منحرف اراکین اہل یا نا اہل؟ کیس کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی

لاہور : (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان میں 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس کی آج سماعت کے دوران پی ٹی آئی، مسلم لیگ ق اور مسلم لیگ ن کے وکلاء نے دلائل دیے۔
تحریک انصاف کے وکیل علی ظفر کی جانب سے دلائل ویڈیو لنک پر دئیے گئے، چیف جسٹس کا کہنا تھا لپ 10منٹ میں دلائل مکمل نہ کیےگئے تو مخدوم علی خان کو سنیں گے، پی ٹی آئی وکیل علی ظفر نے کہا کہ میں دس منٹ میں اپنے دلائل مکمل کر لوں گا۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ 63 اے کو شامل کرنے کا مقصد ہارس ٹریڈنگ کو ختم کرنا تھا، 63 اے کی خلاف ورزی آئین کی خلاف ورزی ہے، 63 اے کے نتیجے میں ووٹ شمار نہیں ہو گا، ووٹ کاسٹ تو ضرور ہو گا لیکن اس کو گنا نہیں جائے گا۔ سیاسی جماعتوں کے کردار اور اہمیت پر عدالتی فیصلے موجود ہیں، آزاد اور سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ ہولڈرز ممبر اسمبلی بنتے ہیں ، 63 اے سیاسی جماعتوں کے ممبر سے متعلق ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ علی ظفر آپ کہہ رہے ہیں ووٹ کاسٹ نہیں ہوں گے، وکیل علی ظفر نے کہا کہ میں عدالتی تشریح کے ذریعے استدعا کر رہا ہوں۔
جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے کہا کہ انحراف کا فیصلہ پارٹی سربراہ نے کرنا ہے، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ووٹ شمار کرنا اور انحراف کرنا دونوں مختلف چیزیں ہیں۔ کیا آپ کہہ رہے ہیں کہ ہدایات نہ ہونے پر بھی رکن اسمبلی کا ووٹ شمار نہیں ہوگا۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ پہلے سربراہ ہدایات جاری کرے گا، پھر ممبران کے خلاف ڈیکلریشن جاری کرے گا۔ جسٹس جمال خان نے کہا کہ کیا ڈیکلریشن کی عدم موجودگی میں بھی ووٹ نہیں گنا جائے گا؟ اگر ووٹ گنا نہ جائے تو مطلب جرم ہی نہیں کیا۔ ووٹ نہ ڈالنے کی کوئی قدغن لگائی نہیں گئی۔ تریسٹھ اے میں بتایا گیا ہے کہ ووٹ تو کاسٹ کرلیں گے لیکن سیٹ چلی جائے گی۔ اگر ممبر رکن اسمبلی نے فیصلہ کرنا ہے کہ ووٹ کرنا ہے یا نہیں۔
جسٹس مظہر عالم نے کہا کہ ووٹ کاسٹ ہونے کے بعد ہی پارٹی سربراہ ڈیکلریشن دے گا۔ پارٹی سربراہ ووٹ کاسٹ ہوتے وقت بھی سپیکر کوبتاسکتا ہے۔
جسٹس جمال خان نے کہا کہ ووٹ کاسٹ ہونے کے بعد پارٹی سربراہ پہلے شوکاز نوٹس دے گا جواب لے گا۔
جسٹس جمال خان نے کہا کہ نوٹس کے بعد ملنے والے جواب سے پارٹی سربراہ مطمئن ہو کر شوکاز ختم بھی کر سکتا ہے۔ چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا آپ کہہ رہے ہیں پارلیمانی پارٹی کی ہدایت اکثریت کی ہوتی ہے۔ آپ کہہ رہے ہیں پینل کوڈ نہیں کہ جرم ہو گیا ہے۔ تو لاش ملنے کے بعد ہی کاروائی ہو گی۔ آپ کہہ رہے ہیں بھٹو دور میں شامل کیے گیے آرٹیکل 96کی طرح اقلیت کا ووٹ شمار نہیں ہو گا۔ قومی مفاد اور اس لعنت کو ختم کرنے کے لیے ووٹ کو نہیں گننا چاہیے، رضا ربانی اور فاروق نائیک کا کہنا ہے پارٹی سربراہ ان کے بے پناہ اختیارات کو روکنے کے لیے سزا واضح نہیں۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ فیصلہ سربراہ کرتا ہے یا پارلیمانی پارٹی کرتی ہے۔ پارلیمانی پارٹی میں فیصلہ سازی کا کیا طریقہ کار ہوتا ہے۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ سیاسی پارلیمانی جماعت کا آئین ہوتا ہے، سیاسی جماعتوں میں اکثریت فیصلہ کرتی ہے۔ جسٹس جمال خان نے پوچھا کہ کیا سیاسی جماعت اس کینسر کا علاج خود نہیں کر سکتی؟ سیاسی جماعتوں کو تکلیف ہے تو علاج کریں۔ ہمارے سامنے اکثر جماعتیں آپ کے موقف کے خلاف ہیں۔ اپ کیا توقع کررہے ہیں ہم اکثریت کو چھوڑ کر آپ کی بات مانیں گے۔ صرف ایک سیاسی جماعت منحرف اراکین اسمبلی کے خلاف ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آئین میں تریسٹھ اے شامل کرنے کا مقصد انحراف کے کینسر کو ختم کرنا تھا۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر کو تحریری معروضات جمع کروانے کی ہدایت کردی، جس کے بعد پاکستان مسلم لیگ ق نے علی ظفر کے دلائل اپنا لیے، پاکستان مسلم لیگ ق کی جانب سے وکیل اظہر صدیق پیش ہوئے۔
اظہر صدیق نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے تحریک عدم اعتماد کیخلاف حفاظتی دیوار ہے، ق لیگ کے وکیل نے میثاق جمہوریت کا حوالہ دیا۔ کہا جمہوریت کے چمپئن بننے والوں نے مینڈیٹ کے احترام کا معاہدہ کیا تھا، عملی طور پر جو کچھ کیا گیا وہ میثاق جمہوریت کیخلاف ہے۔
مسلم لیگ ن کے وکیل مخدوم علی خان نے دلائل شروع کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک گھنٹے میں دلائل مکمل نہیں کر سکوں گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگلے دو ہفتے بینچ دستیاب نہیں ہوگا، چاہتے ہیں آرٹیکل تریسٹھ اے پر جلد از جلد اپنی رائے دیں۔
مخدوم علی خان نے کہا کہ 14 مئی کو بیرون ملک سے میری واپسی ہوگی،چیف جسٹس نے کہا آپ اپنے دلائل کا خلاصہ بیان کر دیں پھر دیکھیں گے۔
مخدوم علی خان نے کہا کہ قومی اسمبلی کی مدت پانچ سال ہوتی ہے، منحرف رکن اسمبلی کی مدت تک ہی نااہل ہو سکتا۔ آئین کی تشریح کا عدالتی اختیار ختم نہیں کیا جاسکتا، ماضی میں پارلیمنٹ عدالت کے اختیارات کم کرنے کی کوشش کرتی رہی۔ عدالت نے کبھی اپنے اختیارات پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ عمران خان نے آرٹیکل تریسٹھ اے کے حوالے سے آئینی درخواست بھی دائر کی ہے، آئینی درخواست میں کوئی سیاسی جماعت یا منحرف رکن فریق نہیں۔ آئینی درخواست میں صرف منحرف ارکان کی تاحیات نااہلی مانگی گئی ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ریفرنس میں اٹھایا گیا سوال ہی درخواست میں بھی اٹھایا گیا ہے۔
وکیل ن لیگ نے کہا کہ ریفرنس میں پی ٹی آئی کہتی ہے منحرف ارکان کا ووٹ شمار نہ کیا جائے۔ آئینی درخواست میں ووٹ شمار نہ کرنے کی استدعا نہیں کی گئی۔ ریفرنس سابق وزیراعظم کو عدم اعتماد سے بچانے کے لیے دائر کیا گیا تھا۔ عدالت نے اسمبلی بحال کرنے کا تاریخی فیصلہ دیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ضمیر کے مطابق جو آئین کے تحت درست لگتا ہے وہ کرتے ہیں، دعا ہوتی ہے کہ ہمارے فیصلوں سے ملک میں بہتری ہو۔
مخدوم علی خان نے کہا کہ فیصلہ خلاف ورزی ہی کیوں نہ ہو بغیر مزاحمت کے عمل ہونا چاہیے۔
عدالت کے سامنے اب کوئی مواد نہیں کہہ اراکین کیوں منحرف ہوئے، رشوت لینے کے شواہد ہیں نہ ہی یہ معلوم کہ ضمیر کی آواز پر منحرف ہوئے، رکن کیوں منحرف ہوا یہ شواہد اسکا کام نہیں۔ بعض آئینی ترامیم پر وکلاء اور عوام نے احتجاج کیا۔ ساتویں ترمیم میں سول اداروں کی مدد کے لیے فوج طلب کرنے کی منظوری ہوئی۔ سول اداروں کی مدد کے لیے آئی فوج کے اقدامات کو عدالتی دائرہ اختیار سے باہر رکھا گیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ کیا عدالت صرف سوال کی حد تک آئین کی تشریح کر سکتی ہے؟ مخدوم علی خان نے کہا کہ عدالت سے رائے مانگی گئی ہے۔ عدالت اپنا اختیار 184/3 میں استعمال کر سکتی ہے۔ ارٹیکل تریسٹھ اے پارٹی سے بے وفائی روکنے کے لیے نہیں ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے کیس کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی گئی۔

نوجوانوں کے لیے گمراہ کن، طالبان کی ٹک ٹاک اور پب جی پر پابندی

افغانستان : (ویب ڈیسک) طالبان نے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک اور شوٹنگ گیم پب جی پر پابندی عائد کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق طالبان ٹیم کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ طالبان کی اخلاقی پولیسنگ مہم کے ایک حصے کے طور پر افغانستان میں ٹک ٹاک ویڈیو ایپ پر پابندی عائد کی جائے گی۔
انعام اللہ سمنگانی نے ٹوئٹر پر کہا کہ وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والی سوشل میڈیا ایپلی کیشن “نوجوان نسل کو گمراہ کر رہی ہے۔ ٹک ٹاک کا مواد اسلامی قوانین کے مطابق نہیں تھا، اس لیے اس پر پابندی لگائی گئی۔
یاد رہے افغانستان کی کل آبادی کا تقریباً 23 فیصد انٹرنیٹ استعمال کرنے والا ہے۔
اس پابندی کا فیصلہ بدھ کو کابینہ کے اجلاس کے دوران لیا گیا ، پچھلے سال اقتدار میں آنے کے بعد پہلی بار عسکریت پسند گروپ نے کسی ایپ پر پابندی عائد کی ہے۔
سمنگانی نے کہا کہ کابینہ نے جنوبی کوریا کے مشہور جنگی میدان PUBG گیم کو روکنے اور افغان ٹیلی ویژن چینلز کو “غیر اخلاقی” مواد نشر کرنے سے روکنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
طالبان ترجمان نے مزید کہا کہ انہیں بہت شکایات موصول ہو رہی تھیں، کہ کیسے یہ ایپس لوگوں کا وقت ضائع اور انہیں گمراہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
اس سلسلے میں وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بھی حکم دیا جا چکا ہے کہ وہ ان ایپس کو انٹرنیٹ سرورز سے ہٹا دیں اور انہیں افغانستان میں ہر کسی کے لیے ناقابل رسائی بنائیں۔

Mباز آجائیں، مریم نواز کی ٹوئٹ، یہ ایم کون ہے ؟

لاہور : (ویب ڈیسک) گزشتہ رات پاکستان تحریک انصاف نے لاہور میں مینار پاکستان پر اپنا عوامی پاور شو کیا، جلسے میں عوام کی کتنی بڑی تعداد نے شرکت کی اس پر ہمیشہ کی طرح بحث کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
جلسے کے دوران ہی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مینار پاکستان میں جلسہ گاہ کی ایک تصویر شیئر کی، جس میں پنڈال خالی دیکھا جا سکتا ہے۔ جس پر انہوں نے طنزیہ کیپشن دیا کہ ”ویسے پوچھنا یہ تھا کہ اِس کو نہ دکھانے کی وجہ کیا ہو گی” ، اس کے ساتھ مریم اورنگزیب نے ہنسنے والے ایموجیز کا بھی استعمال کیا۔
مریم کے اس ٹوئٹ کو مریم نواز نے بھی خوب انجوائے کیا اور ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ M باز آ جائیں، اور ساتھ انہوں نے بھی ہنسنے والے ایموجی بنائی۔

برطانوی ملکہ الزبتھ کو اپنی باربی ڈول مل گئی

برطانیہ : (ویب ڈیسک) ملکہ برطانیہ کی چھیانوے سالگرہ پر ان کی ہمشکل باربی ڈول کا خوبصورت تحفہ دیا گیا۔
کھلونے بنانے والی کمپنی میٹل نے برطانوی ملکہ کی باربی ڈول کو اپنے کلیکشن میں شامل کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سے 70 سال تک تخت شاہی پر راج کرنے والی ملکہ برطانیہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
اس باربی ڈول نے سر پر جو تاج پہن رکھا ہے وہ ملکہ الزبتھ نے اپنی شادی کے دن پہنا تھا۔ سفید لباس میں ایک گلابی ربن ملکہ کو ان کے والد جارج VI کی طرف سے دیے گئے تحفے کی یاد دلاتا ہے جبکہ ہلکا نیلا ملکہ کے دادا جارج V کی طرف سے دیا گیا تھا۔
یہ گڑیا جون کے شروع میں پلاٹینم جوبلی کی سرکاری تقریبات سے قبل لندن کے اسٹورز میں فروخت کی جائے گی۔
2جون 1953 کو برطانیہ کی ملکہ کی حیثیت سے تخت نشین ہونے والی الزبتھ الیگزینڈرا میری 21 اپریل 1926 کو برطانوی بادشاہ جارج چہارم کے گھر پیدا ہوئیں۔
ملکہ برطانیہ برطانوی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی خاتون ہیں۔

نیٹ فلکس کے حصص میں 35 فیصد سے زائد کی کمی

لاہور: (ویب ڈیسک) نیٹ فلکس کے لیے خوفناک سال 2022 اب تباہ کن ہو گیا ہے، صارفین کی کمی کی وجہ سے نیٹ فلکس کے حصص میں 35 فیصد سے زائد کی کمی ہو گئی۔
اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ایک دہائی میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اسٹریمنگ کمپنی کے سبسکرائیبرز میں کمی آئی ہے۔
نیٹ فلیکس کمپنی کے مطابق موجودہ سال کے پہلے تین ماہ میں انہوں نے 2 ملین صارفین کو کھو دیا، جبکہ اب اگلے تین ماہ میں بھی اندازے کے مطابق کمپنی مزید 2 لاکھ صارفین کو کھو سکتی ہے۔
جبکہ نیٹ فلیکس نے توقع کی تھی کہ کمپنی کے صارفین میں اس سال کی پہلی سہ ماہی میں 2.5 ملین صارفین کا اضافہ ہو گا۔
کمپنی اپنے صارفین میں کمی کی وجہ کئی عوامل کو سمجھ رہی ہے، جس میں سخت مقابلے کے ساتھ پاس ورڈ کا وسیع اشتراک بھی شامل ہے۔
سرمایہ کاروں کے نام اپنے خط میں، نیٹ فلیکس نے “میکرو عوامل” پر بھی انگلی اٹھائی جو اس وقت بہت سی کمپنیوں کو متاثر کر رہے ہیں، جیسے کہ سست معاشی نمو، بڑھتی ہوئی مہنگائی، جغرافیائی سیاسی واقعات جیسے کہ روس کا یوکرین پر حملہ اور کورونا بھی شامل ہے۔
یاد رہے کورونا لاک ڈاون میں اسٹریمنگ کمپنی کے صارفین میں ریکارڈ اضافہ ہوا تھا، جبکہ اب اس تیزی سے گرتے شئیرز کی وجہ سے کمپنی کو 50 بلین ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔
کمپنی نے حال ہی میں باوجود اس کے کہ صارفین کی نمو سست ہو رہی ہے ، سبسکرپشن کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، بنیادی ماہانہ پیکیج کے ساتھ اب امریکی صارفین کو 15 ڈالرز ادا کرنے ہوں گے۔
اس نقصان کے نتیجے میں نیٹ فلکس پاس ورڈ شیئرنگ پر کریک ڈاؤن کرنے اور کم لاگت اشتہارات سے تعاون یافتہ سبسکرپشن درجے کو متعارف کرانے پر غور کر رہا ہے۔

پاکستانی ایتھلیٹ طلحہ طالب کی ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کی انکوائری رپورٹ انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کو ارسال

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ایتھلیٹ طلحہ طالب کی ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کی انکوائری رپورٹ انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کو بھجوا دی گئی ہے، پاکستانی ویٹ لفٹر کا تاشقند میں ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے معاملے کی انکوائری رپورٹ انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کو بھیج دی ہے، تین رکنی کمیٹی نے طلحہ طالب کا موقف سننے کے بعد رپورٹ مرتب کی ہے۔
فیڈریشن انتظامیہ کے مطابق ڈوپنگ معاملہ انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے ہاتھ میں ہے، اس نے ہی طلحہٰ طالب کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے، انٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر چار سال کے لیے پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔

شمالی اورجنوبی کورین رہنماؤں کے درمیان خطوط کا تبادلہ، تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی اور جنوبی کورین رہنماؤں کے درمیان خطوط کا تبادلہ ہوا جس میں دونوں لیڈرز نے عوام کی فلاح وبہبود کے پیش نظر مستقبل میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
کبھی ایٹمی جنگ کی دھمکیاں تو کبھی دوستی بھرے خطوط کا تبادلہ، اُن نے اِن کے خط کا جواب دے دیا۔ جنوبی کورین رہنما نے خط میں امن کی مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تو شمالی کورین رہنما نے بھی تعلقات بہتر کرنے پر مون جے اِن کا شکریہ اداکیا۔
کِم جونگ اُن نے مون جے اِن کو جوابی خط میں لکھا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جنوبی کوریا کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، دونوں ممالک نے چند روز قبل ایک دوسرے پر ایٹمی حملے کرنے کا بیان دیا تھا۔

رکی پونٹنگ کی انگلش کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے سے معذرت

لندن: (ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے سے معذرت کر لی، اس سے قبل لیجنڈری سری لنکن کرکٹر مہیلا جے وردھنے نے بھی انگلش ٹیم کی کوچنگ سے انکار کردیا تھا۔
آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کو انگلش ٹیم کا کوچ بنانے کا خواہشمند ہے تاہم رکی پونٹنگ نے انگلینڈ کا کوچ بننے میں عدم دلچسپی کا اظہار کردیا ہے۔
لیجنڈری بلے باز کا کہنا ہے کمنڑی اور لیگ کرکٹ میں مصروفیات کے باعث وہ فی الحال انگلینڈ کی کوچنگ نہیں کر سکتے ۔

زندگی میں جیت ہمیشہ خلوص کی ہوتی ہے: حرا مانی

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ حرا مانی نے کہا ہے کہ زندگی میں جیت ہمیشہ خلوص کی ہوتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حرامانی نے انسٹا گرام پر ننھے بچے کے ساتھ اپنی چند تصاویر شیئر کی ہیں۔ انہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ “زندگی اسی کا نام ہے ، ہم نقلی چیزوں کے پیچھے اپنے آپ کو ہلکان کر رہے ہیں جبکہ سب ختم ہو جاتا ہے لیکن صرف آپ کا خلوص جیت جاتا ہے”۔ انہوں نے مزید لکھا کہ “آج ان بچوں کے چہروں پر خوشی میرے لئے ایوارڈز اور کسی قسم کی حوصلہ افزائی سے بھی بڑی ہے”۔
آخر میں انہوں نے لکھا کہ “دل سے کہہ رہی ہوں اور دل سے آئی ہوں اور دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں ان تمام لوگوں کا جو کہ انڈس ہسپتال کے ساتھ ہیں اور ان بچوں کے ساتھ کام کرتے ہیں”۔

ہندو انتہا پسند تنظیم کا کرناٹک حکومت کو مساجد سے لاوڈ سپیکر ہٹانے کا الٹی میٹم

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ہندو انتہا پسند تنظیم شری رام سینا کے سربراہ پرمود متالک نے کرناٹک حکومت کو 9 مئی تک ریاست بھر کی مساجد سے لاوڈ سپیکر ہٹانے کا الٹی میٹم دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پرمود متالک نے خبردار کیا ہے کہ اگر مساجد سے لاوڈ سپیکر نہ ہٹائے گئے تو ہندوتوا کارکن مختلف مندروں سے مذہبی بھجن گانے شروع کر دیں گے۔ انہوں نے نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ریاستی حکومت مساجد سے لاوڈ سپیکر ہٹانے کے حکم پر عمل سے کیوں ڈر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 9 مئی سے مختلف مندروں اور مٹھوں سے دن میں 5 بار لاوڈ سپیکر پر ہنومان چالیسہ ، اومکارا اور بھجن بجانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے خلاف پولیس کی کارروائی کے بارے میں سوال کے جواب میں پرمود متالک نے کہا کہ ایسا کرنے سے قبل پولیس کو سب سے پہلے مساجد سے لاوڈ سپیکر ہٹانے چاہئیں۔