانی پیٹرک جینسن کہتے ہیں کہ ایک کلوگرام بالوں سے 7 تا 8 لیٹر تیل اور ہائیڈروکاربن جذب کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ندی نالوں میں بالوں سے بنی چٹائیوں کو رکھ کر آلودہ پانی اور دیگر کثافتوں کو دریا میں جانے سے روکا جاسکتا ہے۔
ماحولیاتی تنظیم کے مطابق یہ کام اخلاق اور ضوابط کے تحت ہے جس میں کوئی شے بیرونِ ملک سے نہیں منگوائی گئی اور مقامی مسائل مقامی وسائل سے حل کرنےکی کوشش کی گئی ہے۔ انسانی بال غیرمعمولی خواص رکھ سکتے ہیں اور لچکدار بھی ہوتے ہیں۔ جبکہ چکنائیاں جذب کرنے کی زبردست صلاحیت رکھتےہیں۔

شاہد آفریدی کی بڑی بیٹی کا نکاح ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر اور سابق کپتان شاہد خان آفریدی کی بڑی بیٹی اقصیٰ کا نکاح ہوگیا جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اقصیٰ آفریدی کے نکاح کا ڈیجیٹل کارڈ اور مہندی کے ایونٹ کی تیاریوں کی ویڈیو شیئر کی گئی تھی۔
اس میں بتایا گیا تھا کہ اقصیٰ آفریدی کی شادی نصیر ناصر نامی شخص سے ہو رہی ہے ، نکاح کیلئے اقصیٰ کی مہندی لگائی تقریب کا انعقاد بھی کیاجاچکا ہے۔
اب اقصیٰ آفریدی کے نکاح کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں شاہد آفریدی، شاہین شاہ آفریدی کو بھی تقریب میں موجود دیکھا جاسکتا ہے۔

عامر ٹریننگ کیلئے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر پہنچ گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر ٹریننگ کیلئے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) پہنچ گئے۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے بتایا کہ بنگلا دیش پریمئیر لیگ کیلئے جانے سے پہلے ٹریننگ کرنا چاہتا تھا، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے این ایچ پی سی میں ٹریننگ کیلئے اجازت مانگی تھی، نجم سیٹھی نے مہربانی کی اور مجھے اجازت دی۔
محمد عامر نے مزید کہا کہ ریٹائرمنٹ واپس لینے کا نہیں سوچا ابھی صرف پی ایس ایل پر نظریں ہیں، اللہ نے چاہا تو دوبارہ پاکستان کیلئے کھیلوں گا۔
عامر نے کہا کہ کرکٹ کھیل رہا ہوں این ایچ پی سی سے اچھی سہولیات کہیں نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم اچھا کھیلی کریڈٹ دینا چاہیے، امام الحق، سرفراز احمد اور سعود شکیل نے اچھی بیٹنگ کی۔

فتح کے قریب پہنچ گئے تھے مگر پاکستان نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، کپتان نیوزی لینڈ

کراچی: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم ساؤتھی نے کہا ہے کہ ہم فتح کے قریب پہنچ گئے تھے مگر پاکستانی بلے بازوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کر کے نتیجے کو تبدیل کردیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جانے والا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا، دوسری اننگز میں پاکستانی بلے بازوں نے بھرپور انداز سے کیوی بالرز کا سامنا کیا اور کھیل کے اختتام پر وکٹ پر رُک کر مزاحمت کی۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان نے کہا کہ ہم پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے کی پوزیشن میں آ گئے تھے مگر پاکستان کے بلے بازوں نے بہترین مزاحمت کی اور خاص طور پر آخری کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میں نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
ٹم ساؤتھی نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز ڈیکلیئر کرنے پر قدرے حیرت بھی ہوئی، ہم نے ملنے والے ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش بھی کی، کراچی کی وکٹ قدرے مختلف تھی، خاص طور پر ہمارے پاس بولرز کے لیے ایک چیلنج تھا، انہوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، مسلسل چار شکستوں کے بعد دباؤ تھا۔
نیوزی لینڈ کے کپتان نے کہا کہ کین ولیمسن کی ڈبل سنچری نہ صرف ان کے لیے بلکہ ہماری ٹیم کے لیے بھی مددگار ثابت ہوئی،طویل عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ میں قیادت کے بعد ٹیسٹ میں کپتانی کر کے اچھا لگا اور بہت کچھ سیکھنے کو بھی ملا۔

مری، نیو ایئر نائٹ، ویک اینڈ اور برفباری ایک ساتھ متوقع ، انتظامات مکمل رکھیں، راجہ بشارت

لاہور: (ویب ڈیسک) صوبہ پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ نیو ایئر نائٹ، ویک اینڈ اور برفباری ایک ساتھ متوقع ہے، اس لیے تمام ضروری انتظامات مکمل رکھے جائیں۔
انہوں ںے یہ ہدایت وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پر منعقدہ کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو دیں۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری پنجاب سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں متوقع برفباری کے دوران مری میں موجود انتظامات کا جائزہ لیا گیا، ضلعی انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں اور سیاحوں کو بروقت سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات دی گئیں۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ ڈپٹی کمشنر مری کی سربراہی میں قائم کمیٹی کنٹرول روم میں بیٹھ کر بروقت فیصلے کرے گی۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے واضح طور پر ہدایت کی کہ مقررہ تعداد سے زائد گاڑیاں مری میں داخل نہیں ہو سکیں گی، مری میں 13 سہولت مراکز قائم ہیں جو مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے جب کہ سیاح کسی بھی قسم کی مدد کے لیے ہیلپ لائن 9269015-051 اور 9269016 پر رابطہ کر سکیں گے۔
راجہ بشارت کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں چیف سیکریٹری پنجاب نے محکمہ ہائی ویز کو ہدایت کی کہ سڑکیں کلیئر رکھیں، ہوٹل ایسوسی ایشن کے ساتھ رابطہ رکھیں، ٹورازم ا سکواڈ بھی تعینات ہوں گے۔
شرکائے اجلاس کو اے سی ایس ہوم نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے نے کمشنر راولپنڈی کو 10 ملین روپے ہنگامی طور پر بھجوا دیے ہیں۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں صوبے میں 579 پرائس مجسٹریٹس کی نامزدگی کی منظوری دی گئی، پرائیویٹ سی سی ٹی وی کیمروں کو سیف سٹیز اتھارٹی سے منسلک کرنے پر غور کیا گیا جب کہ بارڈر ملٹری پولیس کے دو شہید جوانوں سجاد حسین اور محمد طاہر کو شہدا فنڈ دینے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

ٹیکنوکریٹ نظامِ حکومت سے ملک میں عدم استحکام آئے گا، رضا ربانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ ٹیکنوکریٹ نظامِ حکومت سے ملک میں عدم استحکام آئے گا۔
اپنے بیان میں رضا ربانی کا کہنا تھاکہ طویل مدتی نگراں ٹیکنوکریٹ حکومت کے خلاف مزاحمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نگراں ٹیکنوکریٹ حکومت کی باتیں آئین کےخلاف ہیں، حکومتی ادارے ایسے غیرآئینی نظام کی تجویز دینے سے اجتناب کریں۔
ان کا کہنا تھاکہ ٹیکنوکریٹ نظام حکومت سے ملک میں عدم استحکام آئے گا، وقت آگیا ہے کہ ہم پاکستان کو بطورلیبارٹری استعمال نہ کریں۔

وفاقی حکومت کا اسلام آباد میں کل بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں کل بلدیاتی انتخابات کرانے کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل منوراقبال دوگل نےفیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کرنے کی تصدیق کردی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل کا کہنا تھاکہ فیصلے کی مصدقہ نقل مل گئی، انٹراکورٹ اپیل کی تیاری کا کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹراکورٹ اپیل پر آج ہی سماعت کی استدعا کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کو کل (31 دسمبر) کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔

چند گھنٹوں کے نوٹس پر انتخابات کیسے کرائیں؟ الیکشن حکام نے سر جوڑ لیے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بلدیاتی انتخابات سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کے حکام نے ہنگامی اجلاس کا انعقاد کیا، الیکشن کمیشن حکام نے چند گھنٹوں کے نوٹس پر انتخابات کرانے کی کیلئے سر جوڑ لیے۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی لاء کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں لاء ونگ ودیگر متعلقہ ونگز کے افسروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈسڑکٹ الیکشن کمشنر وقاص ملک بھی شریک ہیں، اجلاس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سنگل بینچ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل کی تیاری شروع کر دی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو کم وقت میں پولنگ عملہ بلانے میں دشواری کا سامنا ہے، 14 ہزار سے زائد پولنگ عملہ سکولز ٹیچرز و دیگر اداروں کے ملازمین ہیں، پولنگ ڈیوٹی میں شامل عملہ سردیوں کی تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹی پر چلا گیا ہے، عملے کو مختصر نوٹس پر بلانا ناممکن ہے۔