امریکا میں غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کے الزام میں 2 لاکھ 10 ہزار تارکین گرفتار

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایک ماہ کے دوران غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کے الزام میں دو لاکھ دس ہزار تارکین وطن کو گرفتار کر لیا گیا۔
امریکی حکام نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ رواں برس مارچ کے مہینے میں دو لاکھ دس ہزار افراد کو غیر قانونی طور پر میکسیکو کی سرحد پار کر کے امریکا داخل ہونے کی کوشش کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
یہ تعداد پچھلے بیس برس میں کسی بھی مہینے کی بلند ترین سطح ہے، اس برس مارچ میں گرفتار کیے جانے والے افراد میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے برس مارچ میں یہ تعداد ایک لاکھ 69 ہزار کے قریب تھی۔

روس کے یوکرین پر میزائل حملے، متحارب فوجیوں کو ہتھیار پھینکنے کا الٹی میٹم

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے مشرقی یوکرین میں نئی لڑائی چھیڑ دی، پورے ملک میں میزائل حملے بھی شروع کرتے ہوئے یوکرینی فوجیوں کو ہتھیار پھینکنے کا الٹی میٹم دے دیا، دوسری جانب امریکا نے یوکرین کو دفاعی ہتھیار پہنچانے کا کام تیز کردیا ہے۔
روس اور یوکرین جنگ میں مزید شدت آ گئی، یوکرینی فوجی حکام کے مطابق خارکیف میں روسی شیلنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے، ماسکو کی ساری توجہ ماریوپول شہر پر قبضہ جمانے پر مرکوز ہے جبکہ لوہانسک اور ڈونیٹسک پر بھی کنٹرول حاصل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ادھر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ برطانیہ یوکرین کو جہاز شکن میزائل اور میزائل لانچر بکتر بند گاڑیاں فراہم کرنے کے طریقوں پر غور کر رہا ہے، بورس جانسن نے کہا کہ یہ سسٹم برطانوی فوجیوں کی جانب سے لیبیا اورشام میں استعمال کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب امریکا نے یوکرین کو 11ایم آئی ہیلی کاپٹر 18توپیں،300سوئچ بلیڈ ڈرونز اور 500 ٹینک شکن میزائل پہنچا دئیے، واشنگٹن نے کیف کو مزید 80 کروڑ ڈالر مالیت کا اسلحہ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے، اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی امریکا نے یوکرین کو 80 کروڑ ڈالرز کی سکیورٹی امداد بھیجی تھی۔

تحریک انصاف کے 26 منحرف اراکین کا سیاسی مستقبل داؤ پر، نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن کو ارسال

لاہور : اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہیٰ نے تحریک انصاف کے 26 منحرف اراکین کیخلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو ارسال کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہیٰ نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پی ٹی آئی کے 26 منحرف ایم پی ایز کیخلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو ارسال کردیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے موصول ریفرنس اسپیکرنے الیکشن کمیشن بھجوایا، ریفرنس میں آرٹیکل 63 کے مطابق 26 ایم پی ایز کیخلاف نااہلی کی کارروائی کا کہا گیا ہے۔

26 ارکان میں عبد العلیم خان،راجہ صغیراحمد، غلام رسول، سعید اکبر، محمد اجمل، فیصل حیات ،مہراسلم ، خالد محمود، نذیر چوہان، نعمان لنگڑیال ، امین ذوالقرنین، محمد سلمان ،زوار حسین اور نذیر احمد کا نام شامل ہیں۔

اس کے علاوہ فدا حسین ، زہرہ بتول ، عائشہ نواز، محمد طاہر ، ساجدہ یوسف، ہارون اسلم، عظمیٰ کاردار، ملک اسد ، اعجاز مسیح ، سبطین رضا، جاوید اختر اور محسن کھوسہ بھی منحرف ارکان میں شامل ہیں۔

منحرف ارکان کے خلاف اسپیکر کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو موصول ہوگیا ہے۔

خیال رہے تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں 20 منحرف ارکان کے خلاف فلور کراسنگ کا ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پیپلزپارٹی کے مطالبات، نوازشریف سے ملاقات، بلاول بھٹو لندن روانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سیاست کا مرکز پاکستان سے لندن منتقل، پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو سابق وزیراعظم نوازشریف سے اہم ملاقات کےلیے برطانیہ روانہ ہوگئے۔
بلاول بھٹو نجی پرواز بی اے 261 سے روانہ ہوئے۔ ذرائع کے مطابق لندن میں نواز شریف سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی اہم ملاقات ہوگی۔
نواز شریف سے ملاقات کے لیے پیپلز پارٹی کا وفد بھی آج لندن جائے گا۔ وفد میں خورشید شاہ، نوید قمر، شیری رحمان اور قمر زمان کائرہ شامل ہیں۔
بلاول بھٹوزرداری وفد کے ہمراہ لندن میں نواز شریف سے اہم ملاقات کریں گے۔ جہاں صدر، چیئرمین سینیٹ اور گورنر پنچاب کے عہدوں پر مشاورت ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری نواز شریف سے ملاقات کے بعد واپسی پر اپنی وزارت کا حلف اٹھائیں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیل عام کرنے کا حکم

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیل عام کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کے تحائف کی تفصیلات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت وفاق کی جانب سے ہائی کورٹ میں کیس ملتوی کرنے کا استدعا کی گئی ، ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد محمود کیانی نے کہا کہ نئی حکومت آئی ہے ان سے ہدایت لینی ہے ، عدالت سے استدعا ہے کیس ایک ماہ کیلئےملتوی کیا جائے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ توشہ خانہ کا حساب دینا ہو گا، عوام کی دلچسپی کا کیس ہے، اپیل فائل کرنے سے کیس ختم نہیں ہوگا ، قانون سے بالا تر کوئی نہیں۔

وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ توشہ خانہ گفت فروخت کر دیئے گئے ہیں، جس پر جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہا 20 فیصد ادا کرکے گفٹ فروخت کرنا عجیب ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اٹارنی جنرل مستعفی ہوگئے ہیں ، وقت دیاجائے،جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ دیکھیں پالیسی واضح ہے اس کو کابینہ کے سامنے اٹھایاجائے ، جو کچھ توشہ خانہ سے لیا گیا وہ سب کچھ آئندہ سماعت پر بتانا ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ سیکریٹری کابینہ ڈویژن نےنئی حکومت کیساتھ معاملہ اٹھایا ہے، جس پر جسٹس گل حسن اورنگزیب نے استفسار کی ہم باہر جاتے ہیں تو واپسی پر پوچھا جاتا ہے کیا سیکھا؟ انصاف ہر کسی کے ساتھ ہونا چاہیے،یہ پبلک انٹرسٹ کا کیس ہے بتایا جائے توشہ خانہ سے کیا ملا ؟

عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو کابینہ ڈویژن سے ہدایات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا جو چیزیں گھر لے گئے وہ واپس لیں چاہے 20سال پرانامعاملہ کیوں نہ ہو، ہم اس معاملے کو متنازع نہیں بنا رہے، تحائف صرف وزیر اعظم نہیں سب سے واپس لانا چاہیے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ میں کہا کہ ایک حد تک پیسے دیکر تحفہ رکھ لیناکوئی بات نہیں ، پالیسی بنائیں جو تحفہ آئے گا وہ خزانےمیں جمع ہو۔

جسٹس میاں گل حسن کا کہنا تھا کہ تحائف صرف ملتےنہیں بیرون ملک لوگوں کودیئےبھی جاتےہیں ، بیرون ملک جانیوالےتحائف قومی خزانےسےخریدےجاتے ہیں اور باہرسےآئےسب تحائف بھی نمائش کیلئے رکھے جانے چاہئیں۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ مجھے تازہ ہدایات لینےکیلئے وقت چاہیے، جس پر عدالت نے کہا آپ ہدایات لیں مگرتب تک انفارمیشن کمیشن کےحکم پرعمل کریں، انفارمیشن کمیشن نے کہاتحائف کی معلومات شہری کودیں تودیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیل عام کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ڈپٹی اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کرلی اور کہا آپ بیرون ممالک جائیں توپاکستانی تحائف میوزیم میں لگےنظرآئیں گے۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتوں تک کے لئے ملتوی کردی۔

‘ملک کو چلانا اس امپورٹڈ حکومت کے بس کی بات نہیں’

سابق وفاقی وزیر و پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ صرف 4 ہفتےمیں زرمبادلہ ذخائر میں 5 ارب ڈالر کم ہوگئے، ملک چلانا اس امپورٹڈ حکومت کےبس کی بات نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سنا ہے مشیر خزانہ نے معیشت سےمتعلق شکوہ کیا ہے، مفتاح اسماعیل کی ابھی سے کانپیں ٹانگنا شروع ہوگئی ہیں۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ ن لیگ کے دور میں ذخائر میں تیزی سے کمی آرہی ہے، زرمبادلہ ذخائر کا تقریباً ایک چوتھائی صرف 4 ہفتےمیں چلا گیا، ہم نے تنکا تنکاجوڑ کرکام کیا، انھوں نے 4 ہفتے میں ہی ذخائر کم کردیے مصنوعی حکومت جتنی دیررہے گی اتنا ہی معاشی بحران شدید ہوگا۔

پی ٹی آئی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت میں صبح شام اتحادی اٹھتے ہیں اور کہتے ہیں یہ نامنظور وہ نامنظور۔

فٹنس کے بعد یاسرشاہ کی آئندہ ٹیسٹ سیریز پر نظریں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز لیگ سپنر یاسرشاہ نے فٹنس حاصل کرنے کے بعد آئندہ ٹیسٹ سیریز پر نظریں جما لیں۔
ایک بیان میں یاسر شاہ نے کہا کہ میں پچھلے 3 ماہ سے فٹ نہیں تھا پاکستان کپ میں پرفارمنس واپس آگئی ہے پچھلے 3 ماہ میں اپنی فٹنس پر کام کیا ہے۔ یاسرشاہ نے کہا کہ آئندہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا، انٹرنیشنل ٹیموں کا دورہ پاکستان نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہترین موقع ہے۔
پاک بھارت سیریز سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ ہونی چاہیے، ماضی میں 3 ملکی سیریز سے عوام کافی محظوظ ہوتے تھے۔ واضح رہے کہ یکم اپریل کو کپتان یاسر شاہ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 8 وکٹوں سے ہراکر پاکستان کپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیل بتانے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیل عام کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ ایک حد تک پیسے دے کر تحفہ رکھ لینا کوئی بات نہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے تحائف کی معلومات پبلک کرنے کے کیس کی سماعت کی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک پالیسی بنائیں کہ جو بھی تحفہ آئے گا وہ خزانے میں جمع ہو گا، تحائف صرف ملتے ہی نہیں، واپس بیرون ملک لوگوں کو دیئے بھی جاتے ہیں، بیرون ملک جو تحائف جاتے ہیں وہ قومی خزانے سے خریدے جاتے ہیں۔
جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ باہر سے آئے سب تحائف بھی نمائش کیلئے رکھے جانے چاہئیں۔ جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے تازہ ہدایات لینے کیلئے وقت چائیے۔ عدالت نے کہا کہ آپ ہدایات لیں لیکن تب تک انفارمیشن کمیشن کے حکم پر عمل کریں، انفارمیشن کمیشن نے کہا تحائف کی معلومات شہری کو دیں تو دے دیں۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس، معاشی صورتحال پر بریفنگ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس جاری ہے، جس میں کابینہ کو معاشی صورتحال، توانائی اور امن و عامہ کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا ہی میری حکومت کا بنیادی مقصد ہے، رمضان المبارک کے بعد بھی عوام کو اشیائے خورونوش سستی ملنی چاہئیں۔

کئی اہم وفاقی وزرا کو قلمدان نہ مل سکے، ایاز صادق کو بھی کوئی محکمہ نہ ملا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) 31 رکنی وفاقی کابینہ میں اب بھی کئی وزارتیں خالی جبکہ چار وفاقی وزیر تاحال قلمدان ملنے کے منتظر ہیں۔
ذرائع کے مطابق کئی اہم وزارتوں پر وزیروں کی تعیناتی، قلمدانوں کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا۔ ان وزارتوں میں توانائی، بین الصوبائی رابطہ، اقتصادی امور، پارلیمانی امور اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارتیں شامل ہیں جبکہ دوسری طرف گزشتہ روز حلف اٹھانے والے وفاقی وزراء میں ایاز صادق، خرم دستگیر، مرتضی جاوید عباسی، ریاض پیرزادہ اور وزیر مملکت عبدالرحمان کانجو کو تاحال کسی وزارت کا قلمدان نہیں دیا گیا ہے۔