قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ختم، اہم فیصلوں سے متعلق اعلامیہ جاری کرنے پر اتفاق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کی زیر صدارت دہشتگردی کی حالیہ لہر اور معیشت کی دگرگوں صورتحال پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا جس میں اہم فیصلوں سے متعلق اعلامیہ جاری کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہوا ہے جس میں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔
عسکری حکام کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کو ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں دہشتگردی کی حالیہ لہر میں شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق عسکری حکام کی جانب سے قومی ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدرآمد یقینی بنانے سے متعلق بریفنگ دی گئی، اجلاس میں مرکز اور صوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر بنانے کے لیے نیکٹا کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ حملوں پر بریفنگ دی گئی، انیٹلی جنس اداروں کی بریفنگ کی روشنی میں قومی سلامتی کمیٹی اہم فیصلوں سے متعلق اعلامیہ جاری کرے گی۔

پاکستان میں پلاننگ کے تحت جمہوریت ختم کی جارہی ہے : فواد چودھری

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک پلاننگ کے تحت جمہوریت مکمل ختم کی جارہی ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن عملی طور پر وفاقی حکومت میں ضم ہوچکا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلے بنیادی حقوق معطل کیے گئے، اب ادارے ختم کئے جارہے ہیں ۔
فواد چودھری نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ الیکشن کمشنر اور ان کے ساتھی پاکستان کی عوام کے دشمن ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چار ماہ میں بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے رضامندی کا اظہار کیا ہے ۔

انتقال کی افواہیں ، فردوس جمال نے ویڈیو پیغام جاری کردیا

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف سینئر اداکار فردوس جمال نے اپنے انتقال کی خبریں پھیلانے والوں کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
سینئر اداکار فردوس جمال کی جانب سے فوٹو اینڈ ویڈیو شئیرنگ ایپ انسٹا گرام پر 2 منٹ 39 سیکنڈ کا ایک پیغام شیئر کیا گیا ہے جس میں اداکار نے کہا کہ میرے مرنے کی خبریں پھیلانے والوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ الحمداللّٰہ ابھی میں زندہ ہوں ، اللہ تعالی نے جتنی مجھے زندگی دی ہے میں اتنی زندگی ضرور جییوں گا۔
فردوس جمال نے اپنے پیغام میں حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت نے مشکل وقت میں پہلی بار کسی اداکار کے لیے اتنا کچھ کیا، اپنے نمائندے کے ذریعے میرے لیے مالی امداد بھجوائی گئی ۔
فردوس جمال نے اپنے ویڈیو پیغام میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں سینئر اداکار فردوس جمال کے بیٹے حمزہ فردوس نے والد کی بیماری کے بارے میں آگاہ کیا تھا ، انہوں نے انسٹاگرام پر والد کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرے والد کا کینسر کا علاج شوکت خانم میں ہورہا ہے‘۔
حمزہ کی جانب سے حکومت سے والد کی مدد کیلئے بھی اپیل کی تھی جس پر موجودہ حکومت نے انہیں 1 کروڑ روپے کی مالی امداد بھی فراہم کی ہے۔

لاہور انتظامیہ کا نان روٹی کی قیمت بڑھانے کی اجازت دینے سے انکار

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے نان روٹی کی قیمت بڑھانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق نان بائی ایسوسی ایشن نے نان اور روٹی کی قیمت میں اضافے کے لیے درخواست دی تھی، تندور مالکان نان کی قیمت 35 روپے اور روٹی کی قیمت 25 روپے مقرر کرنا چاہتے تھے۔
تندور مالکان کا کہنا تھا کہ آٹے کا 15 کلو والا تھیلا 1900 روپے کا ہو گیا ہے جبکہ فائن آٹے کی بوری کا ریٹ 10 ہزار 800 روپے ہو گیا ہے۔
تندور مالکان کا مؤقف ہے کہ آٹا مہنگا ہونے سے نان اور روٹی موجودہ قیمت پر فروخت نہیں کر سکتے لہذا قیمت بڑھانے کی اجازت دی جائے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور کی انتظامیہ نے تندور مالکان کو نان اور روٹی کی قیمت بڑھانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قیمت میں اضافے کی اجازت نہ دینے پر نان بائی ایسوسی ایشن نے اجلاس بلا لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے نان بائی ایسوسی ایشن کے اجلاس میں نان اور روٹی کی قیمت بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔

فٹبال لیجنڈ پیلے کا انتقال ، برازیل میں تین روزہ سوگ کا اعلان

برازیلیا : (ویب ڈیسک) فٹبال کے لیجنڈ کھلاڑی پیلے کے انتقال پر برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ۔
82 سالہ عظیم فٹبالر پیلے کی آخری رسومات پیر اور منگل کو سینٹوس میں ان کے گھر میں ادا کی جائیں گی ، عوام پیلے کو ان کے آبائی شہر کی سڑکوں پر پریڈ کر کےخراج تحسین پیش کرسکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق برازیل کے آئیکون فٹ بالر پیلے نے اپنے 21 برس کے کیریئر میں 1363 میچوں میں 1281 گول کیے، انہوں نے برازیل کے لیے 92 میچوں میں 77 گول کیے۔
پیلے 1958، 1962 اور 1970 میں ورلڈ کپ جیتنے والی برازیل کی ٹیم کا حصہ بھی تھے اور ان کا 3 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ ہونا بھی ایک عالمی ریکارڈ ہے، سال 2000 پیلے کو فیفا کے صدی کے بہترین کھلاڑی ہونے کے اعزاز سے نوازا گیا ۔
خیال رہے کہ لیجنڈری کھلاڑی بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا تھے اورچند ہفتوں سے ہسپتال میں زیر علاج تھے ، گزشتہ رات 82 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔

معاشی تنگدستی اور بیماری نے بھارتی اداکار کو خودکشی کا سوچنے پر مجبورکردیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) معاشی تنگدستی اور بیماری سے پریشان بھارتی اداکار ایشور ٹھاکر موت کی خواہش کرنے لگے ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹی وی شو ’ایف آئی آر‘ اور ’مے آئی کم ان میڈم‘ سے شہرت حاصل کرنیوالے ایشور ٹھاکران دنوں بدترین مالی حالات کا شکار ہیں ۔
اداکار نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایسی بد حالی کی زندگی سے موت بہتر ہے تاہم وہ اپنی ماں اور بھائی کو تنہا چھوڑ کر نہیں مرنا چاہتے ، غربت کے باعث میرے پاس ڈائپر خریدنے کے پیسے نہیں اس کی جگہ اخبار استعمال کرنے پر مجبور ہوں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ گردوں کی بیماری کے باعث مجھے یورین پاس کرنے میں مشکل کا سامنا ہے لیکن کرونا وباء کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد ان کے پاس اتنے بھی پیسے نہیں کہ وہ کسی اچھے ڈاکٹر سے اپنا علاج کرواسکیں ۔
ایشور ٹھاکر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر بیماری کا علاج جاری رہا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ وسائل کی کمی کے سبب میں اپنا علاج جاری نہیں رکھ سکا۔
اداکار نے مزید بتایا کہ انہوں نے کئی مرتبہ آڈیشنز دیئے مگر پروڈیوسرز نے ان کی حالت دیکھتے ہوئے انہیں کاسٹ نہیں کیا، مشکل حالت میں اگرچہ ساتھی فنکاروں نے بہت مدد کی لیکن اب وہ سلسلہ بھی رُک گیا ہے۔

پی بی سی کی درآمدی ایندھن کا استعمال کم، ہفتے میں 3 دن گھر سے کام کی تجویز

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان بزنس کونسل نے فوری طور پر درآمدی ایندھن کا استعمال کم کرنے اور ہفتے میں 3 روز گھر سے کام کرنے کی تجویز دے دی۔
پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو فوری درآمدی ایندھن کا استعمال کم کرنا ہو گا، انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کے 10 نکات پر او ای سی ڈی ممالک عمل کر رہے ہیں لہٰذا پاکستان کو بھی ان نکات پر عمل کرنا چاہیے۔
پاکستان بزنس کونسل نے تجویز دی ہے کہ جہاں ممکن ہو وہاں ہفتے میں 3 دن گھر سے کام کرنا چاہیے، ہائے ویز پر سپیڈ کی حد 10 کلو میٹر گھنٹہ کم کرنی چاہیے اور ملک کے بڑے شہروں میں اتوار کو گاڑیاں نہ چلائیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سستا کریں، چھوٹے فاصلے پیدل یا سائیکل پر طے کریں، کار شیئرنگ سے ایندھن کا استعمال کم کریں۔
پاکستان بزنس کونسل نے تجویز دی ہے کہ بڑے شہروں میں متبادل گاڑیاں استعمال کریں، مال بردار گاڑیوں کا مؤثر استعمال کریں، جہاز کی جگہ تیز رفتار ریل رات میں استعمال کریں، الیکٹرک اور زیادہ پائیدار گاڑیوں کا استعمال کریں جبکہ متبادل موجود ہونے کی صورت میں کاروباری سفری ضرورت کم کریں۔

عامر کو ٹیم سے دور رکھنے پر رمیز راجہ کی وضاحتیں

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ محمد عامر کو کھلانے کیلئے کیا شاہین آفریدی اور حارث رووف کو باہر بیٹھا دیتا ؟ ان کرکٹرز کا فوکس کرکٹ کی طرف پر ہے نہ کہ سیاسی یا پھر ٹوئٹ کرنے کی طرف ہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے رمیز راجہ سے کئی سوالات کے جوابات دئیے ، جب ان سے عامر کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ عامر کے لیے حارث اور شاہین آفریدی کو 12 واں کھلاڑی بنا دوں؟ ٹیم میں شمولت سلیکشن پر ہے، میرے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے، کیا عامر کے لیے حارث رؤف یا وسیم جونیئر کو باہر بٹھا دیں؟ ہمارے یہ فاسٹ بولرز 20 ، 20 اور 21 ، 21 سال کے ہیں جن کا فوکس کرکٹ کی طرف پر ہے نہ کہ سیاسی یا پھر ٹوئٹ کرنے کی طرف، یہ نوجوان لڑکے صرف کرکٹ کی طرف دھیان دیتے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  ہمارے دور میں کمرشل ایکسیلنس کے طور پر ایک سال میں 5 ارب روپے کے قریب کرکٹ بورڈ میں جمع ہوا، وائٹ بال میں ہم نے ناقابل یقین پرفرمانس دکھائیں، ہم نے ایشیا کپ کا فائنل کھیلا جو بھارت نے نہیں کھیلا، بھارت کی بلین ڈالر انڈسٹری پیچھے ہٹ گئی، ان کے ہاں توڑ پھوڑ ہوئی، بھارت نے اپنے چیف سلیکٹر سمیت سلیکشن کمیٹی فارغ کردی، بھارت نے اپنا کپتان بدل دیا کیونکہ انھیں ہضم نہیں ہوا کہ پاکستان ان سے آگے کیسے نکل گیا۔
اپنی برطرفی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر رمیز راجا نے کہا کہ جس دن مجھے برطرف کیا گیا میں اس دن آفس ہی نہیں جا سکا، ان لوگوں نے ایسے حملہ کیا جیسے آیف آئی اے کا چھاپا پڑگیا ہو، میری اپنے آفس میں بھائی کی تصویر ہے، ورلڈکپ کی جرسی ہے یہ وہ چیزیں ہیں جن سے میرا جذباتی لگاؤ ہے، میں نے یہ چیزیں واپس مانگی تو ان کا کہنا تھا کہ ہم آپ کو واپس کرتے ہیں جو کہ ابھی تک نہیں کی گئیں۔

مولا جٹ کی بھارت میں ریلیز ملتوی

کراچی: (ویب ڈیسک) بھارت میں پاکستانی بلاک بسٹر فلم ”مولا جٹ” ریلیز ہونے سے ایک دن پہلے ملتوی کر دی گئی، مولا جٹ آج یعنی 30 دسمبر کو بھارتی پنجاب میں ریلیز کر جانی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ریلیز کی نئی تاریخ کے بارے میں بھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے، گیارہ سال بعد بھارت میں کوئی پاکستانی فلم ریلیز کی جا رہی تھی، لیکن وہ بھی انتہا پسندی کی نظر ہو گئی،
مولا جٹ کی ریلیز کی خبروں نے ہی انتہا پسند ہندووں کو آگ لگا دی تھی، انہوں نے اپنے ہی لوگوں کو بھارت چھوڑنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ جس نے مولا جٹ دیکھنی ہے وہ بھارت چھوڑ کر پاکستان چلے جائیں۔
بھارت کی شدت پسند جماعت کے وزیر امیہ کھوپکر نے فلم کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ٹوئٹ میں پاکستانی سپر اسٹار اور مولا جٹ کے مرکزی کردار فواد خان کے مداحوں کو غدار قرار دیا تھا۔
واضح رہے، پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کے صرف پاکستان میں نہیں بلکہ سرحد پار بھی مداحوں کی کوئی کمی نہیں جن میں کئی بالی ووڈ ہیروں کے نام بھی شامل ہیں، اور وہ فواد خان کو بڑی پردہ اسکرین پر دیکھنے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ پاکستان کی اب تک کی سب سے بڑی اور کامیاب فلم کا اعزاز حاصل کرلیا ہے، فواد خان اور حمزہ علی عباسی کی فلم دنیا بھر سے دو سو کروڑ کمانے والی فلموں کی کلب میں شامل ہو گئی ہے، مولا جٹ اب تک کی پاکستان کی مہنگی ترین فلم بھی ہے۔
’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ میں فواد خان، حمزہ عباسی، ماہرہ خان، حمیمہ ملک، گوہر رشید، فارس شفیع، شفقت چیمہ اور نیراعجاز سمیت دیگر اداکاروں نے کام کیا ہے۔

حکومت سندھ نے بلدیاتی الیکشن سے قبل انتخابی قوانین کی دھجیاں اڑادیں

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات سے قبل سرکاری افسران کے تبادلے اور تقرریوں سے متعلق درخواست پر چیف سیکریٹری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سرکاری وکیل کو 3 روز میں جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔
جسٹس یوسف علی سعید اور جسٹس عدنان اقبال چوہدری پر مشتمل بینچ کے روبرو بلدیاتی انتخابات سے قبل افسران کے تبادلے اور تقرریوں کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ صوبے میں ہونے والے افسران کے تبادلوں اور تقرریوں کو کالعدم قرار دیا جائے، بڑے پیمانے پر تبادلے کرنے پر عدالت سندھ حکومت پر برہم ہو گئی، عدالت نے استفسار کیا کہاں ہیں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ؟
درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کا بھی تبادلہ کردیا گیا، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے تبادلے پر عدالت نے اظہار حیرت کیا۔
الیکشن کمیشن سندھ نے عدالت میں اہم بیان دیا، الیکشن کمیشن کے لاء افسر نے موقف دیا کہ حکومت سندھ نے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول اعلان کے بعد بھی تبادلے تقرریاں کیں، الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے سندھ حکومت کو بہت سے مراسلے بھیجے، حکومت سندھ نے کچھ تبادلوں کے احکامات واپس لیے ہیں، مگر کئی افسران کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن اب تک واپس نہیں لیا گیا۔
درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلے میں انتخابات ہونے ہیں، حکومت سندھ مسلسل انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کررہی ہے۔
جسٹس یوسف علی سعید نے ریمارکس دیئے کہ اس صورتحال میں وضاحت کے لیے سیکرٹری بلدیات کو طلب کرلیتے ہیں، سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ ہم جائزہ لے رہے ہیں افسران کا کیوں تبادلہ کیا گیا، تحریری جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے۔
جسٹس عدنان اقبال چوہدری نے ریمارکس دیئے کہ کیا اس دوران مزید تقرریاں اور تبادلے کرنے ہیں؟ توقع ہے سندھ حکومت اس دوران مزید تبادلے نہیں کرے گی، عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
جسٹس یوسف علی سعید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو 3 دن کا وقت دے رہے ہیں، تحریری جواب جمع کرائیں ورنہ سخت حکم نامہ جاری کریں گے۔
عدالت نے 3 روز میں تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیدتے ہوئے سماعت 4 جنوری تک ملتوی کردی۔