کراچی میں بجلی ہے نہ گیس، ہر چیز مافیا کے قبضے میں ہے، گورنر سندھ

کراچی: (ویب ڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی شہر میں بجلی ہے نہ گیس ہے، ہر چیز مافیا کے قبضے میں ہے، کراچی کے شہریوں کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے دل زخمی ہیں، مرہم رکھنے والا کوئی نہیں، ہمیں خود اپنا حق حاصل کرنا ہوگا، کوئی مسیحا نہیں آئے گا، ایک موبائل کی خاطر بچوں کو ماؤں سے چھینا جا رہا ہے، شہر میں سٹریٹ کرائمز بڑھ رہے ہیں، اب سب کو سمجھ آگئی ہے کہ ٹوٹنے اور بکھرنے میں نقصان ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیا سال شروع ہونے والا ہے، پریشانی کا سال ختم ہوا، کراچی سب کی خدمت کرتا ہے اور آج شہر ٹوٹ رہا ہے تو ہم کیوں بکھرے ہوئے ہیں، سمندرکےقریب رہتے ہیں مگرپانی کی ایک ایک بوند کو ترستے ہیں، نفرتیں ختم کروانے کے لئے سب کے پاس گیا، ہم سب نے مل کر شہر کی بہتری کے لئے کام کرنا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے شہریوں سے مجرموں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، اتنے ظلم سہنے کے باوجود شہری اف نہیں کر رہے، کس کا انتظار ہے، کوئی نہیں آئے گا، کوئی مسیحا نہیں آئے گا، ہمیں خود ہی ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنا ہے، فاروق ستار سے میرا تعلق ڈھکا چھپا نہیں، فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی سمیت سبھی شہر کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ بہت دیر ہو گئی، جس کے پاس گاڑی تھی وہ موٹرسایئکل پر آگیا ہے، لوگ اتنے مایوس ہو چکے ہیں کہ ووٹ نہیں دینا چاہتے، کراچی میں تعلیم، ہیلتھ کا نظام صفر اور نوکریاں نہیں ملتی، کراچی شہر میں بجلی ہے نہ گیس ہے، ہر چیز مافیا کے قبضے میں ہے، ہم نے غلطیوں سے اپنی طاقت کو کھو دیا ہے، کراچی والوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ بخشش پر گزارہ کریں گے یا پھر اپنا حق چاہیے۔

ملک کو دہشتگردی، اقتصادی چیلنجزکا سامنا، فریقین میں اتفاق رائے ضروری:آرمی چیف

کراچی: (ویب ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے، ملک کو دہشتگردی اور اقتصادی چیلنجز درپیش ہیں جس سے نمٹنے کیلئے تمام فریقین کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 118ویں مڈشپ مین اور 26ویں شارٹ سروس کمیشن کی کمیشننگ پریڈ کا انعقاد ہوا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے، آرمی چیف کے پاکستان نیول اکیڈمی پہنچنے پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے استقبال کیا۔
تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے، پاکستان کو دہشتگردی اور اقتصادی چینجلز درپیش ہیں، تمام فریقین کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ میری ٹائم صورتحال مسلسل تبدیل ہو رہی ہے، مستقبل میں نیوی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، نیوی کو پیشہ ورانہ مہارتوں اور جدید رجحانات سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تربیت مکمل کرنے والے ملکی اور دوست ممالک کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارتوں پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ملیر گیریژن میں کراچی کور، رینجرز اور دیگر سی اے ایف کے افسران سے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے پیشہ ورانہ اور جدید جنگ کے تقاضوں پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا، آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے ان کا استقبال کیا۔

روس کو تباہ کرنے کے لئے یوکرین کو استعمال کیا جا رہا ہے: پیوٹن

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ان کا ملک یوکرین کو بطور ٹول استعمال کرکے روس کو تباہ کرنے کی مغربی کوششوں کے سامنے نہیں جھکے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پیوٹن نے نئے سال کی آمد کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ روس یوکرین میں اپنے ’مادر وطن‘ کی حفاظت کے لیے لڑ رہا ہے۔نئے سال کا پیغام روسی فوجیوں کے سامنے ریکارڈ کیا گیا ہے جس کو روس کی سرکاری ٹیلی ویژن نے نشر کیا۔
صدر پیوٹن کا مزید کہنا تھا کہ روسی کی یوکرین میں جنگ ’حقیقی آزادی‘ کے حصول کے لیے ہے۔آج ہم اس کے لیے لڑ رہے ہیں اور اپنے لوگوں کو تاریخی طور پر پر اپنے ہی علاقوں جو کہ اب روسی فیڈریشن کا حصہ بن گئے میں میں حفاظت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب روسی وزیر دفاع نے نئے سال کے پیغام میں کہا ہے کہ روس کی یوکرین پر فتح ناگزیر ہے۔ انہوں نے روسی فوجیوں کی بہادری کی بھی تعریف کی۔

زندگی میں کبھی ہار نہیں مانی، سندھ میں اگلی حکومت ہماری ہوگی، عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے سوشل میڈیا کارکنان نے زمان پارک میں ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان سے پارٹی کے سوشل میڈیا کارکنان نے لاہور میں ملاقات کی، ملاقات میں ملک بھر سے سوشل میڈیا کارکنان نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میں نے کبھی زندگی میں ہار نہیں مانی، انسان کو کسی مقصد کے لئے پیدا کیا گیا ہے، اس مقصد کو پہچانیں اور حاصل کریں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی حالات تباہی کی طرف جا رہے ہیں، جن کے ہاتھ میں باگ ڈور دی گئی ہے یہ معیشت نہیں سنبھال سکتے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ملکی مسائل کا حل نئے انتخابات ہیں، سندھ میں اگلی حکومت پاکستان تحریک انصاف بنائے گی۔

2023ء ملکی ترقی اور قوم کی خوشحالی کا سال ہوگا، آصف زرداری

کراچی: (ویب ڈیسک) سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز آصف زرداری نے کہا ہے کہ یقین ہے آنے والا سال ملک کی ترقی اور قوم کی خوشحالی کا سال ہو گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے نئے سال کی آمد پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئے سال کے موقع پر دعاؤں میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور مظلوم کشمیریوں کی آزادی کو یاد رکھا جائے، انتہائی تکلیف دہ ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ایک بار پھر دہشت گرد حملے کر رہے ہیں۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ ہمارا وعدہ ہے دہشت گردوں کا صفایا کر کے دھرتی کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، دنیا بلاول بھٹو زرداری کی بات سن رہی ہے اور ان کے موقف کی تائید بھی کر رہی ہے۔

انتخابات کے خوف سے بلاول سمیت پوری پارٹی ذہنی توازن کھو چکی، علی زیدی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ انتخابات کے خوف سے بلاول سمیت پوری پیپلز پارٹی ذہنی توازن کھو چکی ہے۔
بلاول زرداری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے علی زیدی کا کہنا تھا کہ بلاول کی تقریر سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن میں اپنی شکست تسلیم کر لی ہے، بلاول اپنے والد کی طرح گیدڑ بھبکیاں دینے لگا ہے، سندھ کے عوام باشعور ہیں، وہ اب ان کی باتوں میں آنے والے نہیں۔
علی زیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی بدمعاشیوں کے دن چلے گئے، بلاول کو ہر فورم پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بلدیاتی انتخابات میں بھی انہیں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، دہشت گردی کو پروان چڑھانے والے اب ملبہ ہماری حکومت پر ڈال رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کو دہشت گردی سے نجات دلائی تھی، انہوں نے سندھ کا جو حال کیا ہے دنیا نے دیکھا ہے، سندھ کو نوچ نوچ کر کھانے والوں کا اقتدار اب اختتام کے قریب پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہوا تھا، بلاول کو پتہ ہے حکومت جانے کے بعد باپ بیٹے دونوں بیروزگار ہوجائیں گے، تحریک انصاف ہی واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔

کوئلے کی کان میں دھماکا، 2 کان کن جاں بحق

پشاور: (ویب ڈیسک) ہنگو، اورکزئی ضلع کے علاقے میں کول مائن میں گیس بھر جانے سے دھماکہ ہوا جس میں 2 کان کن جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 2 کان کن جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا، حادثے کی اطلاع پر ریسکیو ٹیموں کی جانب سے آپریشن کر کے کان کنوں کی لاشوں کو نکالا گیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے شخص کا نام سعید ولی ہے جس سے متعلق بتایا گیا ہے کہ وہ کان کا مالک ہے، سعید ولی کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جاں بحق کان کنوں کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے جبکہ دھماکے کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

سال 2022ء؛ قومی اسمبلی کی ریکارڈ قانون سازی، 62 بلز منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے ایوان کی سال 2022ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق 2022 میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے قومی اسمبلی میں ریکارڈ قانون سازی کی گئی، اس سال قومی اسمبلی نے قانون سازی کے ساتھ ساتھ پارلیمانی سفارت کاری کے محاذ پر اہم سنگ میل عبور کیے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے ایوان نے سال 2022 میں قانون سازی کے شعبے میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا،جنوری 2022 سے دسمبر 2022 تک قومی اسمبلی میں 47 سرکاری بلز اور 15 پرائیویٹ ممبر بلز منظور کیے گئے، ان میں 38 بلز ایکٹ آف پارلیمنٹ بن چکے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی جانب سے جو نمایاں قانون سازی کی گئی ان میں الیکشن بل، رحمت العالمینﷺ اتھارٹی بل، نیشنل ہائی وے سیفٹی بل، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل بل، کرمنل لاء بل، پاکستان ایکسپورٹ اینڈ امپورٹ بل، قومی احتساب بل، پاکستان ٹوبیکو بل، اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز بل، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل، پٹرولیم بل، غیر ملکی سرمایہ کاری اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات بل شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سال 2022 میں مختلف امور پر ایوان میں 25 قراردادیں منظور کی گئیں، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو اراکین کی جانب سے 3751 سوالات موصول ہوئے ان میں سے 1004 جوابات دیے گئے، کل 183 توجہ دلاؤ نوٹس موصول ہوئے ان میں سے 71 ایوان میں پیش کیے گئے اور 43 پر بحث ہوئی۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق سال 2022ء میں مجموعی طور پر 82 استحقاق کی تحریکیں موصول ہوئیں ان میں سے 45 متعلقہ کمیٹی کو بھیج دی گئیں، قومی اسمبلی قواعد و ضوابط کے طریق کار 2007ء کے قاعدہ 259 کے تحت 124 تحاریک موصول ہوئیں جن میں سے 32 ایوان میں پیش کی گئیں۔
پارلیمنٹ کی تاریخ میں پہلی بار معاشرے کے پس ماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والوں کو ایوان میں بلایا گیا۔ خواتین بچوں، اقلیتی برادری اور خواجہ سراؤں کے لیے قومی اسمبلی کے دروازے تین دن کے لیے کھولے گئے، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی ہدایت پر ایوان کی ڈائمنڈ جوبلی منائی گی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں معاشرے کی تمام طبقات نے شرکت کی۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ اسپیکر قومی اسمبلی کی خصوصی توجہ کے باعث بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پہلا پارلیمانی کاکس تشکیل دیا گیا، موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کو اجاگر کرنے میں پارلیمانی سفارت کاری نے اہم کردار ادا کیا اور اس معاملے پر ایشیاء پیسیفک ریجن کے ممبر ممالک پر مشتمل آئی پی یو سیمینار منعقد کرایا گیا، آئی پی یو کی جنرل اسمبلی میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ متاثر ہونے والے ترقی پذیر ممالک کے لیے ہنگامی فنڈ کے قیام کے لیے قرارداد پیش کی گئی۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے بتایا کہ اس سال کاپ COP-27 کانفرنس میں لاس اینڈ ڈیمجز فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا جو قومی اسمبلی کی کامیاب پارلیمانی سفارت کاری کا عکاس ہے، 2022ء قانون سازی کے اعتبار سے ایک تاریخی اہمیت کا حامل سال رہا،
رپورٹ کے مطابق سال 2022 میں قومی اسمبلی کے سوشل میڈیا کو عوام اور ان کے نمائندوں کے درمیان خلا کو پر کرنے کے لیے فعال بنایا گیا، سال 2022ء پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا اس اعتبار سے بھی اہم سال رہا ہے کہ اس سال میں پارلیمان نے قانون سازی کے سوا کئی دیگر اہم سنگ میل عبور کیے جن میں ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کے موقع پر پہلی بار پارلیمنٹ کے دروازے عوام کے لیے کھولے گئے ان میں خواتین، بچوں اور اقلیتوں، سابق اور موجودہ اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔
بتایا گیا ہے کہ ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات میں سماج کے انتہائی پس ماندہ طبقات کو ارکان پارلیمنٹ کے لیے مخصوص نشستوں پر بٹھایا گیا، ان ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کو عوام میں بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی، پارلیمنٹ میں کی گئی ایک بچے کی تقریر کو ٹوئٹر پر 60 لاکھ افراد نے دیکھا جو کہ پہلی بار پارلیمنٹ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ٹاپ ٹرینڈ رہا۔
رپورٹ کے مطابق آئی پی یو کے ایشیا پیسفک ریجن کے ایس ڈی جیز کے رکن ممالک کا دو روزہ سیمینار منعقد ہوا، سیمینار 13 اور 14 ستمبر 2022ء کو قومی اسمبلی کی میزبانی میں پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوئے، سیمینار میں رکن ممالک کے مندوبین کو پاکستان میں سیلاب کی بدترین تباہی کاریوں سے آگاہ کیا گیا، آئی پی یو ایشیا پیسیفک خطے کے ممالک سے روانڈا میں آئی پی یو جنرل اسمبلی میں ہنگامی قرارداد پیش کرنے کو کہا گیا۔

پشاور میں سی این جی سٹیشنز کل سے ایک ماہ کیلئے بند

پشاور: (ویب ڈیسک) دفعہ 144 کے تحت صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایک ماہ کے لئے سی این جی سٹیشنز بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جنوری سے 31 جنوری 2023ء تک پشاور میں تمام سی این جی سٹیشنز بند رہیں گے، سی این جی سٹیشنز بندش کا فیصلہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کے لئے کیا گیا ہے۔
مزید برآں سی این جی سٹیشنز بندش کی پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے پمپس مالکان کے خلاف کارروائیوں کی ہدایت بھی کی گئی ہے

منحرف ایم پی اے کی رکنیت منسوخی کیلئے ریفرنس بھیج دیا، مسرت چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان وزیر اعلیٰ و حکومت پنجاب مسرت جشمید نے چیمہ نے کہا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے پی ٹی آئی کے منحرف ممبر صوبائی اسمبلی چودھری مسعود احمد کے خلاف الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیج دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کی دائر درخواستوں پر درگزر کرنے کی بجائے ایکشن لے، لوٹا بننے والے اراکین کا مستقبل نااہلی ہے، پارٹی سے غداری کرنے والوں کا آئندہ الیکشن میں عوام کڑا احتساب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کو خریدنے والے سوائے چند ٹکوں کے کچھ نہیں پاسکیں گے، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی قیادت میں زر بابا اور چالیس چوروں کے خلاف متحد ہیں، ضمیر کا سودا کرنے والے کسی صورت پارٹی میں واپس نہیں لیے جائیں گے۔