افغانستان میں نمائندہ حکومت قائم ہونی چاہیے، حامد کرزئی

افغانستان : (ویب ڈیسک) افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی کا کہنا ہے کہ بہتر ہے کہ وسیع تر ڈائیلاگ کے ذریعے تمام طبقات پرمشتمل حکومت قائم کی جائے اور آئین بنایا جائے۔
سابق افغان صدر نے امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ افغانستان کو امریکا، روس اور چین کے درمیان اختلافات کا مرکز دیکھنا نہیں چاہتے کیونکہ جو 19 ویں اور20 ویں صدی میں ہوا وہی اب ہوتا نظر آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ طالبان اور ملک کیلئے یہی بہتر ہے کہ وسیع تر ڈائیلاگ کے ذریعے تمام طبقات پرمشتمل حکومت قائم کی جائے اور آئین بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کے سینیئر لیڈرز سے بات ہوتی رہتی ہے، اصولی طورپر طالبان بھی وسیع تر ڈائیلاگ پر متفق ہیں اس لیے وہ پر امید ہیں کہ ایسا ہوگا۔
حامد کرزئی نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ افغانستان میں حکومت ٹوٹ جائے تاہم نمائندہ حکومت قائم ہونی چاہیے۔ موجودہ صورتحال کی ذمہ داری امریکا اور افغانستان دونوں ہی پرعائد ہوتی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ افغانستان کے منجمد فنڈز بحال کرے، یہ نہیں ہونا چاہیے کہ دہشتگردی سے بدترین متاثرغریب ترین افراد کی رقم امریکا میں نائن الیون کے متاثرین کو دے دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ افغانستان میں استحکام لائے، دہشتگردی کا خاتمہ کرنے کے نام پر لڑی گئی جنگ حقیقت میں افغان عوام کے خلاف تھی اوراسی لیے انہوں نے طالبان کی حمایت کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہافغانستان میں کرپشن کا ذمہ دار امریکہ ہے۔افغان عوام ملکی صورتحال اور سمت پرتشویش کاشکار ہیں، مگر جلد صورتحال بہتر ہوجائے گی۔

پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کہاں ہونے جا رہی ہے ؟

لاہور: (ویب ڈیسک) پاک بھارت کرکٹ میچز کے فین دنیا بھر میں موجود ہیں، میلبرن کرکٹ کلب اور وکٹوریہ گورنمنٹ نے پاک بھارت ٹیسٹ کی میزبانی کے لیے کرکٹ آسٹریلیا سے رابطہ کیا ہے۔
ایم سی سی کے چیف ایگزیکٹو اسٹیورٹ فوکس نے ریڈیو کمنٹری کے دوران کہا کہ ایم سی سی اور وکٹوریہ گورنمنٹ نے اکتوبر میں پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ کے کامیاب انعقاد کے بعد کرکٹ آسٹریلیا سے رابطہ کیا ہے، ہمیں پاکستان اور بھارت کے میچ کی میزبانی کر کے اچھا لگے گا۔پاکستان اور بھارت کا میچ ایم سی جی میں ورلڈ کپ میں 90 ہزار سے زائد تماشائیوں نے دیکھا ، اور اگر ٹیسٹ میچز ہوتے ہیں تو وہ بھی شاندار ہوں گے، اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے بات کی ہے، یہ معاملہ بہت پیچیدہ ہے لیکن ہم نے اور وکٹوریہ حکومت نے کرکٹ آسٹریلیا سے بات کی ہے، ہاؤس فل میں کھیل کے جشن کے لیے شاندار ماحول ہو گا، نیوٹرل وینیو پر ٹیسٹ سیریز یا ٹیسٹ کھیلنا پاکستان اور بھارت کے بورڈز کے ہاتھ میں ہے۔
واضح رہے میلبرن کرکٹ کلب ایم سی جی کے تمام انتظامات سنبھالتی ہے۔
آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں کے شائقین بڑی تعداد میں آسٹریلیا میں موجود ہیں، اگر دونوں بورڈز کے درمیان کوئی معاہدہ ہوتا ہے تو کرکٹ آسٹریلیا کو میزبانی میں دلچسپی ہو گی۔

لمبی مدت کی نگران حکومت لانا بدترین غلطی ہوگی: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ جو حکومت بلدیاتی الیکشن نہیں کراسکتی وہ عام انتخابات کہاں کروائے گی؟۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چودھری نے لکھا کہ ملکی حالات کے پیش نظر انتخابات کروانے پڑیں گے، لمبی مدت کی نگران حکومت لانا بدترین غلطی ہوگی۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ انتخابات مسئلے کا واحد حل ہیں، ملکی حالات کے پیش نظر انتخابات کروانے پڑیں گے۔

قمبرمیں سیلاب سے متاثرہ 36 جوڑوں کی اجتماعی شادی

کراچی : (ویب ڈیسک) قمبر کے علاقے نصیر آباد میں سیلاب سے متاثرہ36 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سیلاب متاثرہ جوڑوں کا تعلق گاجی کھاوڑ، نصیرآباد اور وارہ سے ہے جن کی شادی کی تقریب میں ان کے عزیز واقارب بھی شریک ہوئے ۔
سماجی تنظیم کی جانب سے دلہنوں کو ایک ایک لاکھ روپےکا جہیز بھی دیا گیا، شادی میں شریک افراد کی تواضع کیلئے کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا ۔

الیکشن واحد حل، ٹیکنوکریٹ حکومت سیاسی گمشدگی کم نہیں کروا سکے گی: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام ہو گا تو معاشی ماہرین نتائج دے سکیں گے، سیاسی عدم استحکام میں سارے معاشی ارسطو ناکام ہوجائیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں شیخ رشید نے کہا جو بلدیاتی انتخاب نہیں کروارہے وہ جنرل الیکشن خاک کروائیں گے، کارخانے بند ہو رہے ہیں، ڈالر کا حوالہ ریٹ 270 روپے ہو گیا ہے، 2 سالہ ٹیکنوکریٹ حکومت سیاسی گمشدگی کم نہ کرا سکے گی، الیکشن ہی واحد حل ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا وزیراعظم کو ڈیفالٹ کا مطلب نہیں معلوم تو غریب کے گھر جاکر دیکھیں، نئے سال کے پہلے 3 مہینوں میں 8.3 ارب ڈالر کی ری پیمنٹ کرنی ہے، معاشی، سیاسی، اقتصادی دہشتگردی ہی اصل مسئلہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 ماہ سے پی ڈی ایم بھیک مانگ رہی ہے، انہیں کوئی خیرات نہیں دے رہا، نہ انہیں پاکستان میں عزت مل رہی ہے نہ باہر سے عزت اور امداد مل رہی ہے۔

لاہور: بارش کے باعث مختلف حادثات میں 25 سے زائد افراد زخمی، ایک جاں بحق

لاہور: (ویب ڈیسک) شہر میں بارش سے پھسلن، فوگ اور سموگ کے باعث مختلف حادثات میں 25 سے زائد افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق فیروز پور پر بارش سے پھسلن کے باعث مختلف حادثات پیش آئے ، حادثات کے نتیجے میں 25 سے زائد افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد جنرل ہسپتال منتقل کر دیا۔
ایک اور حادثے میں چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹر نعمان بھی جاں بحق ہو گئے ہیں، ان کی ڈیڈ باڈی کو جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے ایم ایس جنرل ہسپتال کو زخمیوں کے بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

عمران خان کی مقبولیت کا جن پی ڈی ایم کو چین نہیں لینے دے رہا: فیاض چوہان

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب اور سابق وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی مقبولیت کا جن پی ڈی ایم کو چین سے نہیں سونے دے رہا۔
ملک میں ٹیکنو کریٹ حکومت کے شوشے پر رد عمل دیتے ہوئے فیاض چوہان نے کہا کہ پی ڈی ایم نے عمران خان کی مقبولیت کے ڈر سے سندھ اور اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشنز ملتوی کروائے، اب یہ لوگ قومی الیکشنز کروانے سے گریزاں ہیں اور فرار چاہتے ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اب پی ڈی ایم کی جانب سے ٹیکنوکریٹ حکومت کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے جس کی آئین میں گنجائش نہیں، عمران خان کو ملکی سیاست سے دور رکھنے کے لئے ایسی باتیں کی جا رہی ہیں۔
سابق وزیر نے مزید کہا کہ پوری پی ٹی آئی اس شوشے اور اختراع کی پر زور مذمت کرتی ہے، اگر ایسا ہوا تو اسکی بھرپور طریقے سے مزاحمت کریں گے۔

جہلم : گھر میں آگ لگنے سے لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر

جہلم : (ویب ڈیسک) کالا گجراں کے علاقے میں گھر میں آگ لگنے سے لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا ۔
جہلم کے علاقے کالا گجراں میں گھرمیں آگ لگنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے ، آگ سے گھر میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کرراکھ کا ڈھیر بن گیا ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ، ریسکیو ٹیم نے بروقت پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔
ریسکیو کے مطابق آگ گیزر کے شاٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے لگی ۔

بھارتی فوجیوں نے ضلع جموں میں 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا

سرینگر: (ویب ڈیسک) غیرقانونی زیر قبضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج نے جعلی مقابلے میں مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے جموں میں نوجوانوں کو گاڑی سے اتارنے کے بعد شہید کیا، بعد میں بھارتی فوج نے انہیں عسکریت پسندوں کے طور پر پیش کیا۔
بھارتی فوج نے کہا کہ چاروں کشمیری محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک جھڑپ میں مارے گئے، تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوان عام شہری تھے اور انہیں جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔
دوسری جانب بھارتی حکام نے مسلمانوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی سے روکنے کیلئے ضلع بارہمولہ کے علاقے پٹن میں دفعہ 144 کے تحت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

استعفوں کا معاملہ: پی ٹی آئی کا وفد آج سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریگا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے استعفوں کے معاملہ پر پی ٹی آئی پارلیمانی وفد آج کچھ دیر میں سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق ارکان اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے تحریک انصاف کا وفد آج سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کرے گا، شاہ محمود قریشی، عامر ڈوگر، اسدعمر، فواد چوہدری وفد میں شامل ہوں گے۔
اسد قیصر، پرویز خٹک بھی پی ٹی آئی وفد میں شامل ہوں گے، پی ٹی آئی وفد سپیکر قومی اسمبلی سے اپنے ارکان کے استعفوں کی تصدیق کا لائحہ عمل طے کریں گے۔