کراچی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے پاکستان پر 2 رنز کی برتری حاصل کرلی، 4 وکٹیں اب بھی باقی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 440 رنز بنالیے اور اسے پاکستان پر 2رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
کھیل ختم ہوا تو کین ولیمسن 105 اور اش سودی ایک رن کے ساتھ کریزپر موجود تھے۔ ٹام لیتھم 113 ، ڈیون کووئے 92 رنزبناکرآؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے ٹام بلینڈل 47 اور ڈیرل مچل 42 رنزبنا کر آؤٹ ہوئےم ہینرل نکلز 22 اور مائیکل برائسویل 5 رنزبناکرآؤٹ ہوئے،
پاکستان کی جانب سے اسپنر ابراراحمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی نے 2 اور محمد وسیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان ٹیم گزشتہ روز پہلی اننگزمیں 438 رنزبناکرآؤٹ ہوئی تھی۔
نیوزی لینڈ نے کھیل کے تیسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 165 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے کیا تھا۔
کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان نے بابر اعظم اور آغا سلمان کی سنچریوں اور سرفراز احمد کی ففٹی کی بدولت 438 بنائے تھے۔

پی ٹی آئی کو استعفوں کی منظوری کیلئے ایک ایک کر کے آنا ہوگا:راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ استعفوں کی منظوری کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان کو ایک ایک کر کے آنا ہو گا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جتھے کی صورت میں آنے سے معاملات درست انداز میں نہیں ہو سکتے، پی ٹی آئی کے ارکان کو استعفوں کی منظوری کے لیے ایک ایک کر کے آنا ہوگا۔
سپیکر کا مزید کہنا تھا کہ استعفوں کے معاملے پر آئین اور قانون کے پابند ہیں۔ استعفے ارکان کے تحریرکردہ نہیں تھے، گزشتہ طلبی پر بھی پی ٹی آئی کے ارکان نہیں آئے۔ پی ٹی آئی کے عامر ڈوگر نے استعفوں سے متعلق بات چیت کے لیے رابطہ کیا تھا، ان کو بتا دیا ہے کہ میں اسلام آباد پہنچ گیا ہوں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ عامر ڈوگر کو کہا تھا کہ استعفوں کے بارے میں پالیسی بڑی واضح ہے، جو بھی آئینی معاملات ہیں انہیں اسی تناظر میں دیکھا جاتا ہے، بنیادی آئینی طریقہ ہے کہ ہر ممبر استعفیٰ اپنے ہاتھ سے لکھے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ارکان آئیں اور استعفیٰ دیں تو تصدیق کے لیے بھیجوں، میرے بلانے کا مقصد یہ پوچھنا تھا کہ کیا وہ خوشی سے استعفیٰ دے رہے ہیں، پی ٹی آئی کے ارکان نہیں آئے تو میں سمجھا کہ استعفیٰ نہیں دینا چاہتے۔
ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں پرآئینی ماہرین سے مشاورت مکمل کر لی ہے، پی ٹی آئی کا وفد اس سلسلے میں کل سپیکر سے ملاقات کرے گا۔

عمران خان احسان فراموش شخص ہے جسے ڈیڈی سمجھتا تھا اسے برا بھلا کہہ رہا ہے: شرجیل

کراچی : (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان احسان فراموش شخص ہے جس کو ڈیڈی سمجھتا تھا آج اسے برا بھلا کہہ رہا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا آج ملک میں معیشت کی تباہی کا ذمہ دار عمران نیازی ہے، نااہل اور جاہل شخص کو اوپر بٹھا کر ملک کو داؤ پر لگایا گیا، ارکان کی خرید و فروخت پی ٹی آئی اور عمران خان نے کی، سب نے سنا آڈیو لیک میں عمران خان ارکان کو خریدنے کی بات کر رہے ہیں، عمران خان نے توشہ خانے کے قالین اور گھڑیاں بھی نہیں چھوڑیں۔ ان کا کہنا تھا عمران خان نے وزارت عظمیٰ کے دوران ساڑھے تین سال میں سندھ کو کوئی پروگرام دیا ہو بتا دیں، بنوں جیل سے دہشتگرد بھاگے تو اس وقت بھی عمران کی حکومت تھی، سانحہ اے پی ایس کے وقت کے پی میں عمران خان کی حکومت تھی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا عمران خان نے آئین و قانون کی دھجیاں اڑائیں اور اب بھی اڑا رہا ہے، نیب صرف مخالفین کے خلاف استعمال ہو رہا تھا، عمران خان اور کے پی کے کے وزرا نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، عمران خان کے اسکرپٹ رائٹربھارت اور اسرائیل میں بیٹھے ہیں، عمران خان آسمان سے نہیں اترا کہ اس کے خلاف کاروائی نہ ہو، عمران خان احسان فراموش شخص ہے جس کو اپنا ڈیڈی سمجھتا تھا، آج انہیں ہی برا بھلا کہہ رہا ہے۔
کراچی میں بلدیاتی الیکشن سے متعلق سوال پر شرجیل میمن کا کہنا تھا ہم الیکشن کمیشن کے احکامات پر عمل کرنے کے پابند ہیں، ایم کیو ایم کے جتنے دھڑے مل جائیں ہمیں اس کا کوئی ڈر نہیں ہے، ہم الیکشن میں مقابلہ کریں گے۔

بلدیاتی انتخابات کا التواء رکوانے کیلئےقانون سازی کی جائے: الیکشن کمیشن کا وفاق کوخط

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کا التواء رکوانے کیلئے قانون سازی کرنے پرخط لکھ دیا ۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے وفاقی حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ قانون بنایا جائے کہ لوکل باڈیز کی مدت ختم ہونے میں 3 ماہ رہ جائیں تو ایکٹ تبدیل نہ کیا جائے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ میں تبدیلی کے بعد الیکشن کمیشن کی تیاریاں ضائع ہوجاتی ہیں، جو بھی قانون سازی کی جائے وہ بلدیاتی حکومتوں کی مدت ختم ہونے سے قبل کی جائے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آئین کے تحت بلدیاتی الیکشن کے ایکٹ پر عملدرآمد کا پابند ہوتا ہے ۔

نیب نے تھرکول واٹر پراجیکٹ میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا آغاز کر دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) نیب نے تھرکول واٹر پراجیکٹ میں ایک ارب 29 کروڑ روپے بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا ہے جس کی تحقیقات کا اغاز کر دیا گیا ہے۔
نیب حکام نے سوالات کیے ہیں کہ تھرکول واٹر پراجیکٹ میں کتنی رقم خرچ ہوئی، اس کام کے بل کس نے پاس کیے، رقم کب اور کتنی جاری ہوئی، ٹینڈر کے عمل کی تفصیلات دی جائیں۔
محکمہ آبپاشی کی جانب سے ابھی تک کوئی ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا، مذکورہ منصوبے پر 2016-17 کے دوران رقم خرچ کی گئی۔

بھارت میں ایک اور روسی بزنس ٹائیکون کی پراسرار موت

دہلی: (ویب ڈیسک) روسی قانون دان اور سوسیج انڈسٹری ٹائیکون بھارت میں ہوٹل کی چھت سے گرکر ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا بتانا ہےکہ قانون دان اور بزنس ٹائیکون پاول انتوف ہوٹل کی تیسری منزل سے گر ہلاک ہوئے اور وہ ہوٹل کے باہر مردہ حالت میں پائے گئے جب کہ دو روز قبل ان کے ساتھ آنے والے روسی دوست بھی ہوٹل میں پرسرار طور پر مردہ پائے گئے تھے جن کے قبضے سے شراب کی بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اس واقعے کے بعد روسی باشندوں کی موت کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق دوست کی موت کے بعد پاول ذہنی دباؤ کا شکار تھے جس کی وجہ سے ان موت واقع ہوئی جب کہ انڈین میڈیا کی جانب سے پاول کی موت کو خودکشی قرار دیا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں قائم روسی سفارتخانے کی جانب سے دونوں شہریوں کی موت کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ کولکتہ میں روسی قونصل جنرل نے کہا ہےکہ وہ انتظامیہ سے رابطے میں ہیں اور پولیس کو دستیاب معلومات کے مطابق کوئی مجرمانہ پہلو نظر نہیں آرہا ہے۔

اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن نہ کروانا توہین عدالت میں آتا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نےکہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہ کروانا توہین عدالت میں آتا ہے، اتنا سا شہر ہے جس کا بیڑا غرق کر دیا ہے، الیکشن کمیشن کا یہ کام نہیں کہ حکومت کی طرف دیکھے، الیکشن کمیشن نے آزادانہ الیکشن کروانے ہوتے ہیں، سی ڈی اے کے پاس کوئی اختیار نہیں کہ لوکل گورنمنٹ کے فنڈ استعمال کرے۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 31 دسمبر کو کروانے کی پی ٹی آئی اپیل پر جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سماعت کی، دوران سماعت الیکشن کمیشن نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے ہیں، یونین کونسلز کی تعداد بڑھنے سے الیکشن ملتوی کیے گئے ہیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کروانے میں دلچسپی نہیں رکھتا ؟ یہ بتائیں کیا وفاقی حکومت پہلے سوئی ہوئی تھی، ہم کیوں نا ایڈمنسٹریٹر کی پاور کو معطل کر دیں، ایڈمنسٹریٹر لوکل گورنمنٹ کا فنڈ استعمال کیے جا رہے ہی، نہ پچھلی حکومت نہ ہی یہ حکومت بلدیاتی انتخابات کروانا چاہتی ہے، اتنا سا شہر ہے بیڑا غرق کردیا ہے شہر کا، یونین کونسل کی تعداد 125 جو کی ہے وہ 250 کر دیں کوئی فرق نہیں پڑنا، سپریم کورٹ میں حلف نامہ دیا تھا پھر بھی الیکشن نہیں کروا رہے، یہ تو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔
تحریک انصاف کے وکیل نے بتایا کہ 3 چیئرمین اور پچاس ممبر بغیر الیکشن منتخب ہو چکے ہیں جس پر فاضل جج نے کہا کہ جو بغیر الیکشن منتخب ہوئے ان کا کیا اسٹیٹس ہے ، 2 سال سے اس شہر کو بے یارو مدد گار چھوڑا ہوا ہے، الیکشن کمیشن کا یہ کام نہیں حکومت کی طرف دیکھے، آپ نے الیکشن کروانے ہوتے ہیں آزادانہ، لوکل باڈیز کا فنڈ سی ڈی اے اور ایڈمنسٹریٹر کیوں استعمال کرے؟ سی ڈی اے کے پاس کوئی اختیار نہیں لوکل گورنمنٹ فنڈ استعمال کرے، لوگوں کو یہاں پانی نہیں مل رہا شہر کا کیا حال کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ صدر نے ابھی دستخط نہیں کیے لیکن اس کے باوجود الیکشن کمیشن نے پہلے ہی سمجھ لیا وہ قانون بن چکا ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ انتخابات کا شیڈول آنے کے بعد کیا یونین کونسلز کی تعداد بڑھائی جاسکتی ہے، وفاقی حکومت نے تو کبھی بھی الیکشن کمیشن کو درخواست نہیں دی، سوال یہ ہے کہ یہ شہری بغیر منتخب نمائندوں کے ہے۔
اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلیل دی کہ چاروں صوبے بغیر منتخب نمائندوں کے چل رہے ہیں، کسی نے بھی حکومت کے 19 دسمبر کے نوٹیفکیشن چیلنج نہیں کیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ جب اسمبلی کا اجلاس چل رہا ہو تو آرڈیننس کیوں جاری کرتے ہیں، اسمبلی نہیں چلا سکتے تو پھر نہ بیٹھا کریں، انہوں نے 39 آرڈیننس جاری کیے کیا کوئی آرڈیننس فیکٹری لگانی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن سے استفسار کیا گیا کہ ہائی کورٹ کا آرڈر تھا الیکشن کمیشن فریقین کو سن کر فیصلہ کرے، الیکشن کمیشن نے کیسے لکھ دیا کہ ہائی کورٹ نے ہدایت کی تھی الیکشن ملتوی کرنے کی؟ کیا اس صورت حال میں ہم انتخابات کروانے کا حکم دے سکتے ہیں؟ وفاقی حکومت کیسے انڈرٹیکنگ دے گی جو پہلے سپریم کورٹ بھی دے چکے۔

2022 کی وہ مقبول ترین ویب سائٹ جس نے ٹک ٹاک سے نمبرون پوزیشن چھین لی

لاہور : (ویب ڈیسک) اگر یہ پوچھا جائے کہ دنیا میں لوگ سب سے زیادہ کس ویب سائٹ پر وزٹ کرتے ہیں تو بلاشبہ اس کا جواب گوگل ہی ہوگا۔
کیونکہ لوگ انٹرنیٹ پر کچھ بھی سرچ کرنے کے لیے گوگل کا ہی رخ کرتے ہیں۔
مگر حیران کن طور پر 2021 میں دنیا کی مقبول ترین ویب سائٹ کا اعزاز گوگل کی بجائے ٹک ٹاک کے نام رہا تھا جبکہ گوگل اور فیس بک بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ ٹک ٹاک نے فروری 2021 میں پہلی بار سب سے مقبول ویب سائٹ کا اعزاز محض ایک دن کے لیے حاصل کیا، تاہم مارچ میں اس کے پاس یہ پوزیشن زیادہ دن تک برقرار رہی۔
مگر صحیح معنوں میں وہ اگست 2021 میں مقبول ترین ویب سائٹ بنی ۔
مگر 2022 میں ٹک ٹاک کی گوگل اور فیس بک کے خلاف بالادستی برقرار نہیں رہی۔
کلاؤڈ فلیئر کی 2022 کی مقبول ترین ویب سائٹس کی فہرست میں ایک بار پھر گوگل نے نمبرون پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
گوگل کے بعد فیس بک دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ تیسرے پر ایپل اور ٹک ٹاک مشترکہ طور پر موجود ہیں۔
یوٹیوب 5 ویں نمبر پر رہی جس کے بعد چھٹا نمبر مائیکرو سافٹ کے حصے میں آیا۔
7 ویں پر ایمازون ویب سروسز، 8 ویں پر انسٹاگرام، 9 ویں پر ایمازون جبکہ 10 ویں پر آئی کلاؤڈ، نیٹ فلکس، ٹوئٹر اور یاہو رہے۔
جہاں تک 2022 کی مقبول ترین سوشل میڈیا سائٹس کی بات ہے تو یہاں فیس بک نمبرون پوزیشن پر موجود ہے جس کے بعد ٹک ٹاک کا دوسرا نمبر ہے۔
انسٹاگرام تیسرے، ٹوئٹر چوتھے جبکہ اسنیپ چیٹ 5 ویں نمبر پر مقبول ترین سوشل میڈیا سائٹ رہی، مگر حیران کن طور پر عام ویب سائٹس اور سوشل میڈیا ویب سائٹس دونوں فہرستوں کے ٹاپ 10 میں واٹس ایپ موجود ہی نہیں۔

امریکا کے تعلقات ہمارے ساتھ اچھے نہیں مگر ہمیں اس کے آگے جھکنا نہیں: کائرہ

سکھر: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہےکہ عمران خان نے امریکا اور سعودیہ سے تعلقات خراب کیے جب کہ امریکا کے تعلقات ہمارے ساتھ اچھے نہیں مگر ہمیں اس کے آگے جھکنا نہیں۔
سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہاکہ کیا الیکشن کرانے، قانون اور آئین بنانے سے جمہوریت آجاتی ہے؟ ادارے کھڑے کرنے سے عمارتیں بنانے سے جمہوریت نہیں آتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے اس لیے مشکل فیصلے کرنا پڑیں گے، 9 ہزار ارب پاکستان کی آمدنی اور14 ہزار ارب پاکستان کا خرچہ ہے، مارکیٹ 8 بجے بند کرنے سے 100 ارب روپے سالانہ بچت ہوتی ہے مگر مارکیٹس بند کرنے کو کاروباری حضرات تیار نہیں جب کہ ورک لوڈ کم کرنےکے لیے 20 فیصدگھر سےکام کرنےکی بات کی تو تنقید کی گئی۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ امریکا کے تعلقات ہمارے ساتھ اچھے نہیں مگر ہمیں اس کے آگے جھکنا نہیں، عمران خان نے امریکا اور سعودیہ سے تعلقات خراب کیے، آج بلاول بھٹو وزیر خارجہ بن کر عالمی دنیا سے تعلقات بہتر بنارہے ہیں۔

سندھ حکومت کو 4 ماہ میں مخصوص افراد کے کوٹے پر بھرتیاں مکمل کرنے کا حکم

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کو 4 ماہ میں مخصوص افراد کے کوٹے پر بھرتیاں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں سندھ حکومت کے مختلف محکموں میں خصوصی افراد کو کوٹے پر ملازمتیں نہ دینے کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت عدالت نے سرکاری ملازمتوں میں خصوصی افراد کے کوٹے پر عملدرآمد نہ کرنے پر سندھ حکومت پر برہمی کا اظہار کیا اور 4 ماہ میں خصوصی افراد کے کوٹے پر بھرتیاں مکمل کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے کہا کہ تمام محکموں میں خصوصی افراد کی بھرتیوں کا عمل دو ہفتوں میں شروع کیا جائے، اس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ جن محکموں میں آسامیاں خالی ہیں ان میں بھرتیاں کی جائیں گی، خصوصی افراد کے کوٹے پر سندھ حکومت نے کچھ حد تک عملدرآمد کیا ہے۔