جے یو آئی ف نے وزرا کے محکموں کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف نے اپنی جماعت کے وزرا کو ملنے والے محکموں کا اعلان کر دیا۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے مطابق مفتی عبدالشکور کو وفاقی وزیر مذہبی امور اور مفتی اسعد محمود کو وفاقی وزیر مواصلات کا عہدہ دیا گیا ہے۔
جے یو آئی ف کے مولانا عبدالواسع کو وزیر ہاؤسنگ کا عہدہ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ نے آج حلف اٹھا لیا ہے۔ وفاقی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ چیئرمین سینیٹ اور قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے وفاقی کابینہ سے حلف لیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے طبیعت ناساز ہونے کے باعث حلف لینے سے انکار کر دیا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ میں 31 وفاقی وزرا اور 3 وزرائے مملکت شامل ہیں۔ تین مشیر بھی وفاقی کابینہ کا حصہ ہیں۔

کابل میں 3 دھماکے، 6 افراد ہلاک اور 11 زخمی

کابل : (ویب ڈیسک) افغان دارالحکومت کابل میں 3 دھماکوں میں 6 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق پہلا دھماکہ ٹریننگ سینٹر کے باہر ہوا۔ دوسرا دھماکہ اسکول کے قریب ہوا جب طلبا اسکول سے باہر آرہے تھے، عینی شاہدین کے مطابق گرنیڈ حملے میں 5 افراد زخمی ہوئے۔ افغان میڈیا کے مطابق ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

کورونا وائرس سے مزید85 افراد متاثر،کوئی ہلاکت نہیں ہوئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 85 افراد کورونا کا شکا رہو گئے تاہم کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
این آئی ایچ کے مطابق کورونامریضوں کی تعداد 15 لاکھ 27 ہزار 411 ہوگئی ہے جبکہ ایکٹوکیسزکی تعداد 3340 ہے۔ملک بھرمیں کوروناسےجاں بحق افرادکی تعداد 30 ہزار 364 ہوگئی ہے۔ 24 گھنٹےمیں کوروناکے 45 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد شفا پانے والے افرادکی مجموعی تعداد 14 لاکھ 93 ہزار 707 ہوگئی ہے۔
گذشتہ24 گھنٹےکےدوران 18 ہزار 563 کوروناٹیسٹ کیےگئے،تاحال ملک بھرمیں 2 کروڑ 79 لاکھ 44 ہزار 584 کوروناٹیسٹ کیےجاچکے ہیں۔ وائرس سےمتاثر 209 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں 5 لاکھ 5 ہزار 720کیسز،سندھ میں 5 لاکھ 76 ہزار 618 ،خیبرپختونخوا 2 لاکھ 19 ہزار 389 اور بلوچستان میں 35 ہزار483 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں ایک لاکھ 35 ہزار 159،گلگت بلتستان میں 11 ہزار 736 کیسز، آزادکشمیرمیں کورونامریضوں کی تعداد 43 ہزار 306 ہوگئی ہے۔

مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ، احسن اقبال کو منصوبہ بندی کی وزارت مل گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہباز حکومت کی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ، احسن اقبال کو منصوبہ بندی کا قلم دان سونپا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ رانا ثنااللہ کو وزارت داخلہ سونپی گئی ہے، شاہ زین بگٹی نے وفاقی وزیر انسداد منشیات کا قلمدان سنبھال لیا ہے۔
قبل ازیں 37 اراکین پر مشتمل وفاقی کابینہ نے آج ایوان صدر میں حلف اٹھایا، صدر مملکت عارف علوی نے حلف لینے سے انکار کر دیا تھا جس کے سبب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بطور قائم مقام کابینہ سے حلف لیا۔ کابینہ میں 31 وفاقی وزرا، 3 وزرائے مملکت اور 3 مشیر شامل ہیں جس میں مسلم لیگ ن کے 13، پیپلزپارٹی کے 9 ارکان شامل ہیں جبکہ جے یو آئی 4، ایم کیوایم کے 2 ارکان کو بھی وفاقی کابینہ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

تحریک انصاف کی مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت ایک ہفتہ کے لیے ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کے معاملہ پر سماعت ایک ہفتہ کے لیے ملتوی کردی، پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور نے الیکشن کمیشن کے نامکمل ہونے کا نکتہ اٹھا دیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی الیکشن کمیشن نے معاملہ پر سماعت کی، اکبر ایس بابر کے معاون وکیل نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اکبر ایس بابر کو کیس سے الگ کرنے کی درخواست خارج کر چکی ہے۔ الیکشن کمیشن کے سامنے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ پڑھ کر سنایا گیا۔
تحریک انصاف کے وکیل انور منصورنے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے جو آبزرویشن دیں وہ بدقسمتی ہے، جن باتوں پر دلائل نہیں دیئے گئے تھے وہ بھی حکمنامہ میں شامل کر دی گئیں، اپنا ایک اعتراض کمیشن کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں، الیکشن کمیشن اس وقت مکمل نہیں ہے، الیکشن کمیشن کے دو ارکان تعینات نہیں ہوسکے۔
اکبر ایس بابر کے وکیل نے کہا کہ یہ اعتراض پہلے بھی اٹھایا گیا تھا لیکن خارج کیا گیا، پی ٹی آئی وکیل انور منصور نے کہا کہ اعتراض کا مقصد سماعت رکوانا نہیں ہے، آئین میں اختیارات الیکشن کمیشن کو ہیں، صرف کمشنر یا ممبرز کو نہیں، آئین میں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعداد متعین ہے، قانون کے مطابق بینچ میں اختلاف ہو تو معاملہ کمیشن میں پیش ہوگا، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق کمیشن کے تمام ارکان کا ہونا لازمی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہائیکورٹ نے 30 دن میں فیصلے کی ہدایت کی ہے اس کا کیا کریں گے۔ کیس کی سماعت ایک ہفتہ کے لیے ملتوی کردی گئی۔

ڈالر 2 روپے 16 پیسے مہنگا، قیمت184روپے 70 پیسے ہو گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 184روپے70پیسے ہوگئی۔
پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔فاریکس ڈیلرزانٹربینک میں ڈالر 2روپے 16پیسے مہنگا ہوگیا۔
انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 184روپے70پیسے ہوگئی۔دو روز میں ڈالر 3 روپے سے زائد مہنگا ہوا۔ گزشتہ روزانٹربینک میں ڈالر ننانوے پیسے مہنگا ہونے کے بعد ایک سو بیاسی روپے چون پیسے پر بند ہوا تھا۔

اٹھارہویں ترمیم کے بعد کوئی آئین شکن اپنی مرضی کا نقب نہیں لگا سکتا،بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد کوئی بھی آئین شکن اپنی مرضی کا نقب نہیں لگا سکتا۔
اٹھارویں ترمیم کو 12 سال مکمل ہونے کے موقع پر بلاول بھٹو نے پیغام دیا کہ صدر آصف علی زرداری کی زیرِ قیادت حکومت کے دوران اٹھارویں ترمیم کی منظوری تاریخ ساز کارنامہ تھا، اٹھارویں آئینی ترمیم پاکستان کے جمہوریت پسند قوتوں کی عوام دوستی اور پاکستان پسندی کا مظہر ہے۔
اٹھارویں آئینی ترمیم نے 1973 کے متفقہ آئین کی روح کو بحال کیا، صدر آصف علی زرداری نے اٹھارویں ترمیم کے تحت صدر کو حاصل تمام ایگزیکٹو اختیارات پارلیمان کو دیے۔
اٹھارویں ترمیم کے نتیجے میں صوبوں کو ان کا حق ملا اور وفاق مضبوط ہوا، اسی ترمیم نے صوبہ خیبرپختونخواہ کو اس کی شناخت دی،جس کے بعد کوئی بھی آئین شکن اپنی مرضی کا نقب نہیں لگا سکتا۔
بلاول نے کہا کہ پاکستان کی عوام دستور کی پاسداری اور جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں، آئین کو کاغذوں کا پلندہ قرار دینے والی سوچ چاہتی ہے کہ پاکستان افراتفری کا شکار رہے، تاکہ اس سوچ کے پیروکار چند افراد ختم نہ ہونے والی افراتفری و انتشار کے دوران اپنے مفادات سمیٹتے رہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پیپلز پارٹی اٹھارویں ترمیم پر مکمل عملدرآمد کے لیئے سرگرم عمل ہے، حتمی فتح عوام ہی کی ہوگی۔

پی ٹی آئی نے نئی حلقہ بندیوں کا شیڈول سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی نئی حلقہ بندیوں کا شیڈول سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا حلقہ بندیوں کا شیڈول آئین اور قانون کے کیخلاف ہے۔نئی مردم شماری ہونے تک نئی حلقہ بندیوں کی کوئی ضرورت نہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیا گیا شیڈول غیر آئینی قرار دیا جائے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ قرار دیا جائے کہ 3 مئی 2018 میں کروائی گئی حلقہ بندیاں درست ہیں۔الیکشن کمیشن اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کو انتخابی عمل یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کوانتخابی عمل میں کسی قسم کی تاخیر سے روکا جائے۔درخواست میں وفاق،الیکشن کمیشن،سیکریٹری الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا۔ ادارہ شماریات،صوبائی چیف سیکریٹریز اور سیکریٹری کابینہ کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے تحریک انصاف کی جانب سے درخواست دائر کی ہے۔

سارے بڑے ڈاکو کابینہ میں شامل ہوگئے ہیں: فواد چودھری

 

پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے نئی کابینہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سارے بڑے ڈاکو کابینہ میں شامل ہوگئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کابینہ میں شامل افراد پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کے نام پڑھیں چوں چوں کا مربہ ہے۔

 

عمران خان کے حق میں اٹھی لہر کو دبانا ممکن نہیں، فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیراطلاعات فوادچودھری کا کہنا ہے کہ عمران خان کے حق میں اٹھی لہر کو دبانا ممکن نہیں، اگر انتخاب میں نہیں جاتے تو پاکستان میں امن عامہ کو قابو میں رکھنا مشکل ہوجائے گا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری نے بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مراسلے سے کبھی کسی نے انکار نہیں کیا، مراسلہ قومی سلامتی کمیٹی، پارلیمانی کمیٹی اور وفاقی کابینہ میں زیرِ بحث آیا، قومی سلامتی کمیٹی میں تو مراسلہ بھی پیش کیا گیا۔
مراسلے کے مطابق امریکی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان سے تعلقات عدمِ اعتماد کی کامیابی پر منحصر ہیں، افغانستان کی جنگ میں پاکستان کو استعمال نہیں ہونا چاہیے تھا۔
دورہ روس پر پاکستان پرغیرمعمولی دباؤ آیا، بین الاقوامی تعلقات میں ممالک کو باہم دھمکیاں نہیں دی جاتیں، شاہ محمود قریشی چین گئے تو پسِ پردہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا، روس کی جانب سے نہایت سخت ردعمل آیا، چین کی سوچ بھی مختلف نہ تھی، جس دن ہم روس میں تھے اسی دن یوکرین پر حملہ ہوا تو معاملات سنگین رخ اختیار کرگئے، ہم دوبارہ کسی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔
عمران خان نے فوج کے بارے میں ابھی تک ایک بھی اشتعال انگیز لفظ ادا نہیں کیا، افواج کی خواہش ہے اسے سیاست سے الگ رکھا جائے، اس کا احترام کیا جانا چاہیے۔
سول و عسکری قیادت میں اختلافات کی خبروں پر فواد چوہدری نے کہا کہ آخری روز تک وزیراعظم کے ساتھ رہا، ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، سول و عسکری قیادت کے مابین تصادم کی کسی بھی خبر میں صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا امریکہ و مغرب سے لڑائی نہیں چاہتے مگر ڈکٹیشن قبول نہیں کی جاسکتی، پاکستان نہیں چاہتا کہ امریکہ و چین کے مابین تصادم کی کیفیت پیدا ہو
عمران خان کیخلاف کچھ ملتا نہیں اس لیے بیہودہ الزام تراشی کا سہارا لیا جاتا ہے، ڈمی وزیراعظم نے عدالت سے چھٹی لیکر وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھایا، یہ سب جماعتیں انتخاب سے بھاگ رہی ہیں، انہیں پکڑ کر انتخاب میں لائیں گے۔
شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ طالبان سے گزارش کی کہ پنجاب پر حملے نہ کریں، اب پاکستان کو دہشتگردی جیسے مسئلے کا اس طرح سے سامنا نہیں۔
ہمارے دور میں پاکستان معاشی طور پر تیزی سے آگے بڑھا ہے، سازش کے ذریعے ملک کو سیاسی ہیجان کی جانب دھکیلا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کے بیان پر کہ بھکاریوں کو حقِ انتخاب حاصل نہیں پر شرمندگی ہوئی، بھکاری بھیک مانگیں، قیادت کا منصب کسی بہتر شخص کیلئے چھوڑ دیں، توانائی میں آزادی و خودکفالت اس خطے کیلئے اہم ہے۔