2022 میرے لیے بہت زبردست گزرا: قومی ویمن کرکٹر ندا ڈار

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ویمن ٹیم کی پلیئر ندا ڈار نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا ہے کہ 2022 میرے لیے بہت زبردست گزرا، پی سی بی کوچنگ اسٹاف اور ساتھی کرکٹرز نے بہت سپورٹ کی۔
ندا ڈار نے کہا کہ میری کارکردگی میں بسمہ معروف کا بھی اہم کردار ہے، بسمہ کے ساتھ کافی پارٹنرشپس لگیں، عالیہ کے ساتھ بھی شراکت رہی، بہت اچھا سال رہا، دوسری لڑکیوں کو بھی میری کارکردگی سے حوصلہ ملا۔
ندا ڈار نے کہا کہ ہمیشہ بطور آل راؤنڈر پاکستان کیلئے بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش رہی، 2019 میں کم بیک کے بعد سے بہت اچھا سفر جا رہا ہے، ایوارڈز اور اس کیلئے نامزدگی سے ہمیشہ مزید بہتر کرنے کا حوصلہ ملتا ہے، کوشش ہے کہ آئندہ آنے والے برسوں میں بھی ایسی کارکردگی دکھاؤں۔
انہوں نے کہا کہ بہترین پلیئر کیلئے نامزد ہونا بھی بڑی بات ہے، اللہ نے چاہا تو ایوارڈ بھی ملے گا، 2022 میں ایشیا کپ میں انڈیا اور کامن ویلتھ گیمز میں بارباڈوس کیخلاف پرفارمنس یادگار ہیں، کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی بہترین آل راؤنڈر بنوں۔
ندا ڈار نے مزید کہا کہ عالمی آل راؤنڈر رینکنگ میں ساتواں نمبر ہے، ٹاپ ٹو میں آنا چاہتی ہوں، خواہش ہے کہ مزید دو سال پاکستان کیلئے کھیلوں، ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا سے سیریز تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی، اچھی ٹیم کیخلاف کھیل کر ہمیں اعتماد بھی ملے گا اور کھیل بہتر ہوگا۔

کیتھولک عیسائیوں کے سابق پوپ بینی ڈکٹ انتقال کرگئے

سینٹ پیٹرز: (ویب ڈیسک) کیتھولک عیسائیوں کے سابق پوپ بینی ڈکٹ 95 سال کی عمر میں ویٹی کن میں انتقال کرگئے۔
کیتھولک چرچ کے سابق سربراہ 95 سالہ بینی ڈکٹ گذشتہ چند دنوں سے شدید علیل تھے، چند روز قبل پوپ فرانسس نے بینی ڈکٹ کی صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی تھی۔
بینی ڈکٹ نے 2005 سے لےکر 2013 تک کیتھولک چرچ کی سربراہی کی جس کے بعد وہ خرابی صحت کی وجہ سے اس عہدے سے دستبردار ہوگئے تھے، وہ 600 سال میں مستعفی ہونے والے پہلے پوپ تھے۔
ویٹی کن نے ایک بیان میں کہا ہےکہ سابق پوپ کی میت کو 2 جنوری سے سینٹ پیٹرز بیسیلیکا گرجا گھر میں رکھا جائےگا جہاں لوگ ان کا دیدار کر سکیں گے اور 5 جنوری کو سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ان کی آخری رسومات پوپ فرانسس ادا کروائیں گے۔

حج وعمرہ زائرین کے سوا دیگر مسافروں کے آب زم زم لے جانے پر پابندی عائد

جدہ: (ویب ڈیسک) سعدی وزارت حج وعمرہ نے حج اور عمرے پر کے زائرین کے سوا دیگر تمام افراد پر آب زم زم لےجانے پر پابندی عائد کردی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں اداے کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے سعودی عرب کے لیے آپریٹ کرنے والی تمام ائرلائنز کو مراسلہ ارسال کردیا۔
وزارت کے فیصلے کے مطابق صرف حج اور عمرے پر آنے والے مسافر ہی آب زم زم اپنے ہمراہ لاسکتے ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزٹ ویزا، بزنس ویزا اور نوکری پیشہ افراد اپنے ہمراہ آب زم زم ساتھ نہیں لا سکتے، حج اور عمرے کے مسافرں کے لیے بھی کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز زم زم واٹر کی پانچ لیٹر کی صرف ایک بوتل ہی جہاز پر لوڈ کی جا سکتی ہے۔

ساحل پر کوئی پابندی نہیں، نئے سال پر شہری ‘سی ویو’ آ سکتے ہیں، انتظامیہ

کراچی: (ویب ڈیسک) انتظامیہ نے شہریوں کو ‘سی ویو’ پر آنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے سال کے موقع پر شہری ‘سی ویو’ پر سیر و تفریح کیلئے آ سکتے ہیں، ساحل پر کوئی پابندی نہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ عوام کی حفاظت کیلئے پولیس سی ویو پر موجود ہے، پولیس ریسٹورنٹس اور دکانوں کو 8 بجے بند کرنے کا حکم دے چکی ہے۔
دوسری جانب حیدرآباد کے شہریوں کی بڑی تعداد جامشورو کے مقام المنظر پر جمع ہوئی، شہریوں نے دریائے سندھ میں پھول ڈال کر سال 2022 کے آخری سورج کو الوداع کیا، شہریوں نے آخری سورج کے ساتھ تصاویر بھی۔
حیدر آباد کے شہریوں سمیت ادیب و دانشوروں نے بھی آخری سورج کو الوداع کیا، شہریوں کی جانب سے نئے سال میں ملک پاکستان اور سندھ کی خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی۔

قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد سونا سستا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں کمی ہوگئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 200 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 83 ہزار 900 روپے ہوگئی۔
10 گرام سونے کا بھاؤ 171 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 57 ہزار 665 روپے ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ بازار میں سونے کا بھاؤ 6 ڈالرز اضافے سے 1824 ڈالرز فی اونس ہے۔

عمران خان نے نفرت کی سیاست سے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، بلاول بھٹو

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان نے نفرت کی سیاست سے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، ناکام وزیر اعظم کو جمہوری طریقہ سے گھر بھجوایا گیا، آج بنی گالہ سے چیخیں نکل رہی ہیں، پیپلز پارٹی ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے۔
تقریب سےخطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نےماضی میں بھی مشکلات کا سامنا کر کے ملک کو بچایا تھا، مستقبل میں بھی پیپلز پارٹی ملک کو بچائے گی، پیپلز پارٹی کی سب سے بڑی طاقت یکجہتی کی سیاست ہے، ہم نےاسی یکجہتی کے ساتھ پورے ملک کو چلانا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی تقسیم، نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، نفرت کی سیاست پر یقین رکھنے والے کہتے ہیں یہ شہرایک سوچ رکھنے والوں کا ہے، پیپلز پارٹی کہتی ہے یہ شہر سب کا ہے، پیپلز پارٹی سب طبقوں کی نمائندگی کرتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک طرف خان کہہ رہا ہے استعفے منظور کریں، جب نمائندے سپیکر کے پاس جاتے ہیں تو کہتے ہیں استعفے منظور نہ کرو، یہ جھوٹ کی سیاست کر رہے ہیں، اصل میں الیکشن سے وہ بھاگ رہے ہیں، جہاں جیالا کھڑا ہو گا وہ الیکشن ہاریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ کارکن لانگ مارچ کے ذریعے اسلام آباد پہنچے، اسلام آباد پہنچ کر ناکام وزیراعظم کو جمہوری طریقے سے گھر بھیجا، ہم سلیکٹڈ راج کے خلاف نکلےتھے، سلیکٹڈ کو گھر بھیجنا کارکنوں کی جیت ہے، پہلے آمریحییٰ خان کا مقابلہ کیا، مشرف کو بھگایا اور پھر کٹھ پتلی کو نکالا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی مقابلہ ہو گا جیت سچ کی ہو گی، جب بھی مقابلہ ہو گا تو کٹھ پتلیوں، سلیکٹڈ کو شکست اور جمہوری قوتوں کی فتح ہو گی، اس وقت ملک مشکل میں ہے، عمران کی نفرت کی سیاست نے جمہوریت، معاشرے، معیشت کو نقصان پہنچایا، اگر ہم نے مشکل سے نکلنا ہے تو شہید بھٹو کا منشور سامنے ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مراد علی شاہ اور ان کی ٹیم کی محنت کو سراہتا ہوں، مجھے اکثر کہا جاتا ہے مراد علی شاہ صرف کراچی کے وزیر اعلیٰ ہیں، جتنے کام مراد علی شاہ نے کراچی میں کیے تاریخ میں کسی وزیراعلیٰ نے نہیں کیے، ہمارا وزیراعلیٰ پورا سندھ اور کراچی کا بھی ہے، ماضی میں بندوق، دہشت کے خوف سے پیپلز پارٹی کے ووٹرز کو دبا کر مصنوعی مینڈیٹ لایا جاتا تھا، کراچی کے جیالے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مندو خیل کی سیٹ پر 2018 میں کسی اور کو مسلط کیا گیا، لیاری کے مینڈیٹ پر بھی ڈاکہ مارا گیا، بلدیاتی الیکشن میں تاخیر سے نمائندے تنگ ہو رہے ہیں، پہلے ہم شکایات کرتے تھے ہم سے الیکشن کا موقع چھینا جا رہا ہے، ہم امید کرتے ہیں 15 جنوری کو شہر کراچی میں بلدیاتی الیکشن ہو گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پورا کراچی الیکشن کے لیے تیار ہے، بلدیاتی نمائندے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، اب سیلاب تو چلا گیا، کراچی، حیدر آباد کو نمائندے ملنے چاہئیں، ہمیں اس بات کا کوئی خوف نہیں کون جیتے یا ہارے، صاف اور شفاف الیکشن ہونا چاہیے، جیتنے والوں کو قبول کریں گے، کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر صاف نظر آ رہا ہے اگلا میئر اسی میدان میں بیٹھا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہرڈسٹرکٹ میں مفت علاج کی سہولت پہنچائیں گے، ہمیں مہنگائی، بے روزگاری کا احساس ہے، عمران کےمہنگائی کےاثرات ہم سب بھگت رہےہیں۔
آج نئے سال کا جشن کراچی والوں کیساتھ منانا ہے، پورا شہر آج رات 12 بجے باہر نکلے گا، کراچی کی ہر گلی، یونین کونسل میں لوگ نئے سال کا جشن منائیں گے، ایک سال میں کارکنوں نے وہ کام کر کے دکھایا جس کا وعدہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں بہت سارے مسائل ہیں، دہشت گردی کا مقابلہ پیپلز پارٹی اور جیالوں نے کیا، شہرمیں پبلک ٹرانسپورٹ بھی بڑا مسئلہ ہے، ہم چاہتے ہیں ایسی پبلک ٹرانسپورٹ ہو جس سےعام آدمی کو سہولت ہو، عوامی بس منصوبے پر ڈسٹرکٹ میں کام شروع ہو گیا ہے، ہرڈسٹرکٹ میں پیپلز بس سروس کو پہنچائیں گے، مہنگائی کے دور میں عام آدمی مشکل میں ہے، کم وسائل کے باوجود کام کر کے دکھائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے ہر قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ کیا، ہم نے انتہا پسندی، مذہبی، لسانیت کی دہشت گردی کا مقابلہ کیا، جیالوں کی شہادتوں کی وجہ سے ہم نے ان کو شکست دلوائی، محترمہ بینظیر بھٹو شہید انہی انتہا پسند، دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے آئی تھیں، محترمہ بندوق کی سیاست پر یقین کرنے والوں کا مقابلہ کرنے آئی تھیں، محترمہ پیچھے نہیں ہٹی اورشہادت قبول کی۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج، پولیس، بچوں نے بھی قربانیاں دیں، جو کام نیٹو نہیں کر سکی ہم نے وہ کام پاکستان میں کر دکھایا، ہم نےدہشت گردوں کو شکست دی، عمران خان نے معاشرے، جمہوریت کو نقصان پہنچایا، معاشی بحران پیدا کیا، جس کا بوجھ عام آدمی اٹھا رہا ہے، جو دہشت گرد شکست کھا چکے تھے جن کو چاروں کونوں سےنکالا عمران نے ان کو دوبارہ کھڑا کر دیا، عمران نےشہدا کے لہو کا سودا کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس میں جو دہشت گرد پکڑے گئے ان کو بھی چھڑا دیا گیا، جو افغان حکومت کے قیدی تھے، ان کو بھی چھوڑ دیا گیا، دہشت گردوں کو رہا کرا کر قبائلی علاقوں میں بٹھا دیا گیا، ہمیں امپورٹڈ کہتا ہے اس نے تو دہشت گردی کو امپورٹ کر دیا، دہشت گردوں کو واپس بلا کر ان کی مہمان نوازی کی گئی، وہ لوگ ہتھیارسمیت واپس آئے۔
وزیر خارجہ نے عمران خان پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ تین دن پہلے ٹی وی میں کہتا ہے اس قسم کے 50 ہزارلوگوں کو آباد کراؤں گا، پاکستان کی پارلیمنٹ، شہدا کے لواحقین سے پوچھے بغیر دہشت گردوں کو واپس لایا گیا، دہشت گردی اس لیے ہو رہی ہے کیونکہ عمران ان کو واپس لایا، یہی وجہ ہے دہشت گردی اور کرائم میں اضافہ ہوا ہے، یہ عمران خان کا سب سے بڑا گناہ ہے، نیشنل سکیورٹی پر کمپرؤمائز کیا گیا، ملک میں بڑی مشکل سے امن قائم کیا گیا تھا،حساب چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی دہشت گردی کی پالیسی کو ری ویو کرنا پڑے گا، ہمیں پاکستان کے مفاد کے مطابق پالیسی کو بنانا پڑے گا، ریاستی رٹ پر کوئی کمپرو مائز نہیں کرینگے، دہشت گردوں کو شکست دے کر امن قائم کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کارکنوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں 15 دن رہ گئے، الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق میں کمپین نہیں کر سکتا، جیالے زیادہ محنت کریں۔

غیر ملکی کوچز کی تقرری کیلیے منظوری لے لی ہے، نجم سیٹھی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی نے غیرملکی کوچز کی تقرری، پی سی بی ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی اور پاکستان جونیئر لیگ کو ختم کرنے کی منظوری دے دی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کے بعد نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ کوئٹہ میں پی ایس ایل کے میچز کرانے پر کام شروع کر دیا گیا ہے، صحافیوں کے بارے میں رمیز راجہ کے بیانات پر دکھ ہوا، میں نے سابق چیئرمین کے الزامات کا جواب نہ پہلے دیا ، نہ اب دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے لئے غیر ملکی کوچز کی تقرری کی منظوری لے لی ہے، گزشتہ دور پر احتساب کریں گے تو اسے انتقامی کارروائی قرار دیا جائے گا، ڈائریکٹر ایچ آر سرینا آغا نے استعفیٰ دیا ، ہم نے قبول کر لیا ہے۔
نجم سیٹھی نے واضح کیا کہ پی سی بی میں بھاری تنخواہیں برداشت نہیں کر سکتے، ان میں لازمی کمی کریں گے، ملازمین کو کہہ دیا ہے کہ جسے تنخواہ میں کٹوتی قبول نہیں وہ استعفیٰ دے کر گھر جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کوئٹہ میں کرانے کے بارے ميں ہوم ورک شروع ہوچکا ہے۔ بگٹی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام شروع ہوچکا ہے۔ اگر پی ایس ایل تک اسٹیڈیم تیار نہ ہوا تو پھر ہشاور اور کوئٹہ کا بگٹی اسٹیڈیم میں نمائشی میچ منعقد کیا جائے گا۔

اللہ نے موقع دیا تو قومی ٹیم میں دوبارہ کھیلوں گا، محمد عامر

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹر محمد عامر نے کہا ہے کہ اللہ نے مجھے موقع دیا تو قومی ٹیم میں دوبارہ کھیلوں گا۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں میڈیا سے گفتگو میں محمد عامر کا کہنا تھاکہ میں پہلے پی ایس ایل میں پرفارم کرنا چاہتا ہوں، اللہ نے مجھے موقع دیا تو قومی ٹیم میں دوبارہ کھیلوں گا۔
انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے یہاں پریکٹس کا موقع دیا، مجھے لگتا تھا کہ رمیز راجا پڑھے لکھے آدمی تھے، ان سے کسی پر الزام لگانے کی امید نہیں تھی۔
عامر کا کہنا تھاکہ نجم سیٹھی حمایت کر رہے ہیں لیکن پہلے میں اپنی پرفارمنس پر توجہ دوں گا۔

آج کل پی ٹی آئی کے لئے قانون کچھ اور باقیوں کے لئے کچھ اور ہے، فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ آج کل پی ٹی آئی کے لئے قانون کچھ اور باقیوں کے لئے کچھ اور ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے عدالتی نظام پر ایک کھلم کھلا حملہ ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک اور ریفرنس چیف الیکشن کمشنر کے خلاف بھیجا جائے، اس وقت چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت ایک کلرک سے زیادہ نہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ ہماری معیشت تباہ و برباد ہوگئی ہے، پاکستان کے معاملات چلانے والے لوگ اس وقت بالکل بھی سنجیدہ نہیں، پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا معاملہ طے ہے، اس حکومت پر الیکشن کے نام سے کپکپی طاری ہوجاتی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت کلرک سے زیادہ نہیں ہے، ہم عدالت جا رہے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کو کام سے روکا جائے، اگر آپ نے الیکشن نہیں کرانے تو جا کر دال چاول فروخت کریں۔

الیکشن کمیشن حکومت کی بی ٹیم، انتخابات نہیں کروا سکتا تو الیکشن کمشنر مستعفی ہو جائے، فرخ حبیب

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن حکومت کی بی ٹیم بنا ہوا ہے، الیکشن کمیشن اگر انتخابات نہیں کروا سکتا تو چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہو جائیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب نے کہا کہ اسحاق ڈار ڈیٹا میں ہیرا پھیری کے ماہر ہیں، آج غریب آدمی بچوں کے لئے آٹا نہیں لے سکتا، عوام سوال پوچھ رہے ہیں کہ کون ہے جس نے ملک کو یہاں تک پہنچایا، حاجی صاحب سارا بیڑہ غرق کر کے گئے، اب حاجی صاحب فرمائشی کالم لکھواتے ہیں، یہ اس وقت ٹیکنکل چور ٹیکنوکریٹ ہی بیٹھے ہیں، حاجی صاحب کا یہ تجربہ ناکام ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ملک کی بہتری کا سوچیں، واحد راستہ الیکشن ہے، ملک میں استحکام صاف اور شفاف الیکشن سے ہی آئے گا، پہلے تجربوں کی حالت عوام نے دیکھ لی اب کوئی تجربہ کامیاب نہیں ہو سکتا، یہ ہائبرڈ نظام چل رہا ہے جس سے یہ خود فائدہ اٹھا رہے ہیں، الیکشن کمیشن حکومت کی بی ٹیم بنا ہوا ہے، اگر الیکشن کمیشن انتخابات نہیں کروا سکتا تو چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہو جائیں، ملک میں نئے انتخابات کی راہ ہموار ہونی چاہیے، ملک کو نئے انتخابات ہی بچا سکتے ہیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ کل وزارت خزانہ نے اکانومی آؤٹ لک رپورٹ جاری کی ہے، آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق پاکستان آگے جانے کی بجائے پیچھے کی طرف جا رہا ہے، ٹیکسٹائل، آٹو، سیمنٹ انڈسٹریز بند ہو رہی ہیں، یہ کہتے ہیں سب اچھا ہے، معاشی آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق 60 فیصد بیرون ممالک انویسٹمنٹ نیچے آگئی ہے، ملک لوٹنے والوں کے دورمیں کون انویسٹمنٹ کرے گا، حکومت ایف بی آر کا ٹارگٹ بھی پورا نہیں کر سکی، پچھلے سال کی نسبت ترسیلات زر میں ساڑھے 9 فیصد کمی آئی ہے، ہمارے دور میں ٹیکسٹائل سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا تھا اورآج بڑی انڈسٹریز بند ہو رہی ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اسحاق ڈار نے پہلے بھی اور اب پھر معیشت کو تباہ کر دیا ہے، عمران خان کے دور میں پاکستان ترقی کر رہا تھا، عمران خان کے دور حکومت میں 55 لاکھ نوکریاں پیدا کی گئیں، عمران خان کے دور میں کسان خوشحال تھے، اس حکومت نے اپنے کیسز معاف کروائے اور ملک کو اندھیروں کی طرف لے گئی، 4 سال کرپشن کےکیسزمیں مفروروں کو حفاظتی ضمانتیں مل رہی ہیں، ملک لوٹنے والے دندناتے پھر رہے ہیں، اعظم سواتی کو انصاف کا بنیادی حق نہیں دیا جا رہا، اعظم سواتی کی ضمانت نہیں ہو رہی۔
سابق وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ سرغنہ نالائق اعظم شہباز شریف سمیت سب اتحادیوں کے مقدمات معاف ہو رہے ہیں، ان سب کی موجیں لگی ہوئی ہیں، اگروزیر داخلہ سکیورٹی نہیں دے سکتے تو مستعفی ہو جانا چاہیے، اگر دارالخلافہ محفوظ نہیں تو بیرون ممالک کے سفیروں کو کیا پیغام دے رہے ہیں، عمران خان کے خلاف تو توہین عدالت کے نوٹسز جاری ہو گئے تھے، دیکھیں گے کیا اب بھی توہین عدالت کے نوٹس جاری ہوں گے، ہم نے توہین عدالت کی درخواست آج جمع کروا دی ہے۔