لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے بازار جلد بند کرنے سے متعلق وفاق کا حکم ماننے سے انکار کردیا اور کہا ہے کہ یہ فیصلہ ہم خود کریں گے اور تمام اسٹیک ہولڈر سے مشاورت کے بعد کریں گے۔
وفاقی کابینہ نے توانائی بچت پلان کے تحت بازار، شادی ہالز اور ریسٹورنٹس جلد بند کرانے کے حکومتی فیصلے کی منظوری دے ہے جسے تمام صوبوں میں نافذ کیا جائے گا تاہم پنجاب حکومت نے فیصلے پر عمل درآمد کرنے سے انکار کردیا ہے۔
پنجاب کے سینئر وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت دکانیں رات آٹھ بجے بند کرنے کا فیصلہ خود کرے گی، اس کیلئے پنجاب حکومت اپنی کابینہ کا اجلاس خود بلائے گی، ملک میں بے روزگاری بہت بڑھ رہی ہے اس بارے میں فیصلہ نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی ناکامی کے فیصلے عجلت میں کررہی ہے لیکن ہم تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کریں گے، پنجاب کے چیمبرز اور دکان داروں سے میٹنگ کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت پہلے ہی سکڑ گئی ہے، حکومت اپنی ناکامی کا بدلہ عوام سے لے رہی ہے، امپورٹڈ حکومت کے فیصلے پنجاب حکومت کسی صورت میں نہیں مانے گی۔