وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے کل پنجاب کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے پنجاب کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا۔
پنجاب کا بینہ کا آٹھواں اجلاس کل سہ پہر ایوان وزیر اعلیٰ میں ہوگا جس کی صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کریں گے، اجلاس میں عوامی مفاد کے مختلف پراجیکٹس کی منظوری دی جائے گی، صوبائی وزرا، معاونین خصوصی، مشیر اور اعلیٰ افسران اجلاس میں شرکت کریں گے۔

پنجاب میں ڈیجیٹل مردم شماری کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) سول سیکرٹریٹ میں صوبائی رابطہ کمیٹی برائے ڈیجیٹل مردم شماری کا اجلاس ہوا جس میں مردم شماری کیلئے سکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ مردم شماری اہم قومی ذمہ داری ہے، ملک کے مستقبل کے سیاسی و اقتصادی منظر نامہ کا انحصار بڑی حد تک مردم شماری سے حاصل شدہ ڈیٹا پر ہو گا، افسران اور عملہ اس کام کو قومی فریضہ سمجھ کر سر انجام دیں اور اس حوالے سے صوبائی محکمے وفاقی ادارہ شماریات سے تعاون کو یقینی بنائیں۔
اجلاس کے دوران ممبر سپورٹ سروسز ادارہ شماریات سرور گوندل نے ڈیجیٹل مردم شماری کے ورک پلان کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے 33اضلاع میں ڈیجیٹل مردم شماری کا کام بطور پائلٹ پراجیکٹ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، صوبہ پنجاب میں مردم شماری کیلئے مجموعی طور پر 61 ہزار فیلڈ سٹاف فرائض سر انجام دیں گے، 328 ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

چین: دھند کے باعث 200 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، ایک شخص ہلاک

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں انتہائی دھند کی وجہ سے صوبہ ہینان کے وسطی شہر زینگ زو میں ایک پل پر درجنوں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں ژینگ ژن ہوانگجی پل پر کئی کاروں اور ٹرکوں کو ایک دوسرے کے اوپر دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جائے حادثہ میں کئی لوگ زخمی ہوئے اور پھنس گئے ، جائے حادثہ پر موجود ریسکیورز کے ابتدائی اندازے کے مطابق پل پر لگے گاڑیوں کے ڈھیر میں 200 سے زائد گاڑیاں شامل تھیں۔
مقامی موسمیاتی سروس کے مطابق بدھ کی صبح ژینگ زو سمیت متعدد علاقوں میں حدِ نگاہ 500 میٹر اور کچھ علاقوں میں 200 میٹر سے بھی کم تھی۔

گرم ترین ملک کویت میں ژالہ باری، شہری سڑکوں پر نکل آئے

کویت سٹی: (ویب ڈیسک) کرہ ارض پر گرم ترین ممالک میں سے ایک کویت میں ژالہ باری ہوئی جس سے محظوظ ہونے کے لئے عوام گھروں سے باہر نکل آئے ۔
سوشل میڈیا پر موسم سرما کی ژالہ باری کی تصاویر وائرل ہو گئیں ، تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کویت کی جنوبی سڑکیں اولوں اور برف میں چھپ گئی ہیں۔
موسم کو انجوائے کرنے کیلئے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے ، محکمہ موسمیات کے مطابق 63 ملی میٹر تک بارش ہو چکی ہے مگر موسم صاف ہے ۔
خیال ہے کہ سال 2016 میں کویت کا درجہ حرارت 54 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔
یاد رہے کہ سائنسدانوں نے پیشگوئی کی ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث مستقبل میں یہاں کے حالات زندگی گزارنے کے قابل نہیں ہونگے ۔

فلپائن ، موسلا دھار بارشوں کے بعد سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی، 29 افراد ہلاک

منیلا : (ویب ڈیسک) فلپائن میں موسلا دھار بارشوں کے بعد سیلابی ریلوں کے نتیجے میں اموات 25 ہو گئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سیلابی ریلوں کی تباہی سے 6 افراد زخمی اور 26لاپتہ ہیں، ملک کے 18 اضلاع پر مشتمل کم از کم 6 علاقوں میں سیلابی ریلوں کی وجہ سے 45 ہزار 382 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق زیادہ تر اموات پانی میں ڈوبنے کے باعث ہوئی ہیں جبکہ بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 26 سے زائد افراد لاپتہ بھی ہوئے ہیں جن کی تلاش ابھی جاری ہے۔

حکومت کی جانب سے اداکار فردوس جمال کو ایک کروڑ روپے کا امدادی چیک دیدیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت کی جانب سے نامور اداکار فردوس جمال کو ایک کروڑ روپے کا امدادی چیک دے دیا گیا۔
امدادی چیک وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے فردوس جمال کے گھر پہنچ کردیا۔ امیر مقام نے فردوس جمال کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر فردوس جمال نے وزیراعظم شہباز شریف سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں شکر گزار ہوں کہ ریاست نے اس حوالے سے سوچا، ہم اس ریاست کا اثاثہ ہیں۔ ادھر فنکار برادری نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے سینئر اداکار فردوس جمال کی ایک کروڑ روپے کی مالی مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں سینئر ادار فردوس جمال کے بیٹے حمزہ فردوس نے والد گرامی میں کینسر کی تشخیص کی تصدیق کی تھی۔ انہوں نے انسٹاگرام پر والد کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘میرے والد کا کینسر کا علاج شوکت خانم میں ہورہا ہے‘۔

ہارٹ اٹیک کے باعث اسپتال میں داخل مولانا طارق جمیل کا اپنا بیان سامنے آگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کینیڈا میں روبصحت ہیں۔
گزشتہ روز معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کو کینیڈا میں دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی انجیوپلاسٹی کی گئی۔
اب خود مولانا طارق جمیل کا بیان سامنے آیا ہے۔ ٹوئٹر پر مولانا طارق جمیل نے اسپتال سے اپنی ایک تصویر جاری کی ہے اور اس کے ساتھ لکھا ہے کہ ’اللہ کے فضل اور آپ احباب کی دعاؤں سے اب طبیعت قدرے بہتر ہے، تین دن مزید اسپتال میں ڈاکٹرز کے زیرِ نگہداشت رہنے کے بعد انشاء اللہ ڈسچارج کر دیا جائے گا، مزید دعاؤں کی درخواست ہے۔‘

دوسری اہلیہ 5 بار پروپوز کرنے کے بعد شادی کیلیے راضی ہوئیں، جوبائیڈن

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن پہلی بیوی کے کار حادثے میں ہلاکت کے بعد جَل بائیڈن کی محبت میں گرفتار ہوئے اور ایک نہیں دو نہیں بلکہ 5 بار شادی کی پیشکش کی۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر جوبائیڈن نے ایک انٹرویو میں اپنی نجی زندگی سے متعلق خوشگوار انکشافات کیے جو اس سے قبل منظر عام پر نہیں آسکے تھے۔
صدر جوبائیڈن سے جب صحافی نے پوچھا کہ کیا آپ پہلی نظر میں محبت ہوجانے پر یقین رکھتے ہیں تو انھوں نے برجستہ جواب دیا کہ ’’ہاں‘‘ اور میرے ساتھ زندگی میں ایسا دو مرتبہ ہوا ہے۔
امریکی صدر نے خاتون اوّل جل بائیڈن سے ملاقات، دوستی، عشق اور پھر شادی سے متعلق باتیں بھی کیں۔
جوبائیڈن نے بتایا کہ پہلی اہلیہ سے بھی محبت کی شادی کی تھی لیکن افسوس کہ وہ 1972 میں ایک ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئیں۔
صدر جوبائیڈن نے مزید بتایا کہ میں تنہائی کا شکار اور کافی افسردہ رہتا تھا کہ جَل سے ملاقات ہوئی اور پہلی نظر میں ہی مجھے ان سے پیار ہوگیا اور میں نے ان سے شادی کا فیصلہ کرلیا لیکن یہ بات اُس وقت کہہ سکا۔
امریکی صدر نے یہ بھی بتایا کہ پہلی ملاقات سے ہماری شادی ہونے کے درمیان 4 بار پروپوز کیا لیکن یہ نہ مانی اور میں بھی ڈٹا رہا بالآخر پانچویں بار میں انھوں نے ہاں کہہ دیا۔
صدر جوبائیڈن نے مزید کہا کہ میرے بیٹوں نے بھی جَل سے شادی کے فیصلے کا نہ صرف خیرمقدم کیا بلکہ میری حوصلہ افزائی بھی کی تھی اور اسی وجہ سے میں 4 بار ناکامی کے باوجود پانچویں شادی کی پیشکش کی ہمت کرسکا تھا۔

امریکا میں برفباری جاری؛ نیاگرا فال بھی جمنا شروع

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں دنیا کی معروف ترین آبشار اور سیاحوں کے سب سے پسندیدہ مقام ’’نیاگرا فال‘‘ بھی ٹھٹھرتی سردی میں جمنا شروع ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور کینیڈا میں ایک ہفتے سے جاری برفباری میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے لیکن نیاگرا آبشار جمنا شروع ہوگئی کچھ حصے تو مکمل طور پر منجمد ہوگئے۔
نیاگرا فال میں ہر سیکنڈ میں 3 ہزار 160 ٹن پانی 32 فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے گرتا ہے اور تین مقام سے آنا والا پانی آبشار بنتا ہے لیکن اب یہ مقام ونڈر لینڈ کا منظر پیش کر رہا ہے۔
نیاگرا فال جو اب ونڈر لینڈ کی طرح دکھائی دے رہی ہے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور صارفین نے خوش گوار حیرت کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ رواں موسم سرما میں امریکا اور کینیڈا میں آنے والے برفانی طوفان نے تباہی مچادی ہے اور اب تک 60 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، لاکھوں شہری بجلی سے محروم ہوگئے اور معمولات زندگی ٹھپ ہیں۔

عوامی خواہشات کے مطابق دہشتگردوں کا بلا تفریق خاتمہ کیا جائے گا: کورکمانڈر کانفرنس

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی سربراہی میں کور کمانڈر کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرنے کا عزم کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی صدارت میں کور کمانڈر کانفرنس دو روز تک جی ایچ کیو میں جاری رہی، کانفرنس میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ اور تنظیمی امور کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ بھرپور انداز میں جاری ہے، عوام کی خواہشات کے مطابق امن دشمنوں کا بلا تفریق خاتمہ کیا جائے گا۔