2 جنوری کو تمام بینک عوامی لین دین کیلئے بند رہیں گے

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 2 جنوری بروز پیر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر تمام بینک عوامی لین دین کیلئے بند رہیں گے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 2 جنوری بروز پیر سٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر تمام بینک عوامی لین دین کیلئے بند رہیں گے اور اس روز ’بینک ہالی ڈے‘ ہوگا۔

مہنگائی کی شرح میں 0.09 فیصد کی معمولی کمی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کر دیے جس میں مہنگائی کی مجموعی شرح 29.30 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، 51 اشیاء ضروریہ میں سے 23 کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 7 کی قیمتوں میں کمی اور 21 کی قیمتیں برقرار رہیں۔
جاری اعدادوشمار کے مطابق حالیہ ہفتے انڈے فی درجن 8 روپے مہنگے ہوئے، ٹوٹا باسمتی چاول کی قیمت میں فی کلو 4 روپے اضافہ ہوا، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 44 روپے مہنگا ہوا جبکہ ڈبل روٹی کی قیمت میں 3 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق آگ جلانے والی لکڑی 25 روپے مہنگی ہوئی، ایل پی جی کے سلنڈر کی قیمت میں 41 روپے کا اضافہ ہوا، انرجی سیور بلب کی قیمت میں 4 روپے کا اضافہ ہوا۔
علاوہ ازیں رواں ہفتے دال مسور، چنا، پیاز اور تازہ دودھ کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا، رواں ہفتے آلو کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کی کمی، ٹماٹر 8 روپے اور ویجیٹبل گھی کے 2.5 کلو کے ڈبے کی قیمت میں 19 روپے کی کمی ہوئی۔

سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ، تمام ریکارڈ توڑ ڈالے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1500 روپے کے اضافے کے بعد نئی قیمت نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے سے فی اونس سونے کی قیمت 1818 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کیساتھ ہی پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 1500 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت میں 1286 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد سونے کی نئی قیمت میں سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔
کراچی، حیدرآباد، ملتان، لاہور، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 84 ہزار 100 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 57 ہزار 836 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

سال 2022 کے آخری کاروباری روز بھی ڈالر مہنگا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) سال 2022 کے آخری کاروباری روز بھی امریکی ڈالر کے مہنگے ہونے کا سلسلہ نہ رک سکا۔
انٹربینک میں سال 2022 کے آخری کاروباری روز ایک ڈالر 2 پیسے مہنگا ہوکر226 روپے 43 پیسے پر بند ہوا۔
رواں سال ڈالر کی قیمت میں 47 روپے 92 پیسے کا اضافہ ہوا۔ گذشتہ سال کے اختتام پر ایک ڈالر 178 روپے 51 پیسے کا تھا۔
2022 میں ڈالر کی بلند ترین سطح 28 جولائی کو 239 روپے 94 پیسے اور کم ترین سطح 2 فروری کو 174 روپے 47 پیسے رہی۔

شام میں آئل فیلڈ کے ورکرز کی بس پرحملہ، 10 مزدور ہلاک

دمشق: (ویب ڈیسک) شام میں آئل فیلڈ کے ورکرز کی بس پر حملے میں 10 مزدور ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق حملہ شام کے صوبے دیرازور میں واقع آئل فیلڈ کے قریب کیا گیا۔ حملے میں متعدد مزدور زخمی بھی ہوئے۔ حکام نے حملے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے مطابق دھماکہ خیز ڈیوائس سے مزدورں کو لے جانے والی بسوں کو نشانہ بنایا گیا۔ گزشتہ روز کرد تنظیم ’سیرین ڈیموکریٹک فورسز‘ نے علاقے میں داعش کیخلاف کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستانی اور انڈین فنکار تنقید کرنے والوں کا آسان ہدف ہیں، ماہرہ خان

نیویارک: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے اندر فنکار تنقید کرنے والوں کا آسان ہدف ہیں۔
امریکی شوبز میگزین ورائٹی کو تازہ انٹرویو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ دونوں طرف کے فنکار اپنے تعلق کو کھلے عام بیان نہیں کرتے تاکہ وہ ایک دوسرے کا تحفظ کرسکیں۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ میرا سب سے بہترین وقت انڈیا میں کام کرتے ہوئے گزرا، میں اب بھی وہاں کے بہت سے لوگوں کے ساتھ رابطے میں ہوں اور وہاں سے بہت پیار ملتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم فنکار لوگوں کی تنقید کا آسان ہدف ہیں، چاہے یہاں پاکستان میں ہوں یا انڈیا میں۔
ماہرہ خان کا مزید کہنا تھا کہ فنکار آرٹ کی وجہ سے ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں اور ہم ایک دوسرے کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ہمیں ایک دوسرے سے متعلق سوشل میڈیا پر لکھنے میں بھی احتیاط کرنی پڑتی ہے۔
ماہرہ خان کا مزید کہنا تھا کہ اگر طاقت ور حلقوں کی جانب سے ہمیں آسان ہدف نہ بنایا جائے فنکاروں کے اشتراک سے بہترین نتائج برآمد ہوں گے۔
’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی کامیابی پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایسے پروجیکٹ بنانے والوں کے پاس کہانیاں ہیں اور یہ بہت باصلاحیت ہیں، ہمیں ایسے مزید ڈائریکٹرز کی ضرورت ہے جو دل سے کہانی سنانا جانتے ہوں۔

سُپر اسٹار سلمان خان نے بالی ووڈ میں اپنی کامیابی کا راز بتا دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ میں بھائی جان کے نام سے مشہور سپر اسٹار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کس طرح شہرت اور کامیابی حاصل ہوئی۔
سلمان خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ان کے کیرئیر کی ابتداء سے ہی انہیں شہرت حاصل ہوگئی تھی مگر ان کے شہرت یافتہ اور کامیاب ساتھی اداکاروں کو بےحد آسانی سے فلموں سے نکالا جارہا تھا اور ان کی جگہ کسی اور ہیرو کو سائن کیا جارہا تھا۔
سلمان خان نے بتایا کہ یہ دیکھ کر احساس ہوا کہ انہیں ہر فلم میں بہترین اداکاری کرنا ہوگی ورنہ ان کی کامیابی بھی مستقل نہیں رہے گی۔
کسی کا بھائی کسی کی جان کے اداکار کا کہنا تھا کہ بس تب سے ہی میں نے سخت محنت شروع کر دی اور آج تک اپنی ہر فلم کیلئے سخت محنت کرتا ہوں۔
سلمان کے مطابق کامیابی کا ‘فنڈا’ یہ ہے کہ اگر کوئی کامیاب نہیں ہوتا تو اسے محنت کرنے کی ضرورت ہے اور اگر کوئی کامیاب ہوتا ہے تو اسے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ کامیابی کا راز یہ ہے کہ سخت محنت کا سلسلہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد بھی رُکنا نہیں چاہیے۔ سلمان خان نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت مانتے ہیں ایک وقت تھا کہ ان کی سب سے بڑی خواہش 10 لاکھ روپے کمانا تھی اور آج وہ اس سے بہت آگے نکل چکے ہیں۔
واضح رہے کہ  سلمان خان نے اپنی اداکاری کا آغاز 1988 کی فلم ’بیوی ہو تو ایسی‘ سے کیا تھا اس فلم میں انہوں نے سپورٹنگ رول ادا کیا تھا۔
یاد رہے کہ سلمان خان جلد اپنی ایکشن کامیڈی فلم کسی کا بھائی کسی کی جان میں جلوے بکھیرتے نظر آئیں گے، فلم 21 اپریل 2023 کو ریلیز کی جائے گی۔

21 سال قبل کھوئی منگنی کی انگوٹھی کموڈ سے برآمد

فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکا میں ٹوائلٹ میں حادثاتی طور فلش ہوجانے والی منگنی کی انگوٹھی 21 سال بعد کموڈ سے برآمد کرلی گئی۔
امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے نِک اور شائنا ڈے کے مطابق 21 سال قبل یہ انگوتھی نِک کے والدین کے گھر کے ٹوائلٹ میں حادثاتی طور پر بہہ گئی تھی۔
نِک ڈے کا کہنا تھا کہ ایک روز شائنا ان کے پاس آئیں اور کہا کہ ان کا خیال ہے ان کی انگوٹھی کھو گئی ہے۔وہ کاؤنٹر پر رکھی ہوئی تھی اور شاید اب حادثاتی طور پر کموڈ میں بہہ چکی ہے۔
شائنا نے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا کہ جس وقت انگوٹھی کھوئی وہ ٹوائلٹ پیپر سے کاؤنٹر پر پڑا پانی صاف کر رہی تھی۔
جوڑے کا کہنا تھا کہ انہوں نے گمشدہ انگوٹھی کو تلاش کرنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن وہ نہ ملی۔ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ واپس بھی ملے گی۔

انٹرنیٹ پر میمس اور کرپٹوکوئن کی صورت میں مشہور ہونیوالا کتا کینسر میں مبتلا

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) مسلسل دس برس تک میمس اور انٹرنیٹ ویڈیو میں مشہور رہنے والے کتے کابوسو کے متعلق ایک بری خبر یہ ہے کہ اسے کینسر ہوگیا ہے اور جگر کے مرض کا شکار ہے۔
کابوسو واحد کتا ہے جس کی میم دنیا بھر میں مشہور ہوئیں اور ڈیجیٹل کلچر میں بہت مقبول رہا۔ کرسمس والے دن 17 سالہ کتے نے کھانا پینا چھوڑ دیا کیونکہ اسے دائمی لمفوما لیوکیمیا لاحق ہے۔ یہ کتا شائبو اینو نسل سے تعلق رکھتا ہے اور اس کے مالک کا نام اٹسوکو ساٹو ہے جو جاپان کے شہر سکورا میں اسکول ٹیچر ہے۔
تاہم اب کابوسو نے کچھ کھانا شروع کر دیا ہے۔ یہ ایک کتیا ہے جسے سال 2010 میں اس وقت سے شہرت ملی جب اس کے ایک تصویر ریڈِٹ سے لے کر دیگر پلیٹ فارم پر بہت مشہور ہوئی جس میں وہ اپنے چہرے پر سوالیہ نشان بنائے دکھائی دے رہی ہے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ وہ دنیا بھر میں مشہور ہوگئی۔
اس کے بعد اس کا فوٹوشاپ شدہ چہرہ کئی اشیا پر دیکھا گیا جن میں پیسٹری اور عمارتیں تک شامل ہیں اور اسٹاک ہوم ٹرین اسٹیشن پر بھی اس کی تصاویر نمایاں رہیں۔ پھر 2013 میں ڈاج یا ڈاگ کوئن کے نام سے کرپٹو کرنسی جاری کی گئی جو اگلے برس 400 ڈالر فی یونٹ تک جا پہنچی۔
لیکن سب سے حیرت انگیز خبر یہ آئی کہ کابوسو کا ایک این ایف ٹی 2021 میں کروڑوں روپوں میں فروخت ہوا تھا۔
اس کے بعد ایلون مسک بھی اس کے مداح ہوگئے اور سب سے بڑھ کر برطانیہ کے واٹفورڈ فٹ بال کلب کے لباس پر بھی کابوسو کی تصویر دیکھی گئی۔ تاہم اب یہ مشہور جانور اداکار موت کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔
سیٹو کے مطابق اسے یرقان ہوگیا ہے اور اینٹی بایوٹکس ادویہ دی جارہی ہے تاہم دنیا بھر سے مداح نے اس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ صارفین کیلئے نیا فیچرمتعارف کروانے کو تیار

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ کی جانب سے اپنے ڈیسک ٹاپ ورژن کے لیے ایک سے زیادہ چیٹ سلیکشن فیچر متعارف کروانے کا نیا منصوبہ بنایا جارہا ہے ، اس فیچر سے صارفین کو آسانی سے اپنی چیٹس کو منظم کرنے میں مدد ملے گی ۔
دنیا کی مقبول ترین ایپلی کیشن واٹس ایپ اپنے صارفین کے لئے ہمہ وقت کچھ نہ کچھ بہتر کرنے کی جدوجہد میں مصروف رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ اس کے صارفین کی تعداد میں بھی روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے چند ماہ قبل ڈیسک ٹاپ ورژن میں ” ایڈٹ ” کا بٹن متعارف کروایا گیا تھا تاہم اب کمپنی نے اپنے ڈیسک ٹاپ ورژن کے لیے ” ایک سے زیادہ چیٹ سلیکشن ” فیچر متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا ہے جس کی مدد سے صارفین اپنی چیٹس کو مزید منظم کرسکیں گے۔
واٹس ایپ کی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق ایپلی کیشن کے ماہرین ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے سلیکٹ چیٹس فیچر پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تاحال ڈیسک ٹاپ صارفین کے لئے واٹس ایپ پر متعدد چیٹس کے ساتھ کام سرانجام دینا مشکل ہے، وجہ یہ ہے کہ اس میں ایک اسکرین شاٹ دائیں جانب موجود چیٹ مینو کے تحت چیٹ منتخب کریں کا اختیار دکھاتا ہے۔
اگرچہ یہ فیچر ابھی اپنے ابتدائی مراحل میں ہے اور اس کے بارے میں کہنا قبل از وقت ہوگا کہ صارفین تک اس کی رسائی کب ہوگی ؟ تاہم یہ توقع کی جاسکتی ہے کہ واٹس ایپ کے متعدد چیٹ سلیکشن نئے سال میں اس کا حصہ بن جائیں گے۔