اکشے کمار نے گٹکے کے اشتہار میں کام کرنے پر معذرت کرلی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار نے شائقین کی تنقید کے بعد گٹکے کے اشتہار میں کام کرنے پر معذرت کرلی۔
اداکار اکشے کمار حال ہی میں اداکار اجے دیوگن اور شاہ رخ خان کے ہمراہ گٹکے کے اشتہار میں نظر آئے تھے جسے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھڑک گئے تھے اور اداکار پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ دوسروں کو نشہ آور اشیا سے دور رہنے کی تلقین کرنے والے اکشے کمار جو خود بھی شراب اور سگریٹ نوشی جیسی چیزوں سے دور رہتے ہیں، اب خود گٹکے کے اشتہار میں کام کررہے ہیں۔
جب تنقید حد سے بڑھ گئی تو اکشے کمار نے سوشل میڈیا پر ایک نوٹ شیئر کیا جس میں انہوں نے گٹکے کے اشتہار میں کام کرنے پر معافی مانگی ہے۔
اکشے کمار نے لکھا ’’میں اپنے مداحوں، خیرخواہوں اور آپ تمام لوگوں سے معافی مانگتا ہوں۔ پچھلے کچھ دنوں میں آپ لوگوں کی جانب سے ملنے والے ردعمل نے مجھے بے حد متاثر کیا۔ اگرچہ میں تمباکو کی توثیق نہیں کرتا اور نا ہی کروں گا۔ میں ویمل الائچی کے ساتھ اپنی وابستگی کی روشنی میں آپ کے جذبات کے اظہار کا احترام کرتا ہوں۔
اکشے کمار نے گٹکے کے اشتہار میں کام کرنے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا پوری عاجزی کے ساتھ میں پیچھے ہٹتا ہوں۔ اور اس اشتہار میں کام کے لیے ملنے والی پوری فیس کو میں نے ایک اچھے مقصد کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برانڈ اس معاہدے کی قانونی مدت تک اشتہارات نشر کرنا جاری رکھ سکتا ہے، لیکن میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں مستقبل میں اشتہارات کے انتخاب میں انتہائی محتاط رہوں گا۔ بدلے میں ہمیشہ آپ کی محبت اور نیک تمناؤں کا طلبگار رہوں گا۔ اکشے کمار‘‘۔
واضح رہے کہ اکشے کمار نے 2018 میں کہا تھا کہ مجھے گٹکا کمپنیز سے متعدد مرتبہ بھاری معاوضے کے عوض اشتہارات میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی مگر میں غلط کام نہیں کروں گا۔

کرکٹر عابد علی نے لوکل ٹورنامنٹ میں میچز کھیلنا شروع کر دیے

لاہور:(ویب ڈیسک) ٹیسٹ کرکٹر عابد علی نے صحتیاب ہونے کے بعد لوکل ٹورنامنٹ میں میچز کھیلنا شروع کر دیے ہیں۔
دل کی بیماری سے نجات پانے کے بعد عابد علی نے فیصل آباد میں جاری ایس پی ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلا، اوپنر نے 33 گیندوں پر ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
عابد علی کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے دوران کسی قسم کی تکلیف محسوس نہیں کی، ہارٹ سرجری کے بعد پہلا میچ کھیلتے ہوئے تھوڑا نروس ضرور تھا لیکن خدا کا شکر ہے کہ تمام وقت بہت اچھے طریقے سے گزرا۔
انہوں نے کہا کہ اس اننگز سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، مزید میچز میں حصہ لے کر اپنی فارم اور فٹنس کے لیے کوشاں رہوں گا، ٹارگٹ ایک بار پھر پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔
عابد علی کا کہنا تھا کہ اہل خانہ کے ساتھ فینز کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مشکل وقت میں ہمت بندھائی اور سپورٹ کیا۔

پاکستان بیس بال ٹیم کو امریکی کوچ مل گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان بیس بال ٹیم کو امریکی کوچ رینڈلر آرمز مل گئے جو اگلے ماہ پاکستان آئیں گے۔
بیس بال فیڈریشن کے صدر سید فخر علی شاہ نے امریکی کوچ کے ساتھ معاملات طے پا جانے کی تصدیق کر دی ہے۔
سید فخر علی شاہ کا کہنا تھا کہ رینڈل آرمز امریکا میں ورلڈ بیس بال کلاسیک میں ٹیم کے ساتھ کام کر چکے ہیں، وہ ایشین گیمز کے لیے لگائے جانے والے کیمپ میں کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے۔
صدر بیس بال فیڈریشن نے بتایا کہ ایشین گیمز کے لیے مئی کے دوسرے ہفتے سے کیمپ لگانے کے حوالے سے پی ایس بی سے بات چیت جاری ہے۔ فی الحال، امریکی کوچ ایک ماہ کے لیے پاکستان آئیں گے۔

فی تولہ سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں سونے کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، قیمت 9 ڈالر کمی کے بعد ایک ہزار 945 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔
دوسری طرف ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور،کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 350 روپے بڑھ گئی اور نئی قیمت ایک لاکھ 33 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قدر 300 روپے اضافے سے ایک لاکھ 14 ہزار 455 روپے ہو گئی ہے۔

مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست دوبارہ سماعت کیلئے مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی عمرے کی ادائیگی کے لیے پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کرلی، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی پر مشتمل دو رکنی بینچ 25 اپریل کو سماعت کرے گا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز رضوی کی سربراہی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی، سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون پیش ہوئے اور بتایا کہ مریم نواز عمرے کی ادائیگی کے لیے 27 اپریل کو سعودی عرب جانا چاہتی ہیں لیکن انکا پاسپورٹ عدالتی حکم پر لاہور ہائیکورٹ کی تحویل میں ہے، انہیں پاسپورٹ واپس کیا جائے۔
بینچ کے سربراہ جسٹس شہباز رضوی نے باور کروایا کہ مناسب ہے کہ مریم نواز کی درخواست پر وہی بینچ سماعت کرے جس نے مریم نواز کی ضمانت منظور کی، جسٹس شہباز رضوی نے کارروائی کرتے ہوئے مریم نواز کی درخواست واپس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کردی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی درخواست جسٹس علی باقر نجفی کو بھجوا دی، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی پر مشتمل دو رکنی بینچ 25 اپریل کو سماعت کرے گا۔
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نومبر 2019 میں مریم نواز کی ضمانت منظور کی تھی اور اپنا پاسپورٹ سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔

افغانستان کے مختلف علاقوں میں 3 دھماکے، 5 افراد جاں بحق، 65 زخمی

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے 3 دھماکوں کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 65 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پہلا دھماکہ افغانستان کے شہر مزارشریف کی مسجد میں ہوا۔ دوسرے واقعے میں افغان صوبے ننگر ہارمیں سڑک کنارے نصب بم پھٹ گیا۔
جلال آباد میں دھماکے کے نتیجے میں 4 سکیورٹی اہلکارجاں بحق اور ایک زخمی ہوا، افغان دارالحکومت کابل میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 2 بچے زخمی ہو گئے۔

آئی ایم ایف نے قرض کی منظوری کے لئے پانچ کڑی شرائط عائد کردیں

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے قرض کی منظوری کے لئے پانچ کڑی شرائط عائد کر دیں۔
آئی ایم ایف سے قرض کی منظوری حکومت کے لئے بڑا چیلنج بن گئی، ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے نے پٹرولیم مصںوعات پر دی گئی سبسڈی کو ختم کرنے، بجلی کی قیمتیں بڑھانے، صنعتوں کی دی گئی ایمنسٹی سکیم ختم کرنے اور ترقیاتی اخراجات میں کٹوتی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
رواں مالی سال پی ایس ڈی پی کی مد میں حکومت نے 900 ارب روپے مختص کیے تھے، نو ماہ میں 455 ارب روپے کی رقم خرچ ہوچکی ہے جبکہ حکومت اب اسے 600 ارب روپے تک محدود رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
حکومت کو چین سے 4 ارب 30 کروڑ ڈالر ریلیف ملنے کی اُمید ہے جس میں “سیف ڈپازٹ” کی مد میں 2 ارب ڈالر اور 2 ارب 30 کروڑ ڈالر رول اوور ہو سکتے ہیں۔

جمہوریہ چیک کی ماڈل ٹیریزا کو بری کرنے کے فیصلے کیخلاف اپیل خارج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جمہوریہ چیک کی ماڈل ٹیریزا کو سپریم کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا، عدالت عظمی نے ہائی کورٹ کی جانب سے ماڈل کو بری کرنے کے فیصلے کے خلاف کسٹم کی اپیل خارج کر دی۔
سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف کسٹم کی اپیل پر سماعت کی، سپریم کورٹ نے ہیروئین سمگلنگ کیس میں کسٹمز کی اپیل ابتدائی سماعت کے بعد خارج کر دی، جسٹس اعجاز الا حسن نے استفسار کیا کہ کیا ہیروئن سیمپل قانون کے مطابق لیب بھیجے گئے تھے؟
وکیل کا کہنا تھا کہ ٹرائل کورٹ نے سیمپلز کی ترسیل درست قرار دی تھی، ٹیریزا نے 23 اپریل کو چیک ری پبلک واپس جانا ہے، عدالت ماڈل ٹیریزا کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈالے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کیس بنتا ہوگا تو ہی نام سٹاپ لسٹ میں شامل کرینگے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا ملزمہ کو بری کرنے کا فیصلہ درست ہے، جمہوریہ چیک کی ماڈل ٹیریزا کو ہیروئن بیرون لے جاتے گرفتار کیا گیا تھا۔

شہباز اور آصف کی کوششیں کامیاب، بی این پی مینگل کابینہ کا حصہ بننے پر رضا مند

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہباز شریف اور آصف زرداری کی کوششیں کامیاب ہو گئیں، بی این پی مینگل کو کابینہ کا حصہ بننے پر رضا مند کر لیا۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے دو اراکین کابینہ کا حصہ ہونگے، مسلم لیگ ق کے چوہدری سالک حسین کو بھی کابینہ میں شامل ہونے کی پیشکش کی گئی ہے، ن لیگ کے جاوید لطیف بھی کابینہ میں شامل ہونگے۔ تقریب حلف برداری بھی آج متوقع ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بی این پی مینگل چاغی واقعہ پر جوڈیشل کمیشن کے مطالبے پر دستبردار ہوگئی ہے،وفد نے وزیراعظم سے ملاقات میں مطالبات تسلیم ہونے پر شمولیت کا فیصلہ کیا۔ آغا حسن بلوچ کو وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنایا جائے گاجبکہ ہاشم نوٹزئی کو وزیرمملکت برائے توانائی بنایا جائے گا۔ چاغی واقعے پرانکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، انکوائری کمیٹی حقائق میں ناکام رہی تو جوڈیشل کمیشن بنایا جائے گا،حکومت اور بی این پی کے مابین اتفاق رائے کے مطابق آئی جی ایف سی کے ماتحت شکایت سیل قائم کیا جائے گا۔

علی ظفر ہتک عزت کیس: ہمنا رضا اور فریحہ ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری

 لاہور: ضلع کچہری کی عدالت نے علی ظفر کے ہتک عزت کیس میں ہمنا رضا اور فریحہ ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے خلاف کیس پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے کیس پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں مقدمے میں ملوث ہمنا رضا اور فریحہ ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔

عدالت نے مقدمے میں ملوث اداکار علی گل پیر اور عفت عمر کی ایک روزہ حاضری سے معافی کی منظوری بھی دی۔

عدالت نے گلوکارہ میشا شفیع اور ماہم جاوید کو اگلی تاریخ پر ہر صورت عدالت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 17 مئی تک ملتوی کردی۔