الیکشن کا لفظ پی ڈی ایم کی چھیڑ بن چکا ہے: مسرت جمشید چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان پنجاب حکومت اور رہنما پاکستان تحریک انصاف مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت ہے، الیکشن کا لفظ پی ڈی ایم کی چھیڑ بن چکا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ گزشتہ 8 ماہ میں فسطائی حکومت نے ہم پر گولیاں بھی چلا کر دیکھ لیں، ہمارے گھروں میں حملے بھی کر لئے، جعلی آڈیوز کا ہتھیار بھی آزما لیا اور ہمارے رہنماؤں پر برہنہ کر کے تشدد سے فرعونیت کی یاد بھی تازہ کر دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت ہے، آج پورے ملک میں الیکشن کا لفظ پی ڈی ایم کی چھیڑ بن گئی ہے، یہ لوگ الیکشن سے ایسے بھاگ رہے ہیں جیسے شریف خاندان حلال رزق سے بھاگتا ہے، انہیں الیکشن میں جانا پڑے گا۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کو عوام کبھی قبول نہیں کریں گے، یہ ملک عوام ہی چلائیں گے۔

عمران خان نے پی ٹی آئی کی مر کزی لیڈر شپ کا اجلاس طلب کر لیا

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان نے مرکزی لیڈر شپ کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا۔
سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت زمان پارک میں ہونے والے اجلاس میں قومی اسمبلی سے استعفوں سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ سمیت اسمبلیوں کی تحلیل پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

زلمی کا پشاور میں انٹرنیشنل میچز کروانے کا مطالبہ

پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ سے پشاور میں بین الاقوامی میچوں کے انعقاد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے پشاور میں حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم اور ارباب نیاز سٹیڈیم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیرمین مینجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی سے مطالبہ ہے کہ پشاور کا دورہ کریں۔ محمد اکرم نے کہا کہ پشاور زلمی اور چیرمین جاوید آفریدی ایک بار پھر پشاور میں کرکٹ کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہیں، پی ایس ایل میچز پشاور میں کرائے جائیں اور پشاور زلمی کے پی ایس ایل آٹھ کیلئے پریکٹس میچز بھی حیات آباد سٹیڈیم میں کرائے جاسکتے ہیں۔ ڈائریکٹر پشاور زلمی نے کہا کہ آئندہ سیزن میں فرسٹ کلاس اور بین الاقوامی میچز بھی پشاور ہونے چاہئیں، پاکستان کرکٹ کا سب سے زیادہ ٹیلنٹ اب خیبر پختونخواہ سے آرہا ہے۔ محمد اکرم کا مزید کہنا تھا کہ ارباب نیاز سٹیڈیم اور حیات آباد سٹیڈیم میں خیبر پختونخواہ سے مزید ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔

پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیاں مستقبل میں مزید تباہی کا سبب بن سکتی ہیں: اقوام متحدہ

نیویارک:(ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ پاکستان میں رواں سال موسم گرما میں آنیوالا تباہ کن سیلاب ایک واضح یاد دہانی تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات مستقبل قریب میں مزید تباہی کا باعث بنیں گے ۔ رپورٹ کے مطابق موسم اور ماحولیات پر اقوام متحدہ کی 2022 کی سالانہ جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس چند ممالک کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ چند دیگر ممالک تباہ کن سیلاب کا شکار ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں مون سون کی بارشوں کے سبب شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد اگست میں ایک قومی ایمرجنسی کا اعلان کرنا پڑا، اس دوران ملک کا ایک تہائی حصہ پانی کے اندر ڈوبا نظر آیا اور لاکھوں افراد بےگھر ہوگئے۔ اقوام متحدہ کے زیر انتظام مختلف تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے تازہ رپورٹ میں زمین کے مسلسل گرم ہونے کو ایک بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور موسمیاتی تبدیلی کے سبب درپیش ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں انسانوں کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ رپورٹ میں زمین میں دبے ایندھن کے استعمال کو کم کرنے اور انسانی ساختہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے جو خشک سالی، سیلاب اور موسم کی شدید صورتحال کا سبب بنتی ہیں۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) کی ایک حالیہ تحقیق کا بھی حوالہ دیا گیا جس کے مطابق 2060 میں دنیا کو شدید گرمی کی لہروں کا بار بار سامنا رہے گا۔ اقوام متحدہ 9 جنوری کو جنیوا میں ’کلائمیٹ ریزیلینٹ پاکستان‘ کے موضوع پر ایک عالمی کانفرنس کی میزبانی کرے گا جس میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ نومبر میں مصر میں ہونے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلی کےسبب پیدا ہونے والی قدرتی آفات اور ان کے نقصانات سے نمٹنے کے لیے کمزور ممالک کو معاوضہ فراہم کے لیے ایک فنڈنگ میکانزم قائم کیا گیا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ کمزور ممالک نے اس طرح کے معاوضے کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کئی دہائیاں گزاری ہیں، اس لیے اس اقدام کو اہم پیش رفت کے طور پر سراہا گیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ دیگر اہم مسائل پر بہت کم پیش رفت ہوئی ہے جن میں خاص طور پر زمین میں دبے ایندھن کے استعمال کو ختم کرنا شامل ہے، رپورٹ میں گلوبل وارمنگ کو 1.5 ڈگری سیلسیس تک محدود کرنے کی ضرورت پر بھی سختی سے زور دیا گیا۔

بلوچستان میں بارش اور برفباری، پی ڈی ایم اے نے ہنگامی حالات نافذ کر دئیے

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں بارش اور برفباری کی صورتحال کے باعث محکمہ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے اعلانیہ پابندی کے تحت تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ اور ڈیوٹی کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) کے مطابق برف باری کے مقامات پر آمد و رفت کو یقینی بنانے کیلئے عملہ اور مشینری پہنچا دی گئی۔ پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق ایمرجنسی صورتحال کے دوران ریسکیو فورس، سپورٹنگ سٹاف کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے کے افسران کو بھی ہر وقت دفتروں میں رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ صوبے کے برف باری والے علاقوں میں آمد ورفت کو یقینی بنانے کیلئے ٹارگٹڈ جگہوں پر پہلے سے عملہ اور ہائی مشینری پہنچائی جا چکی ہے، صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور احتیاط کے پیش نظر متعلقہ علاقوں میں ریلیف کا سامان بھی پہنچا دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں سے بھی اس موسم میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے۔

لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش، سردی بڑھ گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار ہے، لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، جھنگ ، شورکوٹ میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ کوئٹہ ، زیارت پشین سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے۔ پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، جھنگ، ننکانہ صاحب، شورکوٹ، اٹک ، بورے والا، شیخوپورہ، میاں چنوں، قصور اور سانگلہ ہل سمیت گردونواح میں موسم سرما کی پہلی ہلکی ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ ادھر بلوچستان کے مختلف مقامات کوئٹہ، زیارت ، پشین ، ڈیرہ بگٹی سمیت گردونواح میں بھی ہلکی بارش سے سردی بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد ، گلیات اور دیگر شہروں میں بھی بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان میں بارش اور برفباری کی صورتحال کے باعث محکمہ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، پی ڈی ایم اے کی جانب سے اعلانیہ پابندی کے تحت تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ اور ڈیوٹی کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) کے مطابق برف باری کے مقامات پر آمدورفت کو یقینی بنانے کیلئے عملہ اور مشینری پہنچا دی گئی۔ حکام کے مطابق ایمرجنسی صورتحال کے دوران ریسکیو فورس، سپورٹنگ سٹاف کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے کے افسران کو بھی ہر وقت دفتروں میں رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ صوبے کے برف باری والے علاقوں میں آمد ورفت کو یقینی بنانے کیلئے ٹارگٹڈ جگہوں پر پہلے سے عملہ اور ہائی مشینری پہنچائی جا چکی ہے، صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور احتیاط کے پیش نظر متعلقہ علاقوں میں ریلیف کا سامان بھی پہنچا دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں سے بھی اس موسم میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے۔

کورونا کے مزید 12 کیسز رپورٹ، 19 مریضوں کی حالت نازک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 583 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 583 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 12 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.33 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 19 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا ترک صدر طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کا ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ، جنیوا میں کلائمیٹ ریزیلینٹ پاکستان کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کو فون کر کے جنیوا میں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، اپنی گفتگو میں وزیراعظم نے اپنی عوام اور حکومت کی جانب سے ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

ٹیکنو کریٹ حکومت کی افواہیں ہیں، ہمیں کوئی پیغام ملا نہ پی ٹی آئی کو ، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کی افواہیں ہیں، ہمیں کوئی پیغام ملا نہ پی ٹی آئی کو۔
انہوں ںے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادارے پر الزام لگانا درست نہیں، اکا دکا افراد ہو سکتے ہیں، ہو سکتا ہے کہ سہولت کاری سے متعلق بلاول کے پاس کوئی معلومات ہوں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پہلے ٹیکنوکریٹ آتے رہے ہیں، اب جو ہو گا آئین کے مطابق ہو گا، ڈھائی سال کیلئے ٹینکوکریٹ حکومت لانے کا کوئی پیغام نہیں دیا گیا، ادارے نے پوری قوم کے ساتھ کمٹمنٹ کی ہے کہ غیر سیاسی رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مؤقف ہے کہ آئین کے مطابق ملک کو چلنا چاہیے، معاشی حالات پر اسحاق ڈارفکرمند ہیں اورکوشش بھی کر رہے ہیں، موجودہ حالات کا حل الیکشن نہیں میثاق معیشت ہے۔
رانا ثنا اللہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پرویز الہیٰ خود کہتے ہیں کہ 99 فیصد لوگ اسمبلیاں نہیں توڑنا چاہتے ہیں، پرویز الہیٰ اعتماد کا ووٹ لیں، ان کے پاس 186 کے نمبرز پورے نہیں ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک مشکلات کے دہانے پر کھڑا ہے، عمران خان کی شکل میں ایسا پراجیکٹ لایا گیا جس نے ملک کی تباہی کر دی، اس کا اپنا ہی بیانیہ اور یجنڈہ ہے، یہ لوگ ہر روز ایک نئی کہانی گھڑتے ہیں۔

سگریٹ سازی کے شعبے میں سمگلنگ اور ٹیکس چوری کو فوری روکا جائے: وزیر اعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں تمباکو کی سمگلنگ اور ٹیکس چوری کے رجحان کو ختم کرنے کے حوالے سے اعلی سطحی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں اسحاق ڈار، رانا ثناءاللہ خان، طارق باجوہ اور چئیرمین ایف بی آر عاصم احمد نے شرکت کی، اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے سگریٹ سازی کے شعبے میں سمگلنگ اور ٹیکس چوری کی فوری روک تھام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال ایف بی آر ٹیکس اہداف کی وصولی کو یقینی بنائے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ٹیکس چوروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بہتر اینفورسمنٹ سے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔
حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سگریٹ کے بیشتر کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگایا گیا ہے، سسٹم کے نتیجے میں تمباکو کے شعبے میں ٹیکس وصولی میں بہتری آئی ہے۔ جولائی سے دسمبر تک اس سیکٹر میں 83.5 ارب روپے ٹیکس وصول ہو چکے ہیں، گزشتہ سال اسی دوران اکٹھے کیے گئے ٹیکس سے 26 فیصد زیادہ ہے۔