کراچی ٹیسٹ:دوسری اننگز ،شاہینوں نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنا لئے

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 612 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی دوسری اننگز میں پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنا لئے۔
نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 174 رنز کی برتری حاصل کی ،کین ولیمسن کی جانب سے پاکستان کے خلاف ڈبل سنچری سکور کی گئی اور ناٹ آؤٹ رہے، کین کے کریئر کی یہ پانچویں ڈبل سنچری ہے۔
نیوزی لینڈ کی اننگز میں ٹام لیتھم 113، ڈیون کونوے 92، اش سودی 65، ٹام بلینڈل 47 اور ڈیرل مچل نے 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کے ابرار احمد نے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی نے 3 اور محمد وسیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دوسری اننگز میں پاکستان کا مایوس کن آغاز، 47 اور 71 رنز پر وکٹیں گر گئیں ، عبداللہ شفیق 17 اور شان مسعود 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
تیسرے روز کیوی اوپنرز ڈیون کونوے اور ٹام لیتھم نے پاکستان میں اوپننگ شراکت کا 57 سالہ کیوی ریکارڈ توڑتے ہوئے 183 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ ٹام لیتھم 113، کونوے 92، ہینری نکولس 22، ڈیرل مچل 42، ٹام بلنڈل 47، مچل بریسویل 5 بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔
مہمان ٹیم کے اوپنرز بلے بازوں نے شاندار آغاز کیا، ٹام لیتھم 78 اور ڈیون کونوے 82 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، قومی ٹیم کی جانب سے فاسٹ اور اسپن بولرز نے وکٹ لینے کی کوشش کی تاہم کامیابی نہیں مل سکی۔
قبل ازیں پاکستان نے 317 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا لیکن کپتان بابراعظم دوسرے روز پہلے اوور کی چوتھی گیند پر ٹم ساوتھی کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 161 رنز کی اننگز کھیلی۔
بابراعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد نعمان علی نے آغا سلمان کے ساتھ مل کر 54 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم، نعمان علی کی وکٹ گرنے کے بعد کوئی کھلاڑی وکٹ پر ساتھ نہ دے سکا۔
آغا سلمان نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی اور 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کیوی کپتان ٹم ساوتھی نے تین کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ اش سودھی، اعجاز پٹیل اور مائیکل بریسویل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فاسٹ بولر نیل واگنر ایک ہی وکٹ لے سکے۔
قومی ٹیم نے ٹیسٹ کے پہلے روز ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی تین وکٹیں 48 کے اسکور پر گرگئیں جب کہ چوتھی وکٹ 110 رنز پر گری جس کے بعد کپتان بابراعظم اور سرفراز احمد نے ٹیم کو سہارا دیا۔
دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 196 رنز بنائے گئے، کھیل کے آخری اوورز میں سرفراز احمد 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس سے قبل، اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق 7 رنز، شان مسعود 3 رنز، امام الحق 24 رنز اور سعود شکیل 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔
قومی ٹیم میں وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اور فاسٹ بولر میر حمزہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ بلے باز امام الحق کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
سرفراز احمد نے تقریباً 4 سال قبل 2019 میں بحیثیت کپتان جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ سرفراز احمد ہوم گراؤنڈ پر اپنا میچ کھیل رہے ہیں۔ فاسٹ بولر میر حمزہ نے آخری مرتبہ ٹیسٹ میچ 2018 میں کھیلا تھا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سلامتی اور سرحدی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کی حالیہ لہر اور اس کے تدارک پر بریف کیا جائے گا، جبکہ دہشت گردی کے خلاف مربوط حکمت عملی وضع کی جائے گی۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزراء، عسکری حکام اور سکیورٹی اداروں کے افسران شریک ہوں گے۔

شہباز شریف کا ہتک عزت کا دعویٰ، عمران خان کی اپیل خارج

لاہور: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری نے بھی عمران خان کی ہتک عزت دعوے میں دفاع کا حق ختم کرنے کیخلاف اپیل خارج کر دی۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں شہبازشریف کے دعوے پر حق دفاع ختم کرنے کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل پر سماعت ہوئی، درخواست پر سماعت سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے جسٹس منصورعلی شاہ کی سربراہی میں کی۔
شہباز شریف کے وکیل مصطفیٰ رمدے کے دلائل کے بعد عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے مؤقف پیش کیا کہ 23 تاریخوں میں سے 10 ہماری طرف سے تھیں 7 مخالف فریق نے لیں۔
جسٹس عائشہ اے ملک نے عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپکو کیا چیز جواب دینے سے روک رہی تھی، جس پر بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ سوالات غیر متعلقہ تھے جس وجہ سے جواب نہیں دیا۔
جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیئے کہ آپ یہ ہی لکھ کر دے دیتے کہ سوال متعلقہ نہیں ہیں، بیرسٹر علی ظفر نے عدالت سے کہا کہ ہم نے یہی کہا تھا کہ سوال متعلقہ نہیں ہیں، جس پر جسٹس عائشہ اے ملک نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے ایسا نہیں کیا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے عمران خان کے وکیل سے کہا کہ آپ یہی لکھ دیتے کہ سوالات سکینڈلائز ہیں۔
جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ آپ کو بار بار جواب کا کہتی رہی، جس پر بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ عدالت نے سوالات کے متعلقہ ہونے کا فیصلہ نہیں کیا، جسٹس عائشہ اے ملک نے ریمارکس دیئے کہ آپ ٹرائل کورٹ کو آگاہ کرتے تو عدالت آگے چلتی۔
تین رکنی بینچ میں سے دو ججوں نے عمران خان کی اپیل خارج کر دی اور سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔
3 رکنی بینچ میں شامل جسٹس عائشہ اے ملک نے فیصلے سے اختلاف کیا، جبکہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس امین نے اپیل خارج کرنے کا فیصلہ دیا۔
واضح رہے کہ عمران خان نے شہباز شریف پر پانامہ کے معاملے پر رشوت کی افر کا الزام لگایا تھا اور شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف 10 ارب ہرجانے کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔
جواب داخل نہ کرنے پر سیشن عدالت نے عمران خان کا حق دفاع ختم کر دیا تھا اور لاہور ہائیکورٹ نے بھی ٹرائل کورٹ کو فیصلہ برقرار رکھا۔
لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ
لاہور ہائی کورٹ کے عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان نے ٹرائل کورٹ کی جانب سے متعدد مواقع ملنے کے باوجود جواب جمع نہیں کرایا، ٹرائل کورٹ نے عمران خان کا حق دفاع ختم کرنے کا درست فیصلہ دیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں کوئی لاقانونیت ثابت نہیں ہوئی۔
فیصلے کے مطابق شہبازشریف نے پاناما لیکس میں رشوت کے الزام پر ہرجانے کا دعوی دائرکر رکھا ہے، شہبازشریف نے 3 فروری کو عمران خان کے تحریری جواب کے خلاف درخواست دی، اور عمران خان نے 3 ماہ بعد مئی 2022 کو درخواست پر اعتراض عائد کیا۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے اکتوبر2022 میں عمران خان کے اعتراضات کو مسترد کیا، ٹرائل کورٹ نے جواب جمع نہ کرانے پرعمران خان کا حق دفاع ختم کیا جو درست ہے۔

آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سےنہیں بیٹھوں گا: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سےنہیں بیٹھوں گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت جنیوا میں منعقد پاکستان کانفرنس کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں اسحاق ڈار، ایاز صادق، احسن اقبال، شیری رحمان، مریم اورنگزیب، حناربانی اور دیگرشریک ہوئے۔
اجلاس کو جنیوا میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے حوالے سے تجاویز اور تفصیلی لائحہ عمل کا مسودہ پیش کیا گیا اور بتایا گیا کہ کانفرنس میں دوست ممالک کے ساتھ ساتھ ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی شرکت بھی متوقع ہے۔
وزیراعظم نے کانفرنس کے لائحہ عمل کو ترجیحی بنیادوں پرحتمی شکل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جنیوا میں سیلاب زدگان کی پکار پوری دنیا تک بھر پور طریقے سے پہنچائیں گے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے رواں سال سینکڑوں جانیں اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، سیلاب زدگان کی بحالی اورتبدہ شدہ انفرااسٹرکچرکی تعمیر ایک بڑا چیلنج ہے، وعدے کے مطابق آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

سی ڈی اے نے ایف آئی اے سے کرپشن تحقیقات کی تفصیل مانگ لی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے افسران کے خلاف ہونے والی کرپشن کیس کی تحقیقات کی تفصیلات طلب کر لیں۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے ایف آئی اے اسلام آباد زون کو باضابطہ مراسلہ لکھا گیا ہے، جس میں ایف آئی اے حکام سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 16 افسران کے خلاف ہونے والی تحقیقات کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ افسران کے خلاف ہونے والی تحقیقات کی تفصیلی رپورٹ دی جائے، ان افسران پر تحقیقات میں کون کون سے الزامات ثابت ہوئے۔ بتایا جائے کہ کیا ان میں سے کسی افسر کو کلیئر بھی کیا گیا ہے۔
سی ڈی اے کی جانب سے مراسلے میں جن افسران کے نام درج ہیں، ان میں سید ضیا،محمد نواز خان،ممتاز،یامین مقبول احمد و دیگر شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان تمام افسران پر سی ڈی اے میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں۔

ملک بھر کی عدالتوں میں منشیات سمگلنگ کے3747 مقدمات زیر التوا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر کی عدالتوں میں منشیات کی سمگلنگ سے متعلق زیر التوا کیسز کی تعداد 3 ہزار 747 ہو گئی ہے۔
منشیات سمگلنگ کے زیر التوا کیسز سے متعلق دستاویز کے مطابق تمام مقدمات سپریم کورٹ آف پاکستان،ہائی کورٹس اور سی این ایس کورٹس میں زیر التوا ہیں، سپریم کورٹ میں 641 ، ہائی کورٹس میں 792 اور ملک بھر کی سی این ایس کورٹس میں 2 ہزار 314 منشیات سمگلنگ سے متعلق کیسز زیر التوا ہیں۔
سب سے زیادہ کیسز پنجاب کی عدالتوں میں زیر التوا
منشیات سمگلنگ کے زیر التوا کیسز سے متعلق دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ پنجاب کی عدالتوں میں سب سے زیادہ کیسز التوا کا شکار ہیں، جن کی تعداد 963 ہے۔
دستاویز کے مطابق منشیات سمگلنگ سے متعلق پنجاب کی سی این ایس کورٹ میں 676 کیسز زیر التوا ہیں جب کہ سپریم کورٹ پنجاب رجسٹری میں 236 اور لاہور ہائی کورٹ میں 230 کیسز التوا کا شکار ہیں
خیبرپختونخوا کی عدالتوں کا زیر التوا کیسز میں دوسرا نمبر
دستاویز کے مطابق خیبر پختونخوا کی عدالتوں میں منشیات سمگلنگ سے متعلق 935 کیسز زیر التوا ہیں، سپریم کورٹ رجسٹری میں 181 اور ہائی کورٹ میں 77 کیسز زیر التوا ہیں، ان کے علاوہ صوبے کی سی این ایس کورٹس میں منشیات سمگلنگ سے متعلق 677 کیسز التوا کا شکار ہیں۔
اے این ایف کے ریجنل ڈائریکٹوریٹ نارتھ کے 705 کیسز عدالتوں میں زیر التواء ہیں، سی این ایس کورٹس میں 285، سپریم کورٹ میں 155 اور ہائی کورٹ میں 265 کیسز زیر التوا ہیں۔
دستاویز کے مطابق سندھ کی عدالتوں میں منشیات سمگلنگ سے متعلق 880 کیسز زیر التوا ہیں، اے این ایف ریجنل ڈائریکٹوریٹ سندھ کے سپریم کورٹ میں 19 ،ہائی کورٹ میں 185 مقدمات التوا کا شکار ہیں جبکہ سندھ کی سی این ایس کورٹس میں 767 کیسز زیر التوا ہیں۔
اے این ایف بلوچستان ریجنل ڈائریکٹوریٹ کے 264 کیسز عدالتوں میں زیر التوا، سپریم کورٹ میں 50 ، بلوچستان ہائی کورٹ میں 35 اور سی این ایس کورٹس میں منشیات سمگلنگ سے متعلق 179 مقدمات التوا کا شکار ہیں۔

آمدن سے زائد اثاثے: آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت مسترد

کراچی: (ویب ڈیسک) احتساب عدالت نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
کراچی کی احتساب عدالت میں سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے آغا سراج کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کردیا۔
ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں آغا سراج درانی نے کہا کہ تفصیلی فیصلہ دیکھنے کے بعد ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔
عمران خان کے اسمبلی توڑنے کے اعلان پر اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ اسمبلیاں 5 سال کے لیے ہوتی ہیں ان کو توڑنے کے لیے وجوہات چاہیے ہوتی ہیں، جو ممبران اسمبلی توڑنے کی قرارداد لاتے ہیں سپیکر ان کو چیمبر میں طلب کرتا ہے، ممبران کو اسمبلی توڑنے کی وجوہات سپیکر سامنے بیٹھ کر لکھنا ہوتی ہیں، اس کے بعد اسمبلیاں توڑنے کا فیصلہ ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ آغا سراج درانی جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں اور محکمہ داخلہ سندھ نے آغا سراج درانی کے گھر کو سب جیل قرار دے رکھا ہے۔

کرکٹر آف دی ائیر :محمد رضوان مسلسل دوسری بار نامزد

لاہور : (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ائیر 2022 کیلئے قومی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نامزد ہو گئے۔
انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ائیر کی لیے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا۔ قومی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان مسلسل دوسرے سال ایوارڈ کے لیے نامزد ہو گئے۔
بھارتی کرکٹر سوریا کمار یادیو ، زمبابوے کے سکندر رضا اور انگلینڈ کے سیم کرن بھی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ائیر کی نامزدگیوں میں شامل ہیں۔
ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والے قومی کرکٹر محمد رضوان نے رواں سال 25 میچز میں 996 رنز سکور کیے۔محمد رضوان نے وکٹ کیپنگ کے دوران 9 کیچز پکڑے اور 3اسٹمپ آوٹ بھی کیے۔

سردیوں کی تعطیلات میں 7 جنوری تک توسیع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں 7 جنوری تک توسیع کا اعلان کردیا گیا۔
اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں نے سردیوں کی تعطیلات میں توسیع کا اعلان کردیا۔نجی تعلیمی اداروں نے تعطیلات کی توسیع کا مراسلہ وزارت تعلیم کو ارسال کردیا۔
مراسلے کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پرائیوٹ تعلیمی اداروں میںسردیوں کی تعطیلات میں 7 جنوری تک توسیع کردی گئی۔چھٹیوں میں توسیع شدید سردی کے باعث کی گئی ہے۔

نوشہرہ :واپڈا کالونی کےگھرمیں سلنڈر دھماکہ ، 3 افراد جاں بحق

نوشہرہ : (ویب ڈیسک) نوشہرہ کی تحصیل پبی واپڈا کالونی سیکٹر کےرہائشی گھر میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے ۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکہ گیس لیکج کے باعث ہوا ، دھماکے سے گھر مکمل طور پر منہدم ہوگیا جبکہ چھت کے ملبے تلے دب کرسربراہ سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ۔
واقعے میں دو بچوں سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ، جاں بحق افراد میں واجد علی، ان کی زوجہ عالیہ واجد اور دو ماہ کی نومولود ماہ نورشامل ہیں ۔
ریسکیو کی جانب سے لاشوں اور زخمیوں کو میاں راشد میموریل ہسپتال پبی منتقل کر دیا گیا ہے ۔