امپورٹد حکومت کوئی کام خود کرے گی؟ اسد عمر کی تنقید

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو پی ٹی آئی حکومت کا منصوبہ قرار دے دیا۔ کہا۔ کوئٹہ کراچی شاہراہ کا 2 ماہ پہلے کنٹریکٹ فائنل ہو چکا۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امپورٹد حکومت کوئی کام خود کرے گی یا عمران خان دور کے مکمل منصوبوں کا افتتاح کرے گی؟
انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ اسلام آباد میٹرو کے بعد اب کوئٹہ کراچی شاہراہ۔
ان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ کا 2 ماہ پہلے کنٹریکٹ فائنل ہو چکا۔ مراد سعید سینیٹ میں منصوبہ کے افتتاح کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔
انہوں نے مراد سعید کے اعلان سے متعلق پرانی خبر کا تراشہ بھی شیئر کیا۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج کوئٹہ کراچی شاہراہ کا افتتاح کرنے کوئٹہ پہنچے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اسلام آباد میٹرو کے افتتاح کے موقع پر بھی اسد عمر نے سی ڈی اے کی جانب سے اپریل میں میٹرو فعال کرنے کی پرانی پریس ریلیز ٹویٹ کی تھی۔

نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری آج متوقع

لاہور : (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ نومنتخب وزیراعلی ٰپنجاب حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری آج ہو گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری گورنر ہاوس لاہور میں ہو گی۔نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی حلف لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی طبیعت ناساز ہے۔گورنر پنجاب کی طبیعت سحری کے وقت خرا ب ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے گورنر پنجاب نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے حلف لینے سے انکار کر دیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ نے حلف برداری سے انکار کے خلاف حمزہ شہباز کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے صدر پاکستان کو حلف لینے سے متعلق نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا حکم موصول ہونے پر صدر نے وزیر اعظم ہاوس سے رائے مانگی تھی۔ جس پر صدر کو تجویز دی گئی ہے کہ چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی وزیر اعلیٰ پنجاب سے حلف لیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے صدر مملکت عارف علوی نے بھی طبیعت ناساز ہونے کے باعث وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ سے حلف لینے سے انکار کر دیا تھا۔

اسرائیل کی مسجد اقصیٰ پر ڈرون کے ذریعے شیلنگ

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے مسجد اقصیٰ میں ڈرون کے ذریعے آنسو گیس چھوڑ دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے مسجد اقصیٰ میں آنے والے افراد کو منشتر کرنے کے لیے شیلنگ کی جس کے نتیجے میں مسجد اقصیٰ میں موجود افراد کی حالت خراب ہو گئی اور کئی افراد کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فوجیوں کی دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے اور نماز کے دوران اسرائیلی فوجی مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور نمازیوں پر لاٹھی چارج بھی کیا۔ اسرائیلی قابض فوجیوں کی جانب سے نہتے شہریوں پر ربڑ کی گولیاں بھی برسائی گئیں جس کے باعث متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے۔
گزشتہ روز جمعہ کو مغربی کنارے میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جس میں متعدد فلسطینی گولیاں لگنے سے زخمی ہو

15ماہ بعد پولیو کا کیس رپورٹ،وزیر اعظم کا اظہار تشویش،فواد چودھری کی تنقید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں 15ماہ بعد پہلا پولیوکیس رپورٹ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے پولیو کا کیس رپورٹ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پیر کوقومی ٹاسک فورس برائےانسداد پولیو کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے حکام کو پولیو کے خاتمے کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ15ماہ بعد پولیو واپس آگیا ، اللہ پاکستان کی حفاظت کرے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت میں پولیو ختم ہو گیا تھا۔بل گیٹس پولیو خاتمے کو پاکستان کی عظیم کامیابی قرار دے چکے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان حکومت کیخلاف سیاسی ایڈونچر نے ملکی معیشت کی کمر توڑ دی ۔
واضح رہے کہ قومی ادارہ صحت نے شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے بچے میں پولیو کی تصدیق کی ہے۔
دنیا بھر میں رواں سال پولیو کے 3 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

ہم جانتے ہیں خان صاحب زبردست شہرت یافتہ لیڈر ہیں: عثمان خالد بٹ

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکار عثمان خالد بٹ نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ خان صاحب زبردست شہرت یافتہ لیڈر ہیں۔
عثمان خالد بٹ نے ٹوئٹر پر نئی حکومت سے سوال کیا کہ‘اب آگے بڑھنے کیلئے حکمتِ عملی کیا ہے ؟’۔اْنہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں نئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ‘کاش مستقبل کی حکمت عملی، آگے بڑھنے کے لیے ٹھوس اقدامات، غیر ملکی سازش پر ٹھوس جوابات دینے پر زیادہ توجہ دی جاتی جبکہ بوٹس اور ریکارڈز توڑنے کے بارے میں کم بات کی جاتی۔

ماہرہ خان کی دعا زہرہ کی گھر واپسی کیلئے دعائیں

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ ماہرہ خان کی جانب سے کراچی سے اغوا ہونیوالی 14 سالہ لڑکی دعا زہرہ کے تاحال بازیاب نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
اداکارہ ماہرہ خان کی جانب سے متواتر دعا زہرہ کی گھر واپسی سے متعلق دعائیں اور ٹویٹس کئے جا رہے ہیں۔ماہرہ خان دعا زہرہ کی بازیابی سے متعلق بڑی سنجیدگی سے اس کیس سے جڑی ہوئی ہیں۔اداکارہ کی جانب سے کی جانیوالی سب ہی ٹویٹس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل ، پاکستان ڈی جی آئی ایس پی آر اور سندھ کی سی پی ایل سی فورس کو بھی ٹیگ کیا جا رہا ہے ۔
ماہرہ خان کی جانب سے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ دعا زہرہ کی بازیابی کیلئے بڑے دل سے دعائیں کر رہی ہیں، ان کی دعا ہے کہ دعا زہرہ بخیر و عافیت اپنے گھر واپس آ جائے ۔ٹویٹ میں ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ خدارا کوئی مدد کرے ، دعا زہرہ کی واپسی کے لیے بہت دعائیں کر رہی ہوں۔

شوبز میں پہلا چیک 19 روپے کا ملا تھا: بہروز سبزواری

کراچی: (ویب ڈیسک) حال ہی میں بہروز سبزواری نے ایک نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطورِ مہمان شرکت کی۔اس رمضان ٹرانسمیشن میں بہروز سبزواری نے مختلف اور دلچسپ سوالات کے جواب دئیے۔
بہروز سبزواری نے اپنے پہلے معاوضے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اْنہیں پاکستان کے سرکاری چینل سے اداکاری کا سب سے پہلا چیک ملا تھا جوکہ صرف 19 روپے کا تھا۔ بہروز سبزواری نے کہا کہ وہ میری پہلی کمائی تھی جس کے ملنے پر بہت خوش ہوا تھا، اس کے بعد بینک میں اکاؤنٹ کھلوایا اور وہاں پیسے جمع کرنے شروع کئے۔
اداکار نے بتایا کہ جب اْنہیں پہلا معاوضہ ملا تو وہ اْس وقت میں سکول میں زیرِ تعلیم تھے اور اْنہوں نے اپنے بینک اکاؤنٹ میں تقریباََ چار ہزار روپے کے قریب روپے جمع کرلیے تھے ۔

جو روٹ وزڈن المانک کے لیڈنگ عالمی کرکٹر قرار

لندن: (ویب ڈیسک) سابق انگلش کپتان جو روٹ کو وزڈن کرکٹ المانک نے اپنے تازہ ترین ایڈیشن میں لیڈنگ عالمی کرکٹر قرار دے دیا۔
جو 64 میچوں میں قیادت کے فرائض کی انجام دہی کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ گئے تھے مگر 2021 ء میں 15 ٹیسٹ میچوں کے دوران انہوں نے 1708 رنز بنا کر خود کو عالمی کرکٹ کا بہترین بیٹر ثابت کیا جس کی بدولت انہیں وزڈن 2022ء کے سرورق پر بھی جگہ ملی۔
جو روٹ کی شاندار کارکردگی کے باوجود انگلش ٹیم گزشتہ 17 میں سے محض ایک میچ ہی جیت سکی البتہ ویمنز میں لیڈنگ پلیئر کا اعزاز جنوبی افریقہ کی لیزل لی کو مل گیا۔کرکٹ کی بائبل وزڈن کے سال کے پانچ بہترین کھلاڑیوں میں انگلش پیسر اولی رابنسن،بھارتی فاسٹ بالر جسپریت بمراہ اور ان کے ساتھی روہیت شرما کے علاوہ جنوبی افریقی ویمن کرکٹر ڈین فان نائیکرک اور نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بیٹر ڈیون کانوے کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔

ظہیر عباس: انتخاب عالم کی بھی ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی حمایت

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز انتخاب عالم اور ظہیر عباس نے ملک میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کی حمایت کی ہے کیونکہ اس نے ماضی میں بہت سے کھلاڑیوں کی مدد کی تھی۔
انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ محکمانہ کرکٹ اپنی انڈر 19 ٹیمیں بنا سکتے ہیں ، وہ ماہر کوچز اور معاون عملے کے دیگر ارکان کو نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ لیکن حکومتوں نے محکموں کی حوصلہ شکنی کی اور جس کی وجہ سے کئی کھلاڑیوں کیلئے دروازے بند ہو گئے۔ انتخاب عالم نے کہا کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی جنہوں نے حوصلہ شکنی کی وہ خود ماضی میں اس نظام سے مستفید ہوئے تھے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس نے مطالبہ کیا کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور سابقہ تمام محکموں کو کرکٹ ٹیم بنانے کا پابند کیا جائے ۔ظہیر عباس نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کرکٹرز کیلئے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے خاتمے کے بعد بھی کھیل میں کامیابی حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے اسے جاری رہنا چاہیے ۔

نسیم شاہ کی جگہ محمد عامر کا گلوسسٹر شائر کاؤنٹی سے معاہدہ

لندن: (ویب ڈیسک) فاسٹ بالر محمد عامر 2019کے بعد اب پہلی بار کاؤنٹی کرکٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے ۔پاکستانی پیسر نسیم شاہ کی جگہ محمد عامر گلوسسٹرشائر کی نمائندگی کریں گے ، ان کا تین میچز کے لیے کاؤنٹی سے معاہدہ ہوا ہے ۔
کاؤنٹی ترجمان کے مطابق محمد عامر 28اپریل کو سرے کے خلاف میچ سے اپنا ڈیبیو کریں گے ۔محمد عامر نے گلوسٹرشائر کے ساتھ معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کو بے تاب ہوں اور پوری کوشش ہوگی کہ عمدہ کارکردگی دکھا کر توقعات پر پورا اتروں۔
بتایا گیا کہ تجربہ کار بین الاقوامی کھلاڑی محمد عامر اپریل اور مئی میں کاؤنٹی چیمپئن شپ کے تین میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے ۔واضح رہے کہ پاکستانی پیسر نسیم شاہ انجری کے سبب ایک ماہ تک دستیاب نہیں ہیں۔