اقوام متحدہ افغانستان میں انسانی امداد کی فراہمی کے لیے پرعزم

نیویارک : (ویب ڈیسک) افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کےنمائندہ خصوصی رمیز الکباروف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ افغانستان میں انسانی امداد کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔
چینی خبررساں ادارے کے مطابق ایک پریس بریفنگ کے دوران اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی نے کہا کہ اقوام متحدہ اور اس کے انسانی ہمدردی کے شراکت دار ، طالبان کے زیر انتظام انتظامیہ کی غیر سرکاری تنظیموں میں خواتین کے کام کرنے پر پابندی کے فیصلے کے باوجود افغانستان کے لوگوں کو زندگی بچانے والی خدمات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے لوگوں کی ضروریات بہت زیادہ ہیں اور یہ ضروری ہے کہ ہم ان کی بنیادی ضروریات کی فراہمی جاری رکھیں ۔
نمائندہ خصوصی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ بھی اتنا ہی اہم ہے کہ افغانستان میں خواتین اور لڑکیاں خود کو محفوظ محسوس کریں ، ہم اس بات پر یقین نہیں رکھتے کہ خواتین کی شرکت کے بغیر ایک جامع انسانی کارروائی کی فراہمی ممکن ہے۔
خیال رہے کہ طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے این جی اوز میں کام کرنے پر پابندی کے اعلان کے بعد غیر ملکی سماجی تنظمیوں نے اپنے آپریشنز معطل کر دیے تھے ۔

کوٹ لکھپت : 18سالہ لڑکی کا قاتل اسکا کزن نکلا

لاہور : (ویب ڈیسک) کوٹ لکھپت میں 18 سالہ لڑکی کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم لڑکی کا کزن نکلا، پولیس نے ملزم کوگرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقے چندرائے ویلیج میں ملزم معین نے والدین کی غیر موجودگی میں اپنی 18 سالہ کزن فاطمہ کو سر میں ہتھوڑا مار کر قتل کردیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس نے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کرلیا ہے، مرکزی ملزم معین نے کزن کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔
گرفتار ملزم نے تفتیشی حکام کو بیان دیا کہ وہ پھوپھوکے گھر آیا تو کزن فاطمہ کسی لڑکے سے فون پر بات کر رہی تھی، غصے میں آکر فاطمہ کے سرمیں ہتھوڑا مار کر اسے قتل کردیا ۔

حوالہ ہنڈی میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، کروڑوں کی کرنسی برآمد

پشاور : (ویب ڈیسک) پشاورمیں ایف آئی اے اور حساس اداروں کی کارروائی ، حوالہ ہنڈی کے غیرقانونی کاروبار میں ملوث دو ملزمان گرفتار کرلیے ۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایف آئی اے اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور کرنسی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کرلیے ۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 3 کروڑ 75 لاکھ روپےاور ہنڈی حوالہ سے متعلق رسیدیں برآمد کرلی گئیں ، ملزمان گزشتہ 5 سال سے ہنڈی حوالہ کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہیں ۔
ایف آئی اے کی جانب سے ملزمان کے موبائل فونز فرانزک کے لئے ارسال کر دیئےگئے ہیں۔

امریکا: ایک روز کے دوران فائرنگ کے 9 واقعات ، تین افراد ہلاک

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست لوزیانا کے شہر نیو اورلینز میں ایک روز کے دوران فائرنگ کے 9 واقعات میں تین افراد قتل کر دیے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی شہر میں قتل عام اور پرتشدد جرائم میں ریکارڈ اضافے اور پولیس اسٹافنگ کے مسائل کے باعث شہریوں نے نیو اورلینز کو امریکا کا ” قاتل شہر” قرار دے دیا۔
ایک روز کے دوران فائرنگ کے 9 واقعات میں 3 افراد کے قتل سے شہر نے پرانے ریکارڈ ز توڑتے ہوئے سب سے زیادہ واقعات کا نیا ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔
رواں برس نیو اورلینز میں 277 افراد کو مختلف واقعات میں قتل کیا گیا جو کہ 1996 کے بعد ایک سال کے دوران قتل کے واقعات کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
شہر میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں نے شہر کے میئر کو نااہل قرار دے دیا۔
اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کی میئر امن و امان قائم رکھنے اور قتل کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کو روکنے میں ناکام ہو گئی ہیں اور جرائم میں اضافے سے ان کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی ہے۔
شہر کی نئی عبوری پولیس چیف مشیل وڈفورک کا کہنا ہے کہ وہ محکمہ پولیس کے روایتی کلچر کو تبدیل کرنے کیلئے کوشش کر رہی ہیں تاکہ شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کاخاتمہ کیا جا سکے۔

کراچی ٹیسٹ: دوسری اننگز میں پاکستان مشکلات کا شکار

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس کا کوئی بھی بلے باز پچ پر کیوی باؤلرز کے سامنے مزاحمت کرتا دکھائی نہیں دے رہا۔
نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے آخری روز پاکستان اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 77 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کر رہا ہے، امام الحق 45 اور نائٹ واچ میچ نعمان علی 4 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
امام الحق نے اپنا سکور آگے بڑھاتے ہوئے ففٹی مکمل کی اور وہ 50 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ نعمان علی اپنا سکور آگے بڑھانے میں ناکام رہے اور 4 رنز پر ہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی صرف 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور اش سودی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کو نیوزی لینڈ کا پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 74 رنز درکار ہیں اور اس کی 6 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
یاد رہے کہ کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 438 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز 612 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔
چوتھا روز
کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 612 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی دوسری اننگز میں پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنائے تھے۔
نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 174 رنز کی برتری حاصل کی ،کین ولیمسن کی جانب سے پاکستان کے خلاف ڈبل سنچری سکور کی گئی اور ناٹ آؤٹ رہے، کین کے کریئر کی یہ پانچویں ڈبل سنچری ہے۔
نیوزی لینڈ کی اننگز میں ٹام لیتھم 113، ڈیون کونوے 92، اش سودی 65، ٹام بلینڈل 47 اور ڈیرل مچل نے 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کے ابرار احمد نے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی نے 3 اور محمد وسیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
تیسرا روز
تیسرے روز کیوی اوپنرز ڈیون کونوے اور ٹام لیتھم نے پاکستان میں اوپننگ شراکت کا 57 سالہ کیوی ریکارڈ توڑتے ہوئے 183 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ ٹام لیتھم 113، کونوے 92، ہینری نکولس 22، ڈیرل مچل 42، ٹام بلنڈل 47، مچل بریسویل 5 بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔
دوسرا روز
مہمان ٹیم کے اوپنرز بلے بازوں نے شاندار آغاز کیا، ٹام لیتھم 78 اور ڈیون کونوے 82 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، قومی ٹیم کی جانب سے فاسٹ اور اسپن بولرز نے وکٹ لینے کی کوشش کی تاہم کامیابی نہیں مل سکی۔
قبل ازیں پاکستان نے 317 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا لیکن کپتان بابراعظم دوسرے روز پہلے اوور کی چوتھی گیند پر ٹم ساوتھی کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 161 رنز کی اننگز کھیلی۔
بابراعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد نعمان علی نے آغا سلمان کے ساتھ مل کر 54 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم، نعمان علی کی وکٹ گرنے کے بعد کوئی کھلاڑی وکٹ پر ساتھ نہ دے سکا۔
آغا سلمان نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی اور 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کیوی کپتان ٹم ساوتھی نے تین کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ اش سودھی، اعجاز پٹیل اور مائیکل بریسویل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فاسٹ بولر نیل واگنر ایک ہی وکٹ لے سکے۔
پہلا روز
قومی ٹیم نے ٹیسٹ کے پہلے روز ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی تین وکٹیں 48 کے اسکور پر گرگئیں جب کہ چوتھی وکٹ 110 رنز پر گری جس کے بعد کپتان بابراعظم اور سرفراز احمد نے ٹیم کو سہارا دیا۔
دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 196 رنز بنائے گئے، کھیل کے آخری اوورز میں سرفراز احمد 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس سے قبل، اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق 7 رنز، شان مسعود 3 رنز، امام الحق 24 رنز اور سعود شکیل 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔
قومی ٹیم میں وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اور فاسٹ بولر میر حمزہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ بلے باز امام الحق کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
سرفراز احمد نے تقریباً 4 سال قبل 2019 میں بحیثیت کپتان جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ سرفراز احمد ہوم گراؤنڈ پر اپنا میچ کھیل رہے ہیں۔ فاسٹ بولر میر حمزہ نے آخری مرتبہ ٹیسٹ میچ 2018 میں کھیلا تھا۔
قومی سکواڈ
قومی سکواڈ میں امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود، کپتان بابراعظم، سعود شکیل، وکٹ کیپر سرفراز احمد، آغا سلمان، نعمان علی، محمد وسیم، ابرار احمد اور میر حمزہ شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ ٹیم
ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ہینری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، کپتان ٹم ساوتھی، اش سودھی، نیل واگنر اور اعجاز پٹیل کیویز ٹیم کا حصہ ہیں۔

لیجنڈری فٹبالر پیلے 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

لندن : (ویب ڈیسک) برازیل کے لیجنڈری فٹبال کھلاڑی پیلے 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فٹبال کی دنیا کے عظیم ترین کھلاڑی ، برازیل فٹبال کے آئیکون اور قومی ٹیم کو تین بار ورلڈ کپ جتوانے والے پیلے کا 82 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔
معروف فٹبالر کی بیٹی کیلی نیسکیمینٹو نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے انسٹا پیغام میں لکھا کہ ہم جو کچھ بھی ہیں وہ آپ کی بدولت ہے، ہم آپ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ سکون سے آرام کریں۔
لیجنڈری کھلاڑی بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا تھے،انہیں ستمبر 2021 میں سرطان کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ متعدد مرتبہ ہسپتال میں زیر علاج رہے۔
رپورٹس کے مطابق پیلے نے 1957 سے 1977 تک شاندار کیریئر کے دوران 831 کلب گیمز میں 757 گول کیے حالانکہ کلب سینٹوس کا دعویٰ ہے کہ ان کی تعداد ایک ہزار کے قریب تھی۔
انہوں نے قومی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 77 گول کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا جو موجودہ فارورڈ کھلاڑی نیمار نے برابر کیا ہے۔
لیجنڈری فٹبالر 1958، 1962 اور 1970 میں فیفا ورلڈکپ کی فاتح برازیلین ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔

بھارتی وکٹ کیپر بیٹر ریشبھ پنت کی گاڑی کو خوفناک حادثہ، کرکٹر شدید زخمی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر ریشبھ پنت کار حادثے میں شدید زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریشبھ پنت کی گاڑی کو حادثہ ریاست اترکھنڈ سے نئی دلی آتے ہوئے پیش آیا، بھارتی وکٹ کیپر کی کار ریلنگ سے ٹکرائی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے کے باعث ریشبھ پنت کی گاڑی مکمل طور پر جل گئی۔
حادثے میں ریشبھ پنت کو سر اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کرکٹر کی حالت اب بہتر ہے۔
موقع پر موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کرکٹر کی گاڑی میں ریلنگ سے ٹکرانے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی، کافی مشکل کے بعد آگ بجھائی گئی اور اسی دوران ریشبھ پنت شدید زخمی ہوئے، بھارتی کرکٹر کو فوری طور پر گاڑی سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
بھارتی میڈیا پر ریشبھ پنت کی گاڑی کی تصاویر بھی شیئر کی گئی ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حادثے میں گاڑی کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے جبکہ ایک تصویر میں ریشبھ کو بھی سر پر پٹی کے ساتھ ہسپتال کے بیڈ پر دکھایا گیا ہے۔

سعودی عرب : موسلا دھار بارش کے باعث ایمرجنسی الرٹ جاری

ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں مکہ ریجن کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
سعودی سول ڈیفنس حکام کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ جدہ مکہ ہائی وے اور پرانے مکہ روڈ پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں طوفانی بارشوں کے سبب جدہ سمیت مختلف علاقوں میں نظام زندگی جزوی طور پر معطل ہوگیا ہے۔
جمعرات کو ہونے والی بارش سے متعدد سڑکیں زیر آب آگئیں جبکہ بعض انڈر پاسز میں پانی بھر جانے کی وجہ سے انتظامیہ نے انہیں بند کردیا ہے۔
بعض شاہراہیں زیر آب آنے کی وجہ سے متعدد گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

13 جماعتوں کا گلدستہ مرجھا گیا، سارا ملک تھریٹ الرٹ میں آچکا: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر تشویش ناک حد تک 6 ارب ڈالر سے کم ہوگئے ہیں، سارا ملک تھریٹ الرٹ میں آچکا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 13جماعتوں کا گلدستہ مرجھا گیا ہے، یہ ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ میں پھنسے ہوئے ہیں، ریموٹ کنٹرول حکومت کے سیل ختم ہو گئے ہیں، سارا ملک تھریٹ الرٹ میں آچکا ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا ہم نے دہشتگردی ختم کرنی ہے کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بننا،آج قومی سلامتی کی میٹنگ میں الیکشن بھی ایجنڈے میں ہونا چاہیے،آٹا نایاب،بجلی،گیس لوڈشیڈنگ 8گھنٹے ہے، زرمبادلہ کے ذخائر تشویش ناک حد تک 6ارب ڈالر سے کم ہوگئے ہیں، دیکھنا ہوگا سعودی عرب اور چین سے 3،3ارب ملتے ہیں یا نہیں، آئی ایم ایف کا مسئلہ بھی لٹکا ہوا ہے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ استعفے اقراری یا انکاری نہیں،اب ملک کی بقا کا مسئلہ ہے، ٹیکنوکریٹ حکومت کی آئین میں گنجائش نہیں، نگران حکومت انتخابات کے لیے آسکتی ہے، نظریہ ضرورت دفن ہوچکا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی نریندری مودی سے والدہ کی وفات پر تعزیت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی وزیراعظم نریندری مودی کی والدہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے بھارتی ہم منصب کی والدہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماں کو کھونے سے بڑا کوئی نقصان نہیں ہے۔
وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ بھارتی ہم منصب نریندرمودی کی والدہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کرتا ہوں۔