نیو ائیر نائٹ، اسلام آباد کپیٹل پولیس نے سکیورٹی پلان جاری کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کپیٹل پولیس نے نیو ائیر نائٹ کے حوالے سے سکیورٹی پروگرام جاری کردیا،ڈبل سواری،ہوائی فائرنگ، آتش بازی ، ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔
اسلام آباد کپیٹل پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ نیو ائیر نائٹ پر شہر کے داخلی و خارجی راسوں اور اندرون شہر سخت چیکنگ کے لئے 3000 سے زائد افسران و جوان فرائض سرانجام دیں گے۔ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے موٹرسائیکل ڈبل سواری پر لگائی جانیوالی پابندی کو برقرار رکھا جائے گا۔
تمام زونل افسران خود اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہیں گے،ہوائی فائرنگ، آتش بازی، ہلڑ بازی، ون ویلنگ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا،ٹریفک افسران کو ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایات کی گئی۔
مشکوک گاڑیوں، افراد کے خلاف سخت چیکنگ کی جائے گی ،پولیس کی جانب سے عوام خصوصاً نوجوانوں سے گزارش کی گئی کہ وہ کوئی غیر قانونی فعل نہ کریں شہری دوران سفر اپنے شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں۔

وزڈن مینز ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان، بابر اعظم کپتان، امام بھی شامل

لاہور: (ویب ڈیسک) وزڈن مینز ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں 2 پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
مینز ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں پاکستان کے بابر اعظم کو اس ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، پاکستان کے امام الحق بھی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ، ایڈم زمپا،نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم (وکٹ کیپر) اور ٹرینٹ بولٹ بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں۔
وزڈن مینز ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں بھارت کے سریاس ائیر اور محمد سراج بھی ون ڈے ٹیم میں شامل ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے راسی وین ڈر ڈوسن، بنگلا دیش کے مہدی حسن اور ویسٹ انڈیز کے الزاری جوزف شامل ہیں۔

صدرپیوٹن کی چینی ہم منصب کو دورہ روس کی دعوت

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کو روس کے دورے کی دعوت دے دی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب سے جاری بیان میں چین کے صدر شی جن پنگ کو ’ڈئیر فرینڈ‘ کہہ کر مخاطب کیا گیا۔
صدرپیوٹن نے کہا کہ ہم صدر شی جن پنگ کے دورہ روس کے منتظر ہیں۔چینی صدر کے روس کے دورے سے دنیا کو معلوم ہوجائے گا کہ اہم معاملات پر چین اور روس کا موقف مشترکہ اور مضبوط ہے۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے بیان میں کہا کہ دنیا مشکل دور سے گزر رہی ہے اور اس صورتحال میں چین روس کے ساتھ اسٹریٹیجک تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ کے دورہ روس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

پیٹو نوجوان کا 24 گھنٹوں میں 18 مخصوص ریستوران میں کھانے کا نیا ریکارڈ

نیویارک: (ویب ڈیسک) گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ نے اسے ایک نیا ریکارڈ کہا ہے کیونکہ ایرک نے مخصوص برانڈ والی ریستوران سے ہی کھانا کھایا ہے۔ انہوں نے یہ ریکارڈ 24 گھنٹے میں مکمل کیا ہے۔ ایرک کا کہنا ہے کہ وہ کھانے کے بہت شوقین ہیں۔
34 سالہ ایرک کہتے ہیں کہ جب سے وہ نیویارک آئے ہیں وہ خوش خوراکی بلکہ بسیارخوری کےعادی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے ایک گروپ سے وابستگی اختیار کی تھی جو بہترین کھانوں اور ہوٹلوں کی نشاندہی کرتا تھا۔ پھر انہیں خیال آیا کہ کیوں نہ لگاتار مشلاں اسٹار والی ریستورانوں میں کھانے کا نیا ریکارڈ قائم کیا جائے۔
مشلاں اسٹار ان ریستورانوں کو دیا جاتا ہے جن کے باورچیوں کی تربیت فرانس کی مشلاں کمپنی کرتی ہے۔ تاہم ایرک کہت ہیں کہ انہوں نے اس کے لیے کئی ہفتوں کی تیاری بھی کی ہے۔
سب سے پہلے انہوں نے قریبی ریستورانوں کا انتخاب کیا، پھر ہر ریستوراں میں جگہ بک کرائی اور اپنے پسندیدہ کھانوں کا پہلے سے ہی آرڈر دیدیا۔ انہوں نے نیویارک میں لی پویلیئن سے اپنا سفر شروع کیا اور سوشی بار نوڈا پر جاکر رکے۔ اس پورے ریکارڈ کے لیے انہوں نے کل 494 ڈالر کی رقم خرچ کی ایک روز میں 5000 کیلوریز کے برابر کھانا پیٹ میں پہنچایا۔

64 سالہ معذور شخص کو برفانی طوفان سے بچانے والی خاتون فرشتہ قرار

واشنگٹن: (ویب ڈیسک ) امریکا میں برفانی طوفان کے دوران 64 سالہ معذور شخص کو بچانے والی امریکی خاتون کو فرشتہ قرار دے دیا گیا۔
کہانیوں سے بھرے انٹرنیٹ پر زیادہ تر صارفین دلچسپ یا مثالی کاموں کو زیادہ پسند کرتے ہیں، حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ایسی ہی مثالی کہانی زیر گردش ہے جسے صارین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے۔
امریکی خاتون صارف کی جانب سے شئیر کئے گئے ایک تھریڈ میں شاکرہ اوتری نامی عورت بارے بتایا گیا جس نے امریکا میں آنے والے خطرناک برفانی طوفان کے دوران بفیلو شہر میں ایک 64 سالہ معذور کی جان بچائی۔
خاتون صارف کے مطابق جوئی نامی 64 سالہ معذور شخص کام سے واپسی پر طوفان میں پھنس جانے کے بعد بری طرح زخمی ہو جاتا ہے اور مدد کیلئے پکارتا ہے ، متاثرہ شخص کی آواز سننے پر شاکرہ اوتری نامی اسے اپنے گھر لے آتی ہے اور فوری ابتدائی امداد فراہم کرتی ہے۔
خاتون زخمی شخص کے کپڑوں کو ہیر ڈرائیر کے ذریعے خشک کرتی ہے اور سردی کے پیش نظر اسے گرم کمبل دیتی ہے، اس شخص کی مزید مدد کیلئے وہ فوری اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر اپنے دوستوں کو درخواست کرتی ہے۔
شاکرہ کی فیس بک پر درخواست کے کچھ دیر بعد اسکی درخواست پر کچھ لوگ اس کے گھر پہنچ جاتے ہیں اور پھر معذوری شخص کو ہسپتال منقتل کیا جاتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاتون کے اس اقدام کو بہت سراہا گیا اور پوری دنیا سے تعلق رکھنے والے افراد نے خاتون کو ایک فرشتے سے تشبیح دی۔

پلاسٹک کے کچرے سے بنے ایندھن سے چلنے والی گاڑی

میلان: (ویب ڈیسک) ایک اطالوی کارساز کمپنی برٹونی نے ایک نئی ’ہائپر کار‘ کا منصوبہ پیش کیا ہے جو پلاسٹک کے کچرے سے بنے ایندھن سے چلائی جائے گی۔
برٹونی جی بی 110 کو چلانے کے لئے ’سلیکٹ فیول‘ استعمال کیا جاسکے گا، سلیکٹ فیول پلاسٹک کی بوتل جیسے پولی کاربونیٹڈ مواد کو مائع ایندھن میں تبدیل کرنے کا ایک پیٹنٹ یافتہ طریقہ ہے، فی الحال برٹونی کی جانب سے کار کی قیمتوں کے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا ہے لیکن کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی فن کا شاہکار ہوگی۔
محدود ایڈیشن کی 33 گاڑیوں کا خیال برٹونی کی 110 ویں سالگرہ کے موقع پر متعارف کرایا گیا لیکن یہ گاڑیاں خریداروں کو 2024 سے پہلے فراہم نہیں کی جاسکیں گی۔
کمپنی کی جانب سے جاری کی گئیں کار کی خیالی تصاویر میں گاڑی کا ڈیزائن پیش کیا گیا ہے۔
پروجیکٹ اور ڈیزائن منیجر جیووانی ایسپیو کے مطابق جی بی 110 برٹونی کی آٹوموٹِیو روایت کا تسلسل ہے اور برٹونی ڈی این اے کی عصری تفسیر ہے۔
2014 میں دیوالیہ ہونے والی کمپنی کے 2022 کے ابتداء میں دو بھائیوں ماؤرو اور ژاں فرینک رچی نے برانڈ کے حقوق حاصل کئے جو اب جی بی 110 سے شروعات کرتے ہوئے کمپنی کو دوبارہ کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ پہلی ہائی پرفارمنس کار ہوگی جسکو پلاسٹک کے کچرے سے بنائے گئے ایندھن سے چلایا جائے گا۔
برٹونی کے سی ای او ژاں فرینک رچی کا کہنا تھا کہ ان کا ماننا ہے کہ ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کے لئے ٹیکنالوجی کے اشتراک سے مختلف حل کی ضرورت ہوگی۔

برطانوی اسپتال میں دوا پہنچانے والا پینگوئن روبوٹ

لندن: (ویب ڈیسک) کووڈ وبا کے بعد سے برطانوی ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے پر کام کا بہت دباؤ ہے جسے کم کرنے کے لیے اب ایک مددگار روبوٹ آزمایا جارہا ہے۔
اس روبوٹ کا نام ملٹن رکھا گیا ہے جو ملٹن کائنز یونیورسٹی ہسپتال(ایم کےیوایچ) میں اپنی ڈیوٹی کررہا ہے۔ اسےنومبرکےاختتام پرآزمایا گیا جو اب تک جاری ہے اور اگلے برس بھی اسےمسلسل آزمائش سے گزارا جائےگا۔ فی الحال یہ ایک مقام سے دوسری جگہ تک دوا اور ضروری اشیا لےکر جاتا ہے اور ڈاکٹروں کی مدد کرتا ہے۔
لندن میں مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس پر مبنی لندن کی ایک کمپی اکیڈمی آف روبوٹکس نے تیار کیا ہے۔ یہ کمپنی ایک عرصے سے خودکار روبوٹ بنارہی ہے جو انسانوں کی مدد کرسکتے ہیں۔ ان میں برقی خودکار گاڑی کار گو بھی شامل ہے۔ کارگو کی بدولت وبا کے دور میں لوگوں کے گھروں میں سودا اور ادویہ پہنچائی گئی تھیں۔
ملٹن روبوٹ ڈاکٹروں کے حکم پردوا کے گودام یا دکان تک جاتا ہے اور وہاں سے تمام ادویہ لے کر انہیں وارڈ تک پہنچاتا ہے۔

بلدیاتی الیکشن نہ کرانے پر الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے بلدیاتی الیکشن نہ کرانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔
پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن کرانے سے متعلق گزشتہ روز کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا ، الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے باجود دارالحکومت میں آج بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ نہیں ہوسکی۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں آج بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔
وفاقی حکومت نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے لیے فوری سیکیورٹی کے انتظامات سے معذرت کی تھی جبکہ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بھی 31 دسمبر کو الیکشن کا انعقاد ناممکن قرار دیا تھا۔

سال 2022ء؛ ڈالر کے مقابل روپے کی قدر میں 31.9 فیصد کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) سال 2022ء میں انٹربینک میں ڈالر کی بہ نسبت روپے کی قدر میں مجموعی طور پر 28.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں قدر 31.9 فیصد گھٹ گئی، ساتھ ہی پاؤنڈ، یورو، درہم اور سعودی ریال کی اڑان بھی تیز رفتار رہی۔
کلینڈر سال 2022ء کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مجموعی طور پر 49.92 روپے کے اضافے سے سال کے اختتام پر 226.43 روپے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 57 روپے کے اضافے سے 235.50 روپے پر بند ہوئی۔
سال 2022 کے دوران انٹربینک میں 7 فروری کو ڈالر کی کم سے کم سطح 174.47 روپے اور 28جولائی کو 239.94 روپے کی بلند سطح ریکارڈ کی گئی۔
2022 کے دوران برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 34.79 روپے کے اضافے سے 273.07 روپے, یورو کرنسی کی قدر 41.67 روپے کے اضافے سے 241.30 روپے, اماراتی درہم کی قدر 13.32 روپے کے اضافے سے 61.65 روپے اور سعودی ریال کی قدر 12.37روپے کے اضافے سے 60.20روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مجموعی طور پر 57روپے کے اضافے سے 23.50روپے, برطانوی پاؤنڈ کی قدر 61روپے کے اضافے سے 300روپے, یورو کی قدر 63.50روپے کے اضافے سے 264.50روپے اماراتی درہم کی قدر 18.90روپے کے اضافے سے 69روپے اور سعودی ریال کی قدر 19.80روپے کے اضافے سے 65.90روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
سال 2022 کے دوران بڑھتی ہوئی مہنگائی کی شرح و بیروزگاری بڑے چیلینجز ثابت ہوئے، ڈالر کی اونچی اڑان, شرح سود میں اضافے, افراط زر کی شرح بڑھنے اور پیٹرولئیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے حکومت تنقید کی زد میں رہی اور عوام مشکل حالات سے نبرد آذما رہے۔
2022 کے دوران برآمدات میں کمی سے مہنگائی کی شرح 27.2فیصد بڑھ کر کے 49 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچنے, ذرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 5.8 ارب ڈالر کے ساتھ 9سال کی کم ترین سطح پر آنے, اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 9فیصد کی کمی اور شرح سود بڑھ کر 16فیصد کے ساتھ 23سال کی بلند سطح پر پہنچنے جیسے عوامل روپیہ کی قدر پر اثرانداز رہے۔
ڈالر کی پڑوسی ملک میں اسمگلنگ کے باعث حکومت کی جانب سے درآمدات کو محدود کرنے سمیت دیگر اقدامات بھی بے سود رہےجبکہ معاشی ماہرین کی جانب سے نادھندگی کی پیشگوئیوں نے پورے سال کے دوران لوگوں نے اپنے سرمائے کو محفوظ بنانے کی غرض سے ڈالر ودیگر کرنسیوں اور سونے کی خریداری پر توجہ مرکوز رکھی۔
کلینڈر سال 2022 کے دوران سعودی عرب چین ودیگر عالمی وایشیائی مالیاتی اداروں سے قرضوں کے علاوہ پرانے ڈپازٹس کی وصولیاں موخر کرنے جیسے عوامل کے باعث اگرچہ عارضی بنیادوں پر ڈالر کی قدر میں کمی بھی ہوئی لیکن مستقبل میں کوئی نیا قرضہ نہ ملنے, بیرونی ادائیگیوں کے چیلنجز اور نادھندگی کی لٹکتی تلوار کے باعث روپیہ ڈانواڈول رہا۔
ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی اور مطلوبہ فارن کرنسی کا بندوبست ہونے کی صورت میں نئے سال کے دوران معیشت قدرے بہتری کی جانب گامزن ہوسکے گی بصورت دیگر ڈالر نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔

نیشنل پریس کلب کی جانب سے پاکستان کی پہلی پلاسٹک سڑک کی تعمیرکے ایک سال مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل پریس کلب نے پاکستان کی پہلی پلاسٹک سڑک کی تعمیرکے ایک سال مکمل ہونے پر28دسمبر کو ایک تقریب کا انعقادکیا۔
تقریب میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سردار سلیم حیدر، نیشنل پرہس کلب کے صدر انور رضا، ترکی کے کمرشل قونصلر نور الدین دیمیر،نسٹ کی ہیڈ آفس آف سسٹینیبلٹی بریرہ حنیف کے علاوہ کوکا کولا پاکستان کی ڈائریکٹر پبلک افیئرز اینڈ سسٹین ایبلیٹی عائشہ سروری نے بھی شرکت کی۔
کوکا کولا پاکستان نے دسمبر 2021 میں دیگر شراکت داروں، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) کے ساتھ اسلام آباد میں پاکستان کی پہلی پلاسٹک سڑک کا افتتاح کیا۔ اتاترک ایونیو، اسلام آباد پر ایک کلومیٹر کی سڑک کی تعمیر میں دس ٹن سے زیادہ پی ای ٹی پلاسٹک کا کچرا استعمال کیاگیا ہے، جو ایک عملی اور قابل توسیع حل فراہم کرتا ہے۔
یہ منصوبہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے اور اس میںاس بات کو یقینی بنانے کیلئے مقامی تحقیق اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے تا کہ حل مقامی ماحول سے ہم آہنگ ہو،یہ سڑک سستی ہے اور تارکو ل سے تیار روایتی سڑک سے دوگنا پائیدار ہے۔ ایک سال بعد، سڑک مرمت اور نقصان سے پاک ثابت ہوئی ہے جس کے بعد شراکت داروں اب ملک بھر میں اس حل کو توسیع دے سکتے ہیں۔
سردار سلیم حیدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’چونکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے، اس لیے مشترکہ اور پائیدار اثرات کو یقینی بنانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ضروری ہے۔ پاکستان کی پہلی پلاسٹک روڈجدت طرازی کے ایک بلیو پرنٹ کے طور پر موجودہے اور میں کوکا کولا کمپنی، کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور نیشنل انکیوبیشن سینٹر کی تعریف کرتا ہوں۔‘‘
نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا نے بھی اس بات کی نشاندہی کی کہ پلاسٹک کی سڑکیں ماحولیاتی انحطاط کو کم کرنے میں کردار ادا کرسکتی ہیں۔
کوکا کولا پاکستان کی ڈائریکٹر پبلک افیئرز اینڈ سسٹین ایبلیٹی عائشہ سروری کا کہنا تھا کہ ’’”ہم پاکستان کی پہلی پلاسٹک سڑک کو دیہی ترقی، شہری ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور قومی شاہراہوں کو دوبارہ استعمال کی بنیاد ڈالنے میں مدد کرنے کے ایک موقع کے طور پر دیکھتے ہیں۔ کوکا کولا کا ’’فصلہ سے پاک دنیا‘‘ کا ایجنڈا مقامی حکومتوں کی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ طویل مدتی فائدے والے منصوبوں پر کام کرنے کے عالمی عہد کا حصہ ہے ۔‘‘
تقریب کے اختتام پراعلیٰ حکومتی حکام اور نجی شراکت داروں نے کوکا کولا کے تعاون سے صحافیوں کے رابطوں کو آسان بنانے میںمدد کیلئے
پریس کلب پر فراہم کردہ نئی سہولیات کا افتتاح کیا۔