مسجد الحرام میں چینی زبان میں بھی اسلامی تعلیمات کا آغاز

ریاض: (ویب ڈیسک) مسجد الحرام میں اسلامی تعلیمات 13 زبانوں میں فراہم کی جارہی ہیں جس میں اب چینی زبان کا بھی اضافہ ہوگیا۔
عرب میڈیا کے مطابق مسجد الحرام میں انگریزی، اردو، فارسی، بنگالی، ہندی، فرانسیسی، ہاؤسا، ترکی، مالائی، انڈونیشی، تامل، روسی اور بورنیو کے بعد اب چینی زبان میں بھی اسلامی اسباق پڑھائے جائیں گے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے شعبہ ترجمہ کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ سعودی طلبا کو چینی زبان سکھانے کے معاہدہ کے بعد اب مسجد الحرام میں بھی دنیا کی دیگر بڑی زبانوں کی طرح چینی زبان میں اسلامی تعلیمات کا آغاز کر دیا گیا۔
ڈائریکٹر شعبہ ترجمہ کا مزید کہنا تھا کہ چینی وزیر تعلیم کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کا مقصد قرآن کی تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ زبانوں میں پڑھانا ہے تاکہ عربی نہ بولنے والے بھی اسلام سیکھ سکھیں۔
یہ اقدام اُس وقت سامنے آیا ہے جب چین کے صدر نے حال ہی میں سعودی عرب کا دورہ کیا اور کئی اہم معاہدوں پر دستخط کیے۔ چین سعودی عرب سے تیل خریدنے والے بڑے ممالک میں بھی شامل ہے۔
ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب میں چینی زبان سکھانے کے کورسز سے 50 ہزار افراد کو روزگار ملے گا اور چینی سیاحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔

بلوچستان کے عوام کو دھمکانے کے بجائے گلے لگانے کی ضرورت ہے، سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی احتساب کی مخالف ہیں، خزانہ اورتوشہ خانہ کو سب نے لوٹا۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی نظام کی ضرورت ہے۔ کرپشن فری اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔
سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان کے عوام میں محرومیوں کا احساس شدت اختیار کر رہا ہے اور یہ لاوا کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے۔گوادر کے رہائشی طویل عرصہ سے اپنے جائز حقوق مانگ رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ”گوادر کو حق دو تحریک“ کے تحت گزشتہ کئی ماہ سے دھرنا جاری رہا، بیچ میں حکومت نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مطالبات پورے ہوں گے، مگر معاہدے پر عمل درآمد نہیں ہوا جس کے نتیجے میں گزشتہ دو ماہ سے دوبارہ دھرنا جاری تھا کہ تین روز قبل پرامن مظاہرین پر پولیس نے دھاوا بول دیا انھیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گرفتار کیا گیا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی حکمرانوں کے اس غیر آئینی، غیر جمہوری ظالمانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے، گوادر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صوبہ کے عوام کو ڈرانے، دھمکانے اور دبانے کی بجائے گلے لگانے کی ضرورت ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ 14رکنی پی ڈی ایم اتحاد اور پی ٹی آئی بلوچستان، کراچی سمیت ملک بھر کے مسائل اور معاشی تباہی میں برابر کی ذمہ دار ہے۔
امیر جماعت نے کہا کہ سودی معیشت اور کرپشن ختم ہو جائے تو ملک معاشی دلدل سے باہرنکل آئے گا،مگر حکمران طبقہ کی نیت ٹھیک نہیں، یہ سود کے خاتمہ کے لیے تیار ہیں نہ احتساب کے نظام کو موثر بنانا چاہتے ہیں۔
علاوہ ازیں امیر جماعت سراج الحق کی اپیل پر ملک کے صوبائی دارالحکومتوں میں گوادر مظاہرین پر پولیس کریک ڈاؤن،تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف مظاہرے کیے گئے، جبکہ جمعہ کو ملک گیر احتجاج ہوگا۔

گلستان جوہر میں پولیس فائرنگ سے ہلاک عامر حسین کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ روز پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ملزم عامر حسین کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا۔
عامر نثار حسین تین سال قبل ڈالمیا میں ڈکیتی اور اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں گرفتار ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عامر نثار نے 23 نومبر 2018 کو ڈالمیا کی گلی نمبر5 میں دکان پر واردات کی، عامر حسین کو شہزاد کی دکان پر ڈکیتی کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتار ملزم عامر نثار کے خلاف عزیز بھٹی تھانے میں ایف آئی آر نمبر 475/2018 درج کی گئی، عامر نثار کے خلاف دوسرا مقدمہ نمبر 476/2018 غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے پر درج کیا گیا۔
عامر نثار حسین کا سی آر او سے بھی کرمنل ریکارڈ مل گیا ہے، مقدمات میں ملزم ضمانت پر رہا ہوا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز تین پولیس اہلکاروں نے اشارے پر نہ رکنے کے بعد تعاقب کرکے عامر کو فلیٹ کے اندر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ اس معاملے میں تینوں اہلکاروں کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی گئی تھیں۔

فیصل واوڈا کا استعفیٰ منظور، سینیٹ کی نشست خالی قرار دے دی گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے فیصل واوڈا کا استعفیٰ منظور کر لیا جس کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ نے ان کی نشست خالی قرار دے دی۔
رپورٹ کے مطابق سینیٹ سیکرٹریٹ نے نشست خالی قرار دینے کا نوٹی فیکشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصل واوڈا اب سینیٹر نہیں رہے، فیصل واوڈا نے اپنا استعفی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو پیش کیا تھا۔
واضح رہے فیصل واوڈا نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دیا تھا، فیصل واوڈا پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 2018ء میں سینیٹر منتحب ہوئے تھے۔

پی ڈی ایم کا تجربہ فیل، صحیح فیصلوں سے ملک پیروں پر کھڑا ہو سکتا ہے: حماد اظہر

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ معیشت تیزی سے بگڑ رہی ہے، لوگ مایوس ہو رہے ہیں، ایل این جی کو مہنگے داموں ضرورت سے زیادہ خریدا گیا، انہیں آٹھ ماہ بعد یاد آیا ہے روس سے سستا تیل لینا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ ایک سازش کے تحت من پسند لوگوں کو ہم پر مسلط کیا گیا، پی ڈی ایم حکومت کی ناکامی جمہوریت کی ناکامی نہیں، اگر صحیح فیصلہ سازی کی جائے تو اس ملک کو ابھی بھی پیروں پر کھڑا کیا جاسکتا ہے، پی ڈی ایم کا تجربہ فیل ہوگیا ہے،اگر کوئی نیا تجربہ کیا گیا تو وہ بھی فیل ہوجائے گا۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اسلام آباد میں کونسلر الیکشن سے بھی فرار اختیار کر گئی، کوئی بھی سنجیدہ معاشی ماہر ان کی پالیسیوں کو نہیں سمجھ سکے گا، جس نہج پر معاملات کو لے جایا جارہا ہے، کوئی منصوبہ سازی نہیں ہورہی، مہنگائی 30 فیصد بڑھ گئی ہے،روزگار نہیں ہے، ہمیشہ کی طرح یہ تجربہ بھی ناکام ہوا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہیں اور سے آئے ہیں اور کہیں اور ہی غائب ہوجائیں گے، یہ جمہوری طریقے سے ہم پر مسلط نہیں ہوئے، معیشت بگڑ رہی ہے، آج تک سردیوں میں ایسا بحران کبھی نہیں آیا، بجلی خریدنے کے لئے پیسے نہیں ہیں۔

نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شائقین کے لیے سٹیڈیم میں داخلہ مفت

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے شائقین کرکٹ کیلئے داخلہ مفت کردیا ہے۔
پی سی بی نے مختلف تعلیمی اداروں سے طلبا و طالبات سمیت معذور افراد، اولڈ ہومز اور یتیم بچوں کو اسٹیڈیم لائے جانے کیلئے رابطے شروع کردیئے ہیں، جس سے نیشنل اسٹیڈیم کو بھرا جاسکے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 2 جنوری سے کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔

بروقت انتخابات سے اداروں میں عمران کے سہولت کار نہیں رہیں گے، بلاول بھٹو

لاڑکانہ: (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بروقت انتخابات سے اداروں میں عمران کے سہولت کار نہیں رہیں گے۔
لاڑکانہ میں بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران چاہتے ہیں آمریت کا دروازہ کھلے اور وہ بیک ڈور سے ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم بن سکیں، خان صاحب کی پہلے ضد اور سازش یہ تھی کہ اسٹیبلشمنٹ میں بیٹھے ان کے سہولتکاروں کی موجودگی کے دوران انتخابات ہوں اور وہ کامیاب ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے تو ان کے سہولت کار ہٹ گئے لیکن کسی اور ادارے میں شاید ان کے سہولت کار ابھی موجود ہوں۔
بلاول بھٹو نے زور دیا کہ ماضی میں حکومتیں اپنی آئینی مدت پوری نہیں کرتی تھیں، ہم نے پارلیمنٹ کی آئینی مدت کو یقینی بنایا، 2007 سے 2013، پھر 2018 اور اب 2023 تک پارلمان اپنی مدت پوری کرنے جا رہی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اگر انتخابات وقت پر ہونگے تو عمران کے سہولت کار کسی بھی ادارے میں موجود نہیں رہیں گے، عمران خان کو اسی بات کی تکلیف ہے اسی لیے جھوٹ نفرت تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں ۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عمران ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سیلاب، معاشی مسائل اور بے روزگاری کے باوجود عمران چاہتے ہیں پارلمینٹ اپنی مدت پوری نہ کرے اور جمہوری ترقی نہ ہو۔

الیکشن کیلئے حکومت سے زیادہ پیچھے بیٹھے لوگوں کا راضی ہونا ضروری ہے: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ٹیکنوکریٹ حکومت لانے کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے، حکومت سے زیادہ پیچھے بیٹھے لوگوں کا الیکشن کیلئے راضی ہونا ضروری ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے، اگر آئندہ عام انتخابات میں کوئی پولیٹیکل انجینئرنگ کی گئی تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے، مشرقی پاکستان میں سب سے بڑی جماعت کا مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا گیا تھا، ابھی مجھے الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم صرف ڈرائنگ روم کی جماعت بن کر رہ گئی ہے، جنرل ر باجوہ نے اس ملک پر بڑا ظلم کیا اور ہم ڈیفالٹ کے قریب کھڑے ہیں، جنرل باجوہ سے ہماری حکومت کے اچھے ورکنگ ریلیشن رہے، جنرل باجوہ کے نزدیک سیاست دانوں کی کرپشن بے معنی تھی، نیب قوانین میں ترمیم کر کے 11سو ارب روپے کی کرپشن کے کیسز ختم کر دئیے گئے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے مفادات بیرون ملک ہیں، جب دونوں خاندانوں کے مفادات پاکستان سے نہیں تو ان سے میثاق معیشت کیسے کریں، ہماری حکومت میں 5 فیصد ڈیفالٹ کا خطرہ تھا جو اب 90 فیصد ہو چکا ہے، ملک پر قبضہ گروپ کا راج ہے اور جنگل کا قانون ہے، قانون کی حکمرانی قائم کئے بغیر پاکستان کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

ڈیجیٹل قرض دینے کے لیے قواعد و ضوابط جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی نے) ڈیجیٹل قرض دینے کے لیے قواعد و ضوابط جاری کردیے۔
ایس ای سی پی نے مس سیلینگ ، ڈیٹا پرائیویسی کی خلاف ورزی اور لائسنس یافتہ ڈیجیٹل لینڈنگ کمپنیوں کے زبردستی وصولی کے طریقوں سے متعلق بڑھتے ہوئے خدشات کا نوٹس لیتے ہوئے عوامی مفادات کے تحفظ اور قرض لینے والوں کے ساتھ منصفانہ سلوک کو یقینی بنانے کے لیے ہدایت کی ہیں۔
ایس ای سی پی کی جانب سے جاری سرکلر نمبر 15 کے ذریعے ڈیجیٹل قرضے دینے کے قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں، جن کا اطلاق ڈیجیٹل چینلز/موبائل ایپلی کیشنز (ایپس) کے ذریعے قرض دینے والی نان بینکنگ فنانس کمپنیوں پر ہو گا۔
نئے قوائد کے مطابق مذکورہ کمپنیوں کو قرض دینے سے پہلے کچھ تفصیلات لازمی فراہم کرنا ہوں گی۔
کمپنی کو درخواست گزار کی منظور شدہ قرض کی رقم، سالانہ فیصد کی شرح، قرض کی مدت، اقساط/تاریخ کے ساتھ یکمشت ادائیگی کی رقم، اور تمام فیس اور چارجز کی تفصیلات بتانا ہوں گی۔
ان قواعد میں قرض لینے والے کو قرض کی فراہمی سے پہلے کلیدی حقائق سٹیٹمینٹ (کی فیکٹ سٹیٹمینٹ) جاری کرنا بھی ضروری ہوگا۔
شرائط کوسمجھنے میں آسانی کے لیے ایپ انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں ویڈیو/آڈیو، اسکرین شاٹ اور ای میل/ایس ایم ایس کے ذریعے کی فیکٹ اسٹیٹمینٹ کا خلاصہ دکھائے گی۔ قرض لینے والے سے کوئی بھی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
غیر لائسنس یافتہ ڈیجیٹل قرض دہندگان کی روک تھام کے لیے لائسنس یافتہ ڈیجیٹل نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کو اپنے قرض دینے والے پلیٹ فارم پر مکمل کارپوریٹ نام اور لائسنسنگ کی حیثیت (بشمول لائسنس نمبر)، دستاویزات، مواد اور اشتہارات کا انکشاف کرنا ہوگا۔
مزید براں ایس ای سی پی نے ڈیجیٹل نان بینکنگ فنانس کمپنیوں سے متعلق شکایات کے ازالے کے موجودہ فریم ورک کے علاوہ بھی شکایات کے ازالے کا ایک جامع طریقہ کار بھی واضع کیا ہے، جس میں ڈیجیٹل نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کی طرف سے تفصیلی ماہانہ رپورٹنگ بھی شامل ہے۔

پُرانے ڈیزائن والے کرنسی نوٹوں کی تبدیلی کا آخری موقع

کراچی:(ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پرانے ڈیزائن کے متروکہ نوٹوں کی تبدیلی کیلئے 31 دسمبر کو بھی فیلڈ دفاتر کھلے رکھنے کا اعلان کردیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے گزٹ نوٹیفکیشن F.No.2(1)IF-III/2010 بتاریخ 23 دسمبر 2021 ء کے ذریعے 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بڑے سائز والے بینک نوٹوں کے تبادلے کی مقررہ آخری تاریخ 31 دسمبر 2022ء ہے۔
یہ بینک نوٹ صرف اسٹیٹ بینک کے ذیلی ادارے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن (بی ایس سی) کے فیلڈ دفاتر سے ہی تبدیل کروائے جاسکتے ہیں، اسی لیے اسٹیٹ بینک نے عوام کی سہولت کیلئے جمعہ 30 دسمبر 2022ء اور ہفتہ 31 دسمبر 2022ء کو رات 8 بجے تک ایس بی پی – بی ایس سی کے فیلڈ دفاتر کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ایس بی پی نے عوام سے درخواست کی ہے کہ شہری 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بڑے سائز والے بینک نوٹ 31 دسمبر 2022ء تک یا اس سے قبل تبدیل کرالیں، مقررہ تاریخ گزرجانے کے بعد یہ نوٹ تبدیل نہیں کروائے جاسکیں گے۔