شاہد خاقان عباسی نے وزارت لینے سے معذرت کرلی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے وزارت لینے سے معذرت کرلی۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے کسی بھی وزارت کا قلمدان لینے سے معذرت کرلی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی بغیر قلمدان توانائی کے امور دیکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق نئی وفاقی کابینہ کی جانب سے کل حلف اٹھانے کا امکان ہے اور پہلے مرحلے میں 10 سے 12 وزرا حلف اٹھائیں گے۔
دوسری جانب رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ کابینہ کا حصہ نہ بننے کا خیال شاہد خاقان عباسی کا اپنا ہوگا لیکن پیٹرولیم کے معاملے میں ان کے تجربے کا فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جب وزیراعظم کہیں گے تو وہ کابینہ کا ضرور حصہ بنیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی سینیئر صحافیوں اور انکے گھروں کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے سینیئر صحافیوں اور ان کے گھروں کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی ہدایت پر ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد احسن یونس سے رابطہ کیا اور کہا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کی کوشش کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ آئین نے شہریوں کے بنیادی حقوق اور اظہار رائے کی ضمانت دی ہے، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں سے کوئی رعایت نہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ صحافی برادری سےمکمل یکجہتی اور آمرانہ رویوں کی مذمت کرتے ہیں۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھاکہ ذاتی طور پر تمام صورتحال کی نگرانی کر رہا ہوں، وزیراعظم کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرائیں گے۔

افغان فاسٹ بولر نوین الحق ٹریننگ کیلئے پشاور پہنچ گئے

پشاور: (ویب ڈیسک) افغانستان کے فاسٹ بولر نوین الحق ٹریننگ کے لیے پشاور پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق افغان فاسٹ بولر نوین الحق پشاور میں شاہین شاہ آفریدی کے جم میں ٹریننگ حاصل کر رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوین الحق پاکستان میں اپنے نئے بولنگ ایکشن پر کام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کے جم میں عموماً قومی کرکٹرز ٹریننگ کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ دائیں ہاتھ کے افغان فاسٹ بولر نوین الحق افغانستان کی جانب سے 7 ایک روزہ اور 13 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں نمائندگی کرچکے ہیں۔

امریکا میں مسلح شخص کی شاپنگ مال میں فائرنگ؛ 12 افراد زخمی

کولمبیا: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست جنوبی کیرولینا کے شہر کولمبیا کے ایک شاپنگ مال میں مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق شاپنگ مال میں فائرنگ کے واقعے کے بعد کولمبیا پولیس نے 3 افراد کو حراست میں لے لیا جن میں سے 2 کو رہا کردیا گیا ہے جب کہ ایک شخص کو جیل منتقل کردیا گیا۔
گرفتار ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے جس کی شناخت 24 سالہ جیوانائے پرائس کے نام سے ہوئی ہے۔ سیاہ فام ملزم کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
کولمبیا پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ دو مسلح گروہ کے آپس میں جھگڑے کے باعث ہوا۔ 12 میں 7 زخمیوں کو گولیاں لگنے کی وجہ سے شدید چوٹیں آئی ہیں۔

پھیپھڑوں کے امراض کی شناخت کے لیے مقناطیسی روبوٹ تیار

لیڈز: (ویب ڈیسک) یونیورسٹی آف لیڈز کے سائنسدانوں نے ایک بہت چھوٹا، نرم اور ریشے (ٹینٹیکلز) والا روبوٹ بنایا ہے جو انسانی جسم بالخصوص پھیپھڑوں کی گہرائی میں اتر کر نمونے جمع کرسکتا ہے اور ادویہ بھی پہنچا سکتا ہے۔
اسے ’بازوؤں والا مقناطیسی روبوٹ‘ بنایا گیا ہے جس نرم سلینڈر نما ساختوں سے بنایا گیا ہے اور سانپ کی مانند مخصوص انداز میں رینگتا ہوا پھیپھڑے کے تنگ اندرونی حصہ تک پہنچتا ہے اور گہرائی تک جاکر اپنا کام کرتا ہے۔
جامعہ لیڈز میں روبوٹکس کے ماہر پروفیسر پائٹرو ویلڈاسٹری کے مطابق اگر یہ عجیب اور پراسرار شے ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ بدن کو کم سے کم نقصان پہنچائے بغیر انسانی جسم کی گہرائی تک اترا جائے اور وہاں بیماریوں اور سرطان کا مطالعہ کیا جائے۔
فی الحال ایک باریک اور لچکدار ٹیوب ’برونکواسکوپ‘ سے پھیپھڑوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ لیکن اپنی جسامت کی بنا پر استعمال محدود ہوتا ہے اور وہ مزید گہرائی تک نہیں پہنچ سکتا کیونکہ آگے چل کر انسانی پھیپھڑوں کی راہ تنگ اور پیچیدہ ہوتی جاتی ہے۔ دوسری جانب مریض کے ناک اور منہ سے برونکواسکوپ پھیھپڑوں میں ڈالی جاتی ہے جس سے خود مریض کو تکلیف ہوتی ہے۔
اسی ضرورت کے تحت مقناطیسی روبوٹ بنایا گیا ہے جو صرف دو ملی میٹر وسیع ہے اور باہر سے مقناطیسی انداز میں کنٹرول کیا جسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پھیپھڑے کی انتہائی گہرائی تک پہنچ جاتا ہے اور وہاں تمام امراض کے لیے ایک نیا انقلابی تشخیصی آلہ ثابت ہوسکتا ہے۔
اس روبوٹ کے بازو کے اندر انتہائی باریک مقناطیس لگائے گئے ہیں جو اسے آگے بڑھنے میں مدد دیتے ہیں۔ مستقبل میں ڈاکٹر باہر موجود ایک ڈسپلے پر روبوٹ کی حرکات نوٹ کرسکیں گے اور پھیپھڑے کی کیفیات معلوم کرسکیں گے۔ تاہم پہلے مرحلے میں اسے جانوروں اور مردہ انسانوں پر آزمایا گیا ہے۔ اگلے مرحلے میں انسانوں پراس کی آزمائش کی جائے گی لیکن اس میں پانچ سے دس برس لگ سکتے ہیں۔

راحت فتح علی خان کی آواز میں حمدیہ کلام’’ یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ ‘‘ ریلیز کردیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ استاد راحت فتح علی خان کی آواز میں حمدیہ کلام“ یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ “ ریلیز کردیا گیا ہے۔
ممتاز صوفی گائیک استاد نصرت فتح علی خان اور استاد فرخ علی خان کی شاندار کمپوزیشن میں آکسفرڈ یونیورسٹی سے موسیقی میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرنے والے سروں کے سلطان استاد راحت فتح علی خان نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مشہور حمدیہ کلام ’’یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ “ ریلیز کردیا ہے۔
یہ کلام ریلیز ہوتے ہی دنیا بھر میں شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ دل کی گہرائیوں میں اترجانے والے کلام میں استاد راحت فتح علی خان کے صاحبزادے شاہ زمان نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
استاد راحت فتح علی خان کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ حمدیہ اور صوفیانہ کلام کی گائیکی ہمیں ورثے میں ملی ہے۔ہمارے خاندان کا صوفیانہ گائیکی سے کئی سو سال پرانا رشتہ ہے۔

شیخ رشید عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید عمرے کی ادائیگی کیلئے کراچی سے سعودی عرب روانہ ہو گئے۔
شیخ رشید احمد جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ کراچی سے اتوار کی شام قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 9731 کے ذریعے جدہ کیلئے روانہ ہوئے۔
شیخ رشیدآج رات ہی عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔
وہ مدینہ بھی جائیں گے جہاں روضہ رسول ﷺ پر حاضری کی سعادت حاصل کریں گے۔

سراج الحق نے توشہ خانہ کا گزشتہ 30 سال کا ریکارڈ پبلک کرنے کا مطالبہ کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے توشہ خانہ سے متعلق گزشتہ 30 سال کا ریکارڈ پبلک کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم جاننا چاہتی ہے مختلف وزرائے اعظم نے تحائف سے کتنا اور کیسے استفادہ حاصل کیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ قوم میں پولرائزیشن خطرناک صورت اختیار کرچکی ہے، سیاسی جماعتیں ہوش کے ناخن لیں جبکہ سیاست میں تشدد جمہوریت کے لیے تباہ کن ہے، وزیراعظم نئے اور پرانے منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائےجلد اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔
سراج الحق نے کہا کہ انتخابات سے قبل الیکشن اصلاحات کے لیے سیاسی جماعتیں آپس میں مذاکرات کریں جبکہ جماعت اسلامی سمجھتی ہے الیکشن کمیشن کا مالی وانتظامی لحاظ سے مستحکم اور خودمختار ہونا بے حد ضروری ہے، عدلیہ، الیکشن کمیشن اورفوج سمیت تمام ادارے اپنی اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔

انگلش ٹیم کی قیادت؛ بین اسٹوکس مضبوط امیدوار بن گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) جو روٹ کی جگہ سنبھالنے کے لیے آل راؤنڈر بین اسٹوکس فیورٹ امیدوار بن گئے جبکہ سابق کپتانوں نے بھی بین اسٹوکس کو انگلش ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے لیے بہترین انتخاب قرار دے دیا۔
مائیکل وان اور ناصر حسین نے کہا کہ آل راؤنڈر بین اسٹوکس ” کرکٹ کا بہترین دماغ” ہیں اور ملکی ٹیم کی باگ ڈور سنبھالنے کے لیے سردست ان سے بہتر کوئی چوائس نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ایشز سیزیز اور دورئہ ویسٹ انڈیز میں ناکامیوں کے بعد جو روٹ نے گذشتہ دنوں انگلش ٹیم کی ٹیسٹ قیادت چھوڑدینے کا اعلان کردیاتھا۔
مائیکل وان نے بین اسٹوکس کے حق میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ان کے علاوہ دیگر کوئی پلیئر اس پوزیشن میں ہوگا جو ٹیم کی قیادت کرپائے، وہ کھیل کی بہت سوجھ بوجھ رکھتے ہیں، انھیں کرکٹ کا اسمارٹ دماغ کہا جاسکتا ہے۔
ادھر 1999 سے 2003 تک انگلش ٹیم کی قیادت کرنے والے سابق کپتان ناصر حسین بھی بین اسٹوکس کو کپتان بنائے جانے کے حامی ہیں، انھوں نے کہا کہ میری نظر میں بین اسٹوکس انگلش ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے لیے واضح امیدوار ہیں، وہ ماضی میں بھی ملکی ٹیم کے لیے کئی بار عمدہ پرفارمنس پیش کرچکے ہیں، وہ انتہائی شاندار کرکٹر ہیں، انھوں نے ورلڈ کپ فائنل میں بھی اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو ٹائی تک پہنچایا تھا۔
ناصر حسین نے مزید کہا کہ جب بین اسٹوکس کو کپتان بنائے جانے کاکہتے ہیں تو بہت سے لوگ اس معاملے میں اینڈریو فلنٹوف اور ای ین بوتھم کی مثال دیتے ہیں، میں انھیں باور کرانا چاہتا ہوں کہ بین اسٹوکس کو ان لوگوں کے تناظر میں نہ جانچیں، اس نے گذشتہ برس کرکٹ سے دوری اختیار کرنے کے باوجود توجہ کا محور کھیل کو ہی بنائے رکھا تھا اور وہ اس معاملے میں زہنی طور پر انتہائی مضبوط ہے.اس کے علاوہ اسٹورٹ براڈ بھی دوسرے اپشن کے طور پر ہیں۔

بابراعظم کی کیریئر بیسٹ اننگز کو ایک اور اعزاز مل گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) بابراعظم کی کیریئر بیسٹ اننگز کو ایک اور اعزاز مل گیا، انہیں آسٹریلیا کے خلاف 196 رنز کو اب تک کی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی بہترین پرفارمنس میں شامل کرلیا گیا۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے رواں دورانیہ کا پہلا سیزن ختم ہونے پر آئی سی سی نے اب تک کی بہترین پرفارمنسز کا انتخاب کیا ہے، اس میں جہاں پاکستانی کپتان بابر اعظم کی ریڈ بال کے ساتھ بالادستی کا تذکرہ کیا گیا ہے وہیں پر نیوزی لینڈ کے قائم مقام کپتان ٹام لیتھم کو بھی کافی سراہا گیا ہے جنھوں نے ڈبل سنچری جڑکر بنگلادیش کے خلاف سیریز برابر کرنے میں اہم کردار ادا کیا، ان کی اس کارکردگی کو اب تک کی بہترین ٹیسٹ چیمپئن شپ پرفارمنس قرار دیا گیا ہے۔
انھوں نے کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں بنگلادیش کے خلاف 373 گیندوں پر 252 رنز بنائے تھے۔ ان کے بعد بابر اعظم کے آسٹریلیا کے خلاف کراچی میں بنائے گئے 196 رنز موجود ہیں، جس کیلیے انھوں نے 425 بالز کا سامنا کیا تھا۔
یہ مجموعی طور پر ٹیسٹ تاریخ میں چوتھی اننگز کے دوران ساتواں بڑا انفرادی اسکور ہے، وہ اس مقابلے کے چوتھے روز لنچ کے بعد وکٹ پر پہنچے تو پاکستان کی 21 رنز کے دوران 2 وکٹیں گرچکی تھیں، انھوں نے ٹیم کو مشکل سے نکالنے کا آپریشن شروع کیا اور صرف 83 بالز پر ففٹی مکمل کی۔
شارٹ فائن لیگ کی جانب سے شاٹ کھیل کر انھوں نے سنچری بنائی، ڈبل سنچری سے وہ صرف 4 رنز کی دوری پر تھے جب انھیں ناتھن لائن کی گیند پر بیٹ پیڈ کیچ قرار دیا گیا، اگرچہ وہ کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری مکمل نہیں کرپائے مگر انھوں نے ٹیم کو شکست کے چنگل سے چھڑاتے ہوئے میچ ڈرا کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔
آسٹریلیا کے ساتھ اسی ہوم سیریز کے راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں اظہر علی نے بھی 361 گیندوں پر 185 رنز بنائے، انھوں نے 535 منٹ کریز پر گزارے تاہم یہ مقابلہ بھی ڈرا ہی ہوا تھا۔
ٹیسٹ چیمپئن شپ کے رواں دورانیہ کے پہلے سیزن کے اختتام پر اب تک کی بہترین پرفارمنسز میں جو روٹ کے بھارت کے خلاف لارڈز میں ناقابل شکست 180 رنز اور بھارت کے رویندرا جڈیجا کے سری لنکا سے موہالی ٹیسٹ میں بنائے گئے ناقابل شکست 175 رنز بھی شامل ہیں۔