کسی صورت عمران خان کو نہیں چھوڑوں گا: شیخ رشید

کراچی: (ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 30مئی سے پہلے ان چوروں،ڈاکوؤں کی حکومت کو عمران خان ختم کردیگا۔
کراچی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو قومیں عمران خان جیسا غیرت مند لیڈر پیدا کرتی ہیں اس کے ساتھ انٹر نیشنل طاقتیں قذافی والا سلوک کرتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جو لوگ فوج کو گالیا ں دیتے تھے ، جن پر فرد جرم لگنے جا رہا تھا ،اسی دن اس چور کو وزیراعظم بنا دیا گیا ، آج فوج سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہم تمہارے ساتھ ہیں ، عمران خان کو واپس لانا ہو گا ،اگر واپس نہ لایا گیا تو جیلیں بھر دیں گے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ یہ میری زندگی کا مشکل ترین وقت تھا جب مجھے فیصلہ لینا پڑا ، میں ریٹائر ہونے جا رہا تھا لیکن میں نے کہا کہ اگر اس وقت میں عمران خان کے ساتھ کھڑا نہ ہوا تو میں اصلی اور نسلی نہیں ۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ کراچی کے جوش و جذبے کو سلام ، میں فاطمہ جناح کے کراچی جلسے میں تھا ، آج عمران خان نے فاطمہ جناح کے جلسے کا بھی ریکار توڑ دیا ہے۔

پاکستان میں تاریخ رقم، پہلی بار باپ وزیر اعظم اور بیٹا وزیراعلیٰ کے منصب پر فائز

لاہور: (ویب ڈیسک) حمزہ شہباز شریف کے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوتے ہی پاکستان میں سیاسی تاریخ رقم ہوگئی۔
گزشتہ دنوں ن لیگ کے صدر شہباز شریف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد وزیراعظم پاکستان منتخب ہوئے تھے۔
آج حمزہ شہباز بھی وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ بیک وقت باپ وزیراعظم اور بیٹا وزیراعلیٰ پنجاب کے منصب پر فائز ہوئے ہیں۔
اس سے قبل 1997 میں بیک وقت نواز شریف وزیراعظم اور ان کے بھائی شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب رہ چکے ہیں۔
پاکستان میں ایک ہی خاندان کے افراد کے پاس وزارت عظمیٰ اور وزارت اعلیٰ رہ چکی ہیں۔ پی پی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی صاحبزادی بینظیر بھٹو بھی وزیراعظم رہ چکی ہیں۔
اس کے علاوہ چوہدری شجاعت وزیراعظم جبکہ ان کے کزن پرویز الٰہی ڈپٹی وزیراعظم رہے ہیں اور وہ وزیراعلیٰ پنجاب بھی رہے ہیں۔

شاداب خان نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے عمرہ کی سعادت حاصل کرلی، مکہ معظمہ میں دوستوں کے ہمراہ افطاری کی تصاویر شیئر کر دیں۔
ماہ رمضان المبارک میں سٹار کرکٹر شاداب خان نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی، قومی آل راؤنڈر پچھلے تین چار روز سے عمرہ کی ادائیگی کے دوران سوشل میڈیا پر اِن ایکشن رہے، پرستاروں کے ساتھ شیئر کرتے رہے ۔
ہفتہ کے روز انہوں نے افطاری اکٹھے کی، دوستوں اور مداحوں کے ساتھ افطاری اور تین سال پہلے عمرہ کی سعادت کی بھی تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو گئیں۔

پی ٹی آئی کا جلسہ: لائٹنگ اسٹینڈ گرگیا، متعدد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے میں لائٹنگ اسٹینڈ گرنے سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج کراچی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، باغ جناح گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں مکمل، عمران خان اور دیگر قائدین خطاب کریں گے جبکہ انتظامیہ نے جلسہ رات بارہ بجے تک ختم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
جلسے میں لائٹنگ اسٹینڈ اس وقت گرا جب لوگ کافی تعداد میں اس پر موجود تھے، اسٹینڈ گرنے سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔

کراچی پہنچتے ہی عمران خان کے سر میں درد، گورنر سے دوا مانگ لی

کراچی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے کراچی پہنچتے ہی سر میں درد ہوگیا اور انہوں نے گورنر سندھ سے پیناڈول مانگ لی۔
عمران خان کے چارٹرڈ طیارے نے کراچی ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی، طیارے سے نکلتے ہی انہیں جونہی کراچی ائیرپورٹ کے ٹرمینل ون کے لاؤنج لایا گیا وہاں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔
عمران خان نے گورنر عمران اسماعیل سے ہاتھ ملاتے ہی انہیں بتایا کہ ’میرے سر میں درد ہو رہا ہے، پیناڈول منگوا دیں۔‘
اس پر عمران اسماعیل نے اپنے اسٹاف سے کہہ کر پیناڈول لانے کا کہا۔ عمران خان سے لاؤنج سے باہر آتے ہوئے میڈیا نمائندوں نے بات کرنے کی کوشش کی مگر انہوں نے مثبت ردعمل نہیں دیا۔
ان کے سکیورٹی اسٹاف نے بھی میڈیا نمائندوں کو ان کے قریب پھٹکنے نہیں دیا۔ عمران خان کراچی ائیرپورٹ سے سیدھے گورنر ہاؤس پہنچے جہاں اجلاس کے بعد جلسہ گاہ جانے کا پروگرام ہے۔

گزشتہ حکومت میں کھیلوں کو فروغ نہیں دیاگیا، سعید اجمل

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل نے بھی عمران خان کی حکومت کو کھیلوں کیلئے منفی قرار دے دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں سعید اجمل نے کہا کہ میں نے کبھی سیاست پر بات نہیں کی لیکن گزشتہ حکومت میں کھیلوں کو فروغ نہیں دیاگیا، خواہش ہے کہ آئندہ اولمپکس میں 26 پاکستان کی ٹیمیں جائیں، وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ ہے کہ کھیلوں کو فروغ دیں۔
سعید اجمل نے کہا کہ ایسا نہیں کہہ سکتے کہ رمیز راجہ نے کچھ نہیں کیا، رمیز راجہ کی سوچ اچھا کام کرنے کی ہے اور وہ کر بھی اچھا کام رہے ہیں، اگر رمیز راجہ اچھا کام کر رہے ہیں تو انہیں کرتے رہنا چاہیے، چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر سیاسی مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیل گھروں کے اندر چلے گئےہیں، پاکستان کو اپنی اسٹرینتھ دیکھ کر پچ بنانی چاہیے، جنوبی افریقا میں آپ امید نہیں کرسکتے کہ اسپنرز کیلئے سازگار پچز بنائی جائیں گی۔

الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنرکیلئے فول پروف سکیورٹی مانگ لی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنرکی فول پروف سکیورٹی کے لیے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے خط میں کہا گیا ہےکہ موجودہ صورت حال کے پیش نظر چیف الیکشن کمشنرکو فول پروف سکیورٹی دی جائے۔
خط میں کہا گیا ہےکہ چیف الیکشن کمشنرکی رہائش گاہ اور اسلام آباد سے باہر دوران سفرسکیورٹی یقینی بنائی جائے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق گزشتہ دنوں سےچیف الیکشن کمشنرکے اطراف مشکوک اشخاص کو دیکھا گیا ہے۔

عثمان بزدار پنجاب اسمبلی میں پرویز الہٰی پر تشددکے واقعے سے لاعلم نکلے

لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف عثمان بزدار پنجاب اسمبلی میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی پر تشددکے واقعے سے لاعلم نکلے۔
عثمان بزدار پرویز الہیٰ کی عیادت کے لیے ان کے چیمبر پہنچے تو پرویز الہیٰ نے اپنے ساتھ پیش آئے واقعےکی تفصیلات سے عثمان بزدار کو آگاہ کیا۔چوہدری پرویز الہیٰ نے بتایا کہ وہ ایوان میں اس طرف یہ کہنےگئے تھےکہ ایسا نہ کریں، اس دوران رانا مشہود کچھ لوگوں کو لے کر آگئے، سعد رفیق کا بھائی سلمان رفیق بھی آپہنچا اور مجھے پیچھے سے پکڑ کر نیچےگرایا، جب نیچے گرا تو پھر میں بے ہوش ہوگیا اور پھر نہیں معلوم کیا ہوا۔اس پر عثمان بزدار نے اظہار حیرت کرتے ہوئےکہا کہ ہمیں تو پتا ہی نہیں چلا، جس پر تحریک انصاف کے رہنما راجہ بشارت اور ان کے ساتھ کھڑے شخص نے لقمہ دیا کہ ہمیں پتا چل گیا تھا، ہم پہنچ گئے تھے۔عثمان بزدار کے پوچھنے پر پرویز الہیٰ نےکہا کہ ان کا بازو فریکچر ہوا ہے۔

ایف آئی اے کی کاوش سے افغانستان سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گینگ گرفتار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایف آئی اے اسلام آباد زون نے افغانستان سیکورٹی فورسز کی مدد سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گینگ کا سراغ لگا لیا، گینگ کے 3 ملزمان کو افغانستان سے گرفتار کرلیا گیا، ملزمان 500 ڈالر میں جعلی ویزا تیار کرتے تھے۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون کے مطابق ایف آئی اے اسلام آباد کی کوششوں سے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں موجودانسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک گرفتار کرلیا۔ گزشتہ سال جعلی پاکستانی ویزے پر پاکستان سے آئرلینڈ جانے کی کوشش کرنے والے افغانی باشندے پر درج کیس میں مزید پیش رفت ہوئی۔
دوران تفتیش ملزم میر آغا سلیمی نے انکشاف کیا کہ جعلی ویزہ لگانے والے ایجنٹس افغانستان سے آپریٹ کر رہے ہیں جس پرڈپٹی ڈائریکٹر انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل ایف آئی اےاسلام آباد زبیر احمد شیخ نے افغان سفارتخانے سے رابطہ کیا اور افغانستان میں موجود ایجنٹس کے خلاف کاروائی کی درخواست کی۔
افغان سفارتخانے کی طرف سے ایف آئی اے اسلام آباد زون کو آگاہ کیا گیا ہےکہ افغانستان سیکورٹی فورسز نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئےملوث ایجنٹس کوگرفتار کرلیا۔
گرفتار کیے گئے ملزمان میں حاجی کریم اللہ صدقی، محمد رازق امق اور کیہان شامل ہیں، ایف آئی اے کی جانب سے افغانستان سفارتخانےاور افغان سیکیورٹی ادارے کی اس کاوش کو سراہا گیا۔ اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستانی سرزمین کو ناجائز مقاصد کے لیے ہرگز استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

بھارت؛ ناشتہ دیر سے ملنے پر سسر نے بہو کو گولی مار کر قتل کردیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ناشتے میں تاخیر ہونے پر 76 سالہ سسر نے بہو کو گولی مار کر قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گھریلو جھگڑے میں 42 سالہ بہو کو اس کے سسر کاشی ناتھ پاٹل نے گولی مار کر قتل کردیا۔ ملزم ناشتہ بننے میں تاخیر پر طیش میں آگیا تھا۔ مقتولہ کی شناخت سیما راجندر کے نام سے ہوئی ہے۔
مقتولہ کو اہل خانہ اسپتال لائے جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کردی۔ مقتولہ کو گولیاں پیٹ میں لگیں اور زیادہ خون بہہ جانے کے باعث دم توڑ گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 76 سالہ ملزم نے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے گولی چلائی۔ پستول کو تحویل میں لے لیا گیا ہے تاہم ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔
بھارت میں گھریلو تشدد کے واقعات عام ہیں۔ جہیز کم لانے کے باعث بہوؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ انھیں قتل بھی کردیا جاتا ہے۔ گزشتہ برس ایک خاتون نے شوہر اور سسرال والوں کے مطالبات سے تنگ آکر خودکشی کرلی تھی۔