عالمی پابندیوں کے باوجود جاپان کا روس سے معاہدہ

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) عالمی پابندیوں کے باوجود جاپان نے روس سے اہم معاہدہ کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے روس پر عالمی پابندیاں عائد ہیں اور کسی بھی ملک کو روس سے کوئی بھی معاہدہ کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے اس کے باوجود جاپان کے ماہی گیروں نے روس سے ایک بڑا معاہدہ کر لیا۔
جاپان کے ماہی گیروں نے روسی دریاؤں میں پائی جانے والی سالم اور ٹراؤٹ مچھلیوں کے حوالے سے معاہدہ کیا ہے۔
جاپانی ماہی گیروں کے مطابق یوکرین تنازع سے روسی اور جاپانی تعلقات کے خراب ہونے کے ساتھ اس سال دونوں حکومتوں کے درمیان ہونے والے سالانہ مذاکرات بھی نہ ہو سکے۔ جس کے باعث متنازعہ جزائر کے ارد گرد شمالی علاقوں میں جاپانی ماہی گیروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ماہی گیروں نے اپنی مشکلات کو کم کرنے کے لیے روس کے ساتھ مچھلیوں کا معاہدہ طے کیا ہے۔ جاپان نے روس کے ساتھ رواں سال کے لیے اپنے خصوصی اقتصادی زون میں سالمن اور ٹراؤٹ مچھلی کے 2 ہزار 50 ٹن کے کوٹے کا معاہدہ کیا ہے جس کے بدلے جاپان روس کو 20 کروڑ ڈالر ادا کرے گا۔
واضح رہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے جاپان نے روس پر پابندیاں لگائیں اور کئی سفارت کاروں کو ملک بدر کیا اور روس کے سب سے زیادہ پسندیدہ قوم کا درجہ بھی ختم کر دیا تھا۔

یوکرین میں روسی کارروائیاں جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتی ہیں، اقوام متحدہ

امریکہ : (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین میں روسی کارروائیاں جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتی ہیں۔
اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین میں روسی کارروائیاں جنگی جرائم تصور کی جا سکتی ہیں۔
اقوام متحدہ کے بیان کے مطابق روسی فورسز شہریوں اور شہری املاک بہ شمول اسکولوں اور ہسپتالوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ روسی فوج کی جانب سے گنجان آباد علاقوں پر شدید بمباری کی جا رہی ہے۔

امریکہ کاوزیر اعظم شہباز شریف کے نیشنل سیکیورٹی اجلاس میں بیان کا خیر مقدم

امریکہ : (ویب ڈیسک) امریکہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے نیشنل سیکیورٹی اجلاس میں بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ پاکستان سے دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ہمیشہ خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے نیشنل سیکیورٹی اجلاس میں بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ہمیشہ سے کہہ رہے ہیں کہ امریکہ کی مداخلت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
واضح رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مراسلے میں بیرونی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
اجلاس میں سابق پاکستانی سفیر اسد مجید نے ٹیلی گرام کے مواد اور پس منظر پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں گزشتہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ٹیلی گرام میں کسی سازش کے ثبوت نہیں ملے، سیکیورٹی ایجنسیز نے قومی سلامتی کمیٹی کو سازش کے ثبوت نہ ملنے سے آگاہ کر دیا ہے۔
سفیر کی بریفنگ اور سیکیورٹی ایجنسیز کی معلومات کے مطابق کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی۔

کورونا وائرس: 24 گھنٹے میں مزید ایک شخص کا انتقال، 82 نئے مریض رپورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کی پانچویں لہر کے وار کم ہونے لگے۔ ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح صفر اعشاریہ چار ایک فیصد ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ 27 ہزار 751 ہوگئی۔
این آئی ایچ کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 82 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 5 لاکھ 5 ہزار 904، سندھ میں 5 لاکھ 76 ہزار 71، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 19 ہزار 437، بلوچستان میں 35 ہزار 484، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 737، اسلام آباد میں ایک لاکھ 35 ہزار 170 جبکہ آزاد کشمیر میں 43 ہزار 308 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 80 لاکھ 28 ہزار 845 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 19 ہزار 846 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 14 لاکھ 93 ہزار 998 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 185 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پنجاب میں 13 ہزار 560، سندھ میں 8 ہزار 101، خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 324، اسلام آباد میں ایک ہزار 23، بلوچستان میں 378، گلگت بلتستان میں 191 اور آزاد کشمیر میں 792 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

عمران خان نہیں اس سوچ کے خلاف ہیں، جو ایسی سیاست کے پیچھے ہے: بلاول بھٹو

لندن: (ویب ڈیسک) بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ میثاق جمہوریت پر کام مکمل کریں گے، سلیکٹڈ کو گھر بھیج کر تاریخ رقم کی، عمران خان نہیں اس سوچ کے خلاف ہیں، جو ایسی سیاست کے پیچھے ہے۔
بلاول بھٹو نے لندن میں نواز شریف کے افطار ڈنر میں شرکت کی۔ ایون فیلڈ پہنچنے پر سابق وزیراعظم نواز شریف نے بلاول کا خود استقبال کیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کے ہمراہ شیری رحمان، نوید قمر اور قمر زمان کائرہ بھی تھے۔ اس موقع پر ملک کی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میثاق جمہوریت پر کام مکمل کریں گے، سلیکٹڈ کو گھر بھیج کر تاریخ رقم کی، عمران خان کے نہیں، اس کے پیچھے چھپی سوچ کے خلاف ہیں۔
ادھر نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کےدرمیان ایک روز پہلے ہونیوالی ملاقات کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی۔ دونوں رہنماؤں نے چارٹر آف ڈیموکریسی ٹو کرنے پر تبادلہ خیال کیا صدر کے مواخذے کے حوالے سے بھی تجاویز طلب گئیں۔ سابق حکومت کی الیکشن ترامیم کو ختم کرنے بارے بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ای وی ایم مشینوں پر الیکشن کرانے کا فیصلہ بھی واپس لیا جائے۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو طبیعت ناساز ہونے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
گورنر پنجاب کے خاندانی ذرائع کا بتانا ہے کہ عمر سرفراز چیمہ کی طبیعت سحری کے وقت خراب ہوئی جس کے فوری بعد ان کے اسٹاف کو اطلاع دی گئی۔
عمر سرفراز چیمہ کو فوری طور پر سروسز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انھیں ڈائریا تشخیص کیا جس کے بعد انہیں ڈرپ لگی ہوئی ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ گورنر عمر سرفراز چیمہ کا سروسز اسپتال میں طبی معائنہ جاری ہے اور ان کے مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاہم ان کی صحت کے حوالے سے خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔

افغانستان سے پھر دراندازی: دہشتگردوں کی فائرنگ، پاک فوج کے 3 جوان شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) افغانستان سے پھر دراندازی اور دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے تین جوان شہید ہوگئے۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی فائرنگ کا انتہائی موثر جواب دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ دیواگر شمالی وزیرستان کے علاقے پاک افغان بارڈر پر کی گئی۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی فائرنگ کا انتہائی موثر جواب دیا، مصدقہ اطلاعات کے مطابق دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار تیمور، نائیک شعیب، سپاہی ثاقب نواز شہید ہوئے۔ دہشتگردوں کی جانب سے افغان سرزمین استعمال پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا ہے۔ پاکستان امید کرتا ہے کہ افغان حکومت مستقبل میں دہشتگردوں کی سرگرمیوں کو روکے گی، دہشگردی کے خلاف پاک فوج مادر وطن کے دفاع کے لیے پرعزم ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے فیول پر سبسڈی ختم کرنے کا عندیہ دے دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے فیول پر سبسڈی ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف تیل پر سبسڈی نہیں چاہتا جس پر متفق ہوں۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے واشنگٹن میں مقامی تھینک ٹینکس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ تیل پر سبسڈی نہ دی جائے اور میں اس سے متفق ہوں، عمران خان نے تیل پر سبسڈی دے کے آنے والوں کے لیے جال بچھایا تھا، غریب افراد کے لیے کچھ سبسڈیز برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف آج کوئٹہ کا دورہ کرینگے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچیں گے جہاں وہ صوبے میں امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرینگے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف ایک روزہ دورے پر آج کوئٹہ جائیں گے، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل سمیت وفاقی وزرا بھی شہباز شریف کے ہمراہ ہونگے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال پر طلب کئےگئے اجلاس کی صدارت کرینگے جبکہ کوئٹہ میں جگر کے اسپتال کا افتتاح اور کراچی ٹو کوئٹہ روڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنے دورہ کوئٹہ میں وزیراعظم مشرقی بارڈر کی بحالی کا اعلان سمیت دیگر منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

ابھی تو 5 سے 10 فیصد سچ سامنے آیا، باطل مٹ کر ہی رہے گا: نواز شریف

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تو 5 سے 10 فیصد سچ سامنے آیا ہے، باطل مٹ کر ہی رہے گا، ریاست مدینہ کے نام پر معاشرے سے زیادتی کی گئی، عمران خان کو عبرت کا نشان بننا چاہیے۔
نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اعلامیے پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سچ ہمیشہ سامنے آجاتا ہے، لوگوں کو بچے پالنا مشکل ہوگیا، آٹا، دالیں خریدنا مشکل ہوچکا ہے، میں نے زندگی میں پہلی دفعہ دیکھا ہے کہ لوگ دوائیں نہیں خرید سکتے، ہم نے بڑی محنت سے پاکستان کی معیشت کو بہتر کیا، عمران خان نے پاکستان کی معیشت کو زمین بوس کر دیا، الیکشن سے پہلے اور بعد میں بھی عمران خان نے جھوٹ ہی بولا، ریاست مدینہ کا نام لے کر مذہب اور معاشرے سے زیادتی کی گئی۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس شخص کو عبرت کا نمونہ بننا چاہئے، نہ قانون کو مانتا ہے نہ آئین و پارلیمنٹ کو، صدر مملکت کو سوچنا چاہئے وہ ملک کے صدر ہیں عمران خان کے نہیں، مرکز اور پنجاب میں جو کچھ ہوا سب کو پتہ ہے، فارن فنڈنگ کا فیصلہ اگر انکے خلاف آیا تو اسکی پارٹی ختم ہوسکتی ہے، اس نے پہلے ہی استعفیٰ دے دیا کیونکہ اسے پتہ تھا بعد میں بھی استعفیٰ دینا پڑنا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق ایجنسیوں نے بریفنگ دی کہ غیر ملکی سازش سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ملا جبکہ قومی سلامتی کمیٹی نے گذشتہ اعلامیے کی بھی توثیق کر دی۔