رونالڈو کا النصر کلب کے ساتھ 2 سالہ معاہدہ طے :سعودی میڈیا

ریاض: (ویب ڈیسک) دنیا کے معروف فٹبالر اور پرتگال فٹبال ٹیم کے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کے فٹبال کلب النصر کے ساتھ دو سال کا معاہدہ کرلیا۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق پرتگال کے سپر سٹار کرسٹیانو رونالڈو نے مبینہ طور پر سعودی عرب کے کلب النصر کے ساتھ دو سالہ معاہدے پر دستخط کر لئے ہیں۔
دوسری جانب بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سعودی کلب النصر رونالڈو کو ہر سال ساڑھے 7 کروڑ ڈالر دے گا۔
رپورٹس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو اس سے قبل مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے کھیلا کرتے تھے ، تاہم قطر میں ہونے والی فیفا ورلڈ کپ سے چند دن پہلے ہی انہوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ اپنا پرانا تعلق ختم کر لیا تھا۔

سی ٹی ڈی کا بڑا آپریشن ، کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈرسمیت 5 دہشتگرد گرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف سی ٹی ڈی کا بڑا کریک ڈاؤن ، تین شہروں سے پانچ دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔
کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) حکام کے مطابق دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے تین شہروں سے پانچ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، گرفتار ملزمان میں کالعدم القاعدہ کا اہم کمانڈر بھی شامل ہے ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کی شناخت فاروق شاہ ، سیف اللہ ، سید شاہ زیب ، احمد خان ، اسرار احمد کے نام سے ہوئی ہے ۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے خود کش جیکٹ بنانے کا سامان ، بارودی مواد ، اسلحہ ، ممنوعہ لٹریچربھی برآمد کیا گیا ہے ۔
حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد حساس اضلاع میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے۔
سی ٹی ڈی حکام کا بتانا ہے کہ سی ٹی ڈی نے رواں ہفتے 504 کومبنگ آپریشنز میں 21 ہزار سے زائد افراد کو چیک کیا ، 153 مشتبہ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ کارروائیوں کے دوران 67 بازیابیاں بھی کی گئیں ۔

ظلم کی شام ڈھل چکی جلد نیا سویرا ہو گا: نوازشریف

لندن: (ویب ڈیسک) قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت نے احتساب کے نام پر ظلم و ذیادتی کی، اب ظلم کی شام ڈھل چکی جلد نیا سویرا ہوگا۔
قوم کو نئےسال کی مبارکباد دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا کہنا تھا کہ میرا دل قوم کے ساتھ دھڑکتا ہے، کوئی دن کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔
نوازشریف نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ نیا سال امید سحر لائے، پاکستان ترقی، امن اور استحکام کی منازل طے کرے، بہت جلد قوم کے ساتھ مل کر خوشی کے دن پھر سے منائیں گے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے احتساب کے نام پر ظلم و ذیادتی کی، ظلم کی شام ڈھل چکی جلد نیا سویرا ہوگا، مشکل وقت میں ذیادتیاں سہنے والے جانثاروں کو فراموش نہیں کرسکتے۔

الیکشن کمیشن نے خود کو امپورٹڈ حکومت کی ’’بی‘‘ ٹیم ثابت کر دیا: عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پھر ثابت کر دیا یہ امپورٹڈ حکومت اس کے حامیوں کی بی ٹیم ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان نے لکھا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے عدالتی احکامات پر عمل در آمد نہیں ہوا، عوام سے خوفزدہ پی ڈی ایم تمام انتخابات سے بھاگ رہی ہے۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ووٹ کا حق ایک بنیادی جمہوری اصول ہے اور پاکستان تحریک انصاف اس پر کاربند ہے۔

معیشت، الیکشن اور قومی مفاد پر سیاست کی جا رہی ہے: رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسترد شدہ پراپیگنڈا گروہ صرف پراپیگنڈا کر رہا ہے، معیشت ، الیکشن اور قومی مفاد پر سیاست کی جا رہی ہے، عمران خان کو اقتدار میں ہوتے ہوئے بلدیاتی الیکشن یاد کیوں نہیں کروائے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن اپریل 2020 میں ہونے تھے، عمران خان کیوں دو سال تک بھاگا رہا؟، بلدیاتی الیکشن قانون کے مطابق ہونگے، دو سال تک بلدیاتی الیکشن نہ کرانے والا چند گھنٹے میں الیکشن کرانا چاہتا ہے، اسے کہتے ہیں انوکھا لاڈلا مسٹر فراڈیا، دھاندلی زدہ الیکشن چاہتا ہے، یہ سہولت اب ختم ہوچکی ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جعلی صادق اور امین پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کیوں نہیں کراتا، الیکشن کمشن کے پاس کون سی جادو کی چھڑی ہے کہ چند گھنٹے میں الیکشن کرا دے چند گھنٹے میں شفاف الیکشن نہیں صرف جھرلو الیکشن ہوسکتا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے لاکھوں شہریوں کا کیا قصور ہے کہ انہیں حق رائے دہی سے محروم کر دیا جائے۔

لوکل گورنمنٹ سسٹم کو بے اختیار کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آبائی کورٹ نے اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا، فیصلے کے مطابق آئینی دفعات سے نہ کوئی فرار ممکن ہے نہ کوئی رعایت دی جا سکتی ہے، لوکل گورنمنٹ سسٹم کو بے اختیار کرنا آئین کے آرٹیکل 140 اے کی خلاف ورزی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے فاضل جج جسٹس ارباب محمد طاہر نے 11 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ بلدیاتی نظام کو یقینی بنانا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے، آئینی دفعات سے نہ کوئی فرار ممکن ہے نہ اس پر کوئی رعایت دی جا سکتی ہے۔
ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد میں انتخابی شیڈول کا اعلان کر چکا تھا، پولنگ سے 12 دن پہلے یونین کونسلز کی تعداد بڑھا دی گئی اور اس کی کوئی ٹھوس وجہ بھی نہیں بتائی گئی، نہ ہی حکومت کا دو ٹوک مؤقف آیا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ واضح جواب سامنے نہ آنے پر یہی سمجھا گیا کہ حکومت کے پاس بتانے کو کوئی وجہ نہیں، یونین کونسلز بڑھانے کا نوٹی فکیشن آبادی کے غیر مصدقہ اعداد و شمار پر جاری کیا گیا، وضاحت نہیں دی گئی کہ نئی مردم شماری نہیں ہوئی تو آبادی بڑھنے کا اندازہ کیسے لگایا گیا۔
عدالت نے کہا کہ وفاقی حکومت کا کنڈکٹ قانون سے متصادم دکھائی دیتا ہے،عدالتیں آئین کے ساتھ الیکشن کمیشن کے ادارہ جاتی تقاضوں کے تحفظ کی پابند ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی ایکٹ میں ترمیم کے بل پر ابھی صدر مملکت کے دستخط نہیں ہوئے، الیکشن کمیشن نے مجوزہ قانون سازی پر الیکشن ملتوی کرنے کا آرڈر دیا۔
تفصیلی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کو بے اختیار کرنا آرٹیکل 140 اے کی خلاف ورزی ہے، حکومتوں کے ایسے اقدامات عدالتوں سے کالعدم قرار دیئے جانے کے لائق ہیں۔

سال 2022 میں بھی لاہور کے ترقیاتی منصوبے مکمل نہ ہو سکے

لاہور: (ویب ڈیسک) سال 2022 لاہور میں ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے کچھ اچھا نہ رہا، سیاسی اتھل پتھل کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے متاثر ہوتے رہے، بزدار دور کے دو منصوبے مکمل، دو ادھورے رہ گئے، شہباز حکومت کے 4 منصوبے ابھی تک مکمل نہیں ہوئے۔
2022 میں سیاسی اتار چڑھاؤ نے لاہور کے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار پر اثر ڈالا، سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی رخصتی کے ساتھ ان کے منصوبوں کو بریک لگی، حمزہ شہباز کے مختصر دور کے منصوبے بھی ادھورے رہ گئے، پرویز الٰہی نے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار بڑھائی لیکن سیاسی بھونچال پھر آڑے آنے لگا۔
اس سے پہلے شہباز شریف نے جو منصوبے شروع کئے تھے وہ بھی سیاسی تبدیلی کی نذر ہوئے، بزدار حکومت کے دو بڑے منصوبے شیرانوالہ فلائی اوور اور شاہکام فلائی اوور مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دئیے گئے، لیکن گلاب دیوی انڈر پاس اور لاہور برج کے منصوبوں کی رفتار سست پڑ گئی، منصوبوں کی تکمیل کے لیے اب بھی چار ماہ کا وقت درکار ہے۔
سگیاں روڈ توسیعی منصوبہ ڈیڈلائن گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہوا، ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کی سائٹ پر ایک بھی اپارٹمنٹ تعمیر نہ ہو سکا، رواں سال دو میگا پراجیکٹ شروع ہوئے، بیگم کوٹ سے سگیاں پیکیج تھری اور سمن آباد موڑ پر انڈر پاس کی تعمیر جاری ہے، مزید تین منصوبوں پر کام شروع ہونے کو ہے، منصوبوں میں شاہدرہ ملٹی لیول گرڈ سیپریشن پراجیکٹ ، بند روڈ توسیعی منصوبہ اور اکبر چوک ری ماڈلنگ کا منصوبہ شامل ہے۔
ترقیاتی کاموں کی سست رفتار اور دیگر زیر تعمیر التوا منصوبے عوام کے لیے پریشانی کا باعث بن رہے ہیں، شہر کے 9 سپورٹس کمپلیکس اور ایک موریہ پل توسیعی منصوبہ بھی مکمل نہ ہو سکا ہے۔

بجلی صارفین کیلئے بھی سال 2022 مشکل ترین

لاہور: (ویب ڈیسک) 2022 بجلی صارفین کے لیے بھی مشکل ترین سال رہا، ایک سال کے دوران بجلی کے نرخوں میں 300 فیصد تک کااضافہ ہوا اور بجلی کی فی یونٹ قیمت 32 روپے تک جاپہنچی۔
سال 2022 میں بنیادی ٹیرف میں بھی 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ تک کا بڑا اضافہ ہوا، ایک سال کے دوران بجلی کے نرخوں میں 300 فیصد تک اضافہ، بجلی کی کم سےکم فی یونٹ قیمت 17 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ 32 روپے فی یونٹ تک پہنچ گئی ہے۔
سال کے آغازپر ہی 13 جنوری کو حکومت نے بجلی کے نرخوں میں 4 روپے 30 پیسے فی یونٹ اضافہ کر کے صارفین کو 440 واٹ کاجھٹکا دیا، اس کے بعد ہر ماہ فیول ایڈجسٹمنٹ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے نام عوام کی جیب سے اربوں روپے نکال لیے گئے۔
رواں سال حکومت نے صارفین سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مجموعی طور 470 ارب روپے جبکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 146 ارب روپے وصول کیے گئے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ بجلی اب تو بجلی کے بل ہی پورے نہیں ہوتے ، حکومت غریب عوا م پر کچھ رحم کرے، اس صورتحال میں حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے گرین انرجی کو عام کیا جائے گا۔
رواں برس اپریل میں کروٹ ہائیڈل پاور پراجیکٹ کی تکمیل سے نیشنل گرڈ میں 720 میگا واٹ بجلی شامل ہوئی تو دوسری جانب نیلم جہلم پراجیکٹ کی ٹنل میں دراڑ پڑنے سے 969 میگاواٹ بجلی کا منصوبہ کئی ماہ سے مکمل بند ہے۔
یوں رواں سال موسم گرما کے دوران ملک میں بجلی کا شارٹ فارٹ 4 سے 6 ہزار میگا وواٹ کے درمیان رہا جس کے باعث شہریوں کو 10 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا سامنا رہا، بجلی کے نرخوں میں اضافے کے ساتھ رواں سال لائن لاسز بھی 37 فیصد تک رہے اور اس کا بوجھ بھی عام صارفین کو برداشت کرنا پڑا۔

حکومت نے 10 ماہ میں اپنے کیسز ختم، غریب سے روٹی کا نوالہ چھین لیا: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے 10 ماہ میں اپنے کیسز ختم اور غریب سے روٹی کا نوالہ چھین لیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ عنقریب ان کے کیسوں کا اور اوورسیز ووٹوں کا فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی، معاشی، سیاسی تباہی قومی سلامتی تک پہنچ گئی، ٹیکنیکل یا نگران حکومت ٹیکنیکلی ڈیفالٹ میں کیا کرے گی۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 77 وزراء میں اسحاق ڈار کی جعلی منصوبہ بندی اور بلاول کے فضائی دورے سب ناکام ہوئے، ہائی کورٹ کے حکم پر اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن نہیں ہوئے، الیکشن جب بھی ہوگا 13 پارٹیوں کے خلاف اسلام آباد میں ریفرنڈم ہوگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ عوام کے ساتھ ہاتھ کرنے والا پچھتائے گا، ترسیلات زر، برآمدات اور سرمایہ کاری میں کمی، مہنگائی 30فیصد بڑھ گئی، 10جنوری تک 1.3 ارب ڈالر دینے ہیں، نئے سال ایم کیو ایم ایک اور باپ پارٹی نیک ہوجائے گی۔

زرمبادلہ کے گرتے ذخائر کا چیلنج: آئی ایم ایف پیکج کی بحالی کیلئے بڑے اقدامات کا فیصلہ 

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) زرمبادلہ کے گرتے ذخائر کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے آئی ایم ایف پیکج کو بحال کرانے کیلئے بڑے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پیکج کے معاملے پر پاکستان امریکہ اور مغربی ممالک کی حمایت حاصل کرے گا، پاکستان کو آئی ایم ایف پیکج کو بحال رکھنےکیلئے فلڈ لیوی، بجلی اور گیس کے نرخون میں اضافہ کرنا ہو گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کیلئے نرم رویہ اپنائے گا جبکہ آئندہ دس روز میں زرمبادلہ کے ذخائر ساڑھے 4 ارب ڈالر تک آجائیں گے۔