وزیراعلیٰ پنجاب کا سال نو پر سیاحتی مقامات میں ٹریفک روانی کیلئے خصوصی انتظامات کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سال نو پر سیاحتی مقامات خصوصاً مری میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مری جانے والے راستوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت انتظامات یقینی بنائے جائیں، مقرر ہ تعداد سے زآئد گاڑیوں کو مری میں داخلے کی قطعاً اجازت نہ دی جائے، بہترین ٹریفک مینجمنٹ کر کے سیاحوں کو سہولت فراہم کی جائے۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور ٹریفک حکام ملکر موثر ٹریفک مینجمنٹ پلان تشکیل دیں، مری جانے والے شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں، شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ گائیڈ کرنے کا نظام وضع کیا جائے، مری اور دیگر تاریخی و تفریحی مقامات کے اردگرد ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات ہونے چاہئیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سینئرپولیس افسران ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں، لاہور، مری اور دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے بہترین اقدامات ہونے چاہئیں، پارکنگ اور زائد فیس کی وصولی کے بارے میں سیاحوں کو شکایت نہیں ہونی چاہیئے، اہم مقامات پر پارکنگ اور طے شدہ فیس کے بورڈ نمایاں طو رپر لگائے جائیں۔

پی ٹی آئی دانستہ طور پر الیکشن کمیشن کو متنازعہ بنا رہی ہے: اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان سلیکشن اور ہم الیکشن چاہتے ہیں، الیکشن کے عمل میں قانون اور شفافیت کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے لاکھوں شہریوں کو ووٹ کے حق سے کیسے محروم کیا جا سکتا ہے؟ پی ٹی آئی دانستہ طور پر الیکشن کمیشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو متنازعہ بنانے کی وجہ الیکشن نہیں، فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیسز ہیں، شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ الیکشن یقینی بنانا آئین اور قانون کا بنیادی تقاضا ہے ،عدالتوں میں قانونی موقف پیش ہوگا، بلدیاتی الیکشن 2020 میں ہونے تھے ،کیوں نہیں کرائے گئے۔

سستے بازار بھی عوام کو مہنگائی سے نجات نہ دلا سکے

لاہور: (ویب ڈیسک) مہنگائی ہر دور کا مسئلہ ہے مگر کبھی اتوار بازار تو کبھی رمضان بازار کا ڈول ڈالا جاتا ہے تو کبھی سہولت بازار بنانے کا اعلان ہو جاتا ہے، پنجاب میں سہولت بازار اتھارٹی بنی، ہر ضلع و تحصیل میں بازار لگانے کا اعلان ہوا، جو سہولت بازار سارا سال چلنا تھے وہ غیرفعال ہو گئے۔
غریبوں کو ریلیف ہر جماعت کا دعویٰ ہوتا ہے مگر حکومت ملنے پر مصنوعی اقدامات کو ڈھونگ رچایا جانے لگتا ہے، کبھی اتوار بازار کا جھانسہ تو کبھی کم قیمت رمضان بازار کی بازیگری دکھائی گئی، 2021 میں بزدار حکومت نے ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کو نیا روپ دیا، سہولت بازار اتھارٹی قائم کی، صوبے میں 4 سو سہولت بازاروں پر سارا سال کنٹرول ریٹ پر اشیا کی فراہمی کا اعلان ہوا۔
سہولت بازاروں میں کسان پلیٹ فارم، زرعی فیئر پرائس شاپس بنانے کا اقدام بھی شامل تھا، کسانوں کو اپنی پیداوار براہ راست بازار میں بیچنے کا خواب دکھایا گیا، سہولت بازار بنے، بنیادی ضرورت کی چند اشیا کے سٹال لگے، پھر سہولت بازار گدھے کے سر سے سینگ کی طرح غائب ہو گئے اور اتھارٹی بھی کہیں کھو گئی، عوام آج بھی کنٹرول ریٹ پر اشیاء ضروریہ کے لیے مارے مارے پھرتے ہیں۔

بھارت : ڈرائیور کو دل کا دورہ پڑنے سے بس کار سے جا ٹکرائی، 9 افراد ہلاک

نیودہلی : (ویب ڈیسک) بھارت میں بس ڈرائیور کو دوران ڈرائیونگ دل کا دورہ پڑنے سے بس بے قابو ہوکر کارسے جا ٹکرائی، حادثے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق افسوس ناک واقعہ بھارتی ریاست گجرات کے ضلع نوساری میں پیش آیا جہاں بس ڈرائیور کو دوران ڈرائیونگ دل کا دورہ پڑا۔
رپورٹس کے مطابق مسافروں سے بھری بس مذہبی تقریب میں شرکت کرنے والے افراد کو واپس لے کر جا رہی تھی کہ اسی دوران بس ڈرائیور کو نوساری ہائی وے پر دل کا دورہ پڑا جس کے باعث بس بے قابو ہو کر آگے والی کار سے ٹکرا گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ کی جانب سے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، حادثے میں کارمیں موجود تمام افراد ہلاک جبکہ 28 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی جبکہ بس کا ڈرائیور بھی موقع پر دم توڑ گیا ۔
حادثے کے بعد ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جس کو پولیس کی جانب سے کلیئر کروادیا گیا ہے ۔

شہداد کوٹ : پولیس مقابلوں میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

شہداد کوٹ: (ویب ڈیسک) شہداد کوٹ میں دو پولیس مقابلوں کے دوران دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کو تھانہ بہرام اور نصیرآباد کی حدود میں دو پولیس مقابلوں کے دوران گرفتار کیا گیا ، ملزمان کی شناخت امتیاز بلیدی اور ظہور بلیدی کے ناموں سے ہوئی ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکو پولیس کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھے اور سندھ کے متعدد بالائی اضلاع میں بھی مختلف جرائم میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ زخمی ملزمان کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دبئی میں سال نو کو ’’ ویلکم ‘‘ کرنے کی تیاریاں جاری

دبئی: (ویب ڈیسک) دبئی میں 2023 کے شاندار استقبال کے لئے تیاریاں جاری ہیں جبکہ شہری اور سیاح آتش بازی کے مناظر سمیت معروف گلو کاروں کی موسیقی سے لطف اندوز ہوں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نئے سال کی آمد پر ہوٹلز کی بکنگ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جبکہ جمیرا ساحل پر واقع ہوٹلز میں پارٹیز اور رہائش کیلئے سب سے زیادہ بکنگ سامنے آئی ہے۔
دبئی میں قائم ہوٹلز کی جانب سے بھی خصوصی ڈسکاؤنٹ پیکج دیئے جارہے ہیں جن میں کھانے اور رہائش جیسی سہولیات شامل ہیں۔
بعض ہوٹلوں کے ریسٹورنٹس بکنگ کا دائرہ ہوٹلوں کے رہائشیوں کے لیے محدود کیے ہوئے ہیں جبکہ پیکیج انہی کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا اور یورپ کے معروف گلوکار بھی نئے سال کے آغاز کے موقع پر مختلف تقریبات میں پرفارم کریں گے۔

بچوں کی نظر میں ان کے والد کی عزت خراب نہیں ہونے دیتی: کِم کارڈیشین

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی سپر ماڈل کم کارڈیشین نے کہا ہے کہ طلاق کے بعد شریک والدین کے طور پر بچوں کی پرورش کرنا آسان نہیں ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں کم کارڈیشین ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے امریکی گلوکار کانیے ویسٹ سے علیحدگی کے بعد شریک والدین ہونے اور بچوں کی اچھی پرورش کرنے کی جدوجہد کے بارے میں بات کی۔
کِم کا کہنا تھا کہ وہ کبھی اپنے بچوں تک ان کے والد اور اپنے لئے پھیلی ہوئی نفرت انگیز خبریں نہیں پہنچنے دیتیں اور بچوں کی نظر میں ان کے باپ کی عزت کو بنائے رکھنے کی پوری کوشش کرتی ہیں۔
امریکی ماڈل کا کہنا تھا کہ میرے چاروں بچے کانیے ویسٹ کے گانوں کو تیز آواز میں سنتے ہیں اور خوب لطف اندوز ہوتے ہیں اسکول سے واپسی پر بھی گاڑی میں بچوں کیلئے ان کے والد کے گائے ہوئے گانے لگاتی ہوں اور ان کے دل میں والد کی محبت اور عزت کو کم نہیں ہونے دیتی۔
کم کارڈیشین نے مزید کہا کہ ’میرے گھر میں بچوں کو یہ نہیں معلوم ہوتا کہ باہر کی دنیا میں کیا ہورہا ہے میں ان کے سامنے مسکراتی رہتی ہوں‘۔
یاد رہے کہ کم کارڈیشین اور امریکی گلوکار کانیے ویسٹ کے 4 بچے ہیں، اس جوڑی نے 2022 کے آغاز میں راہیں جدا کرلی تھیں۔

والد کے گزرنے کے بعد زندگی کا سب سے مشکل وقت دیکھا، فیصل قریشی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری میں بطور چائلڈ آرٹسٹ قدم رکھنے والے اداکار فیصل قریشی نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے والد سے بچھڑنے کے بعد بہت تکلیف دہ وقت گزارا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں فیصل قریشی نے اپنے ماضی کے سب سے مشکل لمحات کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کے انتقال کے وقت وہ بہت کم عمر تھے اور ان کے پاس کوئی کام بھی نہیں تھا۔
فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ وہ ایسا دور تھا جب انہوں نے رشتہ داروں اور دوستوں کو بدلتے دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ ان کی سب سے بڑی طاقت تھیں مگر والد کے بعد انہوں نے ساڑھے 4 سال تک بےحد مشکل وقت گزارا۔
یاد رہے کہ فیصل قریشی کا شمار آج پاکستان کے بڑے اداکاروں میں ہوتا ہے، فیصل اداکاری کے ساتھ ساتھ مختلف شوز کی میزبانی بھی کرتے نظر آتے ہیں مداحوں کی بڑی تعداد ان کی اداکاری کو بےحد سراہتی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا چین کو کورونا اعدادوشمار باقاعدگی سے جاری کرنے پر زور

نیویارک : (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے چین پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں رپورٹ ہونیوالے کورونا کیسز اور اموات کے اعداوشمار باقاعدگی سے جاری کرے ۔
خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے موجودہ صورتحال کے جامع جائزے کے لئے چینی حکومت سے اعداد و شمار کا تبادلہ کرنے اور کورونا کیسز کے بارے میں تحقیقات جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے چینی حکام سے جینیاتی سیکوینسنگ کے اعداد و شمار کے ساتھ ساتھ ہسپتال میں زیرعلاج مریض ، اموات اور ویکسینیشن کے اعداد و شمار بھی شئیر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
اس سے قبل عالمی ادارہ صحت نے کہا تھا کہ چین کو کورونا کے مکمل اعداوشمار مرتب کرنے میں دشواری کا سامنا ہے ، صورتحال کے جائزے کے لیے چین میں کورونا کیسز کی تفصیلی معلومات درکار ہیں ۔
دوسری جانب چین میں رواں ماہ کورونا پابندیاں نرم کرنے کے بعد کورونا کیسز میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ، سفری پابندیوں میں نرمی کا اعلان ایک ایسے موقع پر ہوا ہے جب چین پابندیوں کے خاتمے کے بعد سے وائرس کے تیز پھیلاؤ سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔
کورونا پابندیوں میں نرمی پر عالمی رد عمل
چین نے تین سال بعد 8 جنوری سے کورونا پابندیاں نرم کرکے تمام بارڈر کھولنے کا بھی اعلان کر رکھا ہے جس کے بعد چین میں زیرو کووڈ پالیسی میں نرمی کے معاملے پر عالمی ردعمل بھی سامنے آیا ہے ۔
برطانوی محکمہ صحت نے چین سے برطانیہ آنے والی پروازوں کے مسافروں کیلئے کورونا کا منفی ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔
برطانوی محکمہ صحت کے مطابق 5 جنوری سے چین سے برطانیہ آنے والے مسافروں کو روانگی سے قبل کیے گئے ٹیسٹ کی منفی رپورٹ دکھانا ہوگی۔
برطانوی ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی کے مطابق 8 جنوری سے سرویلنس کا آغاز بھی ہوگا اور چین سے آنے والے مسافروں کے ٹیسٹ سیمپل بھی لیے جائیں گے ، برطانوی سیکرٹری صحت اسٹیوبارکلے کا کہنا ہے کہ حکومت متوازن اور احتیاطی تدابیر اختیار کر رہی ہے جبکہ یہ اقدامات عارضی ہیں اور حکام نئے کووڈ ڈیٹا کا جائزہ بھی لیں گے۔
علاوہ ازیں امریکا کی جانب سے بھی پابندیوں میں نرمی کے بعد چین سے آنیوالے مسافروں کیلئے کوویڈ ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتوں میں چین نے اپنی وباء پالیسی کو تبدیل کر کے قرنطینہ پابندیاں ختم کر دی تھیں ۔

پیوٹن کا نیتن یاہو کی حکومت میں واپسی کا خیر مقدم

ماسکو : (ویب ڈیسک) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو حکومت میں واپسی پر خوش آمدید کہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر پیوٹن نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں پر امید ہوں کہ یاہو کی زیر قیادت نئی حکومت مشرق وسطیٰ میں امن کا سلسلہ یقینی بنانے کیلئے روس اور اسرائیل کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرے گی۔
پیوٹن کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے یاہو کی ذاتی اور دیرینہ کوششیں قابل تعریف ہیں۔
واضح رہے کہ نیتن یاہو اسرائیل کے چھٹی بار وزیر اعظم بن چکے ہیں، یاہو کو یہ کامیابی رائٹ ونگ اور نسل پرستی کے حوالے سے گہرے تعلقات رکھنے والی یہودی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے بعد ملی ہے۔