ملائیشیا میں حراستی مرکز سے 500 سے زائد روہنگیا تارکین وطن فرار، 6 ہلاک

کوالا لمپور: (ویب ڈیسک) ملائیشیا کے حراستی مرکز کو توڑ کر فرار ہونے کی کوشش میں 6 روہنگیا تارکین وطن جان کی بازی ہار گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار کی فوج کے ظلم و ستم سے بچنے کے لیے مہینوں کا بحری سفر طے کرتے ہوئے ملائیشیا پہنچنے والے تارکین وطن کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
ہزار کے لگ بھگ تارکین وطن کو ملائیشیا کے دور درزا علاقے کے ایک حراستی مرکز میں رکھا گیا تھا۔ حراستی کیمپ میں سیکیورٹی فورس سے تصادم کے دوران 528 افراد فرار ہوگئے۔
پولیس نے فرار ہونے والے روہنگیا تارکین وطن کا تعاقب کیا جس کے دوران 6 افراد کی لاشیں ہائی وے سے ملیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

مودی سرکار نے نئی دہلی میں مسلمانوں کے گھراوردکانیں مسمار کردیں

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) مودی سرکار نے مسلمان دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف مسلمانوں کے گھر اور مسجد کے قریب بنی دکانیں گرا دیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقامی انتظامیہ نے چالیس قبل تعمیر کئے گئے مسلمانوں کے گھروں اورمسجد کے گیٹ اور قریب بنی دکانوں کوتجاوزات قراردیتے ہوئے ان پربلڈوزر چلا دئیے۔ بھارتی سپریم کورٹ نے گھروں اوردکانوں کومسمار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔مسلمانوں کے گھروں اوردکانوں کو مقامی ہندوانتہاپسند رہنماؤں کے حکم پرگرایا جا رہا ہے۔مسلمانوں کو گھروں اوردکانوں سے سامان نکالنے کا بھی موقع نہیں دیا گیا۔
چند روز قبل بھی نئی دہلی میں ہندوؤں کے مذہبی جلوس میں شریک انتہاپسند ہندوؤں نے مسلمانوں کے علاقوں میں لوٹ مارکی تھی اورمسلمانوں کوتشدد کا نشانہ بنایا تھا۔پولیس نے ہندوحملہ آوروں کوگرفتارکرنے کے بجائے درجنوں مسلمانوں کوگرفتارکیا تھا جواب بھی جیل میں ہیں۔

سونے کی قیمت میں 150 روپے کی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 22 کی کمی سے 1954 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی بدھ کو بھی سونے کی فی تولہ اور دس گرام کی قیمتوں میں بالترتیب 150 روپے اور 128 روپے کی کمی واقع ہوئی۔
جس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 133,150 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 114155 روپے کی سطح پر آگئی۔
تاہم اسکے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1520 روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1303.15 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ؛ شاہین اور بمرا کے درمیان کانٹے کا مقابلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شاہین شاہ آفریدی اور جسپریت بمرا کے درمیان کانٹے کا مقابلہ جاری ہے۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بولرز بھی وکٹوں کی دوڑ میں ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کیلیے کوشاں ہیں، اب تک پاکستانی اسپیڈ اسٹار شاہین شاہ آفریدی اور بھارتی بولر جسپریت بمرا کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے، بمرا نیتاحال رواں دورانیے میں 40 وکٹیں حاصل کی ہیں وہ فی الحال ٹاپ پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی بھی ان سے زیادہ پیچھینہیں ہیں، انھوں نے 37 وکٹیں حاصل کی ہیں، نئے سیزن میں دونوں بولرز کے درمیان وکٹوں کی جنگ مزید شدت اختیار کرسکتی ہے، آسٹریلیا کے کپتان اور ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں ٹاپ پرموجود پیٹ کمنز کا اس فہرست میں تیسرا نمبر ہے،انھوں نے اب تک 33کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،انگلینڈ کے اولی روبنسن نے ٹیسٹ چیمپئن شپ میں تاحال 32 وکٹیں لی ہیں۔
جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا اور بھارتی محمد شمی نے 30، 30 بیٹرز کو پویلین بھیجا، دونوں بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں, ٹاپ 6 پوزیشنز پر فاسٹ بولرز کی حکمرانی ہے، بھارت کے اسپنر روی چندرن ایشون ساتویں نمبر پر موجود ہیں، انھوں نے 29 وکٹیں لیں، جنوبی افریقہ کے نوجوان بولر میلان جانسین نے 28 کھلاڑیوںں کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلوی اسپنر ناتھن لائن کے بھی اب تک 28 شکار ہیں تاہم ان کا نواں نمبر ہے,،دسویں نمبر پر آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک 27 شکار کے ساتھ موجود ہیں۔

مایا علی نے عثمان خالد بٹ کیساتھ شادی اور دو بچوں پر خاموشی توڑ دی

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ مایا علی نے اپنے ساتھی اداکار عثمان خالد بٹ کے ساتھ شادی اور دو بچوں کی خبروں پر وضاحت دی ہے۔
اداکارہ مایا علی عثمان خالد بٹ کے ہمراہ ندا یاسر کے شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی شادی کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں پر کھل کر بات کی۔
مایا علی نے بتایا کہ ان کی عثمان خالد بٹ کے ساتھ شادی کی خبریں ابھی سے نہیں بلکہ کئی برس پہلے جب ان دونوں کا ڈراما ’’عون زرا‘‘ نشر ہوا تھا اس وقت سے میڈیا میں گردش کررہی ہیں۔
مایا علی نے ایک دلچسپ واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب ان دونوں کے ڈرامے ’’عون زارا‘‘ کا پوسٹر جاری ہوا تھا تو ان کی والدہ کو لگاتھا کہ ہم نے سچ میں شادی کرلی ہے اور انہوں نے فون کرکے مجھے خوب ڈانٹا تھا۔
اداکار عثمان خالد بٹ نے مایا کی بات میں اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ سرچ انجن گوگل اور وکی پیڈیا پر ہمارے بارے میں نا صرف یہ لکھا ہوا ہے کہ ہم دونوں شادی شدہ ہیں بلکہ یہ بھی لکھا ہوا ہے کہ ہمارے دو بچے بھی ہیں۔
مایا علی اور عثمان خالد بٹ نے اپنی شادی اور بچوں کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں بہت اچھے دوست ہیں، میاں بیوی نہیں اور نا ہی ہمارے بچے ہیں۔

امریکی شہری نے ’موٹی زبان‘ کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی شہری نے دنیا کی سب سے زیادہ موٹی زبان ہونے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کروانے کےلیے لوگ منفرد اور خطرناک امور کی انجام دہی سے بھی نہیں کتراتے مگر کچھ ایسے افراد بھی ہوتے ہیں جو اپنے جسم کی قدرتی ساخت کی بدولت عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیتے ہیں۔
ایسے ہی ایک امریکی نوجوان سے ملوارہے ہیں جو اپنی موٹی زبان کی بدولت عالمی شہرت کے حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
ڈانتے برنیس کی زبان کی موٹائی 48 انچ ہے جس کی باعث ان کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برنیس کی زبان پنگ پونگ بال جتنی موٹی ہے جو انتہائی حیرت انگیز بات ہے۔
امریکی نوجوان کا کہنا ہے کہ ویڈیوز دیکھ کر میں نے اپنی زبان کا حجم ناپنے کا فیصلہ اور ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا شیئر کرنا شروع کیں تو یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ میری ہر ویڈیو کو 2 کروڑ سے زائد لوگ دیکھ رہے تھے جب کہ ایک ویڈیو کو 6 کروڑ 30 لاکھ سے زائد صارفین نے دیکھا۔
برنیس کا کہنا ہے کہ میری زبان میرے لیے فخر کا باعث ہے اور اپنی زبان کو بطور تحفہ دیکھتا ہوں۔

واٹس ایپ کے نئے فیچر ’کمیونٹیز‘ کا اعلان

سلیکان ویلی: (ویب ڈیسک) میٹا کمپنی کے بانی مارک زکربرگ نے اپنی ایک نئی فیس بُک پوسٹ میں واٹس ایپ میں نئے فیچر ’کمیونٹیز‘ کا اعلان کیا ہے جو اس سال کے اختتام تک عام صارفین کےلیے دستیاب ہوگا۔
زکربرگ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یکساں نوعیت کے مختلف واٹس ایپ گروپس کو ایک ہی کمیونٹی میں رکھتے ہوئے بامقصد اور مفید رابطوں کو بہتر بنایا جائے گا۔
مثلاً ایک ’’اسکول کمیونٹی‘‘ کے تحت وہ تمام گروپس اور افراد اکٹھے کیے جاسکتے ہیں جن کا تعلق کسی خاص اسکول کی مختلف جماعتوں اور شعبوں سے ہو۔
اس کمیونٹی کے ذریعے عمومی نوعیت کے اعلانات بھی کیے جاسکتے ہیں اور اسکول کے مختلف شعبوں کو ایک دوسرے سے مربوط بھی کیا جاسکتا ہے۔
اسی طرز پر محلہ کمیٹی یا دفتری امور سے متعلق کمیونٹیز بھی تخلیق کی جاسکتی ہیں اور کام میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔
واٹس ایپ نے بھی اپنی ایک ٹویٹ میں کمیونٹیز فیچر کا اعلان کرتے ہوئے ایک مختصر ویڈیو بھی شیئر کروائی ہے
خبروں کے مطابق، میٹا (سابقہ فیس بُک) میں واٹس ایپ کمیونٹی فیچر پر پچھلے کئی سال سے کام ہورہا تھا لیکن بعض دشواریوں کی وجہ سے یہ فیچر پیش کرنے میں خاصا وقت لگ گیا۔

پہلی مرتبہ سانس سے کووڈ شناخت کرنے والا آلہ امریکہ میں منظور

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے پہلی مرتبہ ایک ایسے نظام کی منظوری دی ہے جو سانس کے ذریعے صرف تین منٹ میں ٹیسٹ کرکے بتاسکتا ہے کہ مریض کورونا وبا کا شکار ہے یا نہیں۔ یہ آلہ 90 فیصد درست نتائج دیتا ہے۔
انسپیکٹ آئی آر نامی کمپنی نے اسے بنایا ہے جو گیس کروماٹوگرافی اور ماس اسپیکٹرومیٹری استعمال کرتے ہوئے سانس کا تجزیہ کرگا ہے۔ اسی لیے یہ مخصوص وائرس کی بجائے نامیاتی طیران پذیر مرکبات (وی او سی) سے بننےوالے پیٹرن کو تلاش کرتا ہے جو سارس کوو ٹو وائرس کی موجودگی میں خارج ہوتے ہیں۔ مجموعی طور پر یہ پانچ وی او سی کی شناخت کرتا ہے جو عموماً کووڈ مریضوں کی سانس میں موجود ہوسکتے ہیں۔
ایف ڈی اے کے مطابق اسے خاص مواقع اور ہنگامی حالات میں ہی استعمال کیا جاسکتا ہے جس پر 2500 سے زائد افراد کو آزمایا گیا ہے۔ معلوم ہوا کہ یہ 91 فیصد درستگی سے کووڈ کے مریض بھانپ لیتا ہے۔ اس موقع پر ایف ڈی اے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کا ادارہ جدید ایجادات کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا تاکہ جدید طبی چیلنجز سے نبرد آزما ہوا جاسکے۔
یہی وجہ ہے کہ ادارے نے اسے طبی ٹیکنالوجی میں ایک سنگِ میل قراردیا ہے۔
انسپیکٹ آئی آر کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ انجینئروں نےایک بہت بڑے اور بھاری بھرکم گیس کروماٹوگراف اور ماس اسپیکٹرومیٹر کو ایک چھوٹے ڈبے تک محدو کردیا ہے۔ لیکن ایک ماہر شخص ہی اسے ڈاکٹروں کی نگرانی میں چلاسکتا ہے۔ اب تک اس کی قیمت معلوم نہیں ہوسکی۔

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت قانون و انصاف میں ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی پی) کے پہلے ہی اجلاس میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا۔
کابینہ کی ای سی ایل کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ہوا جس میں مفتاح اسماعیل کا نام ون ٹائم کے لیے ای سی ایل سے خارج کر دیا گیا۔ مذکورہ فیصلے کے بعد مفتاح اسماعیل کو بیرون ملک جانے کی اجازت ہو گی۔
اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں نیب کی جانب سے ڈالنے گئے سیاسی افراد بشمول وفاقی وزرا کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر غور اور مشاورت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کمیٹی ای سی ایل میں شامل ناموں اور طریقہ کار کا جائزہ لے رہی ہے کہ اہم سیاسی شخصیات کے نام ای سی ایل میں کیسے ڈالے گئے جس کے بعد کمیٹی سفارشات تیار کر رہی ہے۔
کمیٹی وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات کے نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے اسباب کا بھی جائزہ لے رہی ہے جس کے بعد کمیٹی اپنی سفارشات وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کرے گی۔
اجلاس میں وفاقی وزرا سردار ایاز صادق، نوید قمر، مولانا اسد محمود شریک سمیت دیگر نے شرکت کی۔

آرٹیکل 63 اے کا مقصد پارٹی سے وفاداری یقینی بنانا، نا اہلی تو معمولی چیز ہے: چیف جسٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے صدارتی ریفرنس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ آرٹیکل تریسٹھ اے کا مقصد پارٹی سے وفاداری کو یقینی بنانا ہے، نااہلی تو معمولی چیز ہے۔
آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے صدارتی ریفرنس پر سماعت ہوئی، اس موقع پر چیف جسٹس سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ آرٹیکل 63 اے کا 1998 سے آج تک صرف ایک کیس آیا ہے، اس کا مطلب ہے کہ پارٹی سربراہ نے اس آرٹیکل کو سنجیدہ نہیں لیا۔
کیس کی سماعت کے دوران جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے کہ حلف کی پاسداری نہ کرنا بے ایمانی ہے، کینسر جسم کے سیل کو تباہ کرنا شروع کر دیتا ہے، پارٹی سے انحراف کو بھی کینسر کہا گیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ 14ویں ترمیم میں آرٹیکل 63 اے کو آئین میں شامل کیا گیا جس میں پارٹی سربراہ کو وسیع اختیارات حاصل تھے، 2002 میں صدارتی آرڈر کے ذریعے 63 اے میں ترمیم کے ذریعے پارٹی ہیڈ کے اختیارات کو کم کردیا گیا، اٹھارہوں ترمیم میں آرٹیکل تریسٹھ اے کے ریفرنس پر فیصلے کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیا گیا، نااہلی کی کتنی معیاد ہو گی وہ آرٹیکل تریسٹھ میں دے دی گئی ہے۔
فاروق ایچ نائیک نے کا کہنا تھا کہ آر ٹیکل 63 اے کے تحت ریفرنس نہ آنے کی وجہ سیاست میں لچک ہے، سختی سے انتشار پھیلتا ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ آرٹیکل 62 ون ایف میں معیاد نہیں تھی جس کی تشریح سپریم کورٹ نے کی، فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ قانون سازوں نے آرٹیکل 63 اے میں منحرف رکن کے لیے نااہلی کا تعین نہیں کیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آرٹیکل تریسٹھ اے میں چار مواقعوں پر وفاداری کو پارٹی پالیسی سے مشروط کر دیا گیا ہے، وفاداری بنیادی آئینی اصول ہے، عدالت نے آئین کو مجموعی طور پر دیکھنا ہے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ نااہلی جیسی بڑی سزا ٹرائل کے بغیر نہیں دی جا سکتی، وکیل فاروق نائیک نے کہا کہ عدالت گھوڑے اور گدھے کو ایک نہیں کرسکتی جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ سیاسی جماعتیں پارلیمانی نظام میں ریڑھ کی ہڈی ہیں، ریڑھ کی ہڈی کو کینسر لگا کر نظام کیسے چلایا جا سکتا ہے۔
وکیل فاروق نائیک کے دلائل مکمل ہونے پر کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔