روسی فوج کی یوکرین میں کارروائیاں جنگی جرائم تصور کی جا سکتی ہیں، اقوام متحدہ

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے متنبہ کیا ہے کہ یوکرین میں روسی فوج کی کارروائیاں جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی فوج یوکرین میں شہریوں، ان کی املاک، اسکولوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنا رہی ہیں جب کہ گنجان آبادیوں پر بھی شدید بمباری کی جا رہی ہے۔
بیان میں متنبہ کیا گیا ہے کہ روسی افواج کی یہ کارروائیاں جنگی جرائم تصور کی جاسکتی ہیں۔ قبل ازیں یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے بھی روس کے جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا اور عالمی اداروں سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
روس نے دو روز قبل ہی ماریپول میں مکمل قبضے کا اعلان کیا تھا جب کہ دارالحکومت کیف کے ایک قصبے سے اجتماعی قبر بھی ملی جس میں 450 سے زائد لاشوں کی باقیات تھیں اور سڑکوں پر جا بہ جا لاشیں بکھری پڑی تھیں۔
اسی طرح یوکرین کے ایک اسپتال پر حملے میں ایک حاملہ خاتون زخمی ہوگئی تھیں جنھیں دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس منظر کی تصویر نے دنیا میں ہلچل مچادی تھی۔ بعد ازاں حاملہ خاتون زچگی کے دوران جاں بحق ہوگئی تھیں۔
ان خبروں سے عالمی سطح پر روس کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔

بھارت؛ چاقو بردار شخص نے تعاقب کرکے ماں کو بچوں کے سامنے قتل کردیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک چاقو بردار نوجوان دوڑتا ہوا سڑک پر خاتون تک پہنچا اور بچوں کے سامنے ہی چاقو کے وار کرکے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کی مصروف شاہراہ پر دن دیہاڑے ایک شخص نے گود میں بچوں کو لے جانے والی ماں کو چاقو کے وار کرکے شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگیا۔
خاتون کو اسپتال لے جایا جا رہا تھا تاہم زیادہ خون بہہ جانے کے باعث انھوں نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔ مقتولہ اور قاتل ایک دوسرے کے سابق پڑوسی تھے تاہم قتل کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون اپنے بچوں کو لیکر گھر جا رہی ہے اور ملزم اس کا پیچھا کر رہا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز میں قاتل کی واضح تصویر کے باوجود پولیس اسے گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

امید ہے شہباز شریف افغانستان سے اچھے تعلقات کو آگے بڑھائیں گے، حامد کرزئی

کابل: (ویب ڈیسک) سابق افغان صدر حامد کرزئی نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان میں نئی ​​حکومت افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات کو آگے بڑھائے گی۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’’بی بی سی‘‘ کو انٹرویو میں افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے کہا کہ میرے دور حکومت کے آخری سال میں میاں نواز شریف پاکستان کے وزیر اعظم تھے اور دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہوئے تھے۔
حامد کرزئی نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے، نواز شریف کے بھائی شہباز شریف جو پاکستان کے نئے وزیر اعظم بنے ہیں بھی اسی راستے پر چلیں گے اور افغانستان سے اچھے تعلقات قائم کریں گے جس کے جواب میں افغان عوام بھی مثبت ردعمل دیں گے۔
سابق افغان صدر حامد کرزئی نے لڑکیوں کے سیکنڈری اسکولوں کی بندش کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا جب کہ تعلیمی اداروں پر دہشت گردوں کے حملے پر ان کا کہنا تھا کہ یہ افغانستان کی تعمیر اور ترقی پر حملہ تھا۔
واضح رہے کہ افٓغان رہنما حامد کرزئی 2001 سے 2014 تک افغانستان کے صدر رہے ہیں۔

اسرائیل کے لڑاکا طیاروں کی غزہ پر بمباری

غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فضائیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے غزہ میں حماس کے 2 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور انھیں تباہ کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں حماس کی ایک عسکری تربیت گاہ اور میزائل بنانے کی ایک زیر زمین فیکٹری کو جنگی طیاروں نے نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق لڑکا طیاروں کی بمباری میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم حماس کے عسکری ٹھکانے مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کا مزید کہنا تھا کہ فضائی حملے حماس کی جانب سے اسرائیلی سرزمین پر داغے گئے ایک راکٹ کے جواب میں کیے گئے جس میں ایک مکان کو نقصان پہنچا تھا۔
دوسری جانب اسرائیلی پولیس نے ایک بار پھر مسجد اقصیٰ سے نمازیوں کو بیدخل کرکے یہودیوں کو عبادت کی اجازت دیدی جس پر نمازیوں نے احتجاج بھی کیا۔

اداکار عامر خان آئی پی ایل میں جگہ بنانے کیلئے کوشاں، ویڈیو وائرل

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اسٹار عامر خان انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے کےلیے کوششیں کرنے لگے۔
بالی ووڈ اداکاروں کی جانب سے مداحوں سے رابطہ رکھنے کیلئے سوشل میڈیا کا تواتر سے استعمال کیا جاتا ہے مگر مسٹر پرفیکٹشنسٹ عامر خان اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے پوسٹیں شیئر کرنے میں دیگر فنکاروں پر سبقت رکھتے ہیں۔
بالی ووڈ خان نے جمعے کے روز بھی اپنی ایک ویڈیو آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں وہ کرکٹ کھیلتے نظر آرہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسٹر پرفیکٹشنسٹ آگے بڑھ کر شاٹ کھیلتے ہیں اور پھر کیمرے کے سامنے کھڑے ہوکر مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’کیا انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں موقع مل سکتا ہے؟‘
اسی ویڈیو میں اپنے مداحوں کو بتاتے ہیں کہ 28 تاریخ کو وہ ایک کہانی سنانے والے ہیں، جس کیلئے بہت پُرجوش ہیں۔
اداکار عامر خان کی کھیلوں سے محبت کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے، اداکار کھیلوں کے حوالے سے متعدد فلمیں ریلیز کرچکے ہیں جو باکس آفس پر کافی ہٹ ہوئی تھی جس میں ’لگان اور دنگل‘ سرفہرست ہیں جو اب بھی سنیما گھروں پر راج کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ لگان فلم بھی کرکٹ پر بنائی گئی تھی، فلم میں ایک بھارت کا ایک مقامی گاؤں دکھایا گیا جو دوگنا ٹیکس دینے میں رعایت مانگتا ہے تو برطانوی آرمی آفیسر گاؤں والوں سے کرکٹ میں شکست دینے کی شرط رکھتا ہے۔

پولیس افسر چوہدری اسلم کی زندگی پر بننے والی فلم ’’چوہدری‘‘ کا ٹریلر جاری

کراچی: (ویب ڈیسک) انکاؤنٹر اسپیشلسٹ کہلائے جانے والے سندھ پولیس کے شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم کی زندگی پر بننے والی فلم’’چوہدری‘‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔
شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم کراچی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وہ بہادر آفیسر تھے جو دہشت گردوں کے لیے خوف کی علامت سمجھے جاتے تھے۔ اُن کی بہادری اور دلیری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اُن کے گھر پر ہونے والے حملے کے بعد بھی انہوں نے دہشت گروں کے خلاف اعلان جنگ کیا تھا۔ اس موقع پر اُن کا تاریخی جملہ ’دہشت گردوں نے شیر کے منہ میں ہاتھ دینے کی کوشش کی ہے‘ مشہور ہوا تھا۔
کراچی میں امن کے لیے شہید چوہدری اسلم کی بے مثال خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ پولیس کے شیر کہلائے جانے والے چوہدری اسلم کا ایک منفرد ہی انداز تھا۔ انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اُن کی ابتدائی زندگی سے لے کر شہادت تک کے سفر پر ایک فلم بنائی جارہی ہے جس کا ٹریلر حال ہی میں جاری کیا گیا ہے۔
معروف ہدایت کارعظیم سجاد کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’چوہدری‘ میں شہید چوہدری اسلم کا کردار طارق اسلام خان ادا کر رہے ہیں۔ جب کہ دیگر کرداروں میں معروف اداکار ارباز خان، اظفر علی، شمعون عباسی، عدنان شاہ ٹیپو، سلیم معراج، ثنا فخر اور یاسر حسین شامل ہیں۔ جب کہ نیہالاج فلم کی پروڈیوسر ہیں۔ فلم کی کہانی ذیشان جنید نے تحریر کی ہے۔

پچاس ہزار ڈالرز کی لاٹری جیتنے والا انعام سے بے خبر رہا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی شہری 93 لاکھ روپے سے زائد رقم لاٹری جیتنے کے باوجود انعام سے بے خبر رہا۔
قسمت کی دیوی مہربان ہو انسان کو دیر سویر مالا مال کرہی دیتی ہے، ایسا ہی ایک واقعہ امریکی ریاست میری لینڈ کے معمر رہائشی کے ساتھ پیش آیا جس نے 64 برس کی عمر میں ہزاروں ڈالرز جیت لیے۔
سابق پولیس افسر جان بویڈ نے میری لینڈ کی پاور بال لاٹری سے ٹکٹ خریدا اور چھٹیوں پر چلا گیا جب واپس لوٹا تو اپنی قسمت پر حیران تھا کیوں کہ وہ پچاس ہزار ڈالرز کی لاٹری جیت چکا تھا۔
64 سالہ جان بویڈ لاٹری جیتنے والے خوش قسمت افراد میں شامل ہوچکا تھا مگر وہ کئی روز تک اپنی انعامی رقم سے بے خبر رہا اور انعام سے متعلق علم ہونے کے باوجود اسے اپنی قسمت پر یقین نہیں آرہا تھا، سابق پولیس افسر کو لگ رہا تھا کہ مشین سے کوئی غلطی ہوئی ہے۔
لاٹری انتظامیہ کو جان بویڈ نے بتایا کہ اسے سمجھ نہیں آرہا کہ وہ انعامی رقم کو کہاں خرچ کرے۔
اس سے قبل ریاست ورجینیا کے ایک شہری نے 1 لاکھ 47 ہزار 500 ڈالرز کی خطیر رقم لاٹری میں جیتی تھی۔

مہمانوں کوبھنگ ملا کھانا کھلانے پردلہن گرفتار

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں شادی کے مہمانوں کوبھنگ ملا کھانا کھلانے پردلہن اورتقریب کے کیٹرر کوگرفتارکرلیا گیا۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں شادی کی ایک تقریب میں مہمانوں کے کھانے میں بھنگ ملانے پردلہن اورکیٹرر کوگرفتارکرلیا گیا۔شادی کی تقریب میں شامل مہمانوں نے پیٹ میں درد اور قے کی شکایت کی تھی اورمتعدد مہمانوں کو طبیعت خراب ہونے پراسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
پولیس نے2 ماہ کی تحقیقات کے دوران شادی کی تقریب کے کھانے اورمشروبات کے نشہ آورٹیسٹ بھی کروائے تھے جن کی رپورٹس آنے کے بعد دلہن اور کیٹرر کو گرفتارکیا۔دلہن ڈانیا سوبودا اور کیٹرر جوئے سلین برائن کو ملاوٹ ، کوتاہی برتنے اور چرس فراہم کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔
شادی کی تقریب 19 فروری کو فلوریڈا کے شہرلانگ ووڈ میں ہوئی تھی۔

دنیا کی سب سے بڑی ہاکی اسٹک پر وڈ پیکر کا حملہ

برٹش کولمبیا: (ویب ڈیسک) کینیڈا میں بہت محنت سے تیار شدہ دنیا کی سب سے بڑی ہاکی اسٹک پر ایک وڈ پیکر پرندے نے دھاوا بول دیا اور اس نے لکڑی اور لوہے پر مشتمل 27 ہزار کلو گرام وزنی اس ہاکی اسٹک پر تیز چونچ آزما کر سوراخ کردیا۔
یہ ہاکی اسٹک برسوں کی محنت سے تیار کرکے کاویچان کمیونٹی سینٹر کے باہر لگائی تھی جس پر ایک چھوٹے پرندے کی حرکات دیکھ کر مقامی لوگ کچھ پریشان ہیں تو کچھ لوگ یہ منظر دیکھ کر محظوظ ہورہے ہیں۔ اسے دنیا کی سب سے بڑی ہاکی اسٹک قرار دیا گیا ہے جو اب سے 40 برس قبل بنائی گئی تھی۔
اس کی تیاری کے لیے خاص لکڑی استعمال کی گئی ہے اور اسے سہارا دینے کے لیے آہنی سلاخیں بھی استعمال کی گئیں ۔ سب سے پہلے مقامی فگر اسکیٹر لورین فرانسسٹی نے اس ننھی حملہ آور چڑیا کو دیکھا تھا۔ انہوں نے دیکھا کہ لکڑی کا کچھ برادہ نیچے گرا ہے اور ہاکی سے کھٹ کھٹ کی آواز آرہی ہے۔ لورین جان گئیں کہ یہ سب ننھی وڈ پیکر کا شاخسانہ ہے۔
انہوں نے اس کی خبر انتظامیہ کو دی اور پہلا سوراخ بھردیا گیا لیکن وہ بھی کچھ دنوں ہی برقرار رہ سکا۔ اگلے دن پرندہ دوبارہ آیا اور اپنی چونچ سے مرمت شدہ سوراخ میں بھرا گیا سارا سامان نکال کر باہر پھینک دیا۔ پھر دوبارہ اس نے ہاکی پر سوراخ بنانا شروع کردیا۔
پرندوں کے ماہرین کے مطابق یہ ایک چھوٹا شمالی فلکر پرندہ ہے جو وڈپیکر خاندان سے تعلق رکھتا ہے اور اسے خطے میں تحفظ کا درجہ حاصل ہے۔ خیال ہے کہ پرندہ ہاکی پر اپنا گھر بنانا چاہت ہے تاہم یہ ہاکی اسٹک اپنی جسامت کے اعتبار سے شہر کی پہچان ہے اور ہزاروں سیاح اسے دیکھنے آتے ہیں شاید اس لیے اسے روکنے کی کوشش کی جائے گی۔

ناسا نے خلائی جہازوں کے لیے ایک ہزار گنا بہتر دھاتی بھرت تیار کرلی

پیساڈینا، کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ناسا کے ماہرین نے تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے ایک دھاتی بھرت (میٹل الوئے) بنائی ہے جو اب تک جدید ترین دھاتی بھرت سے 1000 گنا مؤثر، بہتر اور پائیدار ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے ایک ’انقلابی‘ اختراع قرار دیا جارہا ہے جو خلائی و فضائی صنعت میں تیزرفتار ترقی کی وجہ بنے گی۔
جی آر ایکس 810 نامی یہ بھرت حال کی تمام دھاتی بھرتوں سے کئی گنا بہتر ہے۔ اپنی ساخت کی بنا پر یہ راکٹ انجن کی شدید حرارت اور ارتعاش بھی برداشت کرسکتی ہے۔ ناسا کے مطابق اس سے طویل خلائی مشن اور خلائی جہازوں کو گویا پر لگ جائیں گے۔ ساتھ ہی ہوائی جہاز ٹیکنالوجی بھی ترقی کے زینے طے کرے گی۔
ابتدائی اندازے کے مطابق یہ موجود تمام دھاتی بھرتوں کے مقابلے میں دگنی مضبوط ، ساڑھے تین گنا لچک دار اور 1000 گنا پائیدار بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نیا مٹیریئل بلند درجہ حرارت اور دباؤ میں بھی اپنی افادیت برقرار رکھتا ہے۔
ناسا گلین ریسرچ سینٹر میں ٹرانسفارمیشنل ٹولز کے شعبے سے وابستہ ڈاکٹر ڈیل ہوپکنز نے اسے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ ایک جانب بہت مضبوط ہے تو دوسری جانب بہت ہلکا پھلکا مٹیریئل ہے جو خلائی پرواز کے مستقبل کو تبدیل کردے گا۔ جب جب دھات کی مضبوطی بڑھائی جاتی ہے تو لچک ہاتھ سے نکل جاتی ہے اور کسی نہ کسی مقام پر اچھی دھاتی بھرتیں بھی ٹوٹ جاتی ہیں۔ لیکن جی آر ایکس 810 ان سب خامیوں سے پاک ہے۔
اس کی تیاری میں بطورِ خاص مصنوعی ہاتھ اور کمپیوٹر پروگرام سے مدد لی گئی ہے۔ اگلے مرحلے میں تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی وضع کی گئی ہے۔ سب سے پہلے ٹربائن انجن کا احتراقی چیمبر یا کمبسٹر بنایا گیا ہے۔ یہ وہ گوشہ ہوتا ہے جہاں راکٹ انجنوں کا ایندھن ہوا سے ملاپ کرتا ہے اور جل کر راکٹوں کو اوپر کی جانب دھکیلتا ہے۔
لیکن یہی ایجاد ترقی کے دیگر گوشوں کو بھی تیز تر بنائے گی اور مزید بہتر مادے ہمارے ہاتھ آسکیں گے۔ اس سے قبل نئے مٹیریئل کوشش اور خطا (ٹرائل اینڈ ایرر) کے تحت بنائے جاتے رہے جن میں مہینوں اور برس صرف ہوتے تھے لیکن اب کمپیوٹر الگورتھم اور تھری ڈی پرٹنگ سے یہ ہفتوں یا مہینوں کا کام بن چکا ہے۔
جب جی آر ایکس 810 کو مختلف ٹیسٹ سے گزارا گیا تو ماہرین کی حیرت میں اضافہ ہوتا چلا گیا اور ایک مقام پر معلوم ہوا کہ وہ ایک شاندار شے ڈھال چکے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عملی طورپریہ مٹیریئل کتنا مؤثر ثابت ہوتا ہے۔