پی ٹی آئی حکومت نے اوسط سالانہ9.174ارب ڈالر قرضے اداکیے

پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے اپنے دورمیں اوسطاً سالانہ 9.174 ارب ڈالر سود اورقرضے کی مد میں ادائیگی کی جب کہ (ن)لیگ نے اپنے 5سالہ دور میں اوسطاً سالانہ 5.414ارب ڈالر سود اور قرضے کی مد میں ادا کیے تھے۔ پی ٹی آئی حکومت نے اگست2018سے اکتوبر2021تک 38.8 ارب ڈالر غیر ملکی قرضہ لیا جبکہ اسی عرصہ کے دوران پی ٹی آئی حکومت نے 29.815ارب ڈالر غیر ملکی قرضے واپس کیے۔ دستاویزات کے مطابق یکم اگست 2018تا 31اکتوبر 2021تک حکومت پاکستان نے غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس کی صورت میں مجموعی طورپر 38.8ارب ڈالر لیے، جس میں قرضے کی مد میں 37.857 ارب ڈالر جبکہ گرانٹس کی مد میں 1.007ارب ڈالر وصول کئے۔ اگست 2018سے اکتوبر2021 تک 39 مہینوں میں وفاقی حکومت نے 29.815ارب ڈالر اصل زر اور سود کی مد میں(اوسطاً9.174ارب ڈالر سالانہ) ادائیگیاں کیں، جولائی2013سے جون2018تک 5سال میں (ن)لیگ نے 49.762ارب ڈالر غیر ملکی قرضے لیے جبکہ 5 سالوں میں 27.071 ارب ڈالر غیر ملکی قرضہ واپس کیا۔ پانچ سالوں میں (ن) لیگ حکومت نے 22.691 ارب ڈالر خالص قرضہ حاصل کیااور 27.071ارب امریکی ڈالر (اوسطاً سالانہ5.414ارب ڈالر) غیر ملکی قرضہ واپس کیا۔

خودکشی کرنے والی میڈیکل کی طالبہ کا والدین کو لکھا گیا آخری خط سامنے آ گیا

گزشتہ روز مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی میڈیکل کی طالبہ کا والدین کو لکھا گیا آخری خط سامنےآگیا۔ میڈیکل کی طالبہ عصمت کی جانب سے والدین کو لکھے گئے آخری خط میں کہا گیا کہ آپ دونوں سے معافی چاہتی ہوں، آپ کو بہت دکھ ہو گا لیکن میں کمزور ہو گئی ہوں، مجھے معاف کر دیجیےگا۔ دوسری جانب ویمن پروٹیکشن سیل نے میڈیکل کی طالبہ عصمت کے زیر استعمال اشیاء تحویل میں لے لی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پیپلز میڈیکل کالج نوابشاہ کی طالبہ عصمت کی لاش گزشتہ روز گھر سے ملی تھی، لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا ہے، رپورٹ کا انتظارہے۔ عصمت کے والدین کا کہنا ہے کہ بیٹی نے خودکشی کی ہے، اس کے سینے پر گولی کا نشان ہے جبکہ 3 روز قبل طالبہ کو ہراساں کرنے کا مقدمہ بھی درج ہوا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ کے والد کی مدعیت میں 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق ثمن سولنگی نامی شخص عصمت کو بلیک میل کر رہا ہے، ثمن سولنگی جعلی نکاح نامہ بنوا کر عصمت کو ہراساں کر رہا ہے۔ عصمت کے والد کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر میں یہ بھی لکھوایا گیا کہ ثمن سولنگی نے بیٹی کو دھمکیاں دے کر اس سے 90 ہزار روپے بھی لیے ہیں، میری بیٹی رقم ثمن سولنگی کے اکاؤنٹ میں منتقل کرتی رہی، بیٹی عصمت شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں نامزد ایک ملزم گرفتار ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

آریز احمد اور حبا بخاری نکاح کے فوراً بعد ہائی جیک ہوگئے

حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے اداکار آریز احمد اور اداکارہ حبا بخاری کو رات گئے دوستوں نے ہائی جیک کر لیا۔ انسٹاگرام پر اداکار آریز احمد کی جانب سے ایک اسٹوری شیئر کرتے مداحوں کو رات گئے پیش آنے والے واقعے سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ ویڈیو میں حبا آریز کو ٹھنڈ میں جیکٹ پہنے گاڑی میں دوستوں کے ہمراہ جاتے دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو میں موجود شخص کہہ رہا ہے کہ رات کے 3:30 بجے کا وقت ہے اور ہم دلہا دلہن کو ہائی جیک کرکے چائے پلانے لے جا رہے ہیں۔ جس پر گاڑی میں موجود حبا بخاری اور آریز بھی دوست کی جانب مسکرا کر دیکھتے ہیں۔ آریز احمد کی اگلی انسٹا اسٹوری پر انھیں دوستوں اور اہلیہ کے ہمراہ ہوٹل پر بیٹھے بھی دیکھا گیا۔ خیال رہے کہ دو روز قبل حبا بخاری اور اداکار آریز احمد کے نکاح کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، بعد ازاں گزشتہ روز اداکارہ کی رخصتی کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

شیرشاہ میں پراچہ چوک پر سیوریج نالے میں ایک بار پھر دھماکا

کراچی کے علاقے شیرشاہ میں پراچہ چوک کے قریب سیوریج نالے میں اتوار کی سہہ پہر پھر دھماکا ہوا جس میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ شیرشاہ پولیس کے مطابق اتوار کو دھماکے کے مقام پر پھلوں پر بازار لگتا ہے اور بہت لوگ خریداری کیلئے پہنچتے ہیں۔ عینی شاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ شیر شاہ پولیس کے مطابق شیر شاہ کے آج کے دھماکے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم موقع پر لوگوں کا ہجوم ہے جس کے باعث ٹریفک جام ہو گیا۔ خیال رہے کہ اسی مقام پر دو روز قبل بھی دھماکا ہوا تھا جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔ پراچہ چوک کے اس مقام سے دوسری طرف ایک بینک میں دھماکے کے نتیجے میں کئی ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

جنوبی افریقی بورڈ کا پی ایس ایل کے لئےکھلاڑیوں کو اجازت دینے سے انکار

جنوبی افریقا نے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں شرکت سے روک دیا ہے۔ 

جنوبی افریقا کے کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں شرکت کے لئے این او سی دینے سے انکار کردیا ہے۔

جنوبی افریقا کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر گریم اسمتھ نے کہا ہے کہ بورڈ اپنے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لئے این او سی جاری نہیں کرے گا، یہ اقدام جنوبی افرقیا کے بین الاقوامی کرکٹ شیڈول اور مقامی کرکٹ ایونٹس کو مد نظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔

گریم اسمتھ نے کہا کہ جنوبی افریقا کو نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے جب کہ بنگلا دیش کی ٹیم کا بھی دورہ جنوبی افریقا شیڈول ہے، اس صورت حال میں سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو سب سے پہلے اپنی قومی فرائض کے لیے دستیاب ہونا چاہیے۔

ڈائریکٹر جنوبی افریقا کرکٹ کا کہنا تھا جب بھی ہمارا کرکٹ شیڈول ٹی 20 ایونٹس سے متصادم نہیں ہوگا، ہم اپنے کھلاڑیوں کو ماضی کی طرح ان ایونٹس میں حصہ لینے کی اجازت دیں گے۔

جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کا پی ایس ایل کی کسی فرنچائز پر اثر نہیں پڑے گا کیونکہ پی ایس ایل کے آئندہ سیزن میں عمران طاہر، رلے روسو اور مرچنٹ ڈی لانگے شامل ہیں اور یہ تینوں کھلاڑی جنوبی افریقا کے سینٹرل کنٹریکٹ میں نہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 2022 کا آغاز 27 جنوری کو ہوگا، 32 روزہ ایونٹ میں 34 مقابلے ہوں گے۔

یوکرین کے مسئلے پر لچک کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا، روس نے واضح کردیا

روس نے کہا ہے کہ وہ امریکا کے دباؤ میں آکر یوکرین تنازعے اور یورپی یونین کا مذاکرات کا حصہ بننے سے متعلق کوئی رعایت نہیں برتے گا۔ رائٹرز کے مطابق روسی نائب وزیر خارجہ سرجی ریابکوو نے امریکا کے ساتھ ہونے جارہے مذاکرات سے قبل یہ واضح کردیا ہے کہ روس کی جو شرائط پہلے تھیں وہ نہیں بدلیں گی۔ نائب وزیر خارجہ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اور نیٹو کی جانب سے امریکا کو ہدایات آرہی ہیں جو کہ مایوس کُن ہے۔ یوکرین کی سرحد سے روس اپنی فوج اس وقت تک نہیں ہٹائے گا جب تک نیٹو کی پیش قدمی نہیں رُکتی اور دوسرا یورپی یونین کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں، لہٰذا وہ مذاکرات کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا کہ روس اپنی سیکورٹی کو یقینی بنائے جانے سے متعلق کوئی رعایت نہیں برتے گا۔ مذاکرات سے متعلق وزارت خارجہ نے کہا کہ ابھی کے حالات ہی بتا رہے ہیں کہ مذاکرات حوصلہ افزا نہ ہوں اور ہوسکتا ہے ایک میٹنگ کے بعد ہی اختتام پذیر ہوجائیں۔

200 افراد سے 20 کروڑ کا آن لائن فراڈ کرنے والے دو مفرور ملزمان گرفتار

ایف آئی اے نے آن لائن بزنس کے نام پر لوگوں سے فراڈ کرنے والے دو مفرور ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ترجمان کے مطابق آن لائن فراڈ کمپنی سے وابستہ دو ملزمان سلیمان ولد ایم یحییٰ اور محمد اویس ولد محمد ارشاد کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان کے خلاف 20 کروڑروپے سے زائد کی مشکوک ٹرانزیکشنز کے الزامات پر مقدمہ درج ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان سلیمان اور اویس نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور مختلف سرمایہ کاری کی دھوکا دہی کی اسکیموں کی آڑ میں 200 سے زائد معصوم لوگوں سے کروڑوں روپے لوٹ لیے، دونوں ملزمان معصوم لوگوں کو لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون ون کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے، کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کی زیر نگرانی مقدمہ کی تفتیشی افسر انسپکٹر مہوش افتخار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملزمان کے ٹھکانوں کا سراغ لگانے کے لیے چھاپے مارے اور ایف بی ایریا اور گلشن اقبال، کراچی سے دونوں مفرور ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

سلطان راہی کومداحوں سےجداہوئے26 برس بیت گئے

 پنجابی فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا۔

پاکستان فلم انڈسٹری کے سپر اسٹارسلطان راہی کو مداحوں اور پیاروں سے جدا ہوئے 26 برس بیت گئے۔

 سلطان راہی نےفنی سفر کا آغاز 50 کی دہائی میں بطور ایکسٹرا کیا۔ ان کو تقریبا 15 سال بطور ہیرو پہلی کامیابی 1972 میں فلم بشیرا کی صورت میں ملی۔

فلم وحشی جٹ اورمولا جٹ نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچادیا۔2اگست 1981 کو ان کی  تین فلمیں  شیر خان، سالا صاحب اور چن وریام ایک ساتھ آئیں اور سپر ہٹ ہوگئیں۔

سلطان راہی نےایک ہزار سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری کےجوہر دکھائےاور فلمی کیریئر میں 160 ایوارڈ اپنے نام کئے۔

لالی وڈ فلمی صنعت  کا یہ سلطان 9 جنوری 1996 کو قتل کردیا گیا

پوپ فرانسس کا سانحہ مری پر اظہار افسوس

کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے سانحہ مری پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ویٹی کن میں منعقد تقریب میں سانحہ مری میں جاں بحق افراد کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔ پوپ فرانسس نے سانحہ مری پر اظہار افسوس کرتے ہوئےکہا ہےکہ وہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ خیال رہے کہ مری میں 7 جنوری کی رات کو آنے والے برفانی طوفان نے 20 سے زائد زندگیاں نگل لیں، حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔

سانحہ مری:گاڑیوں میں بیٹھے افرادکاربن مونو آکسائیڈ سے جاں بحق ہوئے، ابتدائی رپورٹ پیش

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو سانحہ مری کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی گئی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق7 جنوری کو مری میں 16گھنٹے میں4 فٹ برف پڑی،3 جنوری سے7 جنوری تک ایک لاکھ 62 ہزارگاڑیاں مری میں داخل ہوئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ گاڑیوں میں بیٹھے 22 افرادکاربن مونو آکسائیڈ سے جاں بحق ہوئے، 16 مقامات پر درخت گرنے سے ٹریفک بلاک ہوئی، مری جانے والی 21 ہزارگاڑیاں واپس بھجوائی گئیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹریفک لوڈمینجمنٹ نہ کرنے پر اظہار برہمی کیا ہے۔