بوڑھی خاتون سے کار چھیننے والا مجرم کچھ دیر بعد حادثے میں ہلاک

ٹیکساس: (ویب ڈیسک) جیسی کرنی ویسی بھرنی کے مصداق ایک بوڑھی خاتون سے کار چھیننے والا مجرم کچھ دیر بعد اسی کار کے حادثے میں ہلاک ہوگیا۔
ٹیکساس کے شہر سان اینٹونیو میں 74 سالہ بزرگ خاتون چند روز قبل پیٹرول پمپ پر ایندھن بھروانے جارہی تھی کہ ایک شخص نے ان سے کار چھیننے کی کوشش کی۔ خاتون شرلین ہرنینڈز نے مزاحمت دکھائی تو بے رحم شخص نے ان پر شدید تشدد کیا۔
تفصیلات کے مطابق حملہ آور چور نے کار کے اندر گھنس کر خاتوں سے چابی چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر ان کے چہرے پر تشدد کیا۔ یہ منظر دیکھ کر قریب موجود تین افراد نے مداختلت اور مدد کی بے سود کوشش کی لیکن اس دوران ڈاکو خاتون کی کار چھین کر فراٹے بھرتا ہوا فرار ہوگیا۔
کچھ ہی دیر بعد پولیس وہاں پہنچی اور اسی سمت میں چھینی گئی کار تلاش کرنا شروع کردی جہاں مجرم بھاگا تھا۔ پولیس کچھ دور ہی پہنچی تھی کہ انہوں نے دیکھا کہ وہی کار ایک حادثے میں تباہ ہوچکی ہے اور اس سے دھواں اٹھ رہا ہے۔ اس کے اندر ایک شخص زخموں سے چور مرا ہوا تھا جس کے متعلق کہا جارہا ہے کہ وہ کار چور کرنے والا مبینہ ڈاکو ہے۔
شرلین نے اس خبر کے بعد کہا کہ جو ’برے کام کا نتیجہ برا ہوتا‘ ہے لیکن انہیں مجرم کے ہلاک ہونے پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجرم نے ان پر تشدد کرکے چہرہ خراشوں سے بھر دیا تھا اور اس بدلہ خدا نے لیا ہے۔
شرلین اپنی پیرانہ سالی کے باوجود کام کرتی ہے اور اپنی کار میں دفتر جاتی ہے۔ اب ان کی کارتباہ ہوچکی ہے ۔ ان کے ساتھیوں نے نئی کار کے لیے انٹرنیٹ چندہ مہم شروع کی ہے جس میں اب تک 30 ہزار ڈالر جمع ہوچکے ہیں۔

دعا زہرہ کی گمشدگی کی تحقیقات ایف آئی اے نے شروع کردیں

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نےکراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی گولڈن ٹاؤن میں گھر کے باہر سے غائب ہونے والی 14 سالہ دعا زہرہ کی گمشدگی کی تحقیقات شروع کردیں۔
ایف آئی اے سائبر کرائم کے سربراہ عمران ریاض نے ٹیم تشکیل دے دی۔ ایف آئی اے کی چار رکنی ٹیم کی دعا کے اہل خانہ سے ملاقات بھی ہوئی ہے۔
ٹیم میں فارنزک ایکسپرٹ، انویسٹی گیشن افسر اور ماہرنفسیات شامل ہیں۔
ایف آئی اے کی 4 رکنی ٹیم نے دعا کےگھرکا دورہ کیا۔ سربراہ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل سندھ عمران ریاض کے مطابق ٹیم نے دعا زہرہ کے اہلخانہ سے بات چیت کی، لڑکی کی سوشل میڈیا ہسٹری، آن لائن گیم کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔
عمران ریاض نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل میلنگ سرور سے ہنگامی بنیاد پر رابطہ کیا گیا ہے، ٹیم کی کمپنی سے بھی ڈیوائس کی نقل وحرکت کی تفصیلات کیلئے رابطہ کیا گیا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ ہمارے مؤقف کی تائید کرتا ہے، تحریک انصاف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس اور اس کے اعلامیے سے متعلق سے کہا ہے کہ کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے نے ہمارے مؤقف پر مہرِ تصدیق ثبت کردی ہے کہ مراسلہ ایک حقیقت ہے اور اس حوالے سے چئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا ایک ایک حرف سچ تھا۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی کی جانب سے پیش کردہ نکات میں کہا گیا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی گئی اور قومی سلامتی کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کی فیصلے کے نتیجے میں امریکا کو دیا جانے والا احتجاجی مراسلہ باکل ٹھیک اور درست قدم تھا۔
1- کیا یہ حقیقت نہیں کہ مذکورہ دستاویز ریاستِ پاکستان کے ایک دوسرے ملک میں متعین نمائندے کے پیغام پر مشتمل ہے جس میں ایک باضابطہ ملاقات کی تفصیلات موجود ہیں؟
2- کیا یہ حقیقت نہیں اس ملاقات میں تحریک عدمِ اعتماد کا ذکر اور پاکستان کی معافی کو عمران خان کے ہٹائے جانے کی ایک شرط کے طور پر بطورِ خاص کیا گیا؟
3- کیا قومی سلامتی کمیٹی نے اسے پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت قرار نہیں دیا اور سفیرِ مذکور کے مشورے کی روشنی میں مذکورہ ملک کو احتجاجی مراسلہ (دیمارش) دینے کا فیصلہ نہیں کیا؟
4- کیا قومی سلامتی کمیٹی نے اسے اس قدر اہم نہ جانا کہ اسے قومی پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی میں زیربحث لایا جائے؟
5- مندرجہ بالا نکات کی صحت و حقیقت کے تعین کیلئے تحقیقات کی جائیں اور مراسلے کی روشنی میں مذکورہ ملاقات میں دی گئی دھمکی اور مقامی کرداروں کے مابین حقیقی گٹھ جوڑ کا سراغ لگایا جائے۔
6- اس مقصد کیلئے ایک مخصوص ملک کے سفارتکاروں کی خصوصی طور پر حزب اختلاف (موجودہ حزب اقتدار) کے رہنماؤں اور پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین کے مابین ملاقاتوں کی تفصیلات کی چھان بین کرکے کڑیاں ملانا ہوں گی۔
7- تحقیق کار قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں موجود شرکاء میں سے ہر ایک کے خیالات کی چھان بین کے بعد اپنی رائے دیں گے۔ جبھی مختلف کرداروں کے حقیقی عزائم اور ان کے باہم تعلقات کی نوعیت واضح ہوگی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ عدالتی کمیشن کی کارروائی مکمل طور پر اوپن ہونی چاہئیے۔ اس ضمن میں کسی بند کمرہ/خفیہ کارروائی کی گنجائش ہے نہ اسے قبول کیا جائے گا۔

صدر یورپی کمیشن کی شہبازشریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے یورپی کمیشن کی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کو یورپی کمیشن کی صدر ارسلاوان ڈیرلیین نے ٹیلی فون کیا اور شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی۔
صدر یورپی کمیشن نے پاکستان کیساتھ تعلقات کومزید مستحکم بنانےکی خواہش پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کیساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے تعلقات مشترکہ امن، خوشحالی اور ترقی کے مقاصد پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم نے یورپی یونین کیساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے یورپی کمیشن کی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

کاوئنٹی کرکٹ: حسن علی کی 6 وکٹیں، جیمز اینڈرسن تعریف کیے بنا نہ رہ سکے

لندن: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے کاونٹی کرکٹ میں چھ وکٹیں لے کر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کو بھی اپنا گرویدہ کر لیا۔
27 سالہ حسن علی نے لنکاشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے گلوسٹاشائیر کے خلاف عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 17 اوورز میں 47 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی۔
حسن علی کی عمدہ بولنگ کے باعث گلوسٹاشائیر کی ٹیم 252 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ عظیم کرکٹر جمی اینڈرسن کے ساتھ گیند بازی کرنا میرے لئے ایک خاص لمحہ تھا۔ مجھے یاد ہے کہ وہ میری کارکردگی پر خوش اور تالیاں بجا کر انہوں نے مجھے داد دی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کاؤنٹی کرکٹ کے بارے میں بہت کچھ سن رکھا ہے اور میں یہاں تجربہ حاصل کرنے آیا ہوں۔

وسیم خان آئی سی سی میں جنرل مینجر کرکٹ کے عہدے پر فائز

دبئی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں جنرل مینجر کرکٹ مقرر کردیا گیا۔
وسیم خان آئی سی سی میں جیف آلڈرائس کی جگہ لیں گے۔ جیف آلدرائس اب چیف ایگزیکٹو آئی سی سی کے عہدے پر فائز ہیں۔
اس حوالے سے وسیم خان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی میں شمولیت اختیار کرنا اعزاز کی بات ہے۔
خیال رہے کہ وسیم خان پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیف ایگزیکٹو کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ وسیم خان کو رمیز راجہ کے چیئرمین بننے کے بعد عہدے سے الگ ہونا پڑا تھا۔

لتھوانیا، دشمن کے ڈرون کو ناکارہ بنانے والا “ڈرون” تیار

ولنیئس: (ویب ڈیسک) معیاری فوٹیج کیلئے ڈرون کیمروں کا استعمال عام ہونے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی مسائل بھی پیدا کر رہا ہے تاہم اس مشکل پر قابو پانے کیلئے بھی ڈرون ایجاد کر لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ اہم ترین ایجاد یورپی ملک لتھوانیا کے ایک موجد کی کاوش ہے جو پہلے بھی اس طرح کی اشیا بناتے رہتے ہیں، یہ ڈرون ایک ڈبے سے گولی کی طرح فائر ہوتا ہے اور اس کی اطراف میں لگی چاروں پنکھڑیاں کھل جاتی ہیں۔ اسی دوران ڈرون ایک جالا پھینکتا ہے جو دشمن ڈرون کے ہاتھ پیر باندھ کر نیچے گرا دیتا ہے، اس جالے والے ڈرون کو “ڈرون انٹرسیپٹر” کا نام دیا گیا ہے۔
ڈرون برق رفتاری سے نکلتا ہے اور سامنے موجود چھوٹے کواڈ کاپٹر کو اپنے جال میں پھنسا لیتا ہے، اس کا کیمرہ مسلسل دشمن ڈرون کا بصری تعاقب کرتا رہتا ہے اور یوں تیزی سے اوپر اٹھ کر اپنی پنکھڑیاں کھول کر جال پھیلاتا ہے اور دوسرے ڈرون کے گرد گھیرا تنگ کر کے اسے نیچے پٹخ دیتا ہے۔

افغان شہر قندوز کی مسجد میں دوران نماز بم دھماکہ، 20 افراد جاں بحق

کابل: (ویب ڈیسک) پڑوسی ملک افغانستان کے صوبے قندوز میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے دوران مسجد میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق ہوگئے۔
افغان ٹی وی چینل طلوع نیوز کے مطابق دھماکہ قندوز صوبے کے ضلع امام صاحب کی ایک مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہوا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کم از کم 30 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ضلع کے سیکیورٹی چیف حافظ عمر کے مطابق مسجد مولوی سکندر میں دوپہر ساڑھے تین بجے دھماکہ ہوا۔
طلوع نیوز نے مقامی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے میں 30 افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔ تاحال کسی بھی شدت پسند گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

جعلی سوشل میڈیا پوسٹیں شئیر کرنیوالوں کے خلاف سخت کارروائی کرینگے، ڈی جی ایف آئی اے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل محمد طاہر رائے کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم کو کنٹرول کرنا پہلی ترجیح ہوگی کسی کو بھی شہریوں کے وقار کو مجروع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محمد طاہر رائے نے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی ایف آئی اے کے سینئر افسران سے میٹنگ کی۔ ایف آئی اے اسلام آباد زون کے ڈائریکٹر وقار چوہان سمیت دیگر شعبوں کے افسران نے ڈی جی ایف آئی اے کو پیشہ وارانہ امور پر بریفنگ دی افسران سے خطاب کیا۔
ڈاٰئریکڑ جنرل ایف آئی اے محمد طاہر رائے کا کہنا تھا کہ ایمانداری ہی بہترین حکمت عملی ہے اس پالیسی پرمکمل عملدرآمد کیا جائے، پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا ہے عوام کی خدمت ہی ایف آئی اے کا نصب العین ہونا چاہیے عوام کو عزت دی جائے اور ان کا احترام کیا جائے ۔
ڈی جی ایف آئی اے نے پالیسی گائیڈ لائن میں واضع کیا کہ سائبر کرائم کو کنٹرول کرنا پہلی ترجیح ہوگی کسی کو بھی شہریوں کے وقار کو مجروع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ایسے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی جبکہ جعلی سوشل میڈیا پوسٹیں شئیر کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور انہیں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیجا جائے گا۔

شمالی وزیرستان سے 15 ماہ بعد پولیو کا پہلا کیس رپورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان سے 15 ماہ بعد پولیو کا پہلا کیس رپورٹ ہوگیا جبکہ سال 2022 میں اب تک دنیا بھر سے 3 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پولیو کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ بچوں کی بہترین صحت کے لیے تمام سہولیات بروئے کار لائیں گے، پولیو کا خاتمہ ہمارا مزہبی اور اخلاقی فریضہ ہے اور پولیو کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنی کوششوں کو ڈبل کرنا ہو گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کو پولیو پروگرام کے بارے میں ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ پولیو کیسز میں تاریخی کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال ملک بھر سے پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا جبکہ ہماری جدوجہد پولیو کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سال 2020 میں خیبرپختونخوا سے پولیو کے 22 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ گزشتہ سال صوبہ خیبرپختونخوا سے پولیو کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا