ڈیڑھ کروڑ افراد کا ڈیٹا مل چکا، اسی ماہ نوٹسز بھیجنا شروع کردیں گے، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے اعلان کیا ہے کہ ڈیڑھ کروڑ افراد کا ڈیٹا مل چکا ہے اور اسی ماہ لوگوں کو نوٹسز بھیجنا شروع کردیں گے۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے سال 2019کی پارلیمنٹرینز ٹیکس ڈائریکٹری کا افتتاح کیا اور اس موقع پر تقریب سے خطاب میں کہا کہ ٹیکس کلچر بنانا ہے تو شروعات پارلیمنٹیرین سے ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ ٹیکس سسٹم میں شفافیت اور آسانی لانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، معاشرے کی ترقی میں ٹیکس کا بڑا اہم کردار ہے، کرنٹ اخراجات بھی اپنے ریونیو سے پورا نہیں کرپارہے ادھار لینا پڑتا ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ انکم ٹیکس سمیت صرف 2 قسم کا ٹیکس ہونا چاہیے، صرف انکم ٹیکس اور کنزامپشن ٹیکس ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہر آدمی کی آمدنی کے مطابق اس کا ٹیکس کاٹا جائے گا، ہمارے پاس ڈیڑھ کروڑ افراد کے نام ہیں، انہیں استعمال کریں گے، اسی ماہ لوگوں کو نوٹسز بھیجنا شروع کردیں گے، نادرا کے ساتھ مل کر ٹیکس کا دائرہ کار بڑھا رہے ہیں۔

پانچ عالمی جوہری طاقتوں کا ایٹمی جنگ شروع نہ کرنے پر اتفاق

پانچ عالمی جوہری طاقتیں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ روکنے کیلئے متحدہو گئیں، ایٹمی جنگ شروع نہ کرنے کے معاہدے پر اتفاق کر لیا۔
پی فائیو گروپ میں شامل امریکا، روس، برطانیہ، چین اور فرانس نے اتفاق کیا ہے کہ جوہری جنگ کبھی نہیں جیتی جا سکتی، اس کے دور رس نتائج نکلتے ہیں لہٰذا رکن ممالک ایک دوسرے اور کسی دوسرے ملک کے خلاف جوہری جنگ نہیں لڑیں گے۔
رکن ممالک نے اتفاق کیا کہ جوہری ہتھیار جب تک رہیں گے وہ دفاعی مقاصد اور جارحیت کو روکنے کیلئے استعمال ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ، تخفیف اسلحہ اور ہتھیاروں کے کنٹرول کے معاہدوں کی پاسداری جاری رکھی جائے گی، رکن ممالک تنازعات کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالیں گے۔

فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے سابقہ مس ورلڈ کا دل جیت لیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد حسنین کی بگ بیش لیگ میں باؤلنگ نے سابقہ مس ورلڈ آسٹریلیا ایرن ہالینڈ کا بھی دل جیت لیا ہے۔
خیال رہے کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے آسٹریلوی بگ بیش لیگ ڈیبیو میں میڈن اوور کراتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کرکے اپنی باؤلنگ اور رفتار سے آسٹریلیا کے ماہرین کو حیران کردیا۔
سوشل میڈیا پر محمد حسنین کی باؤلنگ کے خوب چرچے ہوئے اور ویڈیو وائرل ہوگئی جبکہ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے سابقہ حسین عالم ،سپورٹس کمنٹیٹر،گلوکارہ اور ماڈل ایرن ہالینڈ نے فاسٹ باؤلر کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے لکھا کہ بہت ہی شاندار،بگ بیش لیگ میں ایک مرتبہ پھر پیس سٹرائیک،ساتھ ہی انہوں نے تالی بجاتے ہوئے سٹیکر کا استعمال کیا اور حسنین کی کارکردگی کو سراہا۔
یاد رہے کہ محمد حسنین نے بگ بیش لیگ میں اپنے اوور کی پہلی گیند پر کوئی رن نہیں دیا جبکہ دوسری اور تیسری گیندوں پر وکٹیں حاصل کیں ،چوتھی گیند بھی ڈاٹ ہوئی، پانچویں گیند پر پھر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔
سڈنی تھنڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کو جیت کے لیے 173 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ناکام ٹیم 144رنز پر آؤٹ ہوکر میچ 28رنز سے ہار گئی۔ حسنین نے چار اوورز میں سے ایک میڈن کرایا اور20رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ میچ کے دوران کھلاڑیوں ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز کرتے ہوئے دکھائی دیئے۔
خیا ل رہے کہ ایرن ہالینڈ پی ایس ایل کے کمنٹری پینل میں بھی شامل رہ چکی ہیں اور انہوں نے پاکستان کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان میں جمادی الثانی کا چاند نظر نہیں آیا

پاکستان میں جمادی الثانی کا چاند نظر نہیں آیا۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے اعلان کے مطابق وزارت مذہبی امور نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا جس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان سمیت زونل کمیٹی اسلام آباد کے ارکان نے شرکت کی۔

مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان بھر میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس انکے ہیڈ کوارٹرز پرمنعقد ہوئے ، پاکستان بھر میں مطلع ابر آ لود رہا اور کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ، لہذا کمیٹی ارکان نے متفقہ اعلان کیا کہ آج چاند نظر نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ یکم جمادی الثانی 1443 ہجری 5 جنوری بروز بدھ کو ہو گی ، شہریوں سے اپیل ہے وہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔

جسٹس عائشہ ملک کی تقرری کا معاملہ، پاکستان بارکونسل کا 6 جنوری کو ہڑتال کا اعلان

پاکستان بارکونسل نے لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کی تقرری کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن اجلاس کے دن ہڑتال اور عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین خوشدل خان کا کہنا تھاکہ 6 جنوری کو جوڈیشل کمیشن اجلاس والے ہڑتال اور عدالتی بائیکاٹ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھاکہ سمجھ سے بالاترہے جسٹس عائشہ ملک کو لانے کا مقصد کیا ہے؟ایک کے بجائے 3 خواتین ججز سپریم کورٹ لائیں مگر سینیارٹی کےمطابق لائیں۔

وائس چیئرمین کا کہنا تھاکہ چیف جسٹس کہہ چکے ججز تقرری کا معاملہ نئے چیف جسٹس پرچھوڑنا چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بھی لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تقرری کا معاملہ چار چار سے ٹائی ہوگیا تھا، اُس وقت بھی جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تقرری کے معاملے پر وکلا کی جانب سے بھی احتجاج کیا گیا تھا۔

اومیکرون کے 4 ہزار کیسز؛ نئی دلی پر موت کے سائے منڈلانے لگے

نیو دہلی میں کورونا کی نئی لہر نے گزشتہ سال  ڈیلٹا کی ہلاکت کی یاد دلا دی ، ایک دن میں 4099 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت کے مطابق ہر سو میں 6.46 فی صد افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی کے انکشاف نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 4099 کووڈ کیسز کے باوجود بھی مودی سرکار ریت میں منہ دبائے بیٹھی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ تین دنوں میں 10 ہزار کورونا کے کیس رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔

حکومتی ترجمان اروند کیجروال کے مطابق اس وقت انتہائی خطرناک صورتحال کے سامنا ہے کیونکہ نئے کیسز میں نئے ویرئینٹ اومکیرون سے متاثرہ افراد کی تعداد زیادہ ہے۔

نیو دہلی کی تین لیبارٹریز انسٹی ٹیوٹ اینڈ بلیاری سائنسسز، لوک نائیک اسپتال اور نیشنل سینٹر فار ڈیزیز میں کئے جانے والے ٹیسٹ میں 81 فی صد اومکیرون سے متاثر ہیں۔

محکمہ صحت کے وزیر ستیندر جین کا کہنا ہے کورونا کی تناسب دن بدن بڑھتا ہی جا رہا ہے، موجودہ 6.46 تناسب گزشتہ 18 مئی کے بعد سب سے زیادہ تناسب ہے۔

چیف منسٹر اروند کیجر وال نے اتوار کو عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں، انہوں نے اسپتالوں میں کورونا کے کم مریض آنے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ نیا ویرئینٹ ڈیلٹا سے کم اثر ہے۔

نیو دہلی میں ہفتے کو 2716 کووڈ کیسز درج ہوئے تھے ، اتوار کو 3194 اور آج پیر کو 4099 کووڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیا میں نئے ویرئینٹ اومیکرون کے آج تک 1700 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 510 کیسز صرف مہاراشٹر ریاست سے ہیں۔

بھارتی وزیر برائے صحت نے انٹرنیشنل فلائٹس کی نیو دہلی آمد کو کیسز میں اضافے کی وجہ قرار دیا ہے۔

ممبئی بھی عالمی وبائی مرض کے نشانے پر آچکا ہے جہاں اتوار تک 8063 تک نئے کیسز ریکارڈ ہو چکے ہیں۔ جبکہ پوری ریاست میں 11877 کیسز درج ہوئے ہیں۔

قومی صحت کارڈ تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخ ساز منصوبہ ہے ، حسان خاور

حسان خاور نے کہا ہے کہ قومی صحت کارڈ تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخ ساز منصوبہ ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب کا بیان فیڈریشن کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو سندھ کے عوام کا احساس ہے نہ مریضوں کا ، سندھ میں آج بھی اسپتالوں میں لوگ بے یارو مددگار نظر آتے ہیں ، تھرمیں بچوں کی ہلاکتیں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی نااہلی اور نالائقی کا بڑا ثبوت ہے۔

حسان خاور نے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب نیا پاکستان قومی صحت کارڈ پر تنقید کرنے سے پہلے سندھ کے تباہ حال ہیلتھ سسٹم کو دیکھ لیں ، نیا پاکستان قومی صحت کارڈ تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخ ساز منصوبہ ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں آج تک کوئی حکومت ایسا انقلاب آفرین پروگرام نہیں دے سکی ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں مارچ تک پنجاب کے ہر خاندان کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے تحت مفت علاج کی سہولت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کورونا کی ریکارڈ ویکسینیشن کی ہے ، پنجاب میں ہر صوبے سے مریض علاج معالجے کے لئے آتے ہیں ، پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کی حیثیت سے دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھا ہے ، کبھی دعویٰ نہیں کیا کہ ہم نے سندھ یا دیگر صوبوں کے اتنے مریضوں کا علاج کیا ہے۔

حسان خاور نے کہا ہے کہ آج تک ہم نے صوبائیت کی سیاست کی ہے نہ کریں گے ، مرتضیٰ وہاب یاد رکھیں کہ پنجاب میں سندھ،بلوچستان،خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے آنے والے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں ، یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ ہر پاکستانی کاحق ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب نے چھوٹی بات کر کے ثابت کیاہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی سوچ انتہائی محدود ہے ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ہمیشہ چھوٹے صوبوں سے پورا تعاون کیاہے۔

واضح رہے کہ مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا کی حالیہ صورتحال پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد کیا تھا جس کا مقصد اومیکرون وائرس صورتحال کا جائزہ اور آگے کا لائحہ عمل طے کرنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے، 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 6 فیصد سے بڑھ گئی ہے، ایک ماہ پہلے یہ نمبر ایک فیصد سے کم تھا، ہم اس وقت سختی کرنا نہیں چاہتے شہری احتیاط کریں، اومیکرون سے بچنے کا سب سے موثر طریقہ ماسک ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ 29 ملین لوگ اب تک پہلی اور دو ڈوز ملا کر سندھ میں ویکسین کروا چکے ہیں، خدارا صورتحال ابھی قابو میں ہے حکومت نہیں چاہتی کے وہ سخت فیصلے کرے، سماجی تقاریب میں اگر ایس او پیز کا خیال رکھیں گے تو مزید احسن انداز میں اس سے نمٹ سکیں گے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اگر اپنے اسپتالوں کو ٹھیک کیا ہوتا تو آج یہ صورتحال نہیں ہوتی، یہ مریض ملک بھر سے سندھ نہیں آرہے ہوتے، گھمبٹ انسٹیٹیوٹ کو سالانہ ساڑھے 4 ارب دیتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی فخریہ کہتی ہے کے یہاں کڈنی اور لیور کا مفت ٹرانسپلانٹ کیا جا رہا ہے، پہلے لوگ جگر کی پیوندکاری کے لئے بھارت کا رخ کرتے تھے، جگر کی اب تک ساڑھے 5 سو لوگوں کا ٹرانسپلانٹ ہو چکا ہے، ایک مریض پر لاگت 40 لاکھ آتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اسپتالوں کو اس قابل کرتے ہیں کے آئیے علاج کروائیں، اس میں 52 فیصد کا تعلق سندھ باقی 48 فیصد افراد کا تعلق دیگر صوبوں سے تھا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ فخریہ سندھ حکومت کہتی ہے کہ ہم وفاق میں نہیں لیکن سارے پاکستان کی خدمت کرتے ہیں، آزاد کشمیر سے سال 2021 میں 5 ہزار سے زائد مریض این آئی سی وی ڈی آئے ان کا مفت علاج ہوا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان سے 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد مریض سندھ آئے، کے پی کے سے 8 ہزار سے زائد مریضوں نے سندھ کا رخ کیا، پنجاب سے 51 ہزار سے زائد مریض آئے جن کا مفت علاج کیا گیا۔

’ پاکستان وزیر اعظم کی قیادت میں وژن وسط ایشیا، کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پر عزم ہے‘:شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں وژن وسط ایشیا، کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پوری طرح پر عزم ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارتِ خارجہ میں وزیر اعظم عمران خان کے وژن وسط ایشیا کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ۔

دوران اجلاس وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ زمینی و  ہوائی روابط کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقتصادی سفارت کاری کے اہداف کے حصول کیلئے زمینی و ہوائی روابط کا مؤثر ہونا ناگزیر ہے۔ پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں وژن وسط ایشیا، کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پوری طرح پر عزم ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعاون کے حجم میں اضافے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کیلئے کوشاں ہیں۔

اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر ہوا بازی سرور خان، مشیر تجارت رزاق داؤد سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اپوزیشن ٹولے کے ہاتھ سے وقت ریت کی طرح نکلتا جارہا ہے، شیخ رشید

وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ٹولے کے ہاتھ سے وقت ریت کی طرح نکلتا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور اور امن عامہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، راولپنڈی میں فلاح عامہ کے جاری منصوبوں پر پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔ وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت راولپنڈی کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے امن وعامہ کی صورتحال اطمینان بخش ہے، حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے اورکرتی رہے گی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور مدت پوری کرے گی-
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 23مارچ کو مارچ کا اعلان کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے، قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی، اپوزیشن ٹولے کے ہاتھ سے وقت ریت کی طرح نکلتا جارہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سیاست میں رواداری،برداشت اوربھائی چارے کے قائل ہیں، شرافت، شفافیت اور دیانت کے اصولوں پر چلتے ہیں، نفاق کے بیج بونے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے، ماضی میں سیاسی انتقام کے کلچر کو پروان چڑھایا گیا، الزامات لگانا اور دشنام طرازی ہمارا شیوہ نہیں، ہماری حکومت نے سیاسی انتقام کی منفی سیاست کو ختم کیا ہے، منفی رویے اور انتشار کی سیاست ملک کی یکجہتی اور استحکام کیلئے نقصان دہ ہیں۔

سلمان خان نے بریسلٹ پہننے کی وجہ بتا دی

بالی وڈ کے سپراسٹار سلمان خان نے ہروقت بریسلٹ پہننے کی وجہ بتا دی۔
سلمان خان نےایک انٹرویومیں بریسلٹ پہننے کی وجہ سے پردہ اٹھا دیا۔ سلمان خان نے فیروزہ کے بریسلٹ کو اپنے لئے خوش قسمت قراردیتے ہوئے کہا کہ
فیروزہ پتھرسےمزین بریسلٹ انہیں حادثات سے بچاتا آیا ہے اوراگرکچھ غلط ہونے والا ہوتو بریسلٹ میں موجود فیروزہ پتھرمیں باریک دراڑ پڑجاتی ہے۔
سلمان خان نے انکشاف کیا کہ وہ اب تک 3 مرتبہ بریسلٹ میں لگے فیروزہ تبدیل کرچکے ہیں۔
سلمان خان کا کہنا تھا وہ بچپن سے اپنے والد سلیم خان کوایسا ہی بریسلٹ پہنے دیکھ کرجوان ہوئے۔ بڑے ہونے پروالد نے انہیں بھی بریسلٹ بنوادیا۔جب سے وہ بریسلٹ کوکبھی نہیں اتارتے۔