سرکاری ہیلی کاپٹرنہ دینےکامعاملہ، گورنر پختونخوا اور وزیر اعلیٰ میں اختلافات بڑھ گئے

پشاور: (ویب ڈیسک) سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کے معاملے پر گورنر حاجی غلام علی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان میں اختلافات شدت اختیار کر گئے۔
گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے وزیراعلیٰ محمود خان کے ہیلی کاپٹر کو گورنر ہاؤس میں لینڈنگ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
گورنر کے پی غلام علی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر گورنر ہاؤس میں نہیں اتر سکے گا، وزیراعلی نے سرکاری ہیلی کاپٹر کو ذاتی ہیلی کاپٹر بنا دیا ہے، ذاتی ہیلی کاپٹر کے لیے وزیراعلی اپنے گھر میں بندوبست کریں
حاجی غلام علی نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کے ہیلی کاپٹر کو گورنر ہاؤس میں لینڈ نگ کی اجازت ہوگی۔
خیال رہے کہ گورنر کے پی حاجی غلام علی نے صوبائی حکومت سے 3 بار ہیلی کاپٹر مانگا تھا لیکن وزیراعلیٰ کے پی نے ہیلی کاپٹر گورنر کو دینے سے انکار کر دیا تھا۔

عام انتخابات تو دور ضمنی الیکشن کا ماحول بھی نہیں بن رہا: سعد رفیق

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عام انتخابات تو دور کی بات ضمنی الیکشن کا ماحول بھی نہیں بنے گا۔
وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے غیر قانونی اور غیر آئینی تھے، آئین و قانون کے مطابق استعفے آئیں تو سپیکر منظور کرنے میں دیر نہ لگائیں۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کے بعد اگر ضمنی الیکشن ہوتے ہیں تو ہونے دیں، لیکن پی ٹی آئی کا استعفے منظور ہونے پر عام انتخابات ہونے کا دعویٰ درست نہیں، عام انتخابات تو دور کی بات اب تو ضمنی الیکشن کا ماحول بھی نہیں بنے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس 4 حکومتیں ہیں، وہاں کوئی کارکردگی نہیں دکھا رہے، اسمبلی توڑ کرنئے الیکشن کی بات آئندہ انتخابات کو متنازع بنانے کیلئے ہے، متنازع انتخابات کسی بھی ملک و قوم کیلئے اچھے نہیں ہوتے۔
ٹیکنو کریٹ سیٹ اپ سے متعلق شیخ رشید کے بیان پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی یتیموں کی ایسی پھلجھڑیوں اور پیشگوئیوں کی کوئی اہمیت ہی نہیں، ملک کو اداروں کی مدد سے منتخب حکومت ہی چلائے گی۔

مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹروں کا دور دراز تبادلہ کر دیں: لاہور ہائیکورٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کا کیا کام کہ مظاہرہ کریں، جو ڈاکٹر مظاہرہ کریں ان کا دور دراز تبادلہ کر دیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سرکاری ہسپتالوں میں سہولتیں نہ ہونے کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت نے ہسپتالوں میں ہونے والے اخراجات نوٹیفائی کرنے کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن پرائیویٹ ہسپتالوں میں ٹیسٹوں کے ریٹ کا تعین کرے اور درج شکایات کو ہسپتالوں میں آویزاں بھی کیا جائے۔
جسٹس شاہد کریم نے ہسپتالوں کی انسپکشن ریگولر بنیادوں پر کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ کسی کو ہسپتال سے متعلق شکایت ہو تو پتا ہونا چاہیے اس کی شنوائی کے لیے فورم موجود ہے۔
سیکرٹری صحت پنجاب احمد جاوید قاضی نے ہسپتالوں میں سہولیات کی بہتری سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی اور بتایا کہ ایمرجنسی شعبے کے لیے مختلف عہدوں کی بھرتی کے لیے اشتہار دیا ہے، ڈاکٹرز اور نرسز کی بھرتیوں کا عمل شروع کیا جا چکا ہے اور ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کے لیے مستقل کمیٹی بنا دی ہے، جس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ قاضی صاحب آپ کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔
عدالت نے دوران سماعت مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز کے متعلق ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں کا کیا کام ہے مظاہرے کرنا؟ جو مظاہرہ کرے اسے تبدیل کر دیں، مظاہرے کرنے والوں کی کوئی جگہ نہیں، جو مظاہرہ کریں انہیں دور دراز بھیج دیں۔
جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا ہمیں چیف جسٹس جس بینچ میں کہتے ہیں ہم چلے جاتے ہیں، ٹیچنگ ہسپتال قانون کے مطابق دیے گئے ہسپتالوں میں سہولیات فراہم نہیں کر رہے، گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کے لیے انسپکشن ریگولر کرانے کے اقدامات یقینی بنائے جائیں، اگر بجٹ کا مسئلہ ہو تو عدالت کو آگاہ کریں۔
لاہور ہائیکورٹ نے ہیلتھ کیئر کمیشن کو شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر نظام واضح کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نظام وضع کریں جو چلتا رہے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

بھارت دہشتگردی ترک کرکے تنازعہ کشمیر حل کرے تومذاکرات ممکن ہیں: دفترخارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، بھارت دہشتگردی ترک کرکے تنازعہ کشمیرحل کرے تو مذاکرات ہو سکتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ 2022 پاکستان کے خارجہ تعلقات کے حوالے سے اہم رہا ہے ، یو این او ،ایس سی او آئی سی کے سیکرٹری جنرلز نے پاکستان کا دورہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اکتوبر میں پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالا گیا، وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے مختلف ممالک کے دورے کیے جبکہ تمام دوست ممالک کیساتھ تعلقات بہتری کی طرف جارہےہیں ، افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات میں اضافہ ہوا، پر امن اور خوشحال افغانستان پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے۔
ترجمان نے افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے پاکستان کا واضح مؤقف ہے ، وزیرخارجہ اور وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے مختلف فورمز پر افغان حکام سے ملاقاتیں کیں ، پاکستان افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر اٹھائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت ذمہ دار ملک کا کردار ادا کرے تو ہی بات چیت ممکن ہے، بھارت، پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی ختم کرے ، او آئی سی سیکرٹری جنرل کا ایل او سی کا دورہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا مظہر ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے اورکشمیرسمیت تمام تنازعات پر بات چیت کا خواہاں ہے، سال 2022ء میں لائن آف کنٹرول پر فائر بندی سے امن برقرار رہا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ یو این او کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف جنوری میں سیلاب اور موسمیاتی تبدیلی پر مشترکہ کانفرنس کی سربراہی کریں گے ، اہم ممالک کے سربراہان اور یو این سیکرٹری جنرل جنیوا کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔

نیب کا وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بڑا ریلیف، منجمد اثاثے بحال کر دیئے

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نیب سے بڑا ریلیف مل گیا، نیب کے حکم پر ضلعی انتظامیہ لاہور نے اسحاق ڈار کے منجمد اثاثہ جات کو بحال کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد 7ایچ گلبرگ تھری ہجویری ہاؤس کی سپرداری کروا دی ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسحاق ڈار کے بنک اکاونٹس کو بحال کرنے کا مراسلہ بھی بنک انتظامیہ کو جاری کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے نجی بینکوں میں اسحاق ڈار کے اکاؤنٹس کو بحال کرنے کے لئے بھی بینک انتظامیہ کو خط لکھا دیا ہے۔
لاہور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نیشنل اکاؤنٹبیلٹی بیورو کو دوبارہ خط کی تصدیق پر ایک گھر کی سپرداری کروا دی ہے، نیب کے حکم پراسحاق ڈار کے اکاونٹس کی بحالی بارے مراسلہ بھیجا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شہبازگل کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے رہنما تحریک انصاف شہباز گل کی گرفتاری سے روکنے کیلئے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کر دی۔
قومی اداروں کیخلاف تضحیک آمیز بیانات کیس میں سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی گرفتاری سے روکنے کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے شہبازگل کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کر دی۔
رہنما پی ٹی آئی شہباز گل نے اپنی درخواست میں مؤقف پیش کیا کہ میرے خلاف تھانہ سرجانی ٹاون، بریگیڈ اور رضویہ میں مقدمات درج کئے گئے ہیں، اسی بیان سے متعلق ایک مقدمہ لاہور کے تھانہ مانگا منڈی میں درج ہوچکا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ایک واقعہ کا ایک ہی مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے، عدالت سے درخواست ہے کہ کراچی میں درج مقدمات کو کالعدم قرار دیا جائے اور درخواست پر فوری سماعت کی جائے۔
جسٹس عرفان سادات نے ریمارکس دیئے کہ ہم صرف نئے کیسزکی فوری سماعت کی اجازت دیتے ہیں، پہلے سے زیرسماعت مقدمے میں فوری سماعت کی استدعا منظور نہیں کی جاتی، عدالتی قواعد کے مطابق روسٹر برانچ کے ذریعے درخواست دائر کی جائے۔
بعدازاں عدالت نے شہبازگل کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کر دی۔

سپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی ارکان کے اجتماعی استعفے منظور کرنے سے انکار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی ارکان کے اجتماعی استعفے منظور کرنے سے انکار کر دیا، ممبران کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سابق سپیکر اسد قیصر کی قیادت میں پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ نے سپیکر قومی اسبملی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے حکمت عملی پر بات چیت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ٹی آئی پارلیمانی وفد میں سابق سپیکر اسد قیصر، سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، پی ٹی آئی چیف وہیب عامر ڈوگر، سابق وزیر مملکت ڈاکٹر شبیر قریشی، اراکین فہیم خان اور عطاء اللہ شامل تھے۔
ملاقات کے دوران سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے، سیاست دانوں میں رابطے ہونے چاہیے، استعفوں کی تصدیق کے لئے آئین اور اسمبلی قواعد وضوابط کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا، استعفوں کے لئے تمام ممبران کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پہلے بھی پی ٹی آئی ممبران کو استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے مدعو کیا گیا تھا، پی ٹی آئی کے کراچی سے ایک رکن اسمبلی نے استعفیٰ کی منظوری روکنے کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

کورونا کا خطرہ، امریکا نے چین پر پابندیاں لگا دیں

امریکا : (ویب ڈیسک) کورونا کا خطرہ بڑھنے کے بعد امریکا نے بھی چین پر پابندیاں لگا دیں، اٹلی، جاپان، ملائیشیا، تائیوان اور بھارت کے بعد اب امریکہ نے چین سے آنے والے مسافروں کے حوالے سے سخت اقدامات کیے ہیں۔
امریکہ نے چین سے آنے والے مسافروں کے لیے کووڈ ٹیسٹ لازم قرار دے دیا ہے، امریکی محکمہ صحت نے بیان دیا ہے کہ فضائی مسافروں کو روانگی سے دو دن پہلے کورونا ڈ ٹیسٹ کرانا ہوگا، جن لوگوں کا پرواز سے 10 دن پہلے مثبت نتیجہ آئے گا وہ منفی ٹیسٹ کے نتائج کی بجائے کرونا سے صحت یاب ہونے کی دستاویزات فراہم کر سکتے ہیں۔
امریکہ کے مطابق وہ صورتحال کی نگرانی کے ساتھ ضرورت کے مطابق اپنے رد عمل کو ایڈجسٹ کرے گا۔
دوسری جانب چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے ہفتے اپنی سرحدیں دوبارہ کھول رہا ہے، بیجنگ کا موقف ہے کہ کورونا وائرس کے قوانین کو ’سائنسی‘ بنیادوں پر لاگو کیا جانا چاہیے لیکن کچھ ممالک اور میڈیا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
جاپان میں گذشتہ سات دنوں کے دوران چین جا کر آنے والے تمام مسافروں کا کووڈ ٹیسٹ کیا جائے گا، جن لوگوں کا ٹیسٹ مثبت آتا ہے اگر ان میں علامات ظاہر ہوں تو سات دن ، نہیں تو پانچ دن کے لیے قرنطینہ کر دیا جائے گا، جبکہ چین آنے اور جانے والی پروازوں کی تعداد بھی محدود رہے گی۔
بھارت میں چین اور چار دیگر ایشیائی ممالک سے سفر کرنے والے افراد کو پہنچنے سے پہلے منفی کوویڈ ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ مسافروں کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا اگر ان میں علامات یا ٹیسٹ مثبت آیا۔

موجودہ حکومت نے واپس آنے والے طالبان پر توجہ نہیں دی جو دہشت گردی کی وجہ ہے

لاہور: (ویب ڈیسک) عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے افغانستان سے واپس آنے والے طالبان پر توجہ نہیں دی جو دہشت گردی کی تازہ لہر کی وجہ ہے۔
ترکی کے اسکالرز اور طلبا سے آن لائن گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی طالبان اور افغانی طالبان میں فرق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوویت یونین کے خلاف جنگ میں افغان طالبان کا ساتھ پاکستانی پشتونوں نے دیا۔ اس وقت ان سے کہا گیا کہ یہ جہاد ہے کیونکہ یہ بیرونی حملہ آوروں کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ نائن الیون کے بعد امریکہ کے معاملے میں انھیں منع کیا کہ یہ دہشت گردی ہو گی۔ اس لیے وہ پاکستان کے خلاف ہو گئے۔حتی کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں بھی لوگ پاکستان کے خلاف ہو گئے ۔ جو ٹی ٹی پی کہلاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:افغانستان میں نمائندہ حکومت قائم ہونی چاہیے، حامد کرزئی
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس وقت بھی کسی کی جنگ کا حصہ بننے کی مخالفت کی تھی۔ اس معاملے میں پاکستانی حکومت کو نیوٹرل رہنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ افغانستان طالبان کا پاکستانی طالبان سے تعلق نہیں ہے۔ کابل پر قبضے کے بعد افغان طالبان نے پاکستان طالبان سے کہا کہ واپس پاکستان چلے جائیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ بہترین وقت تھا ان سے مذاکرات کرنے کا تاکہ انھیں دوبارہ آباد کیا جا سکتا۔ میری حکومت ان سے رابطے میں تھی۔ 40 ہزار افراد واپس آ رہے تھے جن میں سے 10 ہزار جنگجو تھے اور ان کے خاندان بھی تھے۔
انہوں نے کہا ہے کہ لیکن مجھ سے مذاکرات کا اختیار لے لیا گیا۔ اور نئی حکومت نے افغانستان سے واپس آنے والے طالبان پر توجہ نہیں کی اس لیے اب پاکستان میں دشہت گردی کی تازہ لہر موجود ہے۔ دہشتگردی کی تازہ لہر پر قابو پانا ہوگا ۔ اس سے پہلے کے بات ہاتھ سے نکل جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ دور میں عافیہ صدیقی کی رہائی پر بات چیت آگے بڑھی تھی، ٹرمپ انتظامیہ کے جاتے ہی عافیہ صدیقی کی رہائی پرمذاکرات آگے نہیں بڑھ سکے۔

کورونا کے نئے ویریئنٹ کا خطرہ، ائیر پورٹس پر اسکریننگ بڑھانے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے کورونا کی نئی قسم کے پھیلاو کے خدشے کے پیش نظر ائیر پورٹس پر نگرانی بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔
مختلف ممالک میں کورونا کی نئی اقسام سامنے آنے پربارڈر ہیلتھ سروسز نے سی اے اے کومراسلہ جاری کردیا۔بارڈر ہیلتھ سروسز نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کےلیےتمام ایئرپورٹ پر اسکریننگ کا عمل سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
کووڈ کے نئے ویرینٹس کے پھلاؤ کے خدشے کے پیش نظر حکام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ دوسرے ممالک سے آنے والے لوگ پاکستان بھر کے ہوائی اڈوں پر تھرمل سکینرز سے گزر کر جائیں۔
بارڈر ہیلتھ سروسز نے سی اے اے کوہدایت کی ہے کہ انٹرنیشنل ایرائیول لاؤنج میں فیومی گیشن کا خاص خیال رکھا جائے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ہیلتھ ورکر،ماسک، دستانوں سمیت حفاظتی سامان کا استعمال کریں۔ ان باؤنڈ پروازوں پر رینڈم سیمپلنگ کی جائے۔
مراسلے کی مطابق مسافروں کی جانب سے بعض اوقات مزاحمت کی جاتی ہے جس کے باعث اے ایس ایف کوتعینات کیا جائے۔
دوسری جانب امریکہ نے چین سے آنے والے مسافروں کے لیے کووڈ ٹیسٹ لازم قرار دیا دے دیاہے ۔ اس سے قبل اٹلی، جاپان، ملائیشیا، تائیوان اور انڈیا بھی چین سے آنے والے مسافروں پر پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ چین میں کوروناکی قسم اومی کرون کے سب ویریئنٹ بی ایف 7 کے کیسز تیزی سے بڑھ رہی ہیں ، اسی اثنا میں چین نے ملک میں داخل ہونے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیاہے