بچوں کو پولش ماوں کے حوالے کرنے کا حکم، پاکستانی باپ کی سرزنش

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے دونوں بچوں کو پولش ماؤں کے حوالے کر دیا.
اسلام آبا د ہائیکورٹ نے بچوں کو پولینڈ سے پاکستان لانے والے باپ سے بچے لے کر واپس پولش ماوں کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے والد سے استفسار کیا کہ اگر بچے آپکے حوالے کیے جائیں تو اُنکی ماؤں کو ملاقات کی اجازت دینگے؟
والد نے جواب دیا کہ جب یہ ملنا چاہیں میں انہیں دونوں طرف کا ٹکٹ بھی اپنے خرچ پر دیا کروں گا۔عدالت کا ماؤں سے استفسار کیا کہ اگر بچے آپکے حوالے کریں تو والد سے ملاقات پر کوئی اعتراض تو نہیں؟ ماوں نے جواب دیا کہ نہیں، ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
پاکستانی خاوند کے خلاف پولینڈ کی شہری دو بیویوں کے بچوں کی حوالگی سے متعلق کیس میں گزشتہ سماعت پر عدالت نے ایف آئی اے کو بچوں کو پولینڈ کے سفارتخانے منتقل کرنے اور پاسپورٹ ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔
گزشتہ روز سماعت کے دوران پاکستانی شوہر نے عدالت کو بتایا ہے کہ وہ مسجد گھر سے دور ہونے کی وجہ سے بچوں کو پولینڈ سے پاکستان لے آیا تھا۔
انہوں عدالت کو بتایا کہ وہ رضامندی سے بچوں کو پاکستان لائے تھے۔ صرف اور صرف مذہب کی وجہ سے ان کے اپنی بیویوں کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے۔ مائیں بچوں کو چرچ لے کر جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولینڈ میں مسجد ان کی رہائش سے 300 کلومیٹر دور ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ آپ کے اتنے ریسٹورنٹس ہیں تو مسجد گھر کے قریب ہی بنوا لیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔
گزشتہ روز سماعت پر عدالت نے بچوں کو عارضی طور پر ماوں کے حوالے کیا تھا ۔ کیس پر مزید سماعت کرتے ہوئے عدالت نے آج بچوں کو ماوں کے حوالے کرتے ہوئے باپ کو ملنے کی اجازت دی ہے۔

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات مؤخر ہونے کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات مؤخر ہونے پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات مؤخر کیے جانے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
علی نواز اعوان نے وکیل سردار تیمور کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی، درخواست میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری داخلہ اور الیکشن کمیشن کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے، علاوہ ازیں چیف الیکشن کمشنر، ایم سی آئی اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کو بھی درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔

بجلی شارٹ فال 4 ہزار میگا واٹ سے متجاوز،غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بجلی شارٹ فال میں اضافہ کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا، شارٹ فال 4 ہزار 321 میگا واٹ تک پہنچ گیا۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 179 میگاواٹ ہے جبکہ طلب 500 13 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی۔ پن بجلی سے 500 میگاواٹ، سرکاری تھرمل پاور پلانٹ سے 1 ہزار میگاواٹ، نجی بجلی گھروں سے 5555میگاواٹ، شمسی توانائی سے 32 میگاواٹ، بگاس سے 42 میگاواٹ جبکہ نیوکلیئر پاور پلانٹس سے2 ہزار 50میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی۔
ذرائع کے مطابق طلب اور رسد میں خلیج کے باعث ملک کے شہری علاقوں میں چار گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں یہ دورانیہ زیادہ ہے۔
علاوہ ازیں منگلا ڈیم کے 8 یونٹ بند، پن بجلی کی پیداوار 1.8ملین یونٹ یومیہ تک محدود ہوگئی، ملک میں پن بجلی کی پیداوار میں ریکارڈ کمی آچکی ہے ، منگلا پاور ہائوس سے پیداوار 1000 میگاواٹ سے کم ہوکر 18لاکھ یونٹس یومیہ تک آگئی۔

پی ٹی آئی نے سستا تیل اورگیس نہ خرید کرمجرمانہ غفلت کی : وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے سستا تیل اور گیس نہ خرید کر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے ، اجلاس میں وزیراعظم کی تشکیل کردہ مشاورتی کمیٹی نے توانائی پلان پر قائم کمیٹی کی رپورٹ پیش کی ، توانائی بچت پلان پر صوبوں سے ہونے والی مشاورت پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے بریفنگ دی ۔
ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن کے حکام نے کابینہ کو توانائی پلان پر عملدرآمد سے متعلق آگاہ کیا ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ قابل تجدید اور سستے توانائی ذرائع پر انحصار وقت کی اہم ضرورت ہے، تیل اور گیس کاسالانہ درآمدی بل 27 ارب ڈالر ہے جبکہ ملک کا گردشی قرضہ 2500 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ 30 سال کے دوران توانائی کے شعبے میں کوئی اصلاحات نہیں کی گئیں ، بجلی گیس پر انحصار کو کم کرنے کے طریقے ڈھونڈنا ہوں گے ، اتحادی حکومت ملک کے معاشی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے توانائی کی ضروریات اور وسائل کا استعمال بہتر کرنے کی ہدایت کی۔

بلاول اسمبلی آنے کی دعوت نہیں دے سکتے یہ وزیراعظم کا استحقاق ہے: شاہ محمود

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو ہمیں اسمبلی میں آنے کی دعوت نہیں دے سکتے، اسمبلی آنے کی دعوت دینا وزیراعظم کا استحقاق ہے۔
اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں لیکن حکومت سنجیدہ نہیں ہے اور انتخابات کی تاریخ نہیں دے رہی۔
اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطوں سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ غیر سیاسی ہے ہم کیسے ان سے رابطہ کر سکتے ہیں؟
شاہ محمود قریشی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول ہمیں پارلیمنٹ میں آنے کی دعوت نہیں دے سکتے یہ وزیراعظم کا استحقاق ہے۔
یاد رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر بھٹو کی برسی پر کیے گئے خطاب میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو پارلیمنٹ میں واپس آنے کی وارننگ دی تھی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی

شیخوپورہ : (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما طارق کھوکھر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعہ شیخوپورہ کی حدود میں پیش آیا ، طارق کھوکھر پر موٹرسائیکل سوار دو افراد نے 4 گولیاں فائر کیں جس میں لیگی رہنما زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ طارق کھوکھر کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
خیال رہے کہ طارق کھوکھر مسلم لیگ ن کے فیروزوالہ کے جنرل سیکرٹری ہیں۔

رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، لیاری گینگ کے مطلوب دہشتگرد گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) رینجرز اور پولیس کی لیاری میں خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی ، سندھ پولیس نے انتہائی مطلوب دو دہشتگرد گرفتار کرلیے ۔
ترجمان پولیس کے مطابق رینجرز اور پولیس نے لیاری میں خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشتگرد شکیل کمانڈو اور ندیم ندو کو گرفتارکرلیا ، دونوں دہشتگردوں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان قتل،اقدام قتل، بھتہ خوری، پولیس اور مقابلوں میں ملوث تھے، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ،ایمونیشن برآمد کرلیا گیا ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شکیل کمانڈو کے سر پر دس لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا ،شکیل کمانڈو لیاری گینگ وارکمانڈر عبدالرحمان بلوچ گروپ میں شامل تھا اورملزم اپنے مخالف غفار ذکری گروپ کے متعدد کارندوں کے قتل میں ملوث رہا ۔
ترجمان کے مطابق ملزم عیدو لین میں قائم ٹارچر سیل کا مرکزی انچارج بھی رہا، ملزم ٹارگٹ کلنگ، بھتہ وصولی، پلاٹوں پر قبضے، منشیات فروشی کے کاروبار میں بھی ملوث رہا ۔
ترجمان کراچی پولیس نوید کمال نے مزید بتایا کہ شکیل کمانڈو 2013 میں لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ میں شامل ہوا ، ملزم مختلف مقامات پر اسلحہ ڈمپ کرنے میں بھی ملوث ہے، دونوں ملزمان کراچی آپریشن کے دوران ایران فرار ہو گئے تھے۔

شریف زرداری گینگ معاشی دہشت گردوں کا گروہ ہے: عمر سرفراز چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب اور رہنما پاکستان تحریک انصاف عمرسرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ شریف زرداری گینگ معاشی دہشت گردوں کا گروہ ہے۔
مشیر داخلہ و اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ شریف زرداری گینگ نے اپنی اربوں کی چوری معاف کروا کر دوسروں کے لئے بھی کرپشن کا راستہ کھولا، شریف زرداری گینگ نے آئین و قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے آئینی اداروں کی ساکھ کو تباہ کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شریف زرداری گینگ ایک بار پھر پنجاب میں جمہوریت پر شب خون مارنے کے لئے سرگرم ہے۔

ٹیکنوکریٹ حکومت بنانا انتہائی احمقانہ سوچ ہے: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ طویل عرصے کی ٹیکنوکریٹ حکومت بنانا انتہائی احمقانہ سوچ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں فواد چودھری نے کہا کہ ملک کا بحران معاشی سے کہیں زیادہ سیاسی ہے، عمران خان کو روکنے کیلئے اس طرح کی اسکیمیں بنانا ملکی مفاد کو پس پشت ڈالنے کے مترادف ہے۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ ملکی مسائل کا واحد حل الیکشن ہے، ہم اس قسم کی ٹیکنوکریٹ حکومت کی مزاحمت کریں گے۔

پی ڈی ایم عمران خان کو اسمبلی بلا کر معاشی تباہی میں شریک کرنا چاہتی ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جماعتیں عمران خان کو اسمبلی بلا کر معاشی تباہی میں شریک کرنا چاہتی ہیں، کیئر ٹیکر پر سوچ بچار شروع ہو گئی ہے، کشتی ڈوب رہی ہو تو اسٹیبلشمنٹ خاموش نہیں رہ سکتی۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 13 پارٹیاں اور ان کے ہمنوا عمران خان کو زبردستی دھمکی سے اسمبلی بلا کر معاشی تباہی میں شریک کرنا چاہتے ہیں، مشرق اور مغرب دونوں طرف سرحدوں پر حالات خراب ہو رہے ہیں، کشتی ڈوب رہی ہو تو اسٹیبلشمنٹ خاموش نہیں رہ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ یہ غیر ملکی سازش کے ذریعے ہم پر فیصلے مسلط کرنا چاہتے ہیں، کیئر ٹیکر پر سوچ بچار شروع ہو گئی ہے، سنگین معاشی حالات قومی سلامتی کا مسئلہ بن گئے ہیں، 260 کا ڈالر اور 150 روپے کلو آٹا مل رہا ہے غریب کدھر جائے گا۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ 22 کروڑ کا ملک چلانے کے لئے خزانے میں 20 دن کے زرمبادلہ کے پیسے بھی نہیں، جس ملک میں ٹریول ایڈوائزری جاری ہو جائے وہاں سرمایہ کاری خاک ہوگی، بے نظیر کی برسی پر بلاول کی تقریر عمران خان سے شروع اور عمران خان پر ختم ہوئی۔