پی ایس پی اور فاروق ستار نے خالد مقبول صدیقی کی سربراہی پر اتفاق کرلیا: گورنرسندھ

کراچی: (ویب ڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایم کیوایم کے مختلف دھڑوں کے انضمام کی تصدیق کرتے ہوئےکہا ہےکہ پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) اور فاروق ستار نے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی کی سربراہی پر اتفاق کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام گفتگو کرتے ہوئےگورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ میں تمام دوستوں سےگزارش کرسکتا ہوں کسی کو مجبور نہیں کرسکتا، آپس میں الجھنے اور لڑائی جھگڑے سےکراچی کا نقصان ہوگا۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی ہیں اور رہیں گے، سیاسی جماعتوں کو جوڑنے کی کوشش کر رہا ہوں توڑنےکی نہیں، جو بھی ہو وہ دیرپا، پائیدار اور کراچی کے لوگوں کی بہتری کے لیے ہو۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اس وقت سیاست میں اداروں کی کسی قسم کی مداخلت نہیں ہے، ہمارا 75 سال میں بہت نقصان ہوا، آج بھی بنیادی ضروریات میسر نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا زمانہ چلاگیا، کراچی ناراض ہےکسی کوووٹ نہیں دے رہا، حالیہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو کراچی میں صرف 10فیصدووٹ پڑا، پی ٹی آئی کو جو ووٹ دلایا گیا اس کا انہوں نے خود ہی حشر نشرکر دیا، انہوں نےکراچی سمیت سندھ میں کوئی کام نہیں کیا۔
بانی متحدہ الطاف حسین کی سیاست میں واپسی کے سوال پر انہوں نےکہا کہ اگر کوئی پاکستان یا اس شہر کے خلاف بات کرے گا تو میں اُس کے خلاف کھڑا ہوں گا۔

پنجاب کے سکولوں میں سردیوں کی چھٹیوں کو 8 جنوری تک بڑھا دیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) بڑھتی ہوئی سردی اور سموگ کے پیش نظر پنجاب کے سکولوں میں سردیوں کی چھٹیوں کو 8 جنوری تک بڑھا دیا گیا۔
محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبےکے سکولوں میں سردیوں کی چھٹیاں 8 جنوری تک بڑھادی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں چھٹیوں میں توسیع کا اطلاق تمام نجی اور سرکاری سکولوں پر ہوگا۔ اب پنجاب کےتمام سرکاری اور نجی اسکول 9جنوری کو کھلیں گے۔
محکمہ اسکولز ایجوکیشن کا کہنا ہےکہ چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ سموگ کے پیش نظرہائی کورٹ کی ہدایت پرکیا گیا ہے، سموگ کے پیش نظر سکولوں میں ماسک پہننے کی پابندی برقرار رہےگی۔

پاکستان میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو یکم جنوری سے جرمانہ ہوگا

لاہور: (ویب ڈیسک) وزارت داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو یکم جنوری سے جرمانہ کیا جائیگا،ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے پر نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سماجی روابط کی ویب سائٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر ملکی جن کے پاکستان میں غیر قانونی قیام کو ایک سال کا عرصہ ہوچکا ہے ان کا نام بلیک لسٹ میں شامل کردیا جائے گا۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کیلئے ایمنسٹی اسکیم 31 دسمبر کوختم ہو گی،یکم جنوری سے پاکستان میں غیر قانونی قیام کرنے والے غیرملکیوں سےجرمانہ وصول کیا جائے گا۔

مصطفیٰ کمال کی وزیراعظم سے ملاقات، ملک کو بحران سے نکالنےکیلئے مشترکہ کوششوں کا اعادہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ ملک کو مستحکم کرنے اور بحران سے نکالنےکے لیے مشترکہ کوششوں کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان پاک سرمین پارٹی کے مطابق چیئرمین مصطفیٰ کمال اور صدر انیس قائم خانی نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ انہوں نےکراچی میں امن کو قائم کرنےکے لیے را کے نیٹ ورک کو توڑا ہے،کراچی میں اتنی صلاحیت ہےکہ پورے پاکستان کی معیشت کو سنبھال کر درست ٹریک پر گامزن کرسکتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بے شک کراچی مستحکم ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

نیتن یاہو چھٹی بار اسرائیل کے وزیر اعظم منتخب

تل ابیب: (ویب ڈیسک) نیتن یاہو اسرائیل کے چھٹی بار وزیر اعظم بن گئے ہیں،یاہو کو یہ کامیابی رائٹ ونگ اور نسل پرستی کے حوالے سے گہرے تعلقات رکھنے والی یہودی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے بعد ملی ہے۔
نیتن یاہو نے بطور وزیر اعظم پارلیمنٹ سے خطاب میں اپنے ایجنڈے کے تین اولیں اور بنیادی نکات پیش کرتے ہوئے کہا ۔ ایران کے جوہری بم کو روکنا ان کے حکمران اتحاد اور حکومت کی اہم ترجیح ہے۔
دوسرا اہم نکتہ بیان کرتے ہوئے نیتن یاہو نے اسرائیلی ریاست کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینا بتایا جبکہ نیز انہوں نے جرائم کے خاتمے کو اپنی حکومت کے تیسرے اہم نکتے کے طور پر پیش کیا ۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نئی حکومت بڑھتے ہوئے اخراجات کو روکنے کی کوشش کرے گی اور تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے اقدامات کرے گی ۔ ان کی تقریر شروع ہونے سے پہلے اپوزیشن ارکان کے بنچوں سے کمزور کمزور کے نعرے بلند ہوتے رہے، تاہم اس ہنگامہ آرائی کے بعد کئی ارکان پارلیمنٹ کو ایوان سے باہر نکال دیا گیا ۔
اتحادی حکومت کے حلف کے روز پارلیمنٹ سے خطاب میں یاہو نے اپنی نئی حکومت کا ایجنڈا پیش کیا، تاہم اس دوران پارلیمنٹ کے باہر سینکڑوں مظاہرین نے احتجاج کیا ۔
پارلیمنٹ کے اندر بھی ناراض ارکان پارلیمنٹ نے بار بار شور کیا اور تقریروں کو روکنے کی کوشش کی، پارلیمنٹ کے اجلاس سے سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم یائر لیپڈ نے بھی خطاب کیا اور کہا ان کی حکومت نے سعودی عرب کے ساتھ نارمل تعلقات کا ہدف تقریبا مکمل کر لیا ہے۔
اس دوران نیتن یاہو نے اپوزیشن پر انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ ہمارے حکمران اتحاد کے درمیان کچھ چیزوں پر اختلاف ہے اپوزیشن کی چیخیں سننے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر ہمارے درمیان کچھ چیزوں پر اختلاف ہے تو کچھ پر اتفاق بھی ہے۔

یوکرین کے شہروں پر روس کا میزائلوں سے حملہ، 3 افراد زخمی

ماسکو / کیف: (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین کے کئی شہروں پر متعدد ایک ساتھ متعدد میزائل داغ دئیے، میزائل حملوں میں 14 سالہ لڑکی سمیت 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرینی حکام کی جانب سے حالیہ میزائل حملوں کو روس،یوکرین جنگ کے آغاز سے ابتک کیے گئے بڑے حملوں میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے، جس میں یوکرینی دارالحکومت کیف سمیت کئی شہروں کو علیٰ الصبح نشانہ بنایا گیا۔
یوکرینی ملٹری حکام کا کہنا ہے کہ روسی فورسز نے یوکرین پر 69 میزائل داغے تھے جن میں سے 54 میزائلوں کو ایئر ڈیفنس سسٹم نے فضا میں ہی تباہ کردیا تھا تاہم باقی میزائل کیف، خارکیف، اڈیسہ، لیو اور زیتومر میں گرے۔
یوکرینی صدر کے مشیر کے مطابق 120 میزائل اب تک یوکرین کی شہری آبادی پر پھینکے جا چکے ہیں۔
یوکرین حکام کا کہنا ہے کہ تازہ میزائل حملے سے بعض جگہوں پر ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا ہے جب کہ بجلی کا نظام پہلے ہی روسی میزائل حملوں کے باعث شدید متاثر ہے۔

سیاحتی مقام پیرچناسی میں پھنسنے والے تمام 233 سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر کے سیاحتی مقام پیرچناسی میں پھنسنے والے تمام 233 سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔
کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمان کا کہنا ہے کہ پیرچناسی میں پھنسےتمام 233سیاحوں کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا ہے، سیاحوں کو سراں ٹورسٹ ریسٹ ہاؤس میں پہنچا دیا گیا ہے، ایس ڈی ایم اے، ریسکیو، مظفرآباد جیپ کلب کے رضاکاروں نےاپنی گاڑیوں پرلوگوں کو ریسکیو کیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاحوں کو ان کی رہائش گاہوں پر پہنچا دیا جائےگا، مقامی رہائشی آبادی نےریسکیو آپریشن میں بھر پور مدد کی،سیاحوں کو کھانا،گرم مشروبات فراہم کیے جا رہے ہیں، زیادہ تر سیاحوں کا تعلق کراچی سے ہے۔
خیال رہے کہ مسافروں کی گاڑیاں برفباری کے بعد پھسلن کے باعث پھنسی تھیں۔

پنجاب حکومت کا ملازمتوں اور چھوٹے خاندان کیلئے گرانٹ کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے مختلف محکموں میں ملازمتوں، چھوٹے خاندان کے لیے گرانٹ سمیت کئی ترقیاتی اعلانات کر دیئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 8واں اجلاس ہوا۔ پنجاب کابینہ نے صوبے کے عوام کو سماجی تحفظ دینے کے لیے پنجاب سوشل پروٹیکشن پالیسی 2022 کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے کہا کہ معاشرے کے کمزور افراد کے سماجی تحفظ کے تمام پروگرامز ایک ہی اتھارٹی مانیٹر کرے گی اور سوشل پروٹیکشن پالیسی کے تحت عوام کی فلاح و بہبود کے پروگرام ایک ہی اتھارٹی کے تحت ہوں گے۔
پنجاب کابینہ نے محکمہ زکوۃ وعشر، سوشل ویلفیئر اور بیت المال کے انضمام کی منظوری بھی دی۔ وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی نے کہا کہ 36 ہزار متاثرہ خاندانوں کو ادائیگی مکمل کی جا چکی ہے اور پنجاب کو پہلا ڈیزاسٹر ریلیز مینجمنٹ سسٹم تشکیل دینے کا اعزاز حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیملی پلاننگ کو پنجاب احساس پروگرام کے ساتھ منسلک کیا جائے گا اور 2 بچو ں تک خاندان محدود رکھنے والے جوڑے کو گرانٹ ملے گی۔ ورلڈ بینک فیملی پلاننگ پروگرام کی کامیابی کے لیے 130 ملین ڈالر گرانٹ فراہم کرے گا۔
پنجاب کابینہ نے ہیلتھ انشورنس پروگرام کی رقم ادا نہ کرنے پر وفاقی حکومت کے رویئے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور وفاقی حکومت سے واجب الادا رقم جلد ریلیز کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
خاتم النبین یونیورسٹی کے قیام اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے لیے ایک ارب روپے کے فنڈز، محکمہ اسپیشل ایجوکیشن میں گریڈ 5 سے 15 تک کی 580 منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتی اور محکمہ اسپیشل ایجوکیشن میں جونیئر اور سینئر اسپیشل ایجوکیشن اساتذہ کی 839 نئی پوسٹوں کی منظوری دی گئیں۔
محکمہ اسپیشل ایجوکیشن کے بجٹ کی رنگ فینسنگ کی بھی منظوری دے دی گئی جبکہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے اساتذہ کو ریگولر کرنے کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کی وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں اسلم اقبال، محمود الرشید، مراد راس، ہاشم ڈوگر، آصف نکئی اور دیگر شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی جلد اپنی سفارشات کابینہ کو پیش کرے گی۔
محکمہ محنت اور انسانی وسائل کے اداروں میں 632 آسامیوں پر بھرتی، محکمہ بلدیات و دیہی ترقی میں یونین کونسلز کے سیکرٹریز کی ایک ہزار 784 آسامیوں پر بھرتی اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں ایکسائز انسپکٹرز بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں گریڈ 5 سے 15 تک 416 منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتی اور محکمہ خوراک میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز، فوڈ گرین انسپکٹرز اور فوڈ گرین سپروائزرز کی بھرتی کی بھی منظوری دی گئی۔ میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق اعلیٰ سطح کی محکمانہ کمیٹی بھرتیاں کرے گی۔
اسٹیٹ آف دی آرٹ فلم پروڈکشن اسٹوڈیو اور سینما کمپلیکس قائم کرنے اور اسکیم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی بھی منظوری دے دی۔
وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی نے کہا کہ انڈیا کی طرز پر فلم میکنگ ٹیکنیک سکھانے کے لیے فلم ٹریننگ اکیڈمی بھی بنائیں گے جبکہ ایرانی اور ترکی کے فلم میکنگ ماہرین کی پیشہ وارانہ خدمات حاصل کی جائیں گی۔ پاکستانی فلم کا انڈیا کے سینما گھروں کی زینت بننا قابل تحسین ہے۔
پنجاب کابینہ اجلاس میں منڈی شاہ جیونہ کو ضلع جھنگ کی نئی تحصیل کا درجہ دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شاہ جیونہ ضلع جھنگ کی پانچویں تحصیل بنے گا۔
پنجاب کابینہ نے الزائمر پاکستان کے لیے سالانہ گرانٹ ان ایڈ اور پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے سیکشن 187(2)اور (4) میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کیٹل مارکیٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو افسر کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔
سول اسپتال کوٹلہ ارب علی خان کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کا درجہ دینے کی منظوری گئی۔ چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ کوٹلہ ارب علی خان اسپتال کو 20 سے 100 بیڈ تک اپ گریڈ کیا جائے گا۔
فیصل آباد میں 189 کنال پر جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے 25 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دی گئی جبکہ 189 کنال اراضی جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے نام منتقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ فیصل آباد کے صحافیوں کے لیے اپنی چھت کا خواب پورا کریں گے اور صحافی کالونی فیز 2 کے لیے پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو جلد مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں سی این جی، پیٹرول پمپس کے لیے روڈز کی نیگیٹو لسٹ کا از سر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ٹیوٹا کے لیے 40 کروڑ روپے کی لاگت سے 25 نئی بسیں خریدنے کی منظوری دی گئی۔

صدر عارف علوی کا ضلع کرم میں 3 فوجی جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ضلع کرم میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران پاک فوج کے 3 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
اپنے تعزیتی بیان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہداء صوبیدار شجاع محمد، نائیک محمد رمضان، سپاہی عبدالرحمان کو وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر سلام پیش کیا، اس موقع پر صدر مملکت نے دہشت گردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے سیکورٹی فورسز اور قوم کی کوششیں جاری رہیں گی، اس موقع پر صدر مملکت نے لواحقین سے ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے شہدا کیلئے بلندی درجات اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔

پاک فوج کے 3 جوانوں کی شہادت پر وزیر اعظم شہباز شریف کا گہرے دکھ کا اظہار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع کرم کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران 3 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعظم نے شہید صوبیدار شجاع محمد، نائیک محمد رمضان، سپاہی عبدالرحمان کو شجاعت و بہادری پر سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آہنی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنے والوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، قوم کی دعائیں اپنی افواج کے ساتھ ہیں، اس موقع پر انہوں نے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کیلئے بلندی درجات اور لواحقین کو صبر جمیل دینے کی دعا کی۔