صدر آزاد کشمیر نے پیر کی صبح قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) صدر آزاد کشمیر نے کل (بروز پیر) صبح دس بجے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے، قائد ایوان کا انتخاب ایجنڈے میں شامل ہے۔
نئے قائد ایوان کی دوڑ میں تحریک انصاف کے سردار تنویر الیاس اُمیدوار ہیں جبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے چودھری یاسین کے نام پر اتفاق کیا ہے۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں تحریک انصاف کے دو اتحادی جماعتوں کے ممبران سمیت چونتیس اراکین ہیں۔
دوسری جانب اپوزیشن کے پاس اُنیس ووٹ ہیں، جیت کے لئے امیدوار کو کم از کم ستائیس ووٹ درکار ہوں گے۔

تین چینی خلابازوں کی چھ ماہ بعد زمین پر باحفاظت واپسی

بیجنگ: تین چینی خلاباز 183 دن خلا میں رہنے کے بعد ہفتے کے روز زمین پر واپس آ گئے جس سے سب سے بڑی خلائی طاقت بننے کی رہا گامزن چین کے سب سے بڑے عملے کا خلائی مشن اختتام کو پہنچا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق شین زو۔13 نامی خلائی جہاز مریخ پر اتارنے اور چاند پر تحقیقات بھیجنے کے بعد امریکا کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ بیجنگ کی مہم کا تازہ ترین مشن تھا۔

ریاستی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کی لائیو فوٹیج میں دھول کے بادلوں کے ساتھ کیپسول لینڈنگ کرتے دکھایا گیا ہے اور زمینی عملہ جس نے لینڈنگ کی جگہ کو ہیلی کاپٹروں میں کیپسول تک پہنچنے کے لیے دوڑتے ہوئے صاف رکھا تھا۔

دو مرد اور ایک خاتون زہائی زیگینگ، یی گوانگ فو اور وانگ یاپنگ چین کے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے سے کچھ دیر پہلے چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے تیانھے کور ماڈیول پر چھ ماہ کے بعد زمین پر واپس آئے۔

زمینی عملے نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا اور تینوں خلابازوں نے باری باری یہ اطلاع دی کہ وہ اچھی جسمانی حالت میں ہیں۔

مشن کمانڈر زہائی پہلے شخص تھے جو لینڈنگ کے تقریباً 45 منٹ بعد کیپسول سے ہاتھ لہراتے ہوئے نکلے اور کیمروں کی طرف مسکراتے ہوئے دیکھا جس کے بعد زمینی عملے نے ایک خاص طور پر ڈیزائن کی گئی کرسی پر بٹھا کر کاندھوں پر اٹھا لیا۔

زائی نے کیپسول چھوڑنے کے فوراً بعد سی سی ٹی وی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ مجھے اپنے بہادر ملک پر فخر ہے، میں بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔

یہ 22-2021 میں ملک کے پہلے مستقل خلائی اسٹیشن تیانگونگ سے بھیجے گئے چار خلائی مشن میں سے دوسرا مشن تھا اور ان تینوں کو اصل میں گزشتہ سال اکتوبر میں چین کے شمال مغربی صحرا گوبی سے شینزو 13 میں لانچ کیا گیا تھا۔

وینگ یاپنگ گزشتہ نومبر میں خلا میں قدم رکھنے والی پہلی چینی خاتون بن گئیں کیونکہ انہوں نے اور ان کے ساتھی زائی نے 6گھنٹے کے دورانیے میں خلائی اسٹیشن کا سامان نصب کیا۔

55 سالہ ژائی ایک سابق فائٹر پائلٹ ہیں جنہوں نے 2008 میں چین کی پہلی اسپیس واک کی تھی جب کہ یی گوانگ فو پیپلز لبریشن آرمی کے پائلٹ ہیں۔

شہباز گل کا وزیر اعظم پر ٹھیکیدار بدلنے کا الزام

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے وزیر اعظم شہباز شریف پر ٹھیکیدار بدلنے کا الزام عائد کر دیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ شہباز شریف نے ترقیاتی کاموں میں ٹھیکیداروں کو بدلنا شروع کر دیا۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے کمیشن بنانے کے لیے اپنے ٹھیکیدار لانے شروع کر دیئے ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے ان کے پاس وقت کم ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ عمران خان نے تمام منصوبے شفاف طریقے سے چلائے۔

پاکستانی تیراک کا قاتل 3 ماہ بعد گرفتار

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستانی تیراک مصطفیٰ علی کے قتل کا 3 ماہ بعد ڈراپ سین ہوگیا جبکہ قتل میں ملوث سگے چچا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی تیراک مصطفیٰ علی کے اندھے قتل کا معمہ 3 ماہ بعد حل ہو گیا ہے۔
پولیس نے مصطفیٰ علی کے قتل کے الزام میں ان کے سگے چچا کو گرفتار کرلیا ہے جس نے کھلاڑی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو گھر کے باہر پھینک دیا تھا۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جاتلی کے ایس ایچ او اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ماہ قبل قتل ہونے والے پاکستانی تیراک کے قاتل کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق مصطفیٰ علی کا قاتل اس کا سگا چچا خالد محمود ہے جس نے اپنے سگے بھتیجے کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو گھر سے باہر پھینک دیا تھا۔
یاد رہے کہ واقعہ کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ جاتلی میں درج کیا گیا تھا جبکہ راولپنڈی پولیس نے ملزم کو پیشہ وارانہ تفتیش اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ٹریس کر کے گرفتار کیا۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات بحال کرنے کا فیصلہ

لاہور : پاکستان اور  بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف ) کے حکام کے درمیان مذاکرات بحال کرنےکا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کل واشنگٹن میں نئی حکومت کے حکام سے مذاکرات شروع ہوں گے جبکہ اسلام آباد سے اہم حکومتی شخصیات مذاکرات میں ورچوئل حصہ لیں گی۔

ذرائع کا بتانا ہے  مذاکرات  میں آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے کے اعلان کا بھی امکان ہے، مذاکرات کے دوران   آئی ایم ایف پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط دینے کا فیصلہ کرے گا۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات میں آئی ایم ایف کی جانب سے نئی حکومت کے تحفظات پر گفتگو کے علاوہ سبسڈیز، ایمنسٹی اور نئی شرائط پر غور ہوگا۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے مذاکرات میں چھ ماہ کا عرصہ ضائع کیا تھا، موجودہ حکومت کی ترجیحات میں معاشی استحکام سر فہرست ہے۔

سری لنکن شہری قتل کیس، فیصلہ محفوظ، پیر کو سنایا جائے گا

لاہور: (ویب ڈیسک) سیالکوٹ میں سری لنکن شہری قتل کیس کا فیصلے پیر کو سنایا جائے گا۔
سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کو قتل کرنے کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے سری لنکن شہری کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ کل کوٹ لکھپت جیل میں سنانے کا فیصلہ کر لیا۔
قتل کیس میں گواہان کے بیانات قلمبند کرنے اور فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔ سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے فیکٹری مینجر نے بھی اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے قتل کیس میں 89 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی جبکہ ایک ملزم عدنان کو جس نے اعتراف جرم کر لیا تھا سے تین ماہ قبل ایک سال کی قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ عدنان نے واقعے کی ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ کی تھی جس میں ملزمان کے کردار کو درست قرار دیا گیا تھا۔
سری لنکن شہری کو گزشتہ سال دسمبر میں قتل کیا گیا تھا۔

پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی :ذمہ داران کےخلاف کارروائی کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ نے پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی میں شامل اراکین کے خلاف کارروائی کا اعلان کر دیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کی فوٹیج ہم نے حاصل کی ہے۔جو اس میں ملوث ہوگا ان کیخلاف کارروائی ہوگی ۔ہم آئین اور قانون کے مطابق چلنا چاہتے ہیں۔ملک میں تمام فیصلے آئین کے مطابق ہوں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی پنجاب اسمبلی میں اپنے غنڈے لےکر آئے تھے۔پرویز الہٰی نے مجھ پر حملہ کرنے کا الزام لگایا۔یہ کیسا حملہ تھا ، یہ کیسا بازو ٹوٹ گیا تھا جو2منٹ میں جڑ گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ کل پرویز الہٰی اور پی ٹی آئی کا اصل چہرہ عوام نے دیکھ لیا ہے۔یہ اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں ان کو عوام سے غرض نہیں۔ماضی میں ہم نے بھی تو تمام نتائج کو تسلیم کیا تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان پر 2018میں ایک سلیکٹڈ مسلط کیا گیا ۔یہ کہتے ہیں ان کو اقتدار کی خواہش نہیں ہے۔ لیکن سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں قانون کی دھجیاں بکھیر دیں۔تحریک انصاف نے عوام میں بدتمیزی کا کلچر دیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے کہاہے کہ پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی کاموں کی طرف جانا سکھایا گیا۔آپ اپنی مرضی سے عوام پر فیصلے نہیں ٹھونس سکتے۔پنجاب اسمبلی میں بدمعاش بھرتی کیے گئے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما عطاتارڑ نے رانا مشہود کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہونےوالا واقعہ جمہوریت کیلئے سیاہ ترین دن تھا۔
اپنے نمبرگیم مکمل نہ ہونے پر اسمبلی اجلاس بار بار تاخیر کا شکار کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ کل پنجاب اسمبلی میں ہونے والا واقع افسوسناک ہے۔گجرات سے ذاتی گارڈز کو بلوایا گیا۔ڈپٹی اسپیکر پر حملہ کرنے والوں کا تعلق راواپنڈی اور لاہور سے ہے ۔ان لوگوں نے الیکشن روکنے کی کوشش کی۔جب ڈپٹی اسپیکر پر حملہ کیا ہم آگے نہیں گئے۔ہم صبح سے پرامن رہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ 15دن سے صوبہ بغیر وزیراعلیٰ کے ہے۔پرویزالہٰی آپ الیکشن ہار چکے ہیں۔ ان سے درخواست ہے اب بس کر دیں۔پرویز الہٰی نے پنجاب کا وقار خاک میں ملا دیا۔
انکا کہنا ہے کہ آج تقریب حلف برداری 8بجے گورنر ہاؤس میں ہو گی۔اطلاعات ہے گورنر حلف نہیں لینا چاہتے ۔گورنر کو بنانا چاہتے آپ کی آئینی ذمہ داری ہے۔اسمبلی سیکریٹریٹ سے نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے۔گورنر عمر چیمہ سے کہوں گا آئین کے منکر نہ بنیں۔

واٹس ایپ کا دلچسپ فیچر متعارف

باہمی رابطوں کیلئے دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی سہولت کیلئے ایک اور منفرد فیچر متعارف کرایا ہے۔

واٹس ایپ نے سال 2021 میں بیک وقت کئی ڈیوائسز پر واٹس ایپ کو استعمال کرنے کی سہولت جو بیٹا ورژن میں دستیاب تھی اور 4 مختلف ڈیوائسز پر واٹس ایپ تک رسائی انٹرنیٹ سے کنکٹ پرائمری اسمارٹ فون کے بغیر بھی کرسکیں گے۔

اب صارفین موبائل فون کے بغیر بھی واٹس ایپ کو ڈیسک ٹاپ سے استعمال کر سکیں گے۔

اس کے علاوہ اس نئے فیچر کی سب سے اہم خوبی اس کی تیز رفتار اسپیڈ ہے جس کی بدولت صارفین بیک وقت چاروں لنکڈ ڈیوائسز سے اپنا واٹس ایپ تیز اسپیڈ کے ساتھ بغیر روکے استعمال کرسکیں گے، لیکن کچھ فیچرز جیسے ویڈیو اور وائس کالنگ گوگل کروم آئی پیڈ میں استعمال کرنے کی سہولت میسر نہیں ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق یہ تمام لنکڈ ڈیوائسز صارف کے موبائل فون پر ہی انحصار کریں گی اگر صارف کے موبائل میں اگلے 14 دن تک واٹس ایپ استعمال نہیں کی گئی ہوگی تو تمام لنکڈ ڈیوائسز سے واٹس ایپ اکاؤنٹ خود ہی لاگ آؤٹ ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ پہلے کسی دوسری ویب پر اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ لاگ ان کرنے کے لیے صارف کو مستقل اپنے موبائل میں لاگ ان رہنا اور موبائل کا پاور آن رکھنا ضروری تھا۔

روس کا یوکرینی فوج کو ہتھیار ڈالنے کا الٹی میٹم

روسی وزارت دفاع نے یوکرین کی افواج کو اتوار کی صبح 6 بجے تک ہتھیار ڈالنے کا وقت دیا ہے جو ابھی تک ماریوپول میں لڑ رہے ہیں۔

روس کی جانب سے ماریوپول کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کے دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے جو شدید لڑائی کے بعد بدترین انسانی تباہی کا منظر پیش کررہا ہے، یہ پہلا بڑا شہر ہو گا جو 24 فروری کے حملے کے بعد روسی افواج کے قبضے میں آیا۔

ماسکو نے کہا کہ ماریوپول میں لڑنے والے بقیہ جنگجوؤں کو ازوسٹال اسٹیل ورکس پلانٹ میں بند کر دیا گیا ہے جن میں اس کے بقول یوکرینی اور غیر ملکی دونوں شامل ہیں۔

وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ ازوسٹال میٹالرجیکل پلانٹ میں پیدا ہونے والی تباہ کن صورتحال اور خالصتاً انسانی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے روسی مسلح افواج نے 17 اپریل 2022 کو شام 6 بجے (ماسکو کے وقت کے مطابق) سے قوم پرست بٹالین کے عسکریت پسندوں اور غیر ملکی کرائے کے فوجیوں کو لڑائی ختم کرنے اور ہتھیار ڈالنے کے لیے پیش کش کی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جو لوگ اپنے ہتھیار ڈالتے ہیں ان سب کے لیے ضمانت دی جاتی ہے کہ ان کی جان بخش دی جائے گی۔

ہفتے کو روس کی جانب سے تجویز کردہ معاہدے کی شرائط کے تحت ازوسٹال پلانٹ کے باقی ماندہ محافظ ہتھیاروں یا گولہ بارود کے بغیر صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے کے درمیان چلے جائیں گے۔

وزارت دفاع نے کہا کہ ہتھیار ڈالنے کے آغاز کا اشارہ جھنڈے بلند کر کے کیا جائے، روس کی جانب سے سرخ اور یوکرین کی جانب سے سفید جھنڈا ازوسٹال پلانٹ کے اطراف میں لہرایا جائے گا، تاہم اس پیشکش پر کیف کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز کی چودھری پرویز الہی سے ملاقات، خیریت دریافت کی

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے چودھری پرویز الہی سے ملاقات کے دوران ان کی خیریت دریافت کی، انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی کے الیکشن کے دوران ہنگامہ آرائی کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ آج چودھری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پہنچے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے چودھری پرویز الہٰی پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ایوان کا تقدس پامال کرنا قابل مذمت ہے، ‏پارلیمان کا تقدس اور آئین کا تحفظ اسمبلی ممبران کی ذمہ داری ہے‏۔