فیصل آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار پاکستان کی معیشت کو بحال کرنے آئے تھے لیکن انہوں نے اپنے اثاثے بحال کروا لئے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا آج پاکستان کی صنعتیں بند ہو چکیں، معیشت کو کوئی سہارا دینے والا نہیں، اس حکومت کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے، آج صنعتکار ایل سی نہیں کھول سکتا، غیر ملکی کرنسی کے ذخائر 5 ارب ڈالر سے نیچے آگئے، عمران خان کے دور میں ٹیکسٹائل صنعت کو ہنر مند لیبر ملنا مشکل ہو گیا تھا، پاکستان کی برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار پاکستانی معیشت کو بحال کرنے آئے تھے لیکن اپنے اثاثے بحال کروا لئے، شہباز شریف نے بھی اپنے سارے کیس ختم کروا لیے، ان پر انٹرنیشنل ٹھک کا ٹیگ لگ چکا ہے، ان کے آنے سے ملک اندھیرے میں آگیا، خواجہ آصف کہتا ہے کہ ہمارے پاس ایندھن لینے کے پیسے نہیں ہیں، سارا ملک اندھیرے میں ڈبو دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ ملک کے مقبول ترین لیڈر کو راستے سے نہیں ہٹا سکتے، عوام سب جان چکے ہیں کہ قاتلانہ حملہ کس نے کروایا، جب سے عمران خان پر حملہ ہوا تب سے کسی بڑے کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، عمران خان پاکستان کی جان ہے، وہ حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا آٹا دالیں چینی گھی پر 35 فیصد سے زائد مہنگائی پہنچ گئی، آپ پاکستان کی جمہوریت کو گدلا کرنا چاہتے ہیں، آپ کی غلطیوں سے ملک پیچھے جا رہا ہے، ہم کچھ نہیں مانگتے ہم صرف الیکشن مانگ رہے ہیں، ملک بھر میں الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلیاں نکل رہی ہیں، پاکستان کی عوام کو اپنا فیصلہ لینے دیں،عمران خان کی کرپشن کے کوئی کیسز نہیں لیکن ان سب کے ہیں۔
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ پاپولر لوٹے ناکام ہو چکے ہیں، لوٹے جن جماعتوں میں گئے وہ جماعتیں انہیں لینے کو تیار نہیں، ہماری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے صرف ملک کے مفاد کیلئے لڑ رہے ہیں، ہماری حکومت میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی میٹنگز ہوتی تھیں، آج حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، مہنگائی ختم کرنے کیلئے کوئی اجلاس نہیں کیا جا رہا۔